Tag: ایئرپورٹ

  • خواتین مسافر پر تشدد کرنے والی ایف آئی اے اہلکار معطل

    خواتین مسافر پر تشدد کرنے والی ایف آئی اے اہلکار معطل

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر خواتین مسافروں پر ایف آئی اے کی خاتون اہلکار کے تشدد کی نئی ویڈیو منظر عام آنے کے بعد ایف آئی اے کی اہلکار معطل کر دی گئی۔

    پولیس کے بعد ایف آئی اے بھی شتر بے مہار ہوگئی۔ خاتون مسافر پر خاتون اہلکار کے تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایف آئی اے کی خاتون اہلکار مسافر خواتین کو بے دردی سے بالوں سے جکڑ کر تھپڑ مار رہی ہے۔ بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا لاؤنج بے بس و لاچار خواتین مسافروں کی چیخوں سے گونجتا رہا۔

    اس دوران کسی نے ایف آئی اے کی غصے سے بھری اہلکارکو روکنے کی کوشش نہیں کی۔ 3 دن گزرنے کے بعد بھی اہلکار کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

    تاہم میڈیا اور سوشل میڈیا پر ویڈیو نشر ہونے کے بعد ایف آئی اے حرکت میں آگئی۔ ڈی جی ایف آئی اے نے ایئر پورٹ پر مسافر خواتین پر تشدد کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

    اس حوالے سے آج فریقین کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔ ڈی جی ایف آئی ے کے مطابق اگر ایف آئی اے کی اہلکار قصور وار ہوئی تو سخت سزا دی جائے گی۔

  • شامی جنگجوؤں نےداعش کےزیرقبضہ ایئرپورٹ کا کنٹرول سنبھال لیا

    شامی جنگجوؤں نےداعش کےزیرقبضہ ایئرپورٹ کا کنٹرول سنبھال لیا

    دمشق : امریکہ کے حمایت یافتہ شامی جنگجوؤں نے داعش کےگڑھ رقہ کےقریب اہم ہوائی اڈے کا کنٹرول سنبھالنے کا دعویٰ کیاہے۔

    تفصیلات کےمطابق امریکی حمایت یافتہ سیرین ڈیموکریٹک فورسز نے داعش سے ان کے مضبوط گڑھ رقہ کے قریب ایک اہم ایئربیس کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

    طبکا ایئرپورٹ پرقبضے کوداعش کے جنگجوؤں کو شہر سے مار بھگانے کے سمت میں اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

    شامی جمہوری فورس (ایس ڈی ایف) کے ترجمان طلال سلو نے بتایا کہ انہوں نے دولت اسلامیہ کےجنگجوؤں سے تبکا ایئرپورٹ کو آزاد کرا لیا ہے۔

    انسانی حقوق کے اداروں نے اس علاقے میں رہنے والے شہریوں کی حفاظت کے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔

    خیال رہےکہ رقہ دولت اسلامیہ کا گڑھ ہے۔دولت اسلامیہ کے شدت پسندوں نے تبکا ائیر بیس پر سال 2014 میں قبضہ کر لیا تھا۔

    یاد رہےکہ دولت اسلامیہ کی جانب سے طبکا ایئرپورٹ پر قبضے کامقصد شام کےسب سے بڑے ڈیم کا کنٹرول حاصل کرنے کےعلاوہ طبقہ شہر پر قبضہ کرنا بھی شامل تھا۔


    مزید پڑھیں:عراقی فوج نےموصل ایئرپورٹ کاکنٹرول سنبھال لیا


    واضح رہےکہ رواں سال فروری میں عراقی افواج نےدولت اسلامیہ کےزیراستعمال موصل کےہوائی اڈے کو دہشت گردتنظیم کے قبضے سےچھڑانے کا دعویٰ کیا تھا۔

  • لاہور ایئرپورٹ پراےایس ایف کی کارروائی‘ گاڑی سےاسلحہ برآمد

    لاہور ایئرپورٹ پراےایس ایف کی کارروائی‘ گاڑی سےاسلحہ برآمد

    لاہور :علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئےچیکنگ کےدوران گاڑی سےاسلحہ برآمد کرکے ایک شخص کوگرفتارکرلیا۔

    تفصیلات کےمطابق لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پراے ایس ایف نےچیک پوسٹ پرتلاشی کےدوران گاڑی سے اسلحہ برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    اے ایس ایف حکام کے مطابق چیک پوسٹ پر تلاشی کےدوران برآمدہونے والے اسلحےمیں223بورکی رائفل اور7میگزین شامل ہیں۔


    مزید پڑھیں:اسلام آباد : بینظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ پرمسافرسے ہیروئن برآمد


    خیال رہےکہ رواں سال جنوری میں بینظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ پراےایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے بحرین جانے والی پرواز سے مسافر کو گرفتار کرکےایک کلو 700گرام ہیروئن برآمد کرلی تھی۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ سےگرفتار ہونے والے مسافرمدثر کا تعلق چنیوٹ سےتھا،ملزم کو این ایف کے حوالے کردیاگیاتھا۔


    لاہور ایئرپورٹ پراےایس ایف کی کارروائی‘ہیروئن برآمد


    یاد رہےکہ گزشتہ ماہ ایئرپورٹ سیکورٹی فورس نے لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرقطر ایئرویز کی پرواز کیوآر 621 سے برآستہ دوحہ سعودی عرب جانے والے مسافر سے ڈھائی کروڑ سے زائد مالیت کی ہیروئن قبضے میں لےلی تھی۔


    مزید پڑھیں:لاہورایئرپورٹ پرایتھوپین ائیرلائن کےطیارےکی ہنگامی لینڈنگ


    واضح رہےکہ تین روز قبل علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرایتھوپین ائیرلائن کی پرواز میں دو غیرملکی مسافروں کےدرمیان جھگڑے کے باعث پرواز کو لاہورایئرپورٹ پر لینڈنگ کروائی گئی تھی۔

  • ایئرپورٹس پر مسافروں کے ہمراہ صرف ایک فرد کو آنے کی اجازت

    ایئرپورٹس پر مسافروں کے ہمراہ صرف ایک فرد کو آنے کی اجازت

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کی موجودہ صورتحال کی پیش نظر ایئرپورٹ پر مسافروں کو لینے اور چھوڑنے کے لیے صرف ایک فرد کو آنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کی حفاظت کے لیےسخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے ہیں جس کے مطابق اب مسافروں کوا ئیر پورٹ چھوڑنے اور لینے کے لیے صرف ایک فرد کو آنے کی اجازت ہوگی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی اقدامات کے پیش نظر ایئرپورٹ عملے اور سیکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

    قبل ازیں کراچی ایئر پورٹ سانحہ کے بعد اپنے عزیزو اقارب کو چھوڑنے اور لانے کے لیے دو افراد کو جانے کی اجازت تھی، تاہم اب اس کو ممنوع قرار دے کر صرف ایک شخص کو جانے کی اجازت ہوگی۔

  • لاہور ایئرپورٹ پراےایس ایف کی کارروائی‘ہیروئن برآمد

    لاہور ایئرپورٹ پراےایس ایف کی کارروائی‘ہیروئن برآمد

    لاہور:علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے ڈھائی کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئےملزم کوگرفتارکرلیا۔

    تفصیلات کےمطابق ایئرپورٹ سیکورٹی فورس نے لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرقطر ایئرویز کی پرواز کیوآر 621 سے برآستہ دوحہ سعودی عرب جانے والے مسافر سے ڈھائی کروڑ سے زائد مالیت کی ہیروئن قبضے میں لےلی گئی۔

    سرگودھا کا رہائشی نعیم مالٹے کے چھلکوں میں ہیروئن بھر کے لے جا رہا تھا۔ایئرپورٹ سیکورٹی فورس نے ملزم نعیم کو تفتیش کے لیےنا معلوم مقام پرمنتقل کردیا۔

    مزید پڑھیں:اسلام آباد : بینظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ پرمسافرسے ہیروئن برآمد

    یاد رہےکہ اس سے قبل گزشتہ ماہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بینظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ پراےایس ایف نے کارروائی کے دوران مسافرسےایک کلو 700گرام ہیروئن برآمد کی تھی۔

    مزید پڑھیں:اسلام آباد، جدہ جانے والے مسافر سے چار کلو ہیروئن برآمد

    واضح رہےکہ گزشتہ ماہ 2جنوری کوبنظیرایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے سامان کے خفیہ خانوں سے چار کلو ہیروئن برآمد ہوئی تھی جس کے بعد ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے ملزم کاشف سجاد شاہ کو حراست میں لے لیاتھا۔

  • فیصل آباد ایئرپورٹ کا رن وے بس اڈے میں تبدیل

    فیصل آباد ایئرپورٹ کا رن وے بس اڈے میں تبدیل

    فیصل آباد : فیصل آباد ایئرپورٹ پربین الاقوامی سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا ہے، مسافروں کو طیاروں کے قریب اتارا جانے لگا۔ مسافروں کو اپنی مدد آپ کے تحت رن وے سے ایئر پورٹ جانے پر مجبور کردیا گیا، سول ایوی ایشن افسران خاموش تماشائی بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ایئرپورٹ کا رن وے بس ٹرمینل کا منظر پیش کرنے لگا، ایک وقت میں تین پروازیں آنے سے مسافروں کا رش لگ گیا، فیصل آباد کے رن وے پر پروازیں پسنجر کوچ کی طرح چلائی جانے لگیں۔

    ایئرپورٹ کا رن وے بس ٹرمینل بنا دیا گیا۔ کسی مسافر نے اپنا سامان اٹھا رکھا ہے تو کوئی بریف کیس کو گھسیٹتے ہوئے چلاجارہا ہے۔ ایئرپورٹ پر لاری اڈے یا ریلوے اسٹیشن کا گمان ہونے لگا۔

    فیصل آباد ایئرپورٹ پر کئی ماہ سے سیفٹی طریقہ کار نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے سول ایوی ایشن انتظامیہ خاموش تماشا کا کردار ادا کررہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے صلاح الدین نے بتایا کہ بین الاقوامی سیفٹی قوانین کے مطابق دو پروازیں بھی ایک ساتھ نہیں اتاری جاسکتیں جبکہ یہاں تین پروازوں کو بیک وقت اتار لیا گیا، مسافروں کو طیارے سے اتار کر بس کے ذریعے لاؤنچ منتقل کیا جاتا ہے۔

    انتظامیہ نے اس کا بھی کوئی بندوبست نہیں کیا، مسافر پیدل ہی لاؤنچ کی جانب رواں دواں ہیں، یہ سول ایوی ایشن کی جانب سے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

  • سابق گورنر عشرت العبادکراچی سےدبئی روانہ

    سابق گورنر عشرت العبادکراچی سےدبئی روانہ

    کراچی :سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نجی ایئرلائن کی پراوزسے دبئی روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق ڈاکٹر عشرت العباد خان سرکاری پروٹوکول میں گورنر ہاوس سے ایئرپورٹ پہنچے جہاں انہوں نے صحافیوں سےبات کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے بہت پیار دیا ہے۔دعا ہے شہر میں امن اور لوگ خوشحال رہیں۔

    صوبہ سندھ میں گورنر پر کے عہدے پر14سال تک فائز رہنے والے ڈاکٹر عشرر العبادغیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے 605 کے ذریعے پاکستان سےدبئی روانہ ہوئے۔

    مزید پڑھیں:گورنر شپ کے 14 برس، عشرت العباد کا کتاب لکھنے کا اعلان

    خیال رہے کہ اس سے قبل سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ پڑھی۔ مزار قائد پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی کو ان سے کوئی گلہ ہے یا دل آزادی ہوئی ہے تو وہ معذرت چاہتے ہیں۔

    واضح رہے کہ 2 روز قبل صدر ممنون حسین نے جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی کو صوبے کا نیا گورنر نامزد کیا تھا۔نامزد گورنر آج حلف اُٹھائیں گے۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اُن سے حلف لیں گے۔

  • امریکی جہازمیں آتشزدگی،8افراد زخمی

    امریکی جہازمیں آتشزدگی،8افراد زخمی

    شکاگو: امریکی ریاست شکاگو کے اوہیئرایئرپورٹ پر امریکی ایئرلائن کے طیارے میں اڑنے سے قبل آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کا کہناہے کہ امریکی ریاست شکاگوکے ہوائی اڈے پر بوئنگ طیارہ767شگاکو سے میامی کے لیےمقامی وقت کے مطابق ڈھائی بجے اڑنے لگا تو اس کا ایک پہیہ پھٹ گیا جس سے اس کا انجن بری طرح متاثرہوا۔

    امریکی ایئرلائن کا کہناتھا کہ آتشزدگی کے اس حادثے میں سات مسافر اور عملے کا ایک رکن زخمی ہو گئے اور انہیں اسپتال لے جایا گیا۔حادثے کے وقت جہاز پر 161 مسافر اور عملے کے9 افراد سوار تھے۔

    ہوائی کمپنی نےنے اپنے بیان میں کہا کہ ہم اپنے مسافروں اور عملے کی دیکھ بھال کر رہے ہیں اور مسافروں کو اسی شام دوسرے جہازوں کے ذریعے میامی بھیج دیا جائے گا۔

    دوسری جانب اسی روز کوریئر کمپنی فیڈایکس کے ایک جہاز میں فلوریڈا کے شہر فورٹ لاڈرڈیل میں اس وقت آگ لگی جب اترتے وقت جہاز کے لینڈنگ گیئر نے کام کرنے چھوڑ دیا۔

  • ملک بھر کے حساس اور عسکری اداروں پر ہونے والے دہشت گرد حملے

    ملک بھر کے حساس اور عسکری اداروں پر ہونے والے دہشت گرد حملے

    پاکستان میں ایک طویل عرصہ سے جاری دہشت گردی کی لہر نے عام افراد سمیت عسکری اور سیکیورٹی اداروں کو بھی متاثر کیا ہے۔

    پچھلے 10 سالوں میں اس دہشت گردی کے باعث جہاں عام افراد نے ناقابل تلافی جانی نقصان سہا، وہیں مختلف عسکری و حساس اداروں اور مقامات کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا جس میں اب تک سینکڑوں سیکیورٹی اور پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

    یہاں پچھلے 10 سال میں ملک بھر میں ہونے والے دہشت گردی کے بڑے واقعات پیش کیے جارہے ہیں جن کا ہدف عسکری اداروں اور مقامات تھے۔

    چوبیس اکتوبر 2016: کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا جس میں 60 زیر تربیت پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ آپریشن میں 3 حملہ آور بھی مارے گئے۔

    کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے بڑے واقعات *

    اٹھارہ ستمبر 2015: پشاور میں بڈھ بیر ایئر فورس کیمپ پر حملہ ہوا جس میں 30 افراد شہید ہوئے۔ 13 حملہ آور بھی مارے گئے۔

    چھ ستمبر 2014: کراچی میں نیول ڈاکیارڈ پر حملہ ہوا جس میں ایک نیوی اہلکار شہید جبکہ دو حملہ آور مارے گئے۔

    چودہ اگست 2014: پی اے ایف سمنگلی ایئر بیس پر حملہ ہوا جس میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ 11 حملہ آور مارے گئے۔

    آٹھ جون 2014: کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ہوا جس میں 26 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ فوج کی جانب سے کیے جانے والے آپریشن میں 10 حملہ آور مارے گئے۔

    karachi-airport

    چوبیس جولائی 2013: سکھر میں آئی ایس آئی کے دفتر پر حملہ ہوا جس میں 8 آئی ایس آئی اہلکار شہید جبکہ 4 حملہ آور مارے گئے۔

    پندرہ دسمبر 2012: پشاور ایئر پورٹ پر ہونے والے حملہ میں 15 افراد جاں بحق اور 5 حملہ آور ہلاک ہوئے۔

    سولہ اگست 2012: کامرہ ایئر بیس پر ہونے والے حملے میں 2 اہلکار شہید جبکہ 9 حملہ آور ہلاک ہوئے۔

    بائیس مئی 2011: پی این ایس نیول بیس مہران پر حملے میں 18 نیوی اور سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 4 حملہ آور ہلاک ہوئے۔

    دس جولائی 2010: کراچی میں سی آئی ڈی کی بلڈنگ پر حملہ میں 18 اہلکار و عام افراد جاں بحق ہوئے۔

    آٹھ دسمبر 2009: ملتان میں آئی ایس آئی کے دفتر پر حملہ ہوا جس میں 15 اہلکار شہید ہوئے۔

    چار دسمبر 2009: جی ایچ کیو کی پریڈ لین مسجد پر حملہ ہوا جس میں 37 نمازی شہید جبکہ 5 حملہ آور جہنم واصل ہوئے۔

    پندرہ اکتوبر 2009: لاہور میں ایف آئی اے کے دفتر اور مناواں میں پولیس اکیڈمی پر حملہ ہوا۔ دونوں حملوں میں مجموعی طور پر 16 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 8 حملہ آور ہلاک کیے گئے۔

    دس اکتوبر 2009: راولپنڈی میں آرمی کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ میں 10 فوجی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔ 4 حملہ آور بھی مارے گئے۔

    ghq

    سات مئی 2009: لاہور میں آئی ایس آئی کے دفتر پر ہونے والے حملے میں 40 افراد جاں بحق ہوئے۔

    تیس مارچ 2009: لاہور کے علاقہ مناواں میں پولیس ٹریننگ اکیڈمی پر حملہ ہوا جس میں 15 پولیس اہلکار شہید جبکہ 4 حملہ آور ہلاک ہوئے۔

    دس دسمبر 2007: پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ پو ہونے والے حملے میں 7 افراد جاں بحق ہوئے۔

    تیرہ ستمبر 2007: تربیلا غازی ایئر بیس کی آفس میس پر حملہ میں 20 ایس ایس جی کمانڈوز شہید ہوگئے۔

    آٹھ نومبر 2006: خیبر پختونخوا میں درگئی کے علاقے میں ملٹری کیمپ پر ہونے والے حملے میں 42 جوان شہید ہوگئے۔

  • لاہور: ڈاکٹرطاہرالقادری نجی دورے پر لندن روانہ ہوگئے

    لاہور: ڈاکٹرطاہرالقادری نجی دورے پر لندن روانہ ہوگئے

    لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نجی دورے پر غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کے زریعے برآستہ دوحہ لندن روانہ ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاکستان عوامی تحریک کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نجی دورے کے دوران گلاسگو میں تحریک منہاج القرآن کی دو کانفرنسز میں خطاب کریں گے.

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ طاہرالقادری اکتیس جولائی کو اپوزیشن قیادت کے ہونے والے قومی مشاورتی اجلاس میں بھی شرکت اور خطاب کریں گے،اس لیے جلد وطن واپس لوٹ آئیں گے،ڈاکٹر طاہر القادری کے بیٹے حسن نواز بھی ان کے ہمراہ لندن روانہ ہوئے.

    یاد رہے کہ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری ایک ماہ قبل پاکستان آئے تھے،ڈاکٹر طاہرالقادری ماڈل ٹاون کے شہدا کی دوسری برسی کے موقع پر مال روڈ پر احتجاجی دھرنے میں خطاب اور شہر اعتکاف میں شرکت کرنے کے لیے پندرہ جون کو پہنچے تھے.