Tag: ایئر فورس

  • سعودی عرب کا قومی دن : ایئر فورس کی تیاریاں قابل دید

    سعودی عرب کا قومی دن : ایئر فورس کی تیاریاں قابل دید

    سعودی عرب میں 94 ویں یوم وطنی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، سلوگن کے اعلان کے بعد سعودی رائل ایئر فورس نے طیاروں کو خوبصورت ڈیزائن اور رنگوں سے مزین کردیا۔

    سعودی عرب کا یوم وطنی ہر سال 23 ستمبر کو منایا جاتا ہے، جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے تمام سرکاری اور نجی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ 94 ویں یوم وطنی کے موقع پر جذبہ حب الوطنی کا بھرپور مظاہرہ کریں۔

    اس موقع پر سعودی رائل ایئر فورس مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیں گی، اس کے لیے طیاروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے. طیاروں پر’دام عزک یا وطن‘ (اے وطن تیری شان سلامت رہے) کے جملے کو خوبصورت طریقوں سے لکھا گیا ہے۔

    وزارت دفاع سے جاری بیان کے مطابق رائل سعودی ایئر فورس کے مختلف قسم کے جیٹ طیارے جن میں ٹائیفون، ایف 15 ایس اے اور ٹورنیڈو شامل ہیں مملکت کے مختلف شہروں میں ایئرشو کریں گے۔ توقع ہے ایئر شو کی تاریخوں اور مقامات کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

    قبل ازیں سعودی عرب میں جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی ( جی ای اے) نے 94 ویں یوم وطنی کے سلوگن کا اعلان کیا تھا۔

    رواں سال قومی دن ’ہم خواب دیکھتے ہیں اوراسے حقیقت بناتے ہیں‘ کے سلوگن کے تحت منایا جائے گا۔ گزشتہ برس بھی یوم وطنی اسی تھیم کے تحت منایا گیا تھا، اس سال بھی اسی کو برقرار رکھا گیا ہے۔

    اس سلوگن میں ’نحلم ونحق‘ تحریر کیا گیا ہے، جس کا مطلب ہے ہم خواب دیکھتے ہیں اور اسے حقیقت بناتے ہیں، ہے۔ اس سلوگن کو سعودی عرب کے نقشے کی شکل دی گئی ہے جبکہ سبز رنگ قومی پرچم کی علامت ہے۔

  • پاک افواج کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے: صدر مملکت

    پاک افواج کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے: صدر مملکت

    رسالپور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رسالپور میں پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی۔ صدر عارف علوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    صدر عارف علوی کی آمد پر سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مجاہد انور خان نے ان کا استقبال کیا۔

    پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ تقریب میں شرکت باعث فخر ہے، تربیت کسی بھی کیڈٹ کی زندگی کا اہم حصہ ہے۔

    صدر نے کہا کہ کامیاب ہونے والے کیڈٹس کو مبارک باد دیتا ہوں۔ یاد رکھیں قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کے لیے آپ پر ذمہ داری ہے، آپ قائد کی فکر کے مطابق معیاری پاک فضائیہ کا حصہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاک افواج کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پاکستان کی طرف کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، ارض پاکستان کی حفاظت پر معمور مسلح افواج کے بیٹے ہر وقت تیار ہیں۔ پاکستان امن کا خواہش مند ہے اور ہمسایوں سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت مسلح افواج کی ضروریات پورا کرنے کے لیے کوشاں ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ نے کلیدی کردار ادا کیا۔ قوم اور افواج کی کوششوں سے دہشت گردوں کو شکست دے چکے ہیں۔

    پریڈ میں 140 جی ڈی پائلٹ، 86 انجینئرنگ کیڈٹ، 96 ایئر ڈیفنس اور 21 ایڈمن کورس کے کیڈٹ شامل تھے۔

  • پاک فضائیہ کے 3 افسران کی ایئر مارشل کے عہدے پر ترقی

    پاک فضائیہ کے 3 افسران کی ایئر مارشل کے عہدے پر ترقی

    اسلام آباد: حکومت نے پاک فضائیہ کے 3 افسران کو ایئر مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی۔

    ایئر مارشل سید نعمان علی

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے ایئر وائس مارشل سید نعمان علی، ایئر وائس مارشل ظہیر احمد بابر اور ایئر وائس مارشل جواد سعید کو ایئر مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی۔

    ایئر مارشل سید نعمان علی نے اپریل 1986 میں پاکستان ایئر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔

    ایئر مارشل سید نعمان علی ایک تربیت یافتہ فلائنگ انسٹرکٹر ہیں۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے کمبیٹ کمانڈر اسکول اور آپریشنل ایئر بیس کی کمانڈ کی۔

    ایئر مارشل سید نعمان علی ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ڈائریکٹر آپریشنز، پرسنل اسٹاف آفیسر ٹو چیف آف ایئر اسٹاف، انسپکٹر جنرل ایئر فورس، ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف (آپریشنز) اور چیف پراجیکٹ ڈائریکٹر جے ایف 17 کے طور پر بھی تعینات رہے ہیں۔

    ایئر مارشل سید نعمان علی کمبیٹ کمانڈر اسکول، ایئر وار کالج، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور ایئر وار کالج امریکہ سے فارغ التحصیل ہیں۔ پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

    ایئر مارشل ظہیراحمد بابر

    ایئر مارشل ظہیراحمد بابر نے اپریل 1986 میں پاکستان ایئر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔

    اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے فائٹر سکواڈرن، آپریشنل ایئر بیس اور ریجنل ایئر کمانڈ کی کمان کی۔

    وہ ایئر ہیڈ کوارٹرز میں اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف (آپریشن ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ )، اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف (ٹریننگ آفیسرز) اور ڈائریکٹر جنرل پراجیکٹس تعینات رہے۔

    اس کے علاوہ وہ وزارت دفاع میں ایڈیشنل سیکریٹری کے طور پر بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ ایئر مارشل ظہیراحمد بابر کمبیٹ کمانڈر اسکول، ایئر وار کالج اور برطانیہ کے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز سے فارغ التحصیل ہیں۔

    پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

    ایئر مارشل جواد سعید

    ایئر مارشل جواد سعید نے بھی نومبر 1986 میں پاکستان ایئر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔

    اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے فائٹر سکواڈرن، فائٹر ونگ، آپریشنل ایئر بیس اور ریجنل ایئر کمانڈ کی کمان کی۔ وہ ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف (آپریشنز) اور ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف (آپریشنز) بھی تعینات رہے ہیں۔

    ایئر مارشل جواد سعید کمبیٹ کمانڈر اسکول، ایئر وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔ انہیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی: امداد کے لیے فضائیہ کا سی ون تھرٹی طیارہ اور دو ہیلی کاپٹر مختص

    کراچی: امداد کے لیے فضائیہ کا سی ون تھرٹی طیارہ اور دو ہیلی کاپٹر مختص

    کراچی: شہر قائد اور سندھ بھر میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے سبب کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے پاک فضائیہ نے ایک C-130 طیارہ اور دو ہیلی کاپٹرز حکومتِ سندھ کے لیے مختص کر دئیے.

    پاک فضائیہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کی خصوصی ہدایت پر بارش کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے کراچی اور سندھ بھر کے لیے پاک فضائیہ کا سی ون تھرٹی طیارہ اور دو ہیلی کاپٹرز امدادی کاموں کی مد میں سندھ حکومت کے لیے مختص کردیے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ کا طیارہ اور ہیلی کاپٹرز حکومتِ سندھ کے ساتھ مل کر امدادی کاروائیوں میں حصہ لیں گے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔