Tag: ایئر ایمبولینس

  • نجی فضائی کمپنی کا پاکستان میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان

    نجی فضائی کمپنی کا پاکستان میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان

    نجی فضائی کمپنی نے پاکستان میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اجازت دے دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نجی فضائی کمپنی نے پاکستان میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے مذکورہ کمپنی کو فضائی ایمبولینس سروس شروع کرنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔

    نجی کمپنی جدید پائپر سینیکا طیارہ ایئر ایمبولینس سروس کے لیے استعمال کرے گا۔ اس فضائی ایمبولینس سے مریضوں کو ملک کے کسی بھی ایئرپورٹ سے منتقل کیا جا سکے گا۔

    نجی کمپنی کا کہنا ہے کہ ایئر ایمبولینس سروس کے لیے دوسرا طیارہ بھی جلد بیڑے میں شامل کر دیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان کی سب سے بڑی فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کو ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کی اجازت دی تھی۔ا

  • ایئر ایمبولینس ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ، 3 افراد ہلاک

    ایئر ایمبولینس ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ، 3 افراد ہلاک

    ٹوکیو: جاپان میں ایئر ایمبولینس ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاپان میں ایک ایئر ایمبولینس سمندر میں گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 3 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    جاپانی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں کل 6 افراد سوار تھے جن میں سے 3 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثہ نا گا ساکی کے تسوشیما جزیرے سے فکوؤکا شہر جاتے ہوئے رونما ہوا، حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل سوڈان میں فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس میں تمام فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

    فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کا کہنا تھا کہ سوڈانی فوجی طیارہ خرطوم کے قریب تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا،طیارے میں سوار عملے سمیت سوڈانی فوج کے تمام اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

    طیارے میں سوار فوجی اہلکاروں کی اصل تعداد کے حوالے سے کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آئیں۔

    سوڈانی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اینٹونوف طیارہ جس نے خرطوم سے تقریباً 22 کلومیٹر شمال میں وادی سیدنا ایئربیس سے اڑان بھری تھی، روانگی کے فوراً بعد ہی گر گیا۔

    امریکا میں لڑاکا طیارہ سمندر میں گر کر تباہ

    مبینہ طور پر چار افراد کے عملے کے ساتھ طیارہ ایک فوجی مشن پر تھا، جس میں کئی اعلیٰ افسران سوار تھے۔

    عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ طیارہ کم اونچائی پر پرواز کر رہا تھا کہ اچانک گر کر آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا۔

  • ایک اور نجی ایوی ایشن کمپنی  کا پاکستان میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

    ایک اور نجی ایوی ایشن کمپنی کا پاکستان میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

    کراچی : ایک اور نجی ایوی ایشن نے اسکائی ونگز ایئر ایمبولینس سروس متعارف کروا دی، ایئر ایمبولنس طیارہ ’’پائپرسینیکا‘‘کراچی پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے ملک بھر میں ایک مقام سے دوسرے مقام تک مریضوں کی تیزی سے منتقلی کیلئے ہوابازی کی ایوی ایشن کمپنی نے ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز کردیا ہے۔

    ایدھی فاؤنڈیشن کے بعد ایک اور نجی ایوی ایشن کمپنی اسکائی ونگز نے پاکستان میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا

    کمپنی کا ایئر ایمبولینس طیارہ پائپر سینیکا کراچی پہنچ گیا ہے اور اسے مریضوں کو فوری طور پر کسی بھی ایئرپورٹ سے کراچی منتقل کیا جائے گا اور یہ سروس طبی ٹیم کے ساتھ مریضوں کو بروقت طبی امداد حاصل کرنے کے لیے تیزی سے نقل و حمل کے قابل بنائے گی۔

    سی ای اواسکائی ونگز عمران اسلم خان نے بتایا کہ طیارے میں منی آئی سی یو، آکسیجن اور ہنگامی طبی امداد کے طور استعمال ہونے والے آلات بھی نصب ہیں

    سروس کیلئے مزید دو طیارے جلد بیڑے میں شامل کرکے انہیں بھی ایئرایمبولنس سروس کے لیے استعمال کیا جائے گا، طیارےمیں ایک مریض کے ہمراہ طبی ٹیم سفرکرسکے گی۔

    ایئر ایمبولینس سروس ملک بھر میں دستیاب ہوگی، اور جہاں ضرورت ہو وہاں مریضوں کو لے جانے کے لیے طیارے روانہ کیے جائیں گے۔

    اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے شروع کیے گئے ایک ریسکیو سروس نے پاکستان میں پہلی بار ایک مریض کو کامیابی سے منتقل کیا تھا، میانوالی سے تعلق رکھنے والی 40 سالہ خاتون، دو روز قبل چھت سے گرنے کے بعد فالج کا شکار ہوگئی تھی۔

    اس کا ابتدائی طور پر میانوالی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں علاج کیا گیا جہاں سے سرجنز نے اسے مزید علاج کے لیے راولپنڈی ریفر کر دیا۔

    مریض کے اہل خانہ نے مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں منتقلی میں سہولت فراہم کرنے پر "فرشتہ” قرار دیا تھا۔

    خیال رہے پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب میں چند ہفتوں میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار عام شہریوں کو ایئر ایمبولینس کی سہولت ملنے لگی

    پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار عام شہریوں کو ایئر ایمبولینس کی سہولت ملنے لگی

    لاہور : پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ریسکیو ایئر ایمبولینس سے مریض کی کامیاب منتقلی عمل میں لائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جان بچانے کا "گولڈن آور” شروع ہوگیا، جس کے تحت عام شہریوں کو بھی ایئر ایمبولینس کی سہولت ملنے لگی۔

    میانوالی میں چھت سے گرنے والی خاتون کی ایئرایمبولینس کےذریعے بروقت راولپنڈی منتقلی کرکے جان بچائی گئی۔

    چالیس سالہ حلیمہ بی بی چھت سے گرنے کے باعث تشویشناک حالت میں تھی، ڈی ایچ کیو اسپتال میانوالی کے سرجن نے انھیں فوری علاج کے لیے راولپنڈی منتقل کرنے کا کہا تھا۔

    ترجمان ریسکیو کا کہنا تھا کہ میانوالی میں ائیرایمبولینس کی پہلی لینڈنگ ہوئی ، جس میں خاتون مریضہ کو ریسکیو کیا گیا، یہ ٹرائیل بیس آزمائشی سروس تھی، ایئر ایمبولینس کا باقاعدہ افتتاح جلد کیا جائے گا۔

    مریض کے اہل خانہ نے مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں منتقلی میں سہولت فراہم کرنے پر "فرشتہ” قرار دیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی ہدایت کے مطابق پنجاب کی عوام سے کیا ہوا وعدہ پورا کرلیا گیا ہے، میانوالی میں چھت سے گرنے والی خاتون کو راولپنڈی اسپتال پہنچایا گیا۔

    انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ معیاری اور بروقت علاج ہر شہری کا حق ہے اور اسے یقینی بنایا جائے گا۔

  • سعودی عرب: عازمین حج کیلئے ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز

    سعودی عرب: عازمین حج کیلئے ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز

    سعودی عرب میں وزارت حج و دیگر سرکاری اداروں کی جانب سے حج انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جبکہ لاکھوں کی تعداد میں عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق سعودی ہلال احمر اتھارٹی نے مسجد الحرام کے اطراف ٹاورز سے ایئرایمبولینس سروس کا آغاز کردیا ہے۔

    وزیر صحت اور اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین فہد الجلال بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزارت کی جانب سے اُٹھایا جانے والا یہ اقدام حج 2024 کے دوران عازمین کی سیفٹی، ان کی جان بچانے اور صحت خدمات کے حوالے سے مملکت کی تیاریوں کا حصہ ہے۔

    حج کے دوران چلائے جانے والے یہ سروس ایک مربوط صحت نظام کا حصہ ہے جو ہنگامی کال موصول ہونے اور سروس فراہم کرنے سے شروع ہوکر مریض کے خصوصی صحت مرکز تک منتقل کرنے پر ختم ہوتی ہے۔

    ایئرایمبولینس سروس مختلف مقامات پر مریضوں تک تیزی سے پہنچنے، ہنگامی طبی خدمات کی فراہمی، اور مریضوں کو مختصر وقت میں صحت مراکز تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    اتھارٹی کی جانب سے رواں سال حج کے دوران تمام زخمیوں اور مریضوں تک پہنچنے کیلیے مسجد الحرام اور حج مقامات کے قریبی علاقے میں سات ہیلی کاپٹر فراہم کردیئے ہیں۔

    مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے اطراف کے علاقے میں سروس کا آغاز کیا گیا ہے جسے عازمین حج تک پہنچنے کے لیے ایک اسٹریٹجک مقام سمجھا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ مکہ مکرمہ میں پرمٹ کے بغیر کسی کوداخل ہونے کی اجازت نہیں جبکہ مکہ مکرمہ جانے والوں کے پرمٹ کی چیکنگ کا عمل جاری ہے۔

    مکہ مکرمہ میں موٹر سائیکلوں کے داخلے پر پابندی عائد

    انتظامیہ کی جانب سے مکہ مکرمہ شہر کے مرکزی مقامات کے علاوہ منی جانے والے راستوں پر متعدد چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔

  • ایئر ایمبولینس کے لیے استعمال ہونے والے جدید طیاروں کی تصاویر سامنے آ گئیں

    ایئر ایمبولینس کے لیے استعمال ہونے والے جدید طیاروں کی تصاویر سامنے آ گئیں

    کراچی: پنجاب حکومت نے ایئر ایمبولینس سروس کے لیے اسکائی ونگز ایوی ایشن کی خدمات حاصل کر لیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے ایئر ایمبولینس سروس کے سلسلے میں اہم پیش رفت کی ہے، اب صوبے مییں ایئر ایمبولینس سروس کے لیے جدید طیارے استعمال کیے جائیں گے۔

    ایئر ایمبولینس کے لیے استعمال ہونے والے جدید طیاروں کی تصاویر بھی سامنے آ گئی ہیں، جن میں ان طیاروں کے خد وخال دیکھے جا سکتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق اسکائی ونگز نے پنجاب حکومت کے ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کے لیے ٹینڈر کی کامیابی حاصل کی تھی، جس کے لیے 7 کمپنیوں کے درمیان مقابلہ تھا۔

    اسکردو کے لیے پی آئی اے کی پرواز ملتان میں کیوں اتاری گئی؟

    واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں مریضوں کی فوری منتقلی کے لیے ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • سندھ پولیس کے زخمی اہل کار کی ایئر ایمبولینس میں پہلی بار منتقلی، آئی جی سندھ کا بڑا قدم

    سندھ پولیس کے زخمی اہل کار کی ایئر ایمبولینس میں پہلی بار منتقلی، آئی جی سندھ کا بڑا قدم

    کراچی: آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے حکم پر سندھ پولیس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی زخمی اہل کار کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے رحیم یار خان سے کراچی منتقل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایئر ایمبولینس کا استعمال کیا گیا ہے، سر پر گولی لگنے سے زخمی اہل کار کو ایئر ایمبولینس کی سہولت فراہم کی گئی۔

    کشمور میں جرائم پیشہ افراد کی فائرنگ سے سب انسپکٹر نبی بخش زخمی ہوا تھا، ڈاکٹرز نے جان بچانے کے لیے طبی امداد کی اور وینٹی لیٹر کا کہا، پولیس حکام کے مطابق سندھ پولیس نے اس سلسلے میں پہلی بار ایئر ایمبولینس کا استعمال کرتے ہوئے سب انسپکٹر نبی بخش کو رحیم یار خان سے کراچی منتقل کیا۔

    سب انسپکٹر نبی بخش کی حالت اب خطرے سے باہر ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایئر ایمبولینس کا انتظام سندھ حکومت نے کر کے دیا تھا۔

    یاد رہے کہ غلام نبی میمن پہلے ایڈیشنل آئی جی کراچی تھے، جنھوں نے کراچی پولیس کے زخمی ہونے والے اہل کاروں کے لیے کراچی کے نجی اسپتال میں فوری علاج کے احکامات دیے تھے، اور اب وہ پہلے آئی جی بنے ہیں جنھوں نے ایک اہل کار کی جان بچانے کے لیے ایئر ایمبولینس کا انتظام کیا۔

  • عمرشریف کی امریکا منتقلی، ایئر ایمبولینس کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئی

    عمرشریف کی امریکا منتقلی، ایئر ایمبولینس کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئی

    کراچی : معروف کامیڈین عمرشریف کی امریکا منتقلی کیلیے فلپائن سے آنیوالی ایئر ایمبولینس کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئی ، ایئر ایمبولینس عمر شریف کو لیکر امریکا روانہ ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف کامیڈین عمرشریف کو علاج کیلئے امریکا منتقل کرنے کے لئے فلپائن سے آنیوالی ایئر ایمبولینس کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئی ، ایئر ایمبولینس عمر شریف کو لیکر امریکا روانہ ہوگی ، اس حوالے سے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

    سی اے اے نے ائیر ایمبولینس کو لینڈنگ کی خصوصی اجازت دے رکھی ہے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ ایئر ایمبولینس میں کپتان کے ہمراہ 5 کریو کا عملہ بھی پاکستان آئے گا۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے معروف کامیڈین عمر شریف کی بیرون ملک علاج کیلئے روانگی کے معاملے پر ایئرایمبولینس کے لیے رقم امریکی بینک کو منتقل کی گئی تھی۔

    خیال رہے عمرشریف کی بیرون ملک منتقلی کیلئے امریکا کی ایئرایمبولینس نامی کمپنی کی خدمات حاصل کی جارہی ہے جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے عمر شریف کےعلاج کیلئے4کروڑ جاری کئےگئےتھے جبکہ امریکا منتقلی کے لیے 2کروڑ 84لاکھ 98ہزار ادا کئے گئے۔

  • عمر شریف کے لیے ایئر ایمبولینس کی آمد کب تک متوقع ہے؟

    عمر شریف کے لیے ایئر ایمبولینس کی آمد کب تک متوقع ہے؟

    کراچی: شدید علیل اداکار عمر شریف کے بیرون ملک علاج کے لیے روانگی کے لیے ایئر ایمبولینس کی جناح ٹرمینل پر آمد منگل تک متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے معروف کامیڈین اور فلم اداکار عمر شریف کے علاج کی غرض سے امریکا روانگی کے لیے تمام دستاویزات جمع کرائی جا چکی ہیں، جب کہ ایئر ایمبولینس کی آمد منگل تک متوقع ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر ایمبولینس کمپنی کو پیر کی صبح تک ڈالرز میں ادائیگی کر دی جائے گی، عمر شریف کا علاج امریکا کے جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال میں ہوگا۔

    دریں اثنا، ایئر ایمبولینس کی آمد سے قبل سی اے اے سے پیشگی اجازت لی جائے گی، ایئر ایمبولینس کی کراچی سے روانگی کے بعد ری فیولنگ کا شیڈول طے کیا جائے گا۔

    دو دن قبل کامیڈین عمر شریف اور ان کے اہل خانہ کو امریکا کے ویزے جاری کیے گئے تھے، جس پر سندھ حکومت نے امریکی قونصل خانے کا شکریہ ادا کیا، عمر شریف کی خواہش کے مطابق ان کی اہلیہ زریں عمر ساتھ جائیں گی، جب کہ امریکا میں ڈاکٹر طارق شہاب سرجری کے انتظامات کر رہے ہیں۔

    خیال رہے سندھ حکومت نے عمر شریف کے علاج کے لیے 4 کروڑ روپے کی رقم جاری کی ہے، رقم ایئر ایمبولینس اور دیگر اخراجات پر خرچ ہوگی۔

  • عمر شریف کی امریکا منتقلی کے لیے ایئر ایمبولینس کل کراچی پہنچے گی

    عمر شریف کی امریکا منتقلی کے لیے ایئر ایمبولینس کل کراچی پہنچے گی

    کراچی : معروف کامیڈین عمرشریف کی امریکا منتقلی کے لیے ایئر ایمبولینس کل کراچی پہنچے گی ، ایئرایمبولینس میں طبی عملے کے افراد کے علاوہ فیملی کے 2 افراد روانہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف کامیڈین عمرشریف کی امریکا منتقلی کے لیے ایئر ایمبولینس ہفتے کو کراچی پہنچے گی ، اس سلسلے میں ایئرایمبولینس کے اخراجات کے حوالے سے کاغذی کارروائی جاری ہے۔

    ایئرایمبولینس میں طبی عملے کے افراد کے علاوہ فیملی کے دو افراد روانہ ہوں گے۔

    گذشتہ روز معروف کامیڈین عمرشریف اور ان کے اہلخانہ کو امریکا کے ویزے جاری کئے گئے تھے جبکہ ویزےکےلیےعمرشریف کوقونصل خانے آنے سے استثنیٰ دیا گیا تھا۔

    سندھ حکومت نے ویزے جاری کرنے پر امریکی قونصل خانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا برصغیرکے عظیم ترین کامیڈین کی صحت یابی کے لیے دعاگو رہیں گے۔

    عمر شریف کی خواہش کے مطابق اہلیہ زریں عمر ساتھ جائیں گی جبکہ امریکا میں ڈاکٹر طارق شہاب سرجری کے انتظامات کر رہے ہیں۔

    خیال رہے سندھ حکومت نے معروف کامیڈین عمر شریف کے علاج کے لیے 4 کروڑ روپے کی رقم جاری کی ہے، رقم ایئر ایمبولینس اور دیگر اخراجات پر خرچ ہوگی۔