Tag: ایئر فرانس

  • طیارہ اڑنے کے 17 منٹ بعد ایسا کیا ہوا کہ مسافروں کے سامنے آکسیجن ماسک آگرے

    طیارہ اڑنے کے 17 منٹ بعد ایسا کیا ہوا کہ مسافروں کے سامنے آکسیجن ماسک آگرے

    پرواز کے دوران طیارے کے مسافروں کی حالت اس وقت ڈر کے مارے خراب ہوگئی جب اچانک لوگوں کے سامنے آکسیجن ماسک آگرے۔

    انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو کلپ زیرگردش ہے جس میں ایئر فرانس کے طیارے کو پریشر سسٹم میں خرابی کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، اس صورتحال میں مسافروں کے اوپر اچانک آکسیجن ماسک گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے دوران جہاز کے اندر ہنگامی طریقہ کار کو فعال کیا گیا اور آکسیجن ماسک مسافروں کے سامنے گرا جس کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا۔

    ہنگامی حالت کے اعلان کے وقت ایئربس اے 318 طیارہ پیرس چارلس ڈی گال ایئرپورٹ سے بارسلونا جا رہا تھا، پائلٹ کو ٹیک آف کے 17 منٹ بعد لینڈ کرنا پڑا۔

    آکسیجن ماسک گرانا ہنگامی لینڈنگ کے طریقہ کار کا حصہ ہے، ایئر فرانس کے عملے کو اس قسم کی صورتحال کو مینوفیکچرر کے طریقہ کار کے مطابق سنبھالنے کے لیے باقاعدگی سے تربیت دی جاتی ہے۔

    خیال رہے کہ دباؤ میں کمی کی صورت میں آکسیجن ماسک خود کار طریقے سے مسافروں کے سامنے آجاتے ہیں تاکہ جہاز میں سوار افراد کو سانس لینے کی سہولت دی جا سکے۔

  • ایئر فرانس  نے بیروت اور تل ابیب کیلئے پروازیں معطل کردیں

    ایئر فرانس نے بیروت اور تل ابیب کیلئے پروازیں معطل کردیں

    فرانسیسی ایئر لائن ایئر فرانس کا کہنا ہے کہ وہ لبنان کے دارالحکومت بیروت اور اسرائیلی شہر تل ابیب کے لیے اپنی پروازوں کو معطل کررہے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایئر فرانس نے دارالحکومت پیرس کے چارلس ڈی گال ایئرپورٹ سے 19 ستمبر تک کے لئے بیروت اور تل ابیب کی پروازوں کو معطل کردیا ہے۔

    گزشتہ روز ایئر لائن کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلہ کررہے ہیں، جس کے بڑھنے کا خدشہ ہے۔

    بیان کے مطابق بیروت اور تل ابیب کے لیے پروازیں معمول پر لانے کا فیصلہ صورتحال کے پیش نظر کیا جائے گا۔

    قبل ازیں لفتھانسا گروپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اُس کے طیارے اسرائیل اور ایران کی فضائی حدود استعمال کرنے سے گریز کریں گے اور وہ تہران اور تل ابیب کے لیے اپنی پروازوں کو معطل کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز حزب اللہ کے زیرِ استعمال پیجرز میں دھماکوں کے بعد خطے میں کشیدہ صورتحال بڑھ رہی ہے۔

    لبنان میں پیجر دھماکوں کی پیشرفت تشویشناک ہے، اقوام متحدہ

    لبنان میں پیجر دھماکوں میں 9افراد جاں بحق جبکہ جنگجوؤں سمیت ہزاروں افراد زخمی ہوگئے تھے، حزب اللہ کی جانب سے ان دھماکوں کے لیے اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کو قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔

  • لینڈنگ سے قبل طیارہ بے قابو، پائلٹ کے چلانے کی آڈیو نے سنسنی پھیلا دی

    لینڈنگ سے قبل طیارہ بے قابو، پائلٹ کے چلانے کی آڈیو نے سنسنی پھیلا دی

    نیویارک سے پیرس جانے والا ایئر فرانس کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کی مدد کے بغیر طیارے کو بحفاظت لینڈ کروایا۔

    نیویارک سے پیرس جانے والی ایئر فرانس کی پرواز بوئنگ 777 کے کاک پٹ آڈیو نے سنسنی پیدا کر دی ہے، اس میں طیارے کے پائلٹ کو اسٹاپ، اسٹاپ چیختے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

    فرانس کے بیورو آف انکوائری اینڈ اینالسس فار سول ایوی ایشن سیفٹی (BEA) نے چارلس ڈی گال ہوائی اڈے پر بوئنگ 777 کی لینڈنگ کو سنگین واقعہ قرار دیا ہے۔ آڈیو کے مطابق ایئر فرانس کا طیارہ بے قابو تھا اور غلط سمت میں گھومتا دکھائی دیا، دوسری کوشش میں طیارہ بحفاظت لینڈ کرگیا تھا۔

    ایئر لائن نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اپنے صارفین سے معذرت کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے۔

    آڈیو کے مطابق پرواز اے ایف 011 کے پائلٹ نے پیرس میں طیارے کی لینڈنگ کے دوران کچھ دیر کے لیے کنٹرول کھو دیا، اس دوران پائلٹ نے کئی بار وارننگ دی اور وہ چیخنے بھی لگے تھے۔

    پائلٹ نے سنگین خطرے کی صورت میں صورتحال پر قابو پانے کی پوری کوشش کی اور تقریباً 1200 فٹ یا 370 میٹر کی کم اونچائی تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔

    ایئر فرانس کا کہنا ہے کہ پائلٹس نے جان بوجھ کر لینڈنگ کا ارادہ تبدیل کیا، اور مکمل موڑ لینے کے بعد، انہوں نے دوسری کوشش میں طیارے کو بحفاظت اتار لیا۔

    بے قابو طیارے کے کاک پٹ اور کنٹرول ٹاور کے درمیان ہونے والی بات چیت بھی اہم خیال کی جارہی ہے جس میں پائلٹ کی تناؤ زدہ آواز سنی جا سکتی ہے۔

    پائلٹ کنٹرول ٹاور کو بتاتا ہے کہ طیارے میں تکنیکی خرابی محسوس ہورہی ہے، کنٹرول ٹاور خاموش رہتا ہے۔ پائلٹ ایک بار پھر کہتا ہے کہ ہم ریڈار کی رہنمائی میں لینڈ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    اس پر ٹاور کہتا ہے کہ لگتا ہے آپ کا طیارہ بھٹک گیا ہے۔ اس کے بعد پائلٹ طیارے کو لینڈ کرنے کی پہلی کوشش چھوڑ دیتا ہے اور ایئرپورٹ کا چکر لگاتا ہے، اس کے بعد پائلٹ نے دوسری کوشش کی اور خوش قسمتی سے طیارہ بحفاظت لینڈ کرگیا۔