Tag: ایئرپورٹ

  • ایف آئی اے امیگریشن عملے کو خوش اخلاقی سے پیش آنے کا حکم

    ایف آئی اے امیگریشن عملے کو خوش اخلاقی سے پیش آنے کا حکم

    اسلام آباد: ایف آئی اے امیگریشن عملے کو بیرون ملک جانے والے مسافروں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن عملے کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے، عملے کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ بیرون ملک جانے والے مسافروں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق امیگریشن عملے لیے احکامات ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد ایئرپورٹ کی طرف سے جاری کیے گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایف آئی اے عملے کی کمی، کراچی ایئر پورٹ پر مسافروں کا رش لگ گیا

    ضابطہ اخلاق سے متعلق جاری کردہ احکامات میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے امیگریشن عملے کا مسافروں سے بد تمیزی اور نا مناسب رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، بیرون ملک جانے والے مسافروں سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔

    عملے کو کہا گیا ہے کہ ایمی گریشن کاؤنٹر پر آنے والے مسافر کو عملہ پہلے سلام کرے اور پھر بات کی جائے، اس سلسلے میں مسافروں کو گڈ مار ننگ اور گڈ ایوننگ کہا جائے، مسافروں سے بدتمیزی اور نامناسب رویہ کسی صورت اختیار نہ کیا جائے، ایسے رویے پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔

    احکامات میں یہ بھی شامل ہے کہ تمام امیگریشن کا عملہ صاف یونیفارم پہنے اور صفائی کا خاص خیال رکھے۔

  • ایف آئی اے عملے کی کمی، کراچی ایئر پورٹ پر مسافروں کا رش لگ گیا

    ایف آئی اے عملے کی کمی، کراچی ایئر پورٹ پر مسافروں کا رش لگ گیا

    کراچی: ایف آئی اے امیگریشن کاؤنٹر پر عملے کی کمی کے باعث کراچی ایئرپورٹ کے امیگریشن کاؤنٹر پر مسافروں کی قطاریں لگ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن کاؤنٹر پر عملے کی کمی کی وجہ سے ایئر پورٹ پر مسافروں کا رش لگ گیا ہے، عملے کی کمی کے باعث پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہو رہی ہے۔

    بیرون ملک جانے والوں کو رش لگنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بوڑھے، بچے اور خواتین قطاروں میں کھڑے ہونے پر مجبور ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کو شکایت کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی ایئر پورٹ منیجر کا کچرا کنڈیوں کے خاتمے کے لیے کمشنر کو خط

    ذرایع کا کہنا ہے کہ عملے کی کمی کی وجہ سے رش لگنے سے پروازوں کی روانگی میں تین گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہوئی ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق امیگریشن کاؤنٹر پر کینیڈا، لندن، سعودی عرب، دبئی اور خلیجی ممالک جانے والے مسافروں کا رش ہے۔

    امیگریشن کاؤنٹر پر ایف آئی اے کا عملہ ایک مسافر کی امیگریشن کرنے میں پانچ سے دس منٹ لگا رہا ہے، ایف آئی اے امیگریشن عملے کی سست روی کی وجہ سے مسافروں کی طویل قطاروں کو انتظار کرنا پڑ رہا ہے، بورڈنگ کا عمل بھی متاثر ہو گیا ہے۔

    ذرایع نے بتایا کہ پی آئی اے سمیت دیگر ایئرلائنز متعدد بار ایف آئی اے کو شکایت کر چکی ہیں لیکن اس کے تدارک کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔

  • لاہور ایئرپورٹ سے جانے اور آنے والی متعدد پروازیں منسوخ

    لاہور ایئرپورٹ سے جانے اور آنے والی متعدد پروازیں منسوخ

    لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف شدید دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ سے جانے اور آنے والی 5 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ 10 تاخیر کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایئرپورٹ کے اطراف شدید دھند ہے اور رن وے پر حد نگاہ 600 میٹر رہ گئی ہے۔

    دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ سے جانے اور آنے والی 5 پروازیں منسوخ جبکہ 10 تاخیر کا شکار ہیں۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سے اوسلو جانے والی پرواز پی کے 751، دمام سے لاہور آنے والی پرواز ایکس وائی 883، لاہور سے دمام جانے والی پرواز ایکس وائی 884، ابو ظہبی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 264 اور لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 307 منسوخ کردی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سے کویت جانے والی پرواز 502 ساڑھے 7 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ ریاض سے لاہور آنے والی پرواز ایکس وائی 317 چھ گھنٹے، ریاض جانے والی پرواز ایکس وائی 318 پانچ گھنٹے 45 منٹ اور لاہور سے ریاض جانے والی پرواز پی کے 755 ساڑھے 4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

    اسی طرح لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 303 ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار ہے جبکہ لاہور سے جدہ کی دو طرفہ پروازیں بھی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

    پروازوں میں تبدیلی کے پیش نظر پی آئی اے انتظامیہ نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ اپنے ٹکٹس بک کرواتے ہوئے موبائل نمبرز کا ضرور اندراج کروائیں تاکہ ان کو پروازوں میں ردوبدل سے مطلع کیا جاسکے۔

    ترجمان پی آئی اے نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے قبل پی آئی اے کال سینٹر سے اپنی مطلوبہ پرواز کے متعلق معلومات بھی حاصل کریں۔

  • بنوں ایئرپورٹ کی ازسر نو تعمیر کا فیصلہ

    بنوں ایئرپورٹ کی ازسر نو تعمیر کا فیصلہ

    کراچی: اوور سیز پاکستانیوں کے لئے اچھی خبر ہے کہ وفا قی حکو مت نے بنوں ایئر پورٹ کی از سر نو تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بنوں ایئر پورٹ بیس سال سے غیر فعا ل ہے تاہم اب حکومت نے خصوصی توجہ دیتے ہوئے اسے فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس ضمن میں سول ایوایشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ بنوں ایئر پورٹ کی ٹر مینل بلڈ نگ اور انفرا اسٹرکچر کی تزین و آرائش کی جا ئے جب کہ رن وے کی ازسر نو تعمیر اور رن وے کی مزید توسیع کی جا ئے۔

    بنو ں ایئر پورٹ کے آپریشنل ہو نے سے اوورسیز پاکستانیوں کو سفری سہولت میسر ہو گی، ایئر پورٹ کے فعال ہو نے سے سیا حت کو فروغ کے سا تھ زرمبا دلہ میں بھی اضا فہ ہو گا۔

    واضح رہے کہ ڈی آئی خان اور پارہ چنار ائیر پورٹ بھی کئی سا لوں سے بند پڑے ہیں اور آزاد کشمیر حکو مت نے بھی مطا لبہ کیا ہے کہ راولا کو ٹ اور مظفر آبا د ائیر پورٹ کو بھی آپریشنل کیا جا ئے۔

  • لاکھوں روپے مالیت کا گمشدہ بیگ مالک کو مل گیا

    لاکھوں روپے مالیت کا گمشدہ بیگ مالک کو مل گیا

    لاہور:‌ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنی پیشہ ورانہ کاوشون سے تقریبا 18 لاکھ روپے مالیت کا گمشدہ بیگ حقیقی مالک تک پہنچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کی فلائٹ PK-748 مدینہ سے واپسی پر مسافر ڈاکٹر نادرا نذیر اپنا بیگ آرائیول لاؤنج میں بھول گئی تھیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مسافر کے بیگ میں 43 ہزار سعودی ریال اور 4 عدد ہوائی کمپنی کی ٹیب تھیں۔

    لاؤنج سپروائزر شاہد نے بیگ اپنی تحویل میں لے کر شعبہ لاسٹ اینڈ فاؤنڈ آرائیول کے حوالے کیا اور بیگ سے ملنے والی معلومات کے مطابق حقیقی مالک ڈاکٹر نادرا نذیر سے رابطہ کر کے انہیں بلوایا گیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ چیف آپریٹنگ آفیسر لاہور ائیرپورٹ نذیر احمد خان نے ضروری کارروائی کے بعد بیگ حقیقی مالک کے حوالے کر دیا۔

  • والد کی قبر ٹیکسلا میں ہے، ڈی پورٹ نہ کیا جائے: امریکی خاتون

    والد کی قبر ٹیکسلا میں ہے، ڈی پورٹ نہ کیا جائے: امریکی خاتون

    اسلام آباد: پاکستان میں غیر قانونی طور پر 12 سال گزارنے والی امریکی معمر خاتون نے کہا ہے کہ ان کے والد کی قبر ٹیکسلا میں ہے، ڈی پورٹ نہ کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق 80 سالہ بزرگ امریکی خاتون کو آج پی آئی اے کی پرواز پی کے 701 سے مانچسٹر روانہ کیا جائے گا، خاتون مرے موڈ نے ڈی پورٹ ہونے سے انکار کرنے کے بعد ایئر پورٹ کو مسکن بنا لیا ہے۔

    بزرگ خاتون نے بیان دیا ہے کہ ان کے والد کی قبر پنجاب کے تاریخی شہر ٹیکسلا میں ہے اس لیے وہ پاکستان سے نہیں جائیں گی، تاہم آج انھیں واپس مانچسٹر بھیجنے کی کوشش کی جائے گی۔

    خاتون کا ایف آئی اے اہل کاروں سے یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ان کے وکیل سے بات کریں، تاہم ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ اگر کوئی وکیل ہے تو انھیں یہاں آ کر اجازت نامہ دکھانا چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلیک لسٹ امریکی خاتون نے پاکستان میں ہنگامہ کھڑا کردیا

    امریکی خاتون 2001 میں 6 ماہ کے ویزے پر پاکستان آئی تھیں، تاہم انھوں نے ویزا مدت ختم ہونے کے باوجود 12 سال پاکستان میں غیر قانونی طور پر گزارے، آخر کار 2013 میں خاتون کو بلیک لسٹ کر کے پاکستان سے ڈی پورٹ کر دیا گیا۔

    گزشتہ روز وہ ایک بار پھر پی آئی اے کی پرواز پی کے 702 کے ذریعے مانچسٹر سے اسلام آباد پہنچی تھیں، امیگریشن کے وقت معلوم ہوا کہ ان کا نام بلیک لسٹ میں شامل ہے، چناں چہ انھیں ڈی پورٹ کیا گیا تاہم وہ پی آئی اے عملے کی غلطی سے بجائے ڈی پورٹ ہونے کے ہوٹل پہنچ گئیں، جس پر ایف آئی اے نے فوری ایکشن لیا۔

    خیال رہے کہ ایف آئی اے نے امر یکی سفارت خانے کے عملے کو بھی ائیر پورٹ طلب کیا تھا، امریکی سفارتی عملہ بھی ڈی پورٹ ہونے والی خاتون مسافر کو واپس بھیجنے کی کوشش میں مصروف رہا۔

  • طیارہ ہائی جیک ہونے کے الارم پر فوج نے ایمسٹرڈیم ایئر پورٹ گھیر لیا

    طیارہ ہائی جیک ہونے کے الارم پر فوج نے ایمسٹرڈیم ایئر پورٹ گھیر لیا

    ایمسٹرڈیم: ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم میں شپہول ایئر پورٹ پر طیارہ ہائی جیک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ اطلاع ملتے ہی فوج اور پولیس کی بھاری نفری نے ایئرپورٹ گھیرے میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایمسٹرڈیم کی مقامی پولیس کو اطلاع ملی کہ شپہول ایئرپورٹ پر 3 چاقو بردار افراد طیارہ ہائی جیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اطلاع پر فوج اور پولیس کی بھاری نفری ایئرپورٹ پہنچ گئی۔

    تاہم معلوم ہوا کہ پائلٹ نے غلطی سے طیارہ ہائی جیک ہونے کا الارم بجا دیا تھا، جس پر ایئرپورٹ میں سراسیمگی پھیل گئی، ایئرپورٹ کے اندر موجود لوگ خوف سے زرد پڑ گئے۔

    ڈچ ملٹری پولیس نے ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ انھیں اطلاع ملی کہ ایئرپورٹ پر مشکوک صورت حال نے جنم لیا ہے، پولیس نے فوری رد عمل دکھاتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کی تیاری کرلی ہے۔

    تاہم ایک گھنٹے بعد ایئرپورٹ پر اعلان کیا گیا کہ ایک پائلٹ نے غلطی سے الارم بجا دیا تھا، مذکورہ الارم تب بجایا جاتا ہے جب کوئی طیارہ ہائی جیک ہو رہا ہوتا ہے، جسے سن کر سیکورٹی الرٹ ہو جاتی ہے۔

    ایئرلائن نے ٹویٹ کر کے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹ پر کچھ نہیں ہوا، تمام مسافر محفوظ ہیں اور جلد ہی اپنے منازل کی طرف پرواز کریں گے۔

    بعد ازاں، معلوم ہوا کہ پائلٹ ایک ٹرینی کو سمجھا رہا تھا کہ ہائی جیکرز کے حملے پر یہ الارم بجانا ہے، لیکن غلطی سے اس نے خود ہی الارم بجا دیا، جس پر ایئرپورٹ میں ایمرجنسی کی صورت حال پیدا ہوگئی اور لوگ خوف کے مارے چیخنے چلانے لگے۔

  • اب مسافر خود طیارہ  لینڈ کروا سکیں گے

    اب مسافر خود طیارہ لینڈ کروا سکیں گے

    نیویارک: آپ کے طیارے میں پائلٹ نہیں تو آپ پریشان نہ ہوں، کیوں کہ اب مسافر خود طیارے کو بغیر پائلٹ کے لینڈ کروا سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیاہے کہ ایک جی پی ایس سروس فراہم کرنے والی کمپنی نے ایسی ٹیکنالوجی تیار کی ہے جو ایمرجنسی کی صورت میں طیارے کو بحفاظت لینڈ کرواسکتی ہے۔

     ’آٹولینڈ‘ نامی یہ سافٹ ویئر امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ’گرمن‘ کی جانب سے چھوٹے طیاروں میں فلائٹ ٹولز کے حصے کے طور پر دستیاب ہو گی۔

    یہ سافٹ ویئر پائلٹ کی سرگرمیوں پر نظر رکھے گا اگر پائلٹ کی جانب سے نیویگیشن نظام پر کوئی ردعمل نہ ملا تو یہ خود کار نظام کے تحت نزدیکی ہوائی اڈے کو سگنلز بھیج کر انداز لگائے گا کہ ایمرجنسی لینڈنگ کے لیے کونسی جگہ زیادہ محفوظ ہے۔

    محفوظ مقام تلاش کرنے کے بعد یہ سافٹ ویئر طیارے کو اپنے طور پر اس مقام کی جانب لے جائے گا اور بحفاظت لینڈنگ کو یقینی بنائے گا۔

    آٹو لینڈ کو مسافر اپنے طور پر فعال کرسکتے ہیں اس کے لیے طیارے کے مین کیبن میں پائلٹ کی نشست کے بالکل سامنے ایک ٹچ پینل نصب کیا جائے گا.

    حالیہ عرصے کے دوران چھوٹے طیاروں کے کریش ہونے کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں جس میں کئی لوگ اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ تر حادثات ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران پیش آئے جن میں لینڈنگ کے دوران رونما ہونے والے واقعات کی تعداد زیادہ ہے۔

  • فاتح باکسرمحمد وسیم کی وطن واپسی، کوئی استقبال کو نہ آیا

    فاتح باکسرمحمد وسیم کی وطن واپسی، کوئی استقبال کو نہ آیا

    اسلام آباد:پاکستانی باکسر محمد وسیم دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچے تو بھرپور استقبال کےلئے کوئی حکومتی نمائندہ نہ آیا ، ٹیکسی پر روانہ ہونا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محمد وسیم جو کہ دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ میں فلپائن کے باکسر کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرکےوطن لوٹے تو باکسنگ فیڈریشن، سرکاری عہدیداران اور عوام میں سے کوئی بھی ان کا استقبال کرنے نہیں پہنچا تھا۔

    انہوں نے اپنی کامیابی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے نام کی تھی۔محمد وسیم کامیابی کے بعد وطن واپس آئے تو اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کے استقبال کےلئے کوئی حکومتی نمائندہ ہی نہیں پہنچا اور محمد وسیم نجی کمپنی کی ٹیکسی سروس پر روانہ ہوئے۔

    ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد وسیم نے کہا کہ میں نے وطن عزیز اور قوم کے لیے محنت کی ہے، دبئی میں مقابلے سے قبل افریقی مدمقابل سے بھی مقابلہ جیتا تھا، مزید مقابلے بھی جیت کر تاریخ رقم کروں گا اور اپنے ملک کا نام روشن کرتا رہوں گا، ٹاپ 5میں آکر ورلڈ ٹائٹل کے لیے مقابلہ کروں گا، پاکستان کے لیے ورلڈ ٹائٹل میچ جیتنے کی کوشش کررہا ہوں۔

    واضح رہے کہ محمد وسیم ایک سال بعد رنگ میں دوبارہ اترے تھے، جیت سے ان کی رینکنگ میں بہتری آئے گی۔ گزشتہ سال باکسر محمد وسیم کو جنوبی افریقا کے باکسر مورتی متھالنے کے ہاتھوں ورلڈ ٹائٹل فائٹ میں شکست ہوئی تھی۔

  • پی آئی اے کا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا

    پی آئی اے کا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا

    اسلام آباد: قومی ایئر لائن کا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا، تمام مسافر خیریت سے اور محفوظ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا۔ پائلٹ نے کمال مہارت سے دوران لینڈنگ طیارے پر قابو پالیا۔

    پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام مسافر خیریت سے اور محفوظ ہیں، قومی ایئر لائن کے سی ای او ارشد ملک نے حادثے کی تحقیقات کی ہدایت دے دی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی واقعے کا نوٹس لے لیا۔

    ذرائع کے مطابق سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کے ارکان اسلام آباد سے گلگت روانہ ہوگیا ہے۔ ارکان طیارے کے کپتان سے معلومات حاصل کریں گے اور اس کا طبی معائنہ کیا جائے گا۔

    ایس آئی بی کے بعد پی آئی اے بھی اس واقعے کی تحقیقات کرے گی۔ پی آئی اے کی انجینئرز اور ٹیکنیکل ٹیم بھی گلگت روانہ ہوگئی ہے۔

    دوسری جانب گلگت آنے والے مسافروں کو اسلام آباد لانے کے لیے پرواز روانہ کردی گئی ہے۔