Tag: ایئرپورٹ

  • نیب کو مطلوب اہم ملزم ایئر پورٹ سے گرفتار

    نیب کو مطلوب اہم ملزم ایئر پورٹ سے گرفتار

    کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے کراچی ایئر پورٹ پر ایک بڑی کارروائی میں مطلوب ملزم عامر اسراں کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ سے نیب کو مطلوب ملزم ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سندھ عامر اسراں گرفتار ہو گئے، ملزم ملک سے باہر فرار تھا۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل ملزم عامر اسراں کی گرفتاری کے لیے چھاپا بھی مارا گیا تھا، اب ملزم کو ملک واپسی پر ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    گرفتار ملزم عامر اسراں، سابق سیکریٹری فنانس اور دیگر پر 2 ارب روپے سے زائد کرپشن کا الزام ہے، جنھوں نے نیب کے مطابق حیدر آباد میں پنشن کی جعلی انٹریاں کر کے 2 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کی۔

    ملزمان کے خلاف کراچی کی احتساب عدالت میں ریفرنس دائر ہو چکا ہے، گرفتاری کے بعد ملزم کو ایئر پورٹ سے نیب ہیڈ کوارٹر منتقل کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سندھ عامر اسراں کو آج پیر کو احتساب عدالت میں منتظم جج کے سامنے پیش کیا گیا، عدالت نے ملزم عامر اسراں کو 6 مئی تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔

  • سعودی عرب کے قدیم ترین ایئرپورٹ کے آثار سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز

    سعودی عرب کے قدیم ترین ایئرپورٹ کے آثار سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز

    ریاض: سعودی عرب کے سب سے قدیم ایئرپورٹ کے آثار اب بھی موجود ہیں جو سیاحوں و مقامی افراد کی دلچسپی کا مرکز ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے شمالی حدود کے علاقے الدوید میں مملکت کے سب سے قدیم ہوائی اڈے کے آثار اب بھی موجود ہیں، مذکورہ ہوائی اڈہ 7 دہائی قبل ٹیپ لائن کمپنی نے تعمیر کروایا تھا۔

    یہ قدیم ایئرپورٹ الدوید کے تاریخی قصبے میں تعمیر کروایا گیا تھا جو العویقیلہ کمشنری کے جنوب میں 20 کلو میٹر کی مسافت پر ہے۔

    قدیم ہوائی اڈے کے 2 رن وے ہیں جو انگلش حرف وائی کی شکل کے بنائے گئے تھے، مرکزی رن وے کی لمبائی 2 ہزار 835 میٹر اور چوڑائی 45 میٹر تھی۔

    دوسرا رن وے 2 ہزار 332 میٹر لمبا اور 45 میٹر چوڑا تھا، قدیم ائیرپورٹ کے ساتھ اس وقت کارکنوں کی رہائش گاہیں بھی تعمیر کی گئی تھیں۔

    اس حوالے سے تاریخ دان اور ماہر آثار قدیمہ عبدالرحمان بن محمد التویجری کا کہنا تھا کہ الدوید گاؤں کا شمار انتہائی قدیم قریوں میں ہوتا ہے، اس علاقے میں میٹھے پانی کے 200 سے زائد چشمے ہیں جو ماضی میں علاقے کے رہائشیوں کے لیے پانی کا سب سے بہترین ذریعہ ہوا کرتے تھے۔

    الدوید قصبے میں عہد رفتہ میں ایک بڑا بازار ہوا کرتا تھا جس کے آثار آج تک باقی ہیں، اس وقت یہاں عراق سے تجارتی قافلوں کی آمد و رفت ہوا کرتی تھی۔

  • اتحاد ایئر ویز نے اپنے مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی

    اتحاد ایئر ویز نے اپنے مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی

    ابو ظہبی: اتحاد ایئر ویز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ابو ظہبی انٹرنیشل ایئرپورٹ پر جلد چیک ان کی سہولت استعمال کریں تاکہ دسمبر کے مصروف سیزن کے دوران لمبی قطاروں سے بچ سکیں اور ان کا وقت ضائع نہ ہو۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ابو ظہبی میں فارمولا ون سیزن کے فائنل کے ساتھ ساتھ اسکولوں میں چھٹیوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد کے باعث رواں ماہ شہر میں کافی گہما گہمی متوقع ہے۔

    رواں ہفتے اور دسمبر کے پورے مہینے میں ابو ظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کا رش ہونے کی توقع بھی ظاہر کی جارہی ہے۔

    ایسے میں اتحاد ایئر ویز نے مسافرں کو قطاروں کی جھنجھٹ اور وقت کی بچت کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے۔

    ایڈوائزری کے مطابق 30 دسمبر تک مسافر اپنی پرواز سے 8 گھنٹے قبل تک چیک ان کرنے کے لیے اتحاد ایئر ویز کی سہولت استعمال کرسکتے ہیں۔

    اتحاد ایئر ویز کی چیک ان ڈیسک پورے ہفتے صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک کھلی رہے گی۔

    ایک شخص ایک ساتھ سفر کرنے والے خاندان کے دیگر افراد کے لیے بھی چیک ان کرسکتا ہے لیکن اس کے لیے تمام افراد کا کرونا ٹیسٹ رزلٹ اور ویکسین سرٹیفکیٹ پیش کرنا ضروری ہوگا۔

    اتحاد ایئر ویز کی جانب سے ڈاکیومنٹس کی منظوری کی ای میل مسافروں کو بھیجی جائے گی تاکہ انہیں علم ہوجائے کہ ان کے دستاویزات مکمل ہیں، دستاویزات منظور ہونے والے مسافر ہوائی اڈے پر فاسٹ ٹریک ویریفائڈ ٹو فلائی ڈیسک کا استعمال بھی کرسکتے ہیں۔

  • کوئٹہ جانے والی قومی ایئرلائن کی پرواز تاخیر کا شکار، مسافر پریشان

    کوئٹہ جانے والی قومی ایئرلائن کی پرواز تاخیر کا شکار، مسافر پریشان

    لاہور : پاکستان ایئرلائن کے ذریعے کوئٹہ جانے والے مسافر پرواز میں تاخیر کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر رُل گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے کوئٹہ جانے والے پاکستان ایئرلائن کی پرواز تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی۔

    پرواز میں تاخیر کے باعث علامہ اقبال ایئرپورٹ پر بیٹھے مسافر رل گئے، مسافروں کو کہنا ہے کہ پرواز نے صبح دس بج کر پچاس منٹ پر کوئٹہ کےلیے روانہ ہونا تھا، لیکن تین گھنٹے گزر گئے ہمیں ابھی تک انتظار کروایا جارہا ہے۔

    مسافروں نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے پہلے کہا گیا کہ پرواز 12 بجے روانہ ہوگی بعد میں کہا گیا کہ پرواز 1:30 پر اڑان بھرے لیکن یہ انتظامیہ کا یہ وعدہ بھی جھوٹا نکلا۔

    مسافروں کو شکوہ ہے کہ پی آئی اے کی اکثر پروازیں تاخیر کا شکار ہوجاتی ہیں، بغیر کچھ کھائے پیے ہم مسلسل تین گھنٹے سے پرواز کا انتظار کررہے ہیں لیکن انتظامیہ کو کوئی پرواہ نہیں۔

  • بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی کرونا ٹیسٹنگ کے لیے اہم اقدام

    بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی کرونا ٹیسٹنگ کے لیے اہم اقدام

    لاہور: صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف ایئرپورٹس پر کرونا وائرس ٹیسٹنگ بوتھ کے قیام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے جو بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیے ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی آسانی کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، پنجاب کے مختلف ایئرپورٹس پر کرونا وائرس ٹیسٹنگ بوتھ کے قیام کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ٹیسٹنگ بوتھ کے قیام کے سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی سے رابطہ کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر سختی سے اختیار کرنا ہوں گی۔ تمام ویکسی نیشن سینٹرز پر تربیت یافتہ عملہ فرائض سر انجام دے رہا ہے۔

    گزشتہ روز یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ برطانیہ سے شہریوں کی واپسی کے بعد کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھنے میں آیا، لوگوں کی جانب سے بھی احتیاط میں کمی آئی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ صوبے میں بھرپور طریقے سے کرونا ویکسی نیشن شروع کردی ہے، ایکسپو سینٹر ویکسی نیشن کے حوالے سے سب سے بڑا مرکز بنایا گیا ہے۔ 1 لاکھ سے زائد ہیلتھ کیئر ورکرز اور 4 ہزار سے زائد بزرگوں کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے۔

  • 4 دوستوں نے ایئرپورٹ پر 30 کلو کینو کیوں کھائے؟

    4 دوستوں نے ایئرپورٹ پر 30 کلو کینو کیوں کھائے؟

    چین میں 4 افراد نے ایئرپورٹ پر مقررہ حد سے زائد سامان کی فیس ادا کرنے کے بجائے 30 کلو گرام کینو کھا لیے، جس کے بعد ان کے سامان کے وزن میں تو کمی ہوگئی لیکن ان کے منہ میں شدید جلن پیدا ہوگئی۔

    یہ واقعہ چین کے جنوب مغربی صوبے میں پیش آیا جہاں 4 مسافر اندرون ملک سفر کر رہے تھے، دوسرے شہر جانے والے افراد میں سے ایک شخص وانگ نے گھر جانے سے قبل 30 کلو گرام کینوؤں کا باکس خرید لیا۔

    تاہم ایئرپورٹ پر انہیں بتایا گیا کہ ان کے سامان کا وزن زیادہ ہے، اور انہیں فی کلو گرام 10 یان ادا کرنے ہوں گے۔

    وانگ نے یہ باکس 50 یانز (12 سو 42 پاکستانی روپے) میں خریدا لیکن اگر وہ ایئر پورٹ پر اسے جہاز میں رکھنے کی قیمت ادا کرتا تو اسے 300 یانز (7 ہزار 457 پاکستانی روپے) ادا کرنے ہوتے۔

    یہ رقم اس کی جیب پر نہایت بھاری پڑتی چنانچہ اس نے اور اس کے دوستوں نے وہیں باکس کھولا اور 20 سے 30 منٹ کے اندر 30 کلو گرام کینو کھا گئے۔

    اتنی زیادہ مقدار میں کینو کھانے کے بعد چاروں دوستوں کے منہ میں چھالے پڑ گئے اور تکلیف شروع ہوگئی۔

    ان کی کینو کھاتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر نہایت وائرل ہوئی، ایک شخص نے کہا کہ کیا ایسا ممکن نہیں تھا کہ وہ ان کینوؤں کو 4 حصوں میں تقسیم کر لیتے اور ہر شخص ایک تھیلا بطور ہینڈ کیری طیارے میں ساتھ لے جاتا۔

    خیال رہے کہ ہوائی جہازوں میں اضافی سامان لے جانے اور ان کی فیس ادا کرنے سے بچنے کے لیے لوگ مختلف ترکیبیں آزماتے دکھائی دیتے ہیں۔ اکثر افراد ساتھ لے جانے والے بہت سے کپڑے پہن کر سامان کا وزن کم کرنے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔

  • 3 ماہ سے ایئرپورٹ پر چھپا رہنے والا شخص

    3 ماہ سے ایئرپورٹ پر چھپا رہنے والا شخص

    امریکا میں ایک شخص کرونا وائرس سے اس قدر خوفزدہ تھا کہ وہ گھر نہیں گیا اور 3 ماہ تک ایک ایئر پورٹ پر چھپا رہا، پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

    لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والا 36 سالہ شخص 3 ماہ تک شکاگو کے بین الاقوامی ایئر پورٹ کے ایک محفوظ سیکشن میں چھپا رہا اور حیران کن طور پر کسی کو اس کا علم نہیں ہوا۔

    اس شخص کا کہنا تھا کہ وہ کرونا وائرس سے بہت زیادہ خوفزدہ تھا اور لاس اینجلس میں اپنے گھر نہیں جانا چاہتا تھا۔ آدیتیہ سنگھ نامی اس شخص کو 3 ماہ بعد گرفتار کیا گیا۔

    اس پر ایئرپورٹ کے ممنوعہ حصے میں مجرمانہ طور پر گھسنے اور چوری کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ یہ شخص لاس اینجلس سے ایک پرواز سے شکاگو کے او ہیئر ایئرپورٹ پر 19 اکتوبر کو آیا تھا۔

    لگ بھگ 3 ماہ بعد 16 جنوری کو آدیتیہ سنگھ یونائٹیڈ ایئر لائنز کے 2 ملازمین کے پاس پہنچا تو انہوں نے اس کی شناخت مانگی جس پر اس نے مبینہ طور پر ایک ایئرپورٹ آئی ڈی بیج دکھایا جس کے گم ہونے کی رپورٹ اس کے مالک (ایئرپورٹ کے ایک آپریشن مینیجر) نے 26 اکتوبر کو درج کروائی تھی۔

    اسسٹنٹ اسٹیٹ اٹارنی کیتھلین ہیگرٹی نے کاؤنٹی جج کو بتایا کہ ایئرپوررٹ پر آنے والے مسافر اس شخص کو غذا فراہم کرتے تھے، جس کا کوئی مجرمانہ پس منظر نہیں۔

    اٹارنی کے مطابق آدیتیہ سنگھ نے یہ بیج ایئرپورٹ میں دریافت کیا تھا اور وہ کووڈ کے باعث گھر جانے کے خیال سے خوفزدہ تھا۔

    سماعت کے دوران جج نے کہا کہ ایک غیر مجاز شخص اوہیئر ایئرپورٹ کے ٹرمینل میں 10 اکتوبر 2020 سے 16 جنوری 2021 تک رہ رہا تھا اور کسی کو علم نہیں ہوا؟ ایسا کیسے ممکن ہے؟

    اس شخص کو دریافت کرنے کے بعد یونائیٹڈ ایئر لائنز کے عملے نے 911 پر رابطہ کیا اور پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔

    عدالت کے حکم پر آدیتیہ سنگھ کو ایک ہزار ڈالرز کے عوض ضمانت پر رہا کیا جائے گا تاہم اس کے ایئرپورٹ میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

  • ملکی ایئر پورٹس پر سیلف چیک اِن سسٹم  کو ایک سال ہو گیا، تاحال غیر فعال

    ملکی ایئر پورٹس پر سیلف چیک اِن سسٹم کو ایک سال ہو گیا، تاحال غیر فعال

    کرا چی: ملکی ایئر پورٹس پر مسافروں کی سہولت کے جدید سیلف چیک اِن سسٹم کو ایک سال ہو گیا جو تاحال غیر فعال ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک سال قبل جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سمیت ملک کے 6 ایئر پورٹس پر 15 سے زائد جدید مشینیں مسافروں کی سہولت کے لیے نصب کی تھیں۔

    تاہم ایئر لائنز کی جانب سے جدید سیلف چیک اِن سسٹم پر اپنا سافٹ ویئر انسٹال نہیں کیا جا سکا ہے، سافٹ ویئر انسٹال نہ ہونے کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک جانے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    کراچی ایئر پورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ تمام ایئر لائنوں کو متعدد بار خطوط لکھے جا چکے ہیں کہ وہ اپنے سافٹ ویئر کو اپ گریڈ کر لیں، صرف پی آئی اے نے سیلف چیک اِن سسٹم پر اپنا سافٹ ویئر انسٹال کر نے کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جدید مشینوں کے نصب ہونے سے مسافر اپنا بورڈنگ پاس خود کار طریقے سے حاصل کر سکیں گے۔

    سی اے اے کے مطابق جدید چیک ان سسٹم سے ہینڈ کیری بیگجز والے مسافروں کو یہ سہولت میسر ہوگی، یہ سسٹم فعال ہو نے سے سی اے اے کو زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔

    یاد رہے کہ جولائی میں ایئر پورٹ پر چیک ان اور بورڈنگ سسٹم کو آپریٹ کرنے والی کنٹریکٹر کمپنی کو وارننگ بھی دی گئی تھی کہ فوری طور پر سسٹم کو فعال کرے۔ سی اے اے کی جانب سے یہ سسٹم گزشتہ برس نومبر میں متعارف کرایا گیا تھا، اور کراچی، اسلام آباد ایئرپورٹس سمیت چھ ایئرپورٹس پر اس کی مشینیں نصب کی گئی تھیں، اور ایئرلائنز کو CUPPS سسٹم کو استعمال کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔

    جن ایئرپورٹس پر مشینیں نصب کی گئی تھیں ان میں کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، ملتان اور فیصل آباد کے ایئرپورٹس شامل تھے۔

  • کویت سفر کرنے والوں کے لیے خوشخبری

    کویت سفر کرنے والوں کے لیے خوشخبری

    کویت سٹی: کویتی حکام نے بین الاقوامی ایئرپورٹ 24 گھنٹے فعال رکھنے کا اعلان کردیا، ایئرپورٹ پر 24 گھنٹے فضائی آپریشن کا آغاز 17 نومبر سے ہوگا۔

    کویتی میڈیا کے مطابق سول ایوی ایشن کی جنرل ایڈمنسٹریشن نے کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے کو 24 گھنٹوں فعال رکھنے کا اعلان کر دیا ہے جس کا آغاز 17 نومبر سے ہوگا۔

    سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر سلیمان الفوزان نے ایئرپورٹ پر صحت کی ضروریات کے جائزے سے متعلق وزارت صحت کو ایک خط ارسال کیا۔

    خط میں انہوں نے وضاحت کی کہ وزارت صحت کے نمائندے نے گذشتہ روز تجارتی پروازوں کی دوبارہ بحالی کے لیے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے دوران کہا کہ اگر رجسٹریشن اور تنظیم کے عملے کی مطلوبہ تعداد اس کے لیے مکمل طور پر تیار ہے تو وزارت صحت کو اس بات پر قطعی اعتراض نہیں ہے کہ ہوائی اڈہ 24 گھنٹے کام کرے۔

    یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ ناس اور کویت ایئر ویز عملہ فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں اور ہوائی اڈہ بھی 17 نومبر سے 24 گھنٹے کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

    ذرائع کے مطابق ہوائی اڈے کو دن میں 24 گھنٹوں کے لیے چلنے کی اجازت دینے کا مقصد رات کی پروازوں پر پابندی منسوخ کر کے روزانہ 24 گھنٹے پروازوں کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

    اس اعلان کے بعد پہلے سے طے شدہ پروازوں کے شیڈول اور تعداد پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن انتظامیہ وزارت صحت کے جواب کا انتظار کر رہی ہے۔

  • ایئرپورٹ پر مسافر کے جوتوں کے اندر سے کیا نکلا؟ حکام حیران

    ایئرپورٹ پر مسافر کے جوتوں کے اندر سے کیا نکلا؟ حکام حیران

    فلپائن میں ایئرپورٹ حکام نے جوتوں کے اندر چھپائی گئیں 119 زندہ مکڑیاں برآمد کرلیں، مذکورہ پارسل پولینڈ سے فلپائن میں مقیم کسی شخص کے لیے بھیجا گیا تھا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق پولینڈ سے فلپائن کے شہر کیوٹ کے لیے آنے والے اس پارسل نے اپنی عجیب ساخت کی وجہ سے حکام کی توجہ حاصل کرلی۔

    کسٹم حکام نے جب اسے کھولا تو اس میں سے نایاب نسل کی 119 زندہ مکڑیاں برآمد ہوئیں۔ مکڑیوں کو پلاسٹک کو ٹیوبز میں بند کیا گیا تھا جو جوتے کے اندر اور اس کے ڈبے میں بھرے ہوئی تھیں۔

    فلپائن کے کسٹمز آف بیورو کے مطابق مکڑیوں کو فوری طور پر وائلڈ لائف ٹریفکنگ مانیٹرنگ یونٹ کے حوالے کردیا گیا۔

    حکام نے اس بارے میں تفتیش شروع کردی ہے ک یہ پارسل کسے بھیجا جارہا تھا۔

    مذکورہ نایاب نسل کی مکڑی کو، جسے ٹرنٹیولز کہا جاتا ہے، شوقین افراد گھر میں پالتے ہیں۔ فلپائن میں اسے خطرے کا شکار حشرات کی حیثیت حاصل ہے۔

    ساڑھے 4 سے 11 انچ تک کی جسامت رکھنے والی اس مکڑی کے جسم پر بال ہوتے ہیں، اس کا شمار زہریلی مکڑیوں میں نہیں ہوتا۔