Tag: ایئر لائن

  • چین نے اپنی ایئر لائنز کو بڑا حکم دے دیا

    چین نے اپنی ایئر لائنز کو بڑا حکم دے دیا

    چین اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی جنگ میں آئے روز مزید اضافہ ہورہا ہے، چین نے اپنی ایئر لائنز کو حکم دیا ہے کہ وہ بوئنگ طیاروں کی مزید درآمد روک دیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین نے یہ اقدام امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی اشیا پر 145 فیصد ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد کیا ہے۔

    چینی ایئر لائنز کو یہ بھی حکم دیا گیا ہے کہ وہ امریکی کمپنیوں سے آلات اور اسپئر پارٹس کی خریداری نہ کریں۔

    چین کی تین بڑی ایئر لائنز ایئر چائنا، چائنا ایسٹرن ایئرلائنز اور چائنا سدرن ایئر لائنز نے 2025 سے 2027 تک بالترتیب 45، 53 اور 81 بوئنگ طیاروں کی ڈیلیوری کا منصوبہ بنایا تھا۔

    جبکہ ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ چین سے ڈیل کرنے کے لیے تیار ہیں، چین ڈیل کے لیے تیار ہے یا نہیں بال چین کی کورٹ میں ہے۔

    اس سے قبل چین اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی جنگ کے دوروان اپنے پہلے خطاب میں چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین کی ترقی خود انحصاری اور محنت پر منحصر ہے اور چینی قوم کسی بھی غیر منصفانہ دباؤ سے خوف زدہ نہیں ہے۔

    چینی صدر کا کہنا تھا کہ چین بلیک میل نہیں ہوگا، تجارتی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوتا اور دنیا کے خلاف جانا خود کو تنہا کرنے کا باعث بنے گا۔

    امریکا کا چین کو تنہا کرنے کے لیے بڑا اقدام

    چینی صدر نے کہا کہ بیرونی ماحول کچھ بھی ہو مگر چین پراعتماد رہے گا، اور فوکس اور توجہ کے ساتھ اپنے معاملات کی اچھی طرح دیکھ بھال کرے گا۔

  • اسرائیل کے لئے پروازیں، امریکی ایئر لائن کمپنیوں کا بڑا فیصلہ

    اسرائیل کے لئے پروازیں، امریکی ایئر لائن کمپنیوں کا بڑا فیصلہ

    واشنگٹن: ایران اور دیگر مزاحمتی گروپوں کی جانب سے اسرائیل پر ممکنہ حملے کے باعث امریکی ائیر لائن کمپنیوں نے اسرائیل کے لیے پہلے سے معطل پروازوں کی تاریخ میں مزید توسیع کردی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے لیے پہلے سے معطل شدہ پروازوں کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے امریکا کی ڈیلٹا ائیر لائن کمپنی نے اسے 31 اکتوبر تک بڑھا دیا ہے جب کہ امریکنز ائیرلائن کمپنی نے بھی اگلے سال 29 مارچ تک اسرائیل کے لیے کوئی پرواز نا بھیجنے کا اعلان کردیا ہے۔

    امریکا کے علاوہ بھی مختلف ممالک کی ائیرلائن کمپنیاں اسرائیل کے لیے اپنی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کرچکی ہیں جن میں جرمنی کی لفتھانسا ائیرلائن، بیلجیئم کی برسلز ائیرلائن، بھارت کی ائیر انڈیا، اٹلی کی آئی ٹی اے ائیر ویز،سوئٹزرلینڈ کی سوئس ائیر لائن اور امریکا کی یونائیٹڈ ائیرلائنز شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ایران میں شہادت اور حزب اللہ کمانڈر فواد شکر کی لبنان میں اسرائیلی حملے میں شہادت کے بعد ایران، حزب اللہ اور دیگر مزاحمتی تنظیموں نے اسرائیل کو سبق سکھانے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔

    دوسری جانب اسرائیلی بمباری کے جواب میں مقبوضہ بولان میں حزب اللہ نے اسرائیلی فوجی بیرکس پر پچاس راکٹ داغ دیئے۔

    رپورٹ کے مطابق لبنانی تنطیم حزب اللہ کا کہنا ہے حملے میں براہِ راست فوجی بیرکس کو نشانہ بنایاگیا ہے، اسرائیل نے جنوبی لبنان میں اسلحہ ڈپو پر حملہ کیا تھا۔

    انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ سے واپس امریکا روانہ، جانے سے قبل کیا کہا؟

    اسرائیل پر ممکنہ ایرانی حملے کے خطرات کے پیشِ نظر امریکا کا دوسرا طیارہ بردار یو ایس ایس ابراہم لنکن بھی مشرقِ وسطی پہنچ گیا، امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ پہلے ہی میں موجود

  • سعودی ایئر لائن نے امارات کے لیے پروازوں میں اضافہ کردیا

    سعودی ایئر لائن نے امارات کے لیے پروازوں میں اضافہ کردیا

    ریاض: سعودی عرب کی بجٹ ایئر لائن فلائی ادیل نے متحدہ عرب امارات کے لیے اپنی پروازوں میں اضافہ کردیا۔

    اردو نیوز کے مطابق ریاض اور دبئی کے درمیان بڑھتی ہوئی سفری طلب کو پورا کرنے کے لیے فلائی ادیل کے تحت امارات کے لیے روزانہ پروازیں بڑھائی جائیں گی۔

    مملکت کی کم لاگت والی ایئر لائن نے کنگ خالد اور دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان چلنے والی پروازوں کی مجموعی تعداد کو بڑھا کر روزانہ پانچ کر دیا ہے جبکہ اس کی اوسط ہفتہ وار تعداد 33 ہے۔

    فلائی ادیل کے سی ای او کون کورفیاتس کا کہنا ہے کہ ریاض اور دبئی کے درمیان نئی پروازیں کمپنی کی حکمت عملی کا حصہ ہیں تاکہ اپنے نیٹ ورک کو وسیع اور متحدہ عرب امارات کی مارکیٹ میں اپنی پوزیشن کو مضبوط کیا جا سکے۔

    اس اقدام سے مملکت کے ٹریول سیکٹر کو دنیا بھر میں مزید بین الاقوامی ڈیسٹینیشنز سے منسلک کر کے سیاحوں اور مہمانوں کو معیاری خدمات پیش کر کے فروغ حاصل ہوتا ہے۔

    ایس پی اے کے مطابق فلائی ادیل نے جون تک 36 ملکی اور بین الاقوامی ڈیسٹینیشنز میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔

    گزشتہ سال جون میں ایئر لائن نے اردن میں عمان، جارجیا کے تبلیسی، آذر بائیجان کے باکو، مصر میں شرم الشیخ اور خرطوم سے منسلک ہو کر اپنے آپریشنز کا دائرہ وسیع کیا تھا۔

    خیال رہے کہ کم لاگت والی ایئر لائن نیٹ ورک میں 24 مقامی اور بین الاقوامی روٹس ہیں۔

    فلائی ادیل کے سی ای او کے مطابق ایئر لائن کے پاس 24 ایئر بسز 320 طیاروں کا ایک بیڑا ہے، ایئر لائن نے 5 سالوں سے بھی کم عرصے میں 15 ملین مسافروں تک رسائی حاصل کی جو کہ ڈومیسٹک ایوی ایشن کے شعبے میں ایک بڑی کامیابی تھی۔

  • اسلام آباد :  برٹش ایئرویز کی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : برٹش ایئرویز کی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ

    کراچی : برٹش ایئرویز نے آپریشنل وجوہات کی بنیاد پر15جون سے30جون2022 تک اسلام آباد کے لیے پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    برٹش ایئرویز کے اسٹیشن منیجر نے منیجر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو آگاہ کیا کہ اسلام آباد کے لیے پروازیں 15 جون تک جاری رہیں گی۔

    اس حوالے سے ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ پروازوں کی معطلی صرف برٹش ایئرویز کی آپریشنل وجوہات کی بنا پر ہے۔

    ترجمان کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث برٹش ایئرویز کی پروازیں معطل کرنے سے متعلق سوشل میڈیا میں گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔

    پی سی اے اے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایوی ایشن فیول فراہم کرنے والے سے بھی رپورٹ لی ہے جس نے تصدیق کی ہے کہ ایندھن کی کوئی کمی نہیں ہے اور فیول اسٹوریج ٹینک فل ہیں۔

    برٹش ایئرویز جلد ہی اس حوالے سے وضاحت جاری کرے گی، اسلام آباد میں برٹش ایئرویز کی مقامی انتظامیہ منیجر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ساتھ رابطہ میں ہے۔

  • سعودی ایئر لائن کا بڑا اعلان

    سعودی ایئر لائن کا بڑا اعلان

    ریاض: سعودی عرب کی ایئر لائن السعودیہ نے کل سے جدہ اور ریاض سے قطر کے دارالحکومت دوحہ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا، قطر کے ساتھ تمام بری اور بحری سرحدیں پہلے ہی کھولی جاچکی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عربین ایئر لائن (السعودیہ) نے پیر 11 جنوری سے جدہ اور ریاض سے قطر کے دارالحکومت دوحہ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    السعودیہ نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر کیے گئے ایک ٹویٹ میں کہا کہ دوحہ کے لیے پروازوں کی بکنگ اوپن ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی حکومت نے قطر کے ساتھ تمام بری، بحری اور فضائی سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سلوی چوکی کو بھی آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

    سعودی حکام نے کہا تھا کہ قطری مسافروں کی سعودی عرب آمد کے لیے پی سی آر سرٹیفکیٹ، 3 روزہ ہاؤس آئسولیشن یا 7 روزہ ہاؤس آئسولیشن کی پابندی ضروری ہوگی۔

    پی سی آر ٹیسٹ منفی ہونے کی صورت میں ہی قطری باشندوں کو سعودی عرب آنے کی اجازت دی جائے گی، سعودی وزارت صحت نے قطر سے ملنے والی سرحدی چیک پوسٹ سلوی پر میڈیکل عملہ تعینات کردیا ہے۔

    قطر ایئر ویز نے بھی پیر 11 جنوری سے سعودی عرب کے لیے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    قطر ایئر ویز نے ٹویٹ کیا ہے کہ پیر 11 جنوری سے ریاض کے لیے پروازیں بحال ہوں گی، اس کے بعد جمعرات 14 جنوری کو جدہ اور سنیچر 16 جنوری کو دمام کے لیے پروازیں شروع ہوں گی۔

    ریاض اور دمام سے روزانہ جبکہ جدہ سے ہفتے میں 4 پروازیں چلائی جائیں گی۔

  • بھارت کی سرکاری ایئر لائن کو اربوں روپے کا نقصان

    بھارت کی سرکاری ایئر لائن کو اربوں روپے کا نقصان

    نئی دہلی: بھارت کی سرکاری ایئر لائن ایئر انڈیا کو کرونا وائرس وبا کے دوران اربوں رپے کا نقصان ہوگیا، بھارت میں کرونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی پروازوں پر مکمل پابندی رہی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق شہری ہوا بازی کے وزیر ہردیپ سنگھ اور ایئر انڈیا کے چیئرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر راجیو بنسل نے پریس کانفرنس کی، پریس کانفرنس کے دوران راجیو بنسل نے بتایا کہ مالی برس 20-2019 کے لیے ایئر انڈیا اور اس کی پانچ ذیلی تنظیموں کے اکاؤنٹس کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

    راجیو کے مطابق گزشتہ برس 3 ہزار 600 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، یہ اس سے ایک برس کی نسبت کم ہے۔

    ایئر انڈیا پر پہلے ہی ہزاروں کروڑوں روپے واجب الادا ہیں، ایئر انڈیا اور اس کی دو معاون کمپنیوں میں ایئر انڈیا کی پوری حصہ داری جلد فروخت کردی جائے گی۔

    بنسل کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے دوران پروازوں پر مکمل پابندی کے بعد مسافروں کی تعداد میں بتدریج اضافے کے ساتھ سرکاری ایئر لائنز کی مالی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے۔

    انہوں نے کوئی ڈیٹا شیئر نہیں کیا تاہم انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے دوسری سہ ماہی پہلی سہ ماہی سے بہتر تھی جبکہ تیسری سہ ماہی دوسری سے بہتر رہی۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ایئر انڈیا گروپ وندے بھارت مشن کے تحت اب تک 6 ہزار 250 سے زائد پروازیں چلا چکا ہے۔ ان میں سے 10 لاکھ مسافر وطن آئے جبکہ ساڑھے 6 لاکھ مسافر بیرون ملک کے لیے روانہ ہوئے۔

  • دوران پرواز خاتون نے بچے کو جنم دیدیا

    دوران پرواز خاتون نے بچے کو جنم دیدیا

    ریاض: دوران پرواز سعودی خاتون نے بچے کو جنم دے دیا، خوش قسمتی سے جہاز پر اس وقت ایک لیڈی ڈاکٹر اور نرس بھی موجود تھیں جن کی وجہ سے زچگی کا معاملہ احسن انداز میں مکمل ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق السعودیہ ایئر کی پرواز sv 1228 سعودی عرب کی شمالی کمشنری عرعر سے ریاض کے لیے روانہ ہوئی، فلائٹ کی روانگی سے قبل جہاز کے عملے اور گراؤنڈ کنٹرول کو اس امر کی اطلاع نہیں تھی کہ فلائٹ پر مسافرخواتین میں ایک حاملہ بھی سفر کر رہی ہیں جن کے یہاں کسی بھی وقت ولادت متوقع ہے ۔

    فلائٹ اپنے وقت مقررہ پر روانہ ہوئی ابھی جہاز کو فضا میں سفر کرتے ہوئے ایک گھنٹہ ہی ہوا تھا کہ ایک مسافر خاتون کو درد زاہ ہوا جس پر عملے کو اس کی اطلاع دی گئی۔

    جہاز کا عملہ اس اطلاع سے سخت پریشان ہو گیا کیونکہ فلائٹ پر ایسا کوئی انتظام نہیں تھا جس کے تحت زچگی کے معاملے کو نمٹایا جاسکے۔ کیپٹن نے مسافروں سے التماس کی کہ اگر کوئی لیڈی ڈاکٹر یا طبی عملہ فلائٹ پر موجود ہو تو وہ عملے سے رجوع کرے۔

    کیپٹن کا اعلان سنتے ہی جہاز میں موجود ایک لیڈی ڈاکٹرنے فوری طور پر اپنی خدمات مہیا کر دیں، جہاز کے عملے نے زچہ خاتون کو جہاز کے عقبی حصہ میں منتقل کیا جہاں لیڈی ڈاکٹر اور نرس کی معاونت سے خاتون نے صحت مند بچے کو جنم دیا۔

  • جب روسی ایئر لائن نے عملے کی فربہ خواتین کی تنخواہیں کم کرنے کی کوشش کی

    جب روسی ایئر لائن نے عملے کی فربہ خواتین کی تنخواہیں کم کرنے کی کوشش کی

    ماسکو: روسی ایئر لائن ایرو فلوٹ نے طیارے پر متعین عملے کے فربہ افراد کی تنخواہیں کاٹنے کا فیصلہ کیا، اور اس وقت ایئر لائن انتظامیہ کے ہوش ٹھکانے آگئے جب مسافروں کی دیکھ بھال پر معمور خاتون اسٹیورڈ عدالت جا پہنچی۔

    روس کی قومی ایئر لائن ایرو فلوٹ اپنے فضائی میزبانوں کو نہایت دیدہ زیب اور متاثر کن انداز میں پیش کرنا چاہتی تھی اور اس کے لیے نئے اور خوبصورت لباس بنوانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    تاہم اس وقت یہ فیصلہ تنازعے کا شکار ہوگیا جب انتظامیہ نے فربہ اور موٹے لوگوں کی تنخواہیں اس بات سے مشروط کردیں کہ وہ اپنا وزن کم کریں بصورت دیگر ان کے ڈھیلے لباسوں کی وجہ سے ان کی تنخواہوں میں کٹوتی کردی جائے گی۔

    اس سے قبل ایئر لائن انتظامیہ کیبن کریو کے لیے بہت زیادہ ڈھیلے لباس تیار کرنے پر ویسے ہی پابندی عائد کرچکی تھی۔

    مزید پڑھیں: ہوائی جہاز کے بارے میں 8 حیرت انگیز حقائق

    بعد ازاں روسی زبان میں ایسے فضائی اسٹاف کو ایس ٹی ایس کے نام سے بھی جانا جانے لگا جس کا مطلب تھا، ’بوڑھے، موٹے اور بدصورت‘۔

    تاہم مذکورہ خاتون اسٹیورڈ ایونجینا نے انتظامیہ کی اس پالیسی کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا۔

    ایونجنا کا کہنا تھا، ’ایرو فلوٹ کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا کہ خاتون اسٹیورڈ کی ترقی کا دارو مدار اس کی جسامت پر ہوگا۔ یہ فیصلہ بہت ہی احمقانہ اور صدمہ پہنچانے والا تھا‘۔

    ایونجنا کا کہنا تھا کہ اسٹیورڈ کا کام ہوتا ہے کسی ہنگامی صورتحال میں مسافروں کی جان بچانا۔ اس کام کو آپ کسی کی خوبصورت یا اس کے کپڑوں کے سائز سے کیسے منسلک کر سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا، ’یہ تو ایسا ہی ہے جیسے آپ کسی ڈاکٹر کو اپنی بیماری کا علاج کرنے کے لیے اس لیے منتخب کریں کہ وہ خوبصورت ہے، یا کسی جج کی قابلیت کی جانچ اس کے لباس کے سائز سے کی جائے۔ یہ ایک بہت ہی احمقانہ بات ہے‘۔

    عدالت میں کیس دائر ہونے کے بعد ایرو فلوٹ کے وکیل نے اس فیصلے کے خلاف دلیل پیش کی کہ بھاری جسامت اور فربہ عملے کے افراد کی وجہ سے اتنظامہ اس بات کی پابند ہوتی ہے کہ وہ طیارے میں اضافی ایندھن بھروائے‘۔

    تاہم وکیل صفائی کی یہ دلیل کسی کام نہ آئی، عدالت نے فیصلے کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے اسے یکسر مسترد کردیا اور ایئر لائن انتظامیہ کو ملازمین کو ان کی جائز تنخواہیں ادا کرنے کا حکم دے دیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔