Tag: ایئرپورٹ

  • کسٹمز حکام نے بیرون ملک نشہ آور ادویات کی اسمگلنگ ناکام بنادی

    کسٹمز حکام نے بیرون ملک نشہ آور ادویات کی اسمگلنگ ناکام بنادی

    لاہور: علامہ اقبال ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے بیرون ملک نشہ آور ادویات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق علامہ اقبال ایئرپورٹ پر 2 مسافروں سے 11 کلو نشہ آورادویات برآمد کی گئی ہیں۔ ملزم کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی شناخت طاہرمحمود اور مبشرسلیم نے نام سے ہوئی ہے جو نشہ آورادویات بیرون ملک لے جارہے تھے۔ کسٹمز حکام نے دونوں مسافروں کو تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردیں۔

    رواں سال کے آغاز میں اے ایس ایف نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مسافر کو گرفتار کرکے ہیئروئن برآمد کی تھی۔ ملک بھر کے ایئرپورٹس پر منشیات اسمگلنگ کی کوششوں میں درجنوں افراد گرفتار ہوچکے ہیں۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال نومبر میں اے ایس ایف نے عمان جانے والے مسافر کے سامان سے 3 کلو 378 گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ہی نیواسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے سعودی عرب جانے والے مسافر سے 3 کلو آئس ہیروئن برآمد کرکے گرفتار کیا تھا۔

  • اسلام آباد ایئر پورٹ پر غیر ملکی شہری کو اسلحہ ساتھ لے جانے سے روک دیا گیا

    اسلام آباد ایئر پورٹ پر غیر ملکی شہری کو اسلحہ ساتھ لے جانے سے روک دیا گیا

    اسلام آباد: ایک غیر ملکی شہری کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر اسلحہ ساتھ لے جانے سے روک دیا گیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ کہ غیر ملکی مسافر اسپین کے سابق وزیر اعظم کا سیکورٹی افسر ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسپینش نیشنل مینڈیز گارشیا ای وائی 234 پرواز سے ابوظبی جا رہا تھا، ایئر پورٹ پر انھیں اسلحہ ساتھ لے جانے سے روک دیا گیا، غیر ملکی مسافر کے پاس نائن ایم ایم پسٹل، 26 گولیاں، اور ایک اضافی میگزین تھا۔

    اسپین کے شہری نے وزرات داخلہ کا اجازت نامہ دکھا کر کسٹمز اور اے ایس ایف سے کلیئرنس لے لی تھی، تاہم ایئر لائن نے مسافر کو اسلحہ سمیت سفر کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا، جس کے بعد اسلحہ اے ایس ایف نے اسپین ایمبیسی کے حوالے کر دیا۔

    لاہور ایئرپورٹ پر مسافر سے پستول کی گولیاں برآمد

    یاد رہے کہ 8 فروری کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر مسافر سے پستول کی 21 گولیاں اور میگزین برآمد کیا گیا تھا، مسافر حسن محمود بٹ پی کے 263 سے ابوظبی جا رہا تھا، بعد ازاں مسافر نے غلطی سے اسلحہ بیگ میں لانے کا اعتراف کیا۔ تحریری معافی پر مسافر کو ابوظبی سفر کی اجازت دے دی گئی، مسافر کے پاس اسلحے کا لائسنس موجود تھا، تاہم اسلحہ ضبط کر لیا گیا۔

  • کروناوائرس سے بچاؤ کے لیے حکومت کا بڑا اقدام

    کروناوائرس سے بچاؤ کے لیے حکومت کا بڑا اقدام

    کراچی: کروناوائرس سے بچاؤ اور آگاہی سے متعلق  وفاقی محکمہ صحت کے مزید اقدامات سامنے آگئے، پاکستان کے 7بین الاقوامی ایئرپورٹس پر فوکل پرسن تعینات کر دیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق تعیناتی کا نوٹیفکیشن سینٹرل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایئرپورٹس ہیلتھ افسران کرووناوائس کے فوکل پرسنز ہوں گے، اسلام آباد ایئرپورٹ پر ڈاکٹر سارہ سعید کو فوکل پرسن مقرر کردیا گیا۔ محکمہ صحت نے مزید اقدامات کی یقین دہانی کرادی۔

    جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر ڈاکٹر طارق نواز فوکل پرسن مقرر کی گئی ہیں۔ جبکہ علامہ اقبال، ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ کے لیے ڈاکٹر امینہ ثاقب فوکل پر سن تعینات کردی گئیں۔

    کروناوائرس کی پاکستان منتقلی کا خدشہ، حفاظتی اقدامات

    باچاخان ایئرپورٹ کے لیے کشمالہ اورکزئی فوکل پرسن ہوں گی۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں باچاخان ایئرپورٹ پر خلیجی ممالک سے آئی پروازوں کے مسافروں کو ہیلتھ کاؤنٹر سے گزرا جارہا ہے، ہیلتھ کاؤنٹر پر محکمہ صحت کی جانب سے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف دن رات موجود ہیں۔

    خلیجی ممالک سے آئے مسافروں کی تھرمل باڈی اسکینر اور تھرمامیٹر سے اسکریننگ کی جارہی ہے۔ مسافر کو وائرس کی تشخیص پر باچاخان ایئرپورٹ پر مخصوص کمرے میں رکھا جائے گا۔ خیال رہے کہ تھرمل اسکینر مسافروں کے اضافی درجہ حرارت کی پیمائش کرتا ہے۔

  • پاکستانیوں کیلیے ایئرپورٹ پر نئی سہولت

    پاکستانیوں کیلیے ایئرپورٹ پر نئی سہولت

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سفری سہولیات میں اضافہ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر رش کے باعث اوور سیز پاکستانیوں اور دیگر مسافروں کو سہولیات دینے کے لیے امیگریشن کاونٹرز کی تعداد بڑھا کر 10 کردی گئی۔

    ایئرپورٹ پر اوورسیز پاکستانیوں، ملکی ترقی کیلئے زرمبادلہ بھیجنے والوں، بزرگ شہریوں، معذور افراد، تنہا خواتین اور بچوں کے لیے علیحدہ کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔

    اسی طرح غیر ملکی پاسپورٹ، سفارتکاروں، بزنس کلاس پسنجرز اور مجاز سرکاری حکام کیلئے بھی علیحدہ امیگریشن کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں۔

    ڈی ایٹ ممالک کے شہریوں کے لیے امیگریشن معلومات اور عملے کے لئے بھی کاؤنٹر بنائے گئے ہیں۔ کاونٹرز کی تعداد میں اضافے سے پروازوں کی تاخیر میں کمی اور مسافروں کو سہولت ہو گی۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ملک بھر کے ایئرپورٹس پر غیر ملکی مسافروں اور سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر 4 سالہ بچی تیسری منزل سے گر کر جاں بحق

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر 4 سالہ بچی تیسری منزل سے گر کر جاں بحق

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے اسلام آباد انٹرنیشل ایئرپورٹ پر 4 سالہ بچی کھیلتے ہوئے تیسری منزل سے نیچے گر گئی، بچی کو اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ دم توڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ صبح اسلام آباد انٹرنیشل ایئر پورٹ پر پیش آیا جب والدین کے ساتھ آنے والی 4 سالہ بچی تیسری منزل (لیول) سے پہلی منزل پر گر پڑی۔

    عینی شاہدین کے مطابق بچی ماں کے ہاتھوں سے گری، انتظامیہ نے فوری طور پر سول ایوی ایشن کے ڈاکٹرز کو طلب کرلیا۔

    بعد ازاں بچی کو تشویشناک حالت میں پہلے سی اے اے ایمبولینس پر ٹراما سینٹر اور پھر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال لے جایا گیا تاہم بچی جانبر نہ ہوسکی۔

    ترجمان پمز کے مطابق بچی اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھی، اونچائی سے گرنے کے باعث بچی کے سر پر شدید چوٹ لگی تھی اور سر پر چوٹ لگنے سے بچی کے ناک، کان اور منہ سے خون بہنے لگا۔

    ذرائع کے مطابق بچی کی موت سر پر چوٹ لگنے اور زیادہ خون بہنے سے ہوئی۔

    سول ایوی ایشن ترجمان کے مطابق بچی اسلام آباد کی ہی رہائشی تھی۔ پمز اسپتال انتظامیہ نے بچی کی میت لواحقین کے حوالے کردی جسے لے کر وہ آبائی علاقے فتح جنگ روانہ ہوگئے۔

    خیال رہے کہ نیو اسلام آباد انٹرنیشل ایئر پورٹ کا سنہ 2018 میں افتتاح کیا گیا تھا، ایئرپورٹ خاصا وسیع ہے اور جدید طرز پر تعمیر کیا گیا ہے تاہم مذکورہ واقعہ حفاظتی اقدامات میں کمی کی نشاندہی کرتا ہے۔

  • سعودی عرب پروازوں کے مسافروں کا سامان چھوڑنا پی آئی اے کو مہنگا پڑ گیا

    سعودی عرب پروازوں کے مسافروں کا سامان چھوڑنا پی آئی اے کو مہنگا پڑ گیا

    کراچی: سعودی عرب پروازوں کے مسافروں کا سامان چھوڑنا پی آئی اے کو مہنگا پڑ گیا، سعودی عرب کی گراؤنڈ ہینڈلنگ سروس نے پی آئی اے پر 72 ہزار ریال جرمانہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے سعودی عرب سے پاکستان آنے اور جانے والی پروازوں کا مسافروں کا سامان چھوڑ آنا معمول بن گیا ہے، مختلف ائیر پورٹس پر مسا فروں کا سامان نہ ملنے پر احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    سعودی عرب کی گراؤنڈ ہینڈلنگ سروس نے پی آئی اے پر 72 ہزار ریال جرمانہ کر دیا ہے، دوسری طرف پی آئی اے کو دسمبر میں ایس جی ایس کو ورک آرڈر کے ذریعے ادائیگیاں کرنا پڑیں، ایس جی ایس نے یومیہ سامان کے ایک کنٹینر پر ایک ہزار ریال وصول کیے۔

    قومی ایئر لائن 80 مسافروں کا سامان جدہ ایئر پورٹ پر چھوڑ آئی

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق ریاض سے مختلف شہروں میں جانے والی پی آئی اے کی پرواز روزانہ مسافروں کا سامان چھوڑ کر چلی جاتی تھی، ریا ض سے اسلام آباد پی کے 754 ستر مسافروں کا سامان چھوڑ آئی تھی، اسلام آباد ائیر پورٹ پر مسافر اپنے سامان کے حصول کے لیے کافی دیر سے کھڑے تھے، سامان نہ پہنچنے پر انھوں نے احتجاج شروع کر دیا۔

    ریاض ائیر پورٹ پر آج پہنچنے والی پرواز کے مسافر جن کا سامان لاہور چھوڑ دیا گیا ہے

    لاہور سے ریاض پی کے 725 بھی پچاس سے زائد مسافروں کا سامان چھوڑ کر چلی گئی تھی، ریاض ائیر پورٹ پر سامان نہ ملنے پر مسا فروں نے احتجاج کیا، چوبیس گھنٹوں کے دوران یہ دوسرا واقعہ ہے۔

    ذرایع کا کہناہے کہ پی آئی اے سعودی عرب کے لیے مسلسل ائیر بس 320 طیارے استعمال کر رہی ہے جس کی وجہ سے لوڈ کم کرنے کے لیے سامان نہیں بھیجا جا رہا، ریاض ائیر پورٹ پر مسافروں کا سامان جمع ہونے اور پاکستان نہ بھیجنے پر سعودی ائیر پورٹ اتھارٹی نے پی آئی اے کو وارننگ بھی جاری کر دی ہے۔

  • پروازوں کی منسوخی اور تاخیر، اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کا احتجاج

    پروازوں کی منسوخی اور تاخیر، اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کا احتجاج

    اسلام آباد: پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافر سراپا احتجاج بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو اور دبئی جانے والی پروازوں کے مسافروں نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر شدید احتجاج کیا، اسلام آباد سے اسکردو جانے والی پرواز منسوخ کر دی گئی ہے جس کے باعث مسافروں نے پی آئی اے کاؤنٹر پر احتجاج شروع کیا۔

    پرواز نے صبح 8 بجے اسکردو کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم پی آئی اے کا کہنا ہے کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے پرواز کو منسوخ کر دیا گیا۔

    اسلام آباد سے دبئی جانی والی نجی ائیر لا ئن کی پرواز بھی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی ہے، جس کے باعث ائیر پورٹ پر مسافر سراپا احتجاج بن گئے ہیں، پرواز پی اے 230 کو صبح آٹھ بجے روانہ ہونا تھا، ذرایع کا کہنا ہے کہ طیارہ نہ ہونے کی وجہ سے پرواز کی روانگی میں تاخیر ہو رہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق پرواز کی تاخیر پر مسافروں اور نجی ائیر لائن کے عملے کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی، جس کے بعد مسافروں نے سول ایوی ایشن کے انٹرنیشنل کاؤنٹر پر احتجاج شروع کر دیا، جس کے باعث بین الاقوامی پروازوں کی روانگی رک گئی، جس پر انتظامیہ کو اے ایس ایف اہل کاروں کو طلب کرنا پڑا۔

    مسافروں کے احتجاج کے باعث دوسری ائیر لائن کے بورڈنگ کا عمل رک گیا ہے، مسافروں کا کہنا تھا کہ انھیں یا تو ہوٹل میں ٹھہرایا جائے یا دوسری پرواز کے ذریعے دبئی روانہ کیا جائے۔

  • ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، خاتون سمیت 2 مسافروں سے لاکھوں ڈالر اور سونا برآمد

    ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، خاتون سمیت 2 مسافروں سے لاکھوں ڈالر اور سونا برآمد

    کراچی: سکھر ایئر پورٹ سے منی لانڈرنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی، اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ ایک خاتون سمیت 2 مسافروں سے لاکھوں ڈالر اور سونا برآمد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے ایس ایف نے سکھر ایئر پورٹ پر خاتون سمیت دو مسافر گرفتار کیے ہیں، جن سے 4 لاکھ 50 ہزار ڈالر برآمد ہوئے، خاتون مسافر سے 5 کلو سونا، دو سو گرام موتی اور 255 یو اے ای درہم بھی برآمد ہوئے۔

    اے ایس ایف ذرایع نے بتایا کہ تلاشی پر معلوم ہوا کہ مسافر محمد اسلام اور خاتون اناہیتا سہراب ایرانی نے بیگ میں غیر ملکی کرنسی چھپا رکھی تھی، دونوں مسافر پی کے 531 سے کراچی جا رہے تھے، کراچی پہنچنے کے بعد دونوں نے بیرون ملک سفر کرنا تھا، اے ایس ایف نے دونوں مسافروں کو مزید کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا۔

    یاد رہے کہ نومبر میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات کسٹم اہل کاروں نے چیکنگ کے دوران مسافر کے سامان سے 17 ہزار امریکی ڈالر، 25 ہزار 600 یوآن جب کہ 25 ہزار 780 بھارتی روپے برآمد کیے تھے۔

    لاہور ایئرپورٹ پر سونے کی اسمگلنگ کو ناکام بنا دیا گیا

    کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ مسافر نجی ایئر لائن لائن کی پرواز 6018 سے ارمچی جا رہا تھا۔ گزشتہ ماہ علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر سونے کی اسمگلنگ کو ناکام بنایا گیا تھا۔ امریکی خاتون پرواز 342 لاہور سے مسقط جا رہی تھی، دوران چیکنگ خاتون کے سامان سے 2 سونے کے بسکٹ برآمد ہوئے۔

  • نئے سال کے آغاز پر اندرون ملک فضائی مسافروں کے لیے بری خبر آ گئی

    نئے سال کے آغاز پر اندرون ملک فضائی مسافروں کے لیے بری خبر آ گئی

    کراچی: نئے سال کے آغاز پر اندرون ملک سفر کرنے والے فضائی مسافروں پر مالی بوجھ میں اضافہ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیا سال شروع ہوتے ہی اندرون ملک سفر کرنے والے فضائی مسافروں پر مالی بوجھ میں اضافہ کر دیا گیا، پی آئی اے سمیت نجی ائیر لائینز نے اندرون ملک جانے والی پروازوں کے کرایوں میں اچانک اضافہ کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کا کہنا ہے کہ لاہور سے کراچی، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، رحیم یار خان اور فیصل آباد سیکٹر کے کرایے میں 10 سے 15 ہزار کا اضافہ کر دیا گیا ہے، ہنگا می صورت حال ہو یا کسی عزیز و اقارب کے انتقال پر جانا پڑ جائے، اندرون ملک سفر کر نے والے مسا فروں کو یک طر فہ 35 ہزار رو پے سے زائد کا ٹکٹ خریدنا پڑے گا جب کہ دو طرفہ کرایہ 70 ہزار سے زا ئد ہو جاتا ہے۔

    ایک نئی ایئر لائن آپریشن شروع کرنے کے لئے تیار

    نیا سال آتے ہی پی آئی اے سمیت نجی ائیر لائنز مسافروں سے زائد کرائے وصول کرنے میں مصروف نظر آتی ہیں، ایئر بلیو اور سرین ایئر بھی اضافی کرائے وصول کر رہی ہیں، اندرون ملک جانے والی پروازوں کے کرائے کا موازانہ خلیجی ممالک سے کیا جائے تو مذکورہ کرایہ اس کے برابر نظر آتا ہے۔

    فضائی مسافروں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ کرائے میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے اس فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔

  • سی ٹی ڈی کا ایئرپورٹس پر خصوصی برانچ قائم کرنے کا فیصلہ

    سی ٹی ڈی کا ایئرپورٹس پر خصوصی برانچ قائم کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے صوبے بھر کے ایئرپورٹس پر خصوصی برانچ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف ایئرپورٹس پر دہشت گردوں کی نگرانی کے لیے دفاتر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    صوبائی دارالحکومت کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ، نواب شاہ، حیدر آباد اور سکھر ایئرپورٹس پر دفاتروں کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے جگہ مانگ لی گئی ہے اور اس مقصد کے لیے سندھ پولیس نے سول ایوی ایشن حکام کو خط لکھ دیا ہے۔

    ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے بھی پولیس چیف کو نوٹی فیکیشن جاری کرنے کے لیے خط لکھ دیا۔ خط میں سی ٹی ڈی کے نئے یونٹ کو سی ٹی ڈی واچ برانچ کا نام دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی انسداد دہشت گردی کے معاملات دیکھ رہی ہے، واچ برانچ سندھ بھر کے ایئرپورٹس کے حدود میں دہشت گرد ونگز اور جرائم پیشہ عناصر کے معاملات کی نگرانی کرے گی۔