Tag: ایئرپورٹ

  • ایئرپورٹس پر ایک سے زائد وزیٹرز کے سلسلے میں نئے اقدامات

    ایئرپورٹس پر ایک سے زائد وزیٹرز کے سلسلے میں نئے اقدامات

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے مختلف ایئر پورٹس پر کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل، خیبر کے باچا خان اور بلوچستان کے کوئٹہ ایئر پورٹ پر ایک سے زائد وزیٹر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    چند دن قبل سول ایوی ایشن نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایک سے زائد وزیٹرز پر پابندی عائد کی تھی۔

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک سے زائد وزیٹر پر پابندی عائد

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ مسافروں کو لینے والے حضرات اپنی گاڑیوں ہی میں ان کا انتظار کریں گے، جب کہ ایئر پورٹ کی حدود میں ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق کسی بھی وزیٹر کو کنکورس ہال میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، ایئر پورٹ کی حدود میں سماجی فاصلے کے ضابطے پر بھی عمل درآمد ہوگا۔

    سی اے اے اور ایئر پورٹ پر کام کرنے والا دیگر عملہ بھی غیر ضروری طور پر نقل و حرکت نہیں کرے گا۔

    خیال رہے کہ نہایت مہلک اور نئے کرونا وائرس کو وِڈ 19 کی پہلی لہر کو پاکستان میں بہترین حکمت عملی سے قابو کیا گیا تھا، اب دوسری لہر شروع ہو چکی ہے، جسے قابو کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • متحدہ عرب امارات: جاسوس کتے کرونا وائرس کا پتہ لگائیں گے

    متحدہ عرب امارات: جاسوس کتے کرونا وائرس کا پتہ لگائیں گے

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں جاسوس کتوں کو کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کا پتہ لگانے کی تربیت دے دی گئی۔ کتے، انسانوں سے براہ راست رابطے میں آئے بغیر پسینے کی بو سے کرونا وائرس کے ہونے یا نہ ہونے کا پتہ لگا سکتے ہیں۔

    اماراتی نیوز ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں نئی کامیابی حاصل کی ہے۔ امارات جاسوس کتوں کے ذریعے کرونا وائرس کا پتہ لگانے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔

    دنیا کے دیگر ممالک میں ابھی تک یہ طریقہ کار تجربے اور تربیت کے مرحلے میں ہے۔

    اس مقصد کے لیے تربیت یافتہ کتا چند سیکنڈ میں اس بات کا پتہ لگا سکتا ہے کہ کوئی شخص وائرس سے متاثر ہے یا نہیں، اس طریقہ کار کے باعث انٹرنیشنل ایئرپورٹسں پر مسافروں کی حفاظت میں اضافہ ہوجائے گا۔

    یہ تربیت یافتہ جاسوس کتے سونگھنے کی زبردست صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ کتے پولیس کے ہیں جو اہم مقامات کی حفاظت، تجارتی مراکز اور غیر معمولی تقریبات کو خطرات سے بچانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔

    اب ان جاسوس کتوں کو کرونا وائرس کے متاثرین کا پتہ لگانے کی خصوصی تربیت دی گئی ہے۔

    پولیس کے مطابق کسی بھی انسان کے پسینے کا نمونہ لے کر تربیت یافتہ کتے کو سنگھایا جاتا ہے، اس میں کتے کا انسان سے براہ راست واسطہ نہیں پڑتا۔ کتا سونگھتے ہی بتا دیتا ہے کہ متعلقہ شخص کرونا وائرس میں مبتلا ہے یا نہیں۔

    اماراتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاسوس کتوں کی تربیت کے لیے جو قومی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اس میں فرانس کے الفور اسکول کی نمائندگی بھی شامل ہے۔

    یہ اسکول یورپی ممالک میں مویشیوں پر کام کرنے والا سب سے پرانا ادارہ ہے، ٹیم میں وزارت صحت، محکمہ کسٹم اور پولیس کی نمائندگی بھی شامل ہے۔

  • ایئر پورٹس پر مسافروں کی کرونا وائرس اسکریننگ کا طریقہ کار تبدیل

    ایئر پورٹس پر مسافروں کی کرونا وائرس اسکریننگ کا طریقہ کار تبدیل

    لاہور: ایئر پورٹس پر مسافروں کی کرونا وائرس اسکریننگ کا طریقہ کار تبدیل کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کو فلائٹس کی اسکریننگ کے لیے نیا طریقہ کار موصول ہو گیا، جس کے تحت اب بغیر علامات والے مسافروں کو ایئر پورٹ سے گھر جانے کی اجازت ہوگی۔

    این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ نظرثانی شدہ قواعد کے مطابق کرونا وائرس کے علامات والے مسافروں کو گھر جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ایئر پورٹ پر موجود محکمہ صحت کی ٹیمیں مسافروں کا معائنہ کریں گی۔

    بغیر علامات والے مسافر اپنے گھروں میں 14 دن قرنطینہ رہیں گے جب کہ کرونا علامات والے مسافر ٹیسٹ رپورٹ آنے تک حکومتی قرنطینہ مرکز میں رہیں گے۔

    قواعد کے مطابق علامات والے مسافروں کو منفی رپورٹ آنے پر ہی گھر جانے کی اجازت ہوگی، مثبت رپورٹ آنے والے مریض خود گھر یا اسپتال میں آئسولیٹ ہوں گے، دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے مثبت مریض مسافر 14 دن قرنطینہ میں رہنے کے بعد اپنے صوبے کو سفر کر سکیں گے۔

    نئی گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ 20 جون سے تمام ایئر لائنز جو پاکستان کے لیے روٹین کے مطابق پروازیں چلاتی ہیں، کو پاکستان کے لیے اندرونی ٹریفک آپریٹ کرنے کی اجازت ہوگی، جن کی تعداد ملک کے اندر ہفتے میں 200 سے 275 فلائٹس ہیں۔

  • سعودی عرب میں داخلی پروازیں بحال کرنے کا اعلان

    سعودی عرب میں داخلی پروازیں بحال کرنے کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب کے 11 ایئر پورٹس پر داخلی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا گیا، داخلی پروازیں 31 مئی سے بحال ہوں گی۔

    سعودی محکمہ شہری ہوا بازی نے اعلان کیا ہے کہ صحت حکام کی سفارش پر اتوار 31 مئی سے سعودی عرب میں داخلی پروازیں بحال ہو جائیں گی اور 11 ایئر پورٹس سے پروازیں چلیں گی۔

    محکمہ شہری ہوا بازی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ داخلی پروازیں بتدریج بحال ہوں گی، تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سعودی ایئر پورٹس سے سفر کرنے والوں کو تمام حفاظتی تدابیر اور ضروری صحت انتظامات کی پابنددی کرنا ہوگی۔

    بیان کے مطابق محکمہ شہری ہوا بازی، وزارت صحت اور ایئر پورٹس کے تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے انتظامات کر چکا ہے۔

    محکمہ شہری ہوا بازی نے بتایا کہ پروازیں کئی مرحلوں میں بحال ہوں گی، 2 ہفتوں کے دوران ملک کے تمام ایئر پورٹس کے لیے پروازیں مہیا ہوں گی۔

    پہلے مرحلے کے لیے پروازوں کا آغاز ریاض، جدہ، دمام، مدینہ منورہ، قصیم، ابہا، تبوک، جازان، حائل، باحہ اور نجران سے ہوگا۔

    دوسری جانب سعودی ریلوے جنرل کارپوریشن نے بھی اعلان کیا ہے کہ اتوار 31 مئی سے ریاض اور دمام ٹرین سروس بحال ہو جائے گی۔

    ریلوے کارپوریشن کا کہنا ہے کہ جو لوگ ریاض ۔ دمام ٹرین سے سفر کرنا چاہتے ہیں وہ بدھ 27 مئی سے کارپوریشن کی ویب یا ایپ کے ذریعے ریزرویشن کروا سکتے ہیں۔

  • پشاور: بیرون ملک سے آئے صرف علامات والے مسافروں کا کرونا ٹیسٹ ہوگا

    پشاور: بیرون ملک سے آئے صرف علامات والے مسافروں کا کرونا ٹیسٹ ہوگا

    پشاور: خیبر پختونخواہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ بیرون ملک سے آئے ہر مسافر کے کرونا وائرس ٹیسٹ کے بجائے صرف ان مسافروں کا ہی ٹیسٹ کیا جائے گا جن میں علامات ظاہر ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت نے بیرون ملک سے آئے ہر مسافر کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع پختونخواہ حکومت کا کہنا ہے کہ صرف ان مسافروں کا ہی ٹیسٹ کیا جائے گا جن میں علامات ظاہر ہوں گی۔

    ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جن مسافروں میں علامات نہ ہوں ان کو گھر جانے دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ صوبہ خیبر پختوخواہ سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 57 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، صرف گزشتہ 24 گھنٹے میں 30 مریض جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 1 ہزار 197 ہوگئی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 22 ہزار 934، پنجاب میں 20 ہزار 656، خیبر پختونخواہ میں 8 ہزار 80، بلوچستان میں 3 ہزار 468، اسلام آباد میں 17 سو 28، گلگت بلتستان میں 630 اور آزاد کشمیر میں 211 ہے۔

    آپریشن سینٹر کے مطابق 18 ہزار 314 مریض کرونا کو شکست دے کر صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ پاکستان میں اب تک 4 لاکھ 90 ہزار 908 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

  • لینڈنگ کے دوران طیارے کی زد میں آ کر نامعلوم شخص ہلاک، سیکیورٹی میں کھلبلی مچ گئی

    لینڈنگ کے دوران طیارے کی زد میں آ کر نامعلوم شخص ہلاک، سیکیورٹی میں کھلبلی مچ گئی

    امریکا میں آسٹن ایئرپورٹ پر ایک نامعلوم شخص جہاز کی لینڈنگ کے دوران سامنے آنے سے ہلاک ہوگیا، سیکیورٹی کو چکمہ دے کر رن وے تک پہنچ جانے والے شخص کی دریافت کے بعد انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔

    مذکورہ واقعہ امریکی ریاست ٹیکسس کے شہر آسٹن میں پیش آیا جہاں ایئرپورٹ پر ساؤتھ ویسٹ ایئر لائنز کے بوئنگ 737 طیارے کی لینڈنگ کے وقت ایک نامعلوم شخص جہاز کے سامنے آگیا اور طیارے کی ٹکر سے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ طیارے کے پائلٹ نے مذکورہ شخص کو اس وقت دیکھا جب طیارہ لینڈ کرنے کے لیے زمین پر اتر چکا تھا۔

    انتظامیہ کے مطابق اس وقت کسی بھی شخص کو رن وے پر موجود نہیں ہونا چاہیئے تھا۔

    مذکورہ شخص عملے کے لباس میں نہیں تھا اور انتظامیہ نے تحقیقات شروع کردی ہیں کہ کس طرح سیکیورٹی کو چکمہ دے کر ایک غیر متعلقہ شخص رن وے تک پہنچ گیا۔

    لینڈنگ کے بعد طیارے کے مسافروں کو ہنگامی طور پر بحفاظت اتار دیا گیا، واقعے کے بعد مذکورہ رن وے کو بند کردیا گیا ہے جبکہ ایئرپورٹ کے دیگر رن ویز پر معمول کے مطابق فضائی آپریشنز جاری ہیں۔

  • کرونا وائرس: مصر کے تمام ایئرپورٹس بند کردیے گئے

    کرونا وائرس: مصر کے تمام ایئرپورٹس بند کردیے گئے

    قاہرہ: کرونا وائرس کے پیش نظر مصر کے تمام ایئرپورٹس 19 سے 31 مارچ تک بند کر دیے گئے، مصر کے تمام تعلیمی ادارے پہلے ہی بند کیے جاچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مصر کے وزیر اعظم ڈاکٹر مصطفیٰ مدبولی نے کرونا وائرس کے پیش نظر مصر کے تمام ایئرپورٹس 19 سے 31 مارچ تک بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    یہ فیصلہ کرونا وائرس سے نمٹنے اور عوام کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ مصری وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ فیصلہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ مصری حکومت پروازوں کی آمد و رفت کی پابندی کے دوران تمام ہوٹلوں اور سیاحتی تنصیبات پر جراثیم کش ادویہ کا اسپرے کروائے گی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں میں کارکنان کی تعداد بھی کم کی جائے گی، بھیڑ بھاڑ سے وائرس کے پھیلنے کا امکان بے حد محدود ہوجائے گا۔

    خیال رہے کہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے ہفتے کو صدارتی فرمان جاری کر کے اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تعلیم معطل کردی تھی جس پر عمل درآمد 15 مارچ سے شروع کر دیا گیا ہے۔

    مصری صدر نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 100 ارب مصری پونڈ مختص کیے ہیں۔

    مصری وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ملک میں کھانے پینے کی اشیا وافر مقدار میں موجود ہیں جو کئی مہینے کے لیے کافی ہوں گی۔ عوام پریشان نہ ہوں اور حد سے زیادہ سامان خریدنے سے گریز کیا جائے۔

    انہوں نے تاجرو ں کو بھی وارننگ دی ہے کہ وہ صورتحال سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کریں، تاجروں کی اجارہ داری کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا جائے گا اور بحران کے بہانے اشیا کے نرخ بڑھانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

    یاد رہے کہ مصر میں اب تک کرونا وائرس کے 196 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 6 افراد وائرس کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں۔

  • ملک کے 5 ایئرپورٹس غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کر دیے گئے

    ملک کے 5 ایئرپورٹس غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کر دیے گئے

    اسلام آباد: ملک کے 5 ایئر پورٹس کو غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا، مذکورہ ایئرپورٹس کی تمام شیڈیولڈ غیر ملکی فلائٹس سمیت اگلے چند روز تک تمام بین الاقوامی فلائٹس صرف کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے آپریٹ کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے 5 ایئر پورٹس کو غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کرنے کا نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) جاری کردیا ہے۔

    حالیہ نوٹم کے مطابق سیالکوٹ، ملتان، فیصل آباد، کوئٹہ اور پشاور ایئر پورٹ سے عالمی پروازوں کی آمد و رفت بند کردی گئی ہے تاہم ان ایئر پورٹس سے اندرون ملک کی پروازیں جاری ہیں۔

    ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ ایئر پورٹس پر آنے والی غیر ملکی پروازوں کو لاہور اور اسلام آباد اتارا گیا ہے، ان پروازوں کے مسافروں کو ان کے مطلوبہ شہروں تک بھیجنے کے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

    نوٹم کے مطابق پشاور ایئر پورٹ آنے والی بین الاقوامی پروازوں کا رخ اسلام آباد موڑ دیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ ایئر پورٹ پر آنے والی غیر ملکی پروازوں کو کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کروایا جائے گا۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر اترنے والی پروازوں میں دبئی اور شارجہ کی پرواز پی اے 611، پی اے 613، جدہ اور مسقط سے آنے والی پروازیں شامل ہیں جنہیں پشاور ایئر پورٹ پر اترنا تھا۔ غیر متوقع فلائٹس کی وجہ سے اسلام آباد ایئر پورٹ پر مسافروں کا غیر معمولی رش ہے۔

    ملتان ایئر پورٹ پر اترنے والی بحرین، جدہ اور دبئی کی 4 پروازوں کو لاہور ایئر پورٹ پر لینڈ کروانے کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    سیالکوٹ سے دبئی جانے والی پرواز ایف زیڈ 338 اسلام آباد اور سیالکوٹ سے مسقط جانے والی پرواز او وی 302 لاہور سے روانہ ہوگی۔

    سوی ایوی ایشن کی وزیٹرز سے اپیل

    حالات کی سنگینی کو پیش نظر رکھتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئر پورٹ آنے والوں سے اپیل کی ہے کہ 1 یا 2 سے زائد وزیٹر ایئر پورٹس آنے سے گریز کریں۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئر پورٹ پر احتیاطی تدابیر پر لازمی عمل کریں۔ مذکورہ اقدامات کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت اٹھائے جارہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق تینوں ایئر پورٹس پر وزیٹر کی تعداد کم رکھنے پر ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کو ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ بین الاقوامی پروازیں فی الحال صرف کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے آپریٹ کی جائیں گی۔

    دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 28 ہوچکی ہے۔

  • کرونا وائرس کا خوف: معروف اداکارہ جہاز میں سوار ہونے کے بعد صفائی کرنے لگیں

    کرونا وائرس کا خوف: معروف اداکارہ جہاز میں سوار ہونے کے بعد صفائی کرنے لگیں

    کرونا وائرس نے جہاں دنیا بھر کو اپنے خوف میں مبتلا کر رکھا ہے وہیں ماڈلز اور اداکار بھی اس سے بچنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔ سپر ماڈل اور اداکارہ نومی کیمبل بھی ایسے ہی کچھ اقدامات کرتی نظر آئیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نومی نے اپنی کچھ تصاویر پوسٹ کیں جن میں وہ ایئرپورٹ جاتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ نومی نے کرونا وائرس سے بچنے کے لیے مکمل حفاظتی لباس، گاگلز اور دستانے پہن رکھے ہیں۔

    بعد ازاں انہوں نے یوٹیوب پر اپنی ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں انہوں نے دوران سفر اپنے معمولات کے بارے میں بتایا۔

    ویڈیو میں نومی جہاز میں سوار ہونے کے بعد اپنی سیٹ کو مکمل طور پر سینی ٹائزڈ وائپس سے صاف کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

    وہ بیٹھنے کی جگہ، سائیڈ ٹرے، ٹچ اسکرین، ریموٹ، کھانے کی ٹرے غرض ہر وہ شے جسے وہ دوران سفر چھو سکتی ہیں وائپس سے صاف کرتی ہیں۔

    ویڈیو میں وہ بتا رہی ہیں کہ وہ ہر سفر میں ایسے ہی کرتی ہیں، ’مجھے کوئی پروا نہیں کہ لوگ مجھے یہ سب کرتے دیکھ کر کیا سوچتے ہوں گے۔ یہ میری صحت ہے اور میں یہ سب اپنی بہتری کے لیے کرتی ہوں‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چاہے آپ اپنے ذاتی طیارے میں سفر کریں یا کمرشل طیارے میں، آپ کہیں پر بھی بیمار ہوسکتے ہیں۔

  • مسافر سے ہزاروں ممنوعہ گولیاں برآمد

    مسافر سے ہزاروں ممنوعہ گولیاں برآمد

    اسلام آباد: دارالحکومت اسلام آباد کے ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے 6 ہزار ممنوعہ گولیاں بیرون ملک لے جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق نجی ایئر لائن کی پرواز سے دبئی جانے والے مسافر کے سامان سے ہزاروں ممنوعہ گولیاں برآمد کر لی گئیں۔

    بنوں کا رہائشی فریاد اللہ پرواز ای کے 612 کے زریعے دبئی جارہا تھا کہ دوران اسکینگ مسافر کے سامان سے 6 ہزار ممنوعہ گولیاں برآمد ہوئیں۔

    ایئرپورٹ سیکورٹی فورس نے ممنوعہ گولیاں ضبط کر لیں اور تفتیش کے بعد مسافر کو سفر کرنے کی اجازت دے دی۔

    کلیئرنس ملنے کے بعد مسافر فریاد اللہ پرواز ای کے 612 کے زریعے دبئی روانہ ہوگیا۔ ایف ایس ایف کا کہنا ہے کہ مسافر سے پوچھ گچھ کی گئی اور ابتدائی تفتیش کے بعد اسے جانے کی اجازت دی گئی۔