Tag: ایئرپورٹ

  • بیرون ملک سفر کرتے ہوئے کتنی رقم لے جائی جاسکتی ہے؟ ایف بی آر نے ہدایات جاری کردیں

    بیرون ملک سفر کرتے ہوئے کتنی رقم لے جائی جاسکتی ہے؟ ایف بی آر نے ہدایات جاری کردیں

    کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی نئی جاری کردہ ہدایات کے مطابق بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں پر 3 ہزار سے زائد پاکستانی کرنسی اور 10 ہزار سے زائد ڈالر لے جانے پر پابندی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے خصوصی ہدایات جاری کردیں۔ ایف بی آر کے مطابق 3 ہزار سے زائد پاکستانی کرنسی بیرون ملک لے جانے پر پابندی ہوگی۔

    ایف بی آر کا کہنا ہے کہ 5 سال تک کا بچہ ایک وقت میں ایک ہزار ڈالر یا مساوی کرنسی لے جا سکتا ہے، بچہ سال میں 6 ہزار ڈالر یا اس کے مساوی غیر ملکی کرنسی لے جا سکتا ہے۔

    5 سال سے زائد اور 18 سال تک کے مسافر کو ایک وقت میں 5 ہزار ڈالر یا مساوی کرنسی کی اجازت دی گئی ہے جبکہ اس عمر کے افراد سال میں 30 ہزار ڈالر یا اس کے مساوی غیر ملکی کرنسی لے کر سفر کر سکتے ہیں۔

    ایف بی آر کا کہنا ہے کہ 18 سال سے زائد عمر کے مسافر 10 ہزار ڈالر یا مساوی کرنسی ساتھ لے جا سکتے ہیں جبکہ سال میں 60 ہزار ڈالر یا اس کے مساوی غیر ملکی کرنسی کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔

    ایف بی آر نے ایکسپورٹ پالیسی اور پروسیجر آرڈر کے تحت 11 اشیا کو ممنوع بھی قرار دیا ہے۔ سونا، چاندی،جواہرات اور سونے کے زیورات لے جانے پر پابندی ہوگی۔ اسی طرح 3 ہزار سے زائد پاکستانی کرنسی، نوادرات، آثار قدیمہ، ملکی مفاد کے خلاف لٹریچر اور قابل اعتراض مواد لے جانے پر بھی پابندی ہوگی۔

    10 ہزار سے زائد ڈالر، نقلی، جعلی اشیا، ٹاکسک کیمیکل یا اجزا، اسلحہ، بارودی مواد (وزارت دفاع کے این او سی کے علاوہ)، ایٹمی، کیمیائی یا تابکاری سے متعلق اشیا بھی ساتھ لے جانا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

    پالتو کتے بلیوں کو ساتھ لے جانے کے لیے سرٹیفیکیٹ درکار ہوگا۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس حوالے سے خصوصی شکایتی سیل بھی قائم کردیا گیا ہے۔

  • لاہور ایئرپورٹ کے بعد کراچی ایئرپورٹ کا اسکینر بھی خراب ہونے کا انکشاف

    لاہور ایئرپورٹ کے بعد کراچی ایئرپورٹ کا اسکینر بھی خراب ہونے کا انکشاف

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گاڑیوں کو چیک کرنے کے لیے نصب کیا گیا اسکینر گزشتہ 1 سال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر جائیکا کے تعاون سے سنہ 2016 میں اسکینر (انڈر وہیکل انسپیکشن سسٹم) نصب کیا گیا تھا جو سال بھر کے زائد عرصے سے خراب پڑا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر اسکینر کی مدد سے گاڑیوں کی جامع تلاشی لی جاتی تھی تاہم اسکینر خراب ہونے کے باعث گاڑیوں کی اسکیننگ کا عمل رک گیا، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) مینوئل طریقے سے گاڑیوں کو سرچ کر رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق اسکینر مشین کے پرزہ جات نہ ہونے کی وجہ سے مرمت کا کام التوا کا شکار ہے، مذکورہ کمپنی پر امریکا نے پابندی عائد کی ہوئی ہے جس کی وجہ سے پرزہ جات پاکستان درآمد نہیں ہو پارہے۔

    سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ جائیکا سے مکمل طور پر رابطے میں ہیں تاکہ پرزہ جات جلد سے جلد دستیاب ہوں اور مشینوں کو فعال کیا جاسکے، جائیکا کا نمائندہ وفد بھی مشینوں کا دورہ کر کے جا چکا ہے۔

    خیال رہے کہ کل لاہور ایئر پورٹ کی پارکنگ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، بعد ازاں ابتدائی انکوائری رپورٹ میں ایئر پورٹ کے واحد اسکینر کے 2 سال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق ایئر پورٹ پر واحد اسکینر صرف ڈیپارچر لاؤنج تک جانے والی گاڑیوں کو اسکین کرتا ہے، پارکنگ ایریا میں جانے والی گاڑیوں کو چیک کرنے کے لیے کوئی اسکینر نہیں۔

  • لاہور ایئر پورٹ پر پارکنگ کے قریب فائرنگ، 2 افراد جاں بحق

    لاہور ایئر پورٹ پر پارکنگ کے قریب فائرنگ، 2 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایئر پورٹ پارکنگ کے قریب فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، مقتولین میں سے ایک عمرے کی ادائیگی کر کے واپس آیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ایئر پورٹ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کا کہنا ہے کہ فائرنگ ایئر پورٹ پارکنگ ایریا میں ہوئی۔

    اے ایس ایف کے مطابق فائرنگ کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے بیرون ملک سے آنے والے شخص کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایک ٹیکسی ڈرائیور سمیت 2 مزید افراد زد میں آگئے۔

    فائرنگ سے نشانہ بننے والا شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا، بعد ازاں زخمی ٹیکسی ڈرائیور بھی جان کی بازی ہار گیا۔ مقتول کی شناخت زین نفیس کے نام سے ہوئی جبکہ ٹیکسی ڈرائیور کا نام اکرم تھا۔ واقعے میں ایک اور شخص عنصر بھی زخمی ہوا۔

    ایس پی کینٹ صفدر رضا کاظمی کا کہنا ہے کہ مقتول زین نفیس کے خلاف پیپلز پارٹی کے رہنما بابر بٹ کے قتل کا مقدمہ درج تھا۔ ان کے مطابق فائرنگ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

    فائرنگ کے واقعے کے بعد رینجرز اہلکار ایئرپورٹ پہنچ گئے، ایئر پورٹ کے خارجی راستے بند کردیے گئے ہیں جبکہ گاڑیوں کی چیکنگ جاری کی جارہی ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ایئرپورٹ پارکنگ ایریا میں فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل جون 2014 میں کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردی کا بدترین واقعہ پیش آچکا ہے جب 10 دہشت گردوں نے ایئرپورٹ پرحملہ کردیا تھا۔

    سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 12 گھنٹوں تک جوابی کارروائی میں تمام دس حملہ آوروں سمیت 29 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    اسی کے چند روز بعد پشاور ایئرپورٹ پر پاکستان ایئر لائنز کے ایک طیارے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی جس سے طیارے میں بیٹھی ایک خاتون مسافر جاں بحق اور عملے کے 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ سے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    اسلام آباد ایئرپورٹ سے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    اسلام آباد: اے این ایف نے ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

    تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ ناکام بنائی، مسافر ہیروئن کے کیپسول نگل گیا۔

    اے این ایف کا کہنا ہے کہ 50ہیروئن کےکیسپول نگلنے والا مسافر کو گرفتار کرلیا گیا ہے، مسافر محمد نعیم پرواز ایس وی3887 کے ذریعے جدہ جارہا تھا۔

    مسافر نے ہیروئن بھرےکیپسول نگلنے کا اعتراف کرلیا، ٹیکسلا کے رہائشی محمد نعیم کو اے این ایف نے سیل منتقل کردیا۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر گذشتہ ہفتے اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی تھی۔

    واضح رہے کہ 31 جنوری کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک منشیات سپلائی کرنے والے نیٹ ورک کے 2 افراد گرفتارکیے تھے۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے این ایف کی کارروائی‘ 13 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد

    اے این ایف حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان سے کروڑوں مالیت کی ایک کلو سے زائد منشیات برآمد ہوئی ہے، ملزمان قطرایئرلائن کی پروازکیو آر633 اے سے دوحا جا رہے تھے۔

  • سیالکوٹ، سکھر اور بہاولپور کے ایئرپورٹس کھول دیے گئے

    سیالکوٹ، سکھر اور بہاولپور کے ایئرپورٹس کھول دیے گئے

    کراچی: ایک ماہ تک بند رہنے والے سیالکوٹ، سکھر، بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان کے ایئرپورٹس کھول دیے گئے جس کے بعد مذکورہ ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن بحال ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے پاکستان کی فضائی حدود مکمل طور پر کھول دی جس کا نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) جاری کردیا گیا۔ کئی روز سے بند سیالکوٹ، سکھر، بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان کے ایئرپورٹس پر بھی فضائی آپریشن بحال کردیا گیا۔

    قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے مذکورہ شہروں کے لیے اپنا فضائی شیڈول بحال کر دیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق پی آئی اے اپنے فضائی شیڈول کے مطابق ان شہروں سے پروازوں کا آغاز کر رہی ہے۔ پی آئی اے اس سے پہلے ان شہروں سے روانہ ہونے والے مسافروں کو دوسرے شہروں سے منسلک پروازوں سے آمد و رفت کی سہولت فراہم کر رہی تھی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ ایئر پورٹ کا رن وے ضروری مرمت کے لیے بند ہے جس کے باعث پی آئی اے 28 مارچ کی شام سے سیالکوٹ سے اپنے فضائی آپریشن کا آغاز کرے گی۔

    خیال رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر 27 فروری کو پاکستانی فضائی حدود کو مکمل طور پر بند کردیا گیا تھا، کچھ روز بعد کراچی اور اسلام آباد سمیت کچھ ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن بحال کردیا گیا تھا تاہم سیالکوٹ، سکھر، بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان کی فضائی حدود تاحال بند تھی جسے آج کھول دیا گیا ہے۔

  • سیالکوٹ، رحیم یار خان اور بہاولپور ایئر پورٹس کی بندش میں مزید توسیع

    سیالکوٹ، رحیم یار خان اور بہاولپور ایئر پورٹس کی بندش میں مزید توسیع

    کراچی: پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر صوبہ پنجاب کے شہروں سیالکوٹ، رحیم یار خان اور بہاولپور کے ایئر پورٹس کی بندش میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے ایئرپورٹس کی بندش کا نیا نوٹس ٹو ایئرمین (نوٹم) جاری کردیا جس کے مطابق سیالکوٹ، رحیم یار خان اور بہاولپور ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن مزید 24 گھنٹے بند رہے گا۔

    ایوی ایشن کے نوٹم کے مطابق فضائی حدود موجودہ صورتحال کے باعث بند رکھی جارہی ہے۔ مذکورہ ایئر پورٹس 27 فروری سے مکمل طور پر بند ہیں۔

    یاد رہے کہ پاکستان کی فضائی حدود کو  پاک بھات کشیدگی کے پیش نظر 27 فروری کی صبح اگلی رات 12 بجے تک کے لیے بند کیا گیا تھا جس کے بعد لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سمیت تمام ایئرپورٹس پر تمام پروازوں کے لیے آپریشن معطل کردیے گئے۔

    اس دوران بھارت جانے والی کئی پروازوں کو منسوخ کردیا گیا تھا، جبکہ پاکستان آنے والی کئی فلائٹس کو مقررہ مقام کے بجائے دیگر ایئرپورٹس پر اتار لیا گیا تھا۔

    یکم مارچ کو پاکستان کی فضائی حدود کو جزوی طور پر کھولا گیا تھا جس میں پہلے مرحلے میں صرف کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن بحال کیا گیا تھا۔ 3 مارچ کو لاہور ایئرپورٹ سے بھی فضائی آپریشن بحال کردیا گیا تھا۔

    اس وقت سول ایوی ایشن کے زیر انتظام مجموعی طور پر 26 ایئر پورٹس ہیں جن میں سے 11 ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن بحال ہے جبکہ 15 ایئر پورٹس بند اور ان پر فضائی آپریشن معطل ہے۔

  • 4 بڑے ایئر پورٹس سے پی آئی اے کا فضائی آپریشن بحال

    4 بڑے ایئر پورٹس سے پی آئی اے کا فضائی آپریشن بحال

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے ملک کے 4 بڑے ایئر پورٹس سے فضائی آپریشن کا آغاز کردیا، وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو جلد از جلد وطن لانے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود کھولے جانے کے بعد پی آئی اے نے کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹس سے فضائی آپریشن کا آغاز کردیا جہاں معمول کے مطابق پروازیں آپریٹ کی جارہی ہیں۔

    اس موقع پر پی آئی اے کے آپریشنل عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں، پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک خود آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو جلد از جلد وطن لانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین اور خلیجی ممالک کے مسافر جن کے ویزے کی معیاد ختم ہو رہی ان کو ترجیح دی جارہی ہے۔ اب تک 5 ہزار سے زائد مسافروں کو مختلف ممالک سے وطن واپس پہنچایا جا چکا ہے۔

    دوسری جانب ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن 4 مارچ پیر کے روز دن ایک بجے سے بحال ہوگا، صورتحال کے مطابق ائیر پورٹ کا فلائٹ آپریشن شیڈول تبدیل ہوسکتا ہے۔

    اس دوران لاہور سے بیرون اور اندرون ملک جانے والی 36 جبکہ بیرون اور اندرون ملک سے لاہور آنے والی 38 پروازوں کومنسوخ کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی فضائی حدود کو جزوی طور پر کھولا گیا تھا جس میں پہلے مرحلے میں صرف کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن بحال کیا گیا۔ لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد سمیت دیگر ایئر پورٹس پر فلائٹ آپریشن تاحال معطل ہے۔

    پاکستان کی فضائی حدود کو  پاک بھات کشیدگی کے پیش نظر 27 فروری کی صبح اگلی رات 12 بجے تک کے لیے بند کردیا گیا تھا جس کے بعد لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سمیت تمام ایئرپورٹس پر تمام پروازوں کے لیے آپریشن معطل کردیے گئے۔

    اس دوران بھارت جانے والی کئی پروازوں کو منسوخ کردیا گیا تھا، جبکہ پاکستان آنے والی کئی فلائٹس کو مقررہ مقام کے بجائے دیگر ایئرپورٹس پر اتار لیا گیا تھا۔

    28 فروری کی رات تک کے لیے کی جانے والی فضائی حدوو کی بندش میں کل مزید توسیع کردی گئی تھی۔

  • دبئی: ایئرپورٹ حکام کی مدد سے برسوں بعد ماں بیٹی کی دوبارہ ملاقات

    دبئی: ایئرپورٹ حکام کی مدد سے برسوں بعد ماں بیٹی کی دوبارہ ملاقات

    ابوظبی  : دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے سیکورٹی حکام  نے 33 برس قبل علیحدہ ہونے والی ماں، بیٹی دوبارہ ملوا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب اماراتی کی ریاست دبئی کی ایئرپورٹ سیکیورٹی حکام نے برسوں قبل بچھڑنے والی ماں بیٹی کو ملواکر انسانیت کی مثال قائم کردی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ لڑکی کے والدین میں ناچاقی کے باعث 33 برس قبل علیحدگی ہوگئی تھی اور چاروں بیٹیوں کو والد کے حوالے کردیا گیا تھا۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ والدین میں علیحدگی کے بعد باپ اپنی بیٹوں کو لے کر کسی اور جگہ منتقل ہوگیا تھا اس وقت بہنوں میں سب سے بڑی بہن 6 سال کی تھی۔

    طلاق کے بعد والدہ نے امارتی شہری سے شادی کرلی تاہم اس کے دل میں ممتا جاگتی رہی اور  اس نے بیٹیوں سے ملنے کی سر توڑ کوششیں شروع کردیں۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق والدہ نے کسی طرح اپنی بڑی بیٹی کا کھوج لگا لیا جو کہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوچکی تھی لیکن دوسرے ملک ہونے کی وجہ سے ماں بیٹی کی ملاقات ممکن نہ تھی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اس دوران بیٹی کو علاج کی غرض سے بھارت جانا پڑا تو کنیکٹنگ فلائٹ دبئی سے تھی۔

    متاثرہ ماں نے بیٹی سے ملاقات کی خاطر ایئرپورٹ حکام سے درخواست کی، ایئرپورٹ حکام سے خاتون نے کہا کہ ’میں اپنی بیٹی سے ملاقات کےلیے بیتاب ہوں، میں نے برسوں پہلے اپنی بیٹی کا دیدار کیا تھا‘۔

    ایئرپورٹ حکام کیلئے بغیر تصویر کے لڑکی کو ڈھونڈا انتہائی مشکل کام تھا لیکن 3 گھنٹے کی تلاش کے بعد سیکیورٹی ٹیم نے 33 قبل بچھڑنے والی ماں، بیٹی کی ملاقات کروانے میں کامیاب ہوگئے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جب والدہ نے 33 برس بعد بیٹی کو گلے لگایادونوں آبدیدہ ہوگئیں اور ایئرپورٹ پر موجود دیگر مسافر بھی انہیں دیکھ آبدیدہ ہوگئے۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے جھیل میں تبدیل

    اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے جھیل میں تبدیل

    اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی کی غفلت و لاپرواہی کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے بارشوں کے بعد جھیل کا منظر پیش کر رہا ہے۔ رن وے پر بے تحاشہ پانی کھڑا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اس وقت سول ایوی ایشن اتھارٹی کی غفلت اور بد اتنظامی کا بدترین ثبوت پیش کررہا ہے۔

    ائیرپورٹ کے رن وے پر بے تحاشہ پانی کھڑا ہے جس کے باعث رن وے کسی جھیل کا منظر پیش کررہا ہے۔

    بارش کے پانی کی نکاسی کا کام تاحال نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک جانے والی پروازیں متاثر ہوگئی ہیں۔

    رن وے کے کارگو ایریا میں جہاں سے مسافروں کا سامان اتارا اور چڑھایا جاتا ہے، کنٹینر بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رواں مون سون میں غیر معمولی بارشیں ہوئی ہیں جس کے بعد شہر کی متعدد سڑکیں زیر آب آگئی ہیں۔

    شہر میں جا بجا بارش کا پانی کھڑا ہے جس کو نکالنے کے لیے مقامی انتظامیہ کا کام جاری ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • لاہورایئرپورٹ پرکارروائی‘ میاں بیوی ہیروئن اسمگلرزگرفتار

    لاہورایئرپورٹ پرکارروائی‘ میاں بیوی ہیروئن اسمگلرزگرفتار

    لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پراےایس ایف نے کارروائی کےدوران میاں بیوی اسمگلرز کوگرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کےمطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس نے کارروائی کرتے ہوئےخوشبات کے رہائشی میاں بیوی کے سامان سے تلاشی کے دوران 6کلو ہیروئن برآمد کرلی۔ہیروئن کی عالمی منڈی میں مالیت پونے6کروڑ سےزائدہے۔

    اے ایس ایف ذرائع کا کہناہے کہ خوشاب کا رہائشی انور نامی شخص اپنی بیوی کے ہمراہ غیرملکی پرواز سے عمرہ ادا کرنے کےلیےجدہ جارہاتھا۔

    یاد رہےکہ رواں برس 21جنوری کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بینظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ پراےایس ایف نے کارروائی کے دوران مسافرسے ہیروئن برآمد کی تھی۔


    اسلام آباد : بینظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ پرمسافرسے ہیروئن برآمد


    اسلام آباد ایئرپورٹ سےگرفتار ہونے والے مسافرمدثر کا تعلق چنیوٹ سےتھا۔مسافرمدثر نے ہیروئن ٹفن میں چھپائی ہوئی تھی۔


    لاہور ایئرپورٹ پراےایس ایف کی کارروائی‘ہیروئن برآمد


    واضح رہےکہ رواں سال فروری میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پراے ایس ایف نے ڈھائی کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئےملزم کوگرفتارکرلیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں