Tag: ایئر بلیو

  • کراچی آنے والے ایئر بلیو پرواز کی اچانک نواب شاہ میں لینڈنگ، مسافروں پر 9 گھنٹے کڑا وقت گزر گیا

    کراچی آنے والے ایئر بلیو پرواز کی اچانک نواب شاہ میں لینڈنگ، مسافروں پر 9 گھنٹے کڑا وقت گزر گیا

    کراچی: لاہور سے کراچی آنے والے ایئر بلیو پرواز کی اچانک نواب شاہ میں لینڈنگ سے مسافروں پر 9 گھنٹے کا کڑا وقت گزر گیا، کولنگ کم ہونے کی وجہ سے مسافروں کو سانس لینے میں بھی دشواری ہوتی رہی۔

    تفصیلات کے مطابق نوابشاہ میں لینڈ کرنے والا ایئر بلیو کا طیارہ نوگھنٹے بعد 186 مسافروں کو لے کر کراچی پہنچ گیا ہے، مسافروں کو بتایا گیا کہ جہاز خراب موسم کے باعث نواب شاہ میں اتارا جا رہا ہے۔

    تاہم، موسم صاف ہونے کے بعد بھی جب طیارے نے اڑان نہیں بھری تو بتایا گیا کہ طیارے کے معائنے کے لیے انجنیئر کو بلوایا گیا ہے، بعد ازاں ایئر بلیو کا ایک اور طیارہ انجنیئر کو لے کر نواب شاہ ایئر پورٹ پہنچا، ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا تھا کہ پرواز پی اے 405 کی روانگی این او سی ملنے کے بعد ہی ہوگی۔

    انجنیئر نے ایئر بلیو کے طیارے کو پرواز کے لیے کلیئر قرار دیا تو تقریباً 9 گھنٹے بعد مسافروں کو کراچی روانہ کر دیا گیا۔

    قبل ازیں، نواب شاہ اترنے کے بعد جہاز میں کولنگ کم ہونے اور سانس لینے میں دشواری کے باعث خواتین اور بچے شدید پریشانی میں مبتلا رہے، 3 گھنٹوں تک مسافروں کو جہاز سے اترنے نہیں دیا گیا، مسافروں کی جانب سے مزاحمت کے بعد ایئر لائن عملے نے جہاز سے انھیں اترنے کی اجازت دی، اور انھیں لاؤنج میں منتقل کر دیا گیا۔

    ایئر بلیو پرواز میں سوار مسافر تنویر آفریدی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم لاہور سے پرواز میں پونے 6 بجے سوار ہوئے تھے، ہمیں خراب موسم کا کہہ کر انھوں نے پرواز کو نواب شاہ میں اتارا، لیکن مبینہ طور پر ری فیولنگ کا تنازع تھا، اور ہمیں خراب موسم کا کہا گیا۔

    مسافر نے بتایا کہ ایئر بلیو عملے نے 3 گھنٹے تک مسافروں کو جہاز میں قید رکھا، تین گھنٹوں تک مسافروں کو سیٹ سے اٹھنے بھی نہیں دیا گیا، مسافروں نے مزاحمت کی تو اے ایس ایف اہل کاروں نے آ کر ہمیں پرواز سے اتارا۔

    تنویر آفریدی نے کہا کہ پرواز میں سوار ایک بزرگ خاتون نے رونا شروع کیا کہ باہر نکالا جائے، جب نکالا گیا ہے تو یہاں چھوٹا سا لاؤنج ہے، کھانے تک کا انتظام نہیں، ہمیں یہ بھی بتایاگیا کہ کراچی سے جہاز آ رہا ہے جس میں ایک انجینئر سوار ہے۔

  • پائلٹس کی ڈگریوں کی تصدیق میں تاخیر: ایئر بلیو پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد

    پائلٹس کی ڈگریوں کی تصدیق میں تاخیر: ایئر بلیو پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد

    کراچی: سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کے کیس میں تصدیق میں تاخیر پر عدالت برہم ہوگئی۔ سپریم کورٹ نے ایئر بلیو پر 50 ہزار روپے جرمانہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پائلٹس کی جعلی ڈگریوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ڈگریوں کی تصدیق میں تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اب تک پائلٹس کی ڈگریوں کی تصدیق کیوں نہیں ہوئی؟ سپریم کورٹ نے ایئر بلیو کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔

    ایئر لائن ایئر بلیو کے مینیجنگ ڈائریکٹر جنید خان عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کے پاس کتنے پائلٹس ہیں۔ جنید خان نے کہا کہ ہمارے پاس 101 پائلٹس سمیت 251 افراد کا عملہ ہے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ غیر ذمے داری کا مظاہرہ ہوا تو ایم ڈی کے خلاف کارروائی کریں گے۔

    ایم ڈی نے کہا کہ وزیر اعظم کو طلب کرنے سے متعلق بریکنگ نیوز چل رہی تھی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ وزیر اعظم سیاسی آدمی ہیں، سیاسی لوگوں کی بریکنگ چلتی رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم کو طلب نہیں کیا۔

    عدالت میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ملازمین کو تنخواہ نہ ملنے سے متعلق کیس کی بھی سماعت ہوئی۔ سماعت میں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیال عدالت میں پیش ہوئے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کی تنخواہ 20 لاکھ سے زیادہ ہوگی، غریبوں کو کیوں تنخواہ نہیں دیتے؟

    چیط جسٹس کے استفسار پر مشرف عسول نے بتایا کہ ہمارے پاس 32 ایئر کرافٹ اور 498 پائلٹ ہیں۔

    ان کےمطابق 369 پائلٹوں کی ڈگریوں کی تصدیق ہوچکی جبکہ 39 پائلٹوں نے ڈگریوں سے متعلق حکم امتناع لے رکھا ہے۔

    چیف جسٹس نے مشرف رسول کو شام 4 بجے تک حتمی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔