Tag: ایئر مارشل ارشد ملک

  • ‘وفاقی وزیر کے بیان کے بعد پی آئی اے کے نقصان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو سکی’

    ‘وفاقی وزیر کے بیان کے بعد پی آئی اے کے نقصان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو سکی’

    لاہور: قومی ایئر لائن کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر ہوا بازی کے بیان کے بعد پی آئی اے کے نقصان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔

    سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غیر ملکی پروازوں پر پابندی کے جلد خاتمے کا امکان ظاہر کیا، اور کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے باعث کرایوں میں اضافے کا امکان ہے۔

    انھوں نے کہا منسٹر ایوی ایشن کے بیان کے بعد پی آئی اے کے نقصان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو سکی ہے، پائلٹس کے جعلی ڈگری کے مسئلے پر دنیا کے کئی ممالک نے ہم پر پابندی عائد کر دی تھی۔

    انھوں نے کہا جس ادارے نے پائلٹ کی جعلی ڈگری کے حوالے سے رپورٹ دی تھی اس جعلی رپورٹ بنانے والوں کے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

    ارشد ملک نے کہا قومی ایئر لائن اب نئے روٹس تلاش کر کے خسارے کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک روٹس کو بڑھایا جا رہا ہے، پی آئی اے میں نئے طیاروں سمیت اصلاحات کا عمل بھی جاری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشل آڈیٹر مارچ کے آخر تک اپنا آڈٹ مکمل کر لیں گے، امید ہے کہ آڈٹ مکمل ہونے کے بعد یورپی یونین پروازوں پر لگائی جانے والی پابندی ختم ہو جائے گی۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ باکو اور آسٹریلیا کے لیے آپریشن شروع کرنے جا رہے ہیں، اور چار نئے طیارے ڈرائی لیز پر پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہو رہے ہیں۔

  • کراچی طیارہ حادثہ: پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کی طلبی

    کراچی طیارہ حادثہ: پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کی طلبی

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن نے گزشتہ برس ہونے والے کراچی طیارہ حادثے پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈی جی سول ایوی ایشن نے بتایا کہ سوات کا فضائی آپریشن بند کر دیا کیونکہ ایک پرواز میں صرف 6 مسافروں نے سفر کیا۔

    سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے ہیلی کاپٹر کی سہولت کیوں فراہم نہیں کر رہے جس پرڈی جی نے بتایا کہ سیاحوں کے لیے ہیلی کاپٹر سروس کا پراسس پائپ لائن میں ہے۔

    سینیٹر افنان اللہ نے دریافت کیا کہ پائلٹس کی جعلی لائسنسنگ کے معاملے پر کیا ہوا؟ جس پر ڈی جی نے بتایا کہ 262 میں سے صرف 82 پائلٹس کے لائسنس جعلی نکلے۔ سینیٹر عون عباس نے کہا کہ لائسنس جعلی تھے تو ملوث افراد پر 302 کے تحت مقدمہ درج ہونا چاہیئے، کیا موجودہ وزیر سے قبل کسی کو جعلی لائسنسز کا پتہ نہیں تھا؟

    اجلاس میں کراچی طیارہ حادثے پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا گیا۔

    سیکریٹری سول ایوی ایشن نے بتایا کہ پی آئی اے پر 455 ارب کے قرضے واجب الادا ہیں، کوشش ہے پی آئی اے کو 2 حصوں میں تقسیم کر لیا جائے۔ کابینہ کو ری اسٹرکچرنگ پلان بھجوایا گیا ہے۔

  • پی آئی اے کا عالمی ماہرین پر مشتمل بزنس پلان، مزید ممالک کے لیے پروازوں کی خوش خبری

    پی آئی اے کا عالمی ماہرین پر مشتمل بزنس پلان، مزید ممالک کے لیے پروازوں کی خوش خبری

    کراچی: قومی ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ پی آئی اے عالمی ماہرین پر مشتمل بزنس پلان تیار کر رہی ہے جس سے ادارے کو دنیا بھر میں کامیابی حاصل ہوگی۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ملک کا کہنا تھا کہ قومی ایئر لائن کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ ادارے کو چیلنجز کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود ایئر لائن کی معاشی صورت حال بہتر بنانے کے لیے مختلف غیر ملکی سیکٹرز پر پروازوں کا آغاز اور تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا پی آئی اے عالمی ماہرین پر مشتمل بزنس پلان تیار کر رہی ہے جس سے پی آئی اے کو دنیا بھر میں کامیابی حاصل ہوگی۔

    لاہور سے اسلام آباد جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر

    ایئر مارشل کا کہنا تھا کرونا وبا کی وجہ سے پی آئی اے سمیت ایوی ایشن کی صنعت بری طرح متاثر ہوئی ہے، کرونا سے ہونے والے مالی نقصان اور آئندہ کے بچاؤ کے لیے وزیر اعظم سے ایوی ایشن پالیسی کو متوازن بنانے کی درخواست کی ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ پی آئی اے کی تاشقند باکو کے لیے ہفتہ وار 2 پروازیں شروع کی جا رہی ہیں، بشکک کے لیے چارٹر اور کمرشل پروازیں جلد شروع کی جائیں گی جب کہ کابل کے لیے ہفتہ وار 5 پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں۔

    چیف ایگزیکٹو نے کہا نئے سیکٹرز کے لیے 8 طیاروں کا ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے، اے ٹی آر طیاروں کے حوالے سے غیر منافع بخش معاہدے کو وقت سے قبل ختم کرنے کے بعد اے ٹی آر واپسی کا آغاز کر دیا ہے۔

  • پی آئی اے سربراہ کا یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کے لیے اہم قدم

    پی آئی اے سربراہ کا یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کے لیے اہم قدم

    کراچی: قومی ایئر لائن کے سی ای او ارشد ملک نے یورپ کے لیے متبادل ذرایع سے فلائٹ آپریشن کی بحالی کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ترکی کا ایک روزہ دورہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے ترکی کا ایک روزہ دورہ کیا ہے، یہ دورہ متبادل ذرایع سے یورپ کا فلائٹ آپریشن بحال کرانے کے لیے ہے۔

    سی ای او پی آئی اے نے دورے کے دوران ٹرکش ایئر لائن کے سی ای او بلال اکشی اور چیرمین الکر آئچی سے ملاقاتیں کیں، جن میں ‎پی آئی اے اور ٹرکش ایئر لائن کے مابین جاری کوڈ شیئرنگ معاہدے کو وسعت دینے پر اصولی اتفاق کیا گیا۔

    ملاقاتوں میں ‎ٹرکش ایئر لائن کی جانب سے پی آئی اے کے ساتھ کارگو اشتراک کے لیے بھی درخواست کی گئی۔

    ‎سی ای او ارشد ملک نے نئے استنبول ایئر پورٹ کا بھی دورہ کیا اور ایئر پورٹ انتظامیہ سے بات چیت کی، اس موقع پر بڑی اسکرینوں پر پی آئی اے سربراہ کو پاکستان اور ترکی کے پرچموں کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ کے ساتھ بات چیت میں ارشد ملک نے ‎پی آئی اے کے استنبول کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے اور دیگر انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

  • ’’طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد شہید ہیں، فرنٹ لائن مجاہد کھودئیے‘‘

    ’’طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد شہید ہیں، فرنٹ لائن مجاہد کھودئیے‘‘

    کراچی: سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک کاکہنا ہے کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد شہید ہیں، میں نے اپنے فرنٹ لائن مجاہد کھو دئیے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سی ای او ارشد ملک نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرے کیبن کریو نے قربانیاں دیں، شہید اب واپس نہیں آسکتے، ان کےگھروں میں کہرام ہے۔

    انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے، کورکمانڈر، گورنر سب میرےساتھ ہیں، شہدا کےلواحقین کےغم میں برابر کے شریک ہیں، پی آئی اےکے پائلٹ ہراول دستہ ہیں۔

    ارشد ملک نے کہا کہ جہازکی تمام سرٹیفکیشن مکمل تھی کوئی چیزمسنگ نہیں تھی، سانحہ کیسے ہوا اس کا ایک ہی مستند اصول انکوائری ہے، جہازتکنیکی لحاظ سے پوری طرح کلیئرڈ تھا کوئی خرابی نہیں تھی۔

    مزید پڑھیں: پی آئی اے کا طیارہ گر کر تباہ، جاں‌ بحق افراد کی تعداد 39 ہوگئی، 2 مسافرمعجزانہ طور پر بچ گئے

    سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ میرےشہری شہید ہوئےہیں لہٰذا ایک شفاف انکوائری ہوگی، متاثرین کوشفاف معلومات دی جائیں گی، ہم نےایئرپورٹ ہوٹلز کوخالی کرالیا ہےتاکہ لواحقین رہ سکیں۔

    انہوں نے کہا کہ آپریشن مکمل کرنےمیں 2سے 3 دن لگیں گے، عوام سےدرخواست ہے فتنہ پھیلانے والےخود ساختہ ماہرین سے دور رہیں۔

    ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ 19 شہدا جناح اسپتال اور22 شہدا کی میتیں دیگراسپتالوں میں ہیں، پائلٹ نے لینڈنگ کی کوشش کی لینڈنگ گیئرنہیں کھلے، پائلٹ نےدوبارہ لیڈنگ کی کوشش کی جس دوران طیارہ کریش ہوا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ظفرمسعود کےعلاوہ بچ جانے والوں سے متعلق تفصیلات ابھی موجود نہیں، پاکستان میں عالمی سطح پرسرٹیفائیڈ لوگ واقعے کی تحقیقات کرینگے، عالمی سطح کی تحقیقات کرائیں گے تاکہ شفاف معلومات سامنے آئے۔

  • ایئر مارشل ارشد ملک کو بطور سی ای اوپی آئی اے کام جاری رکھنے کی اجازت مل گئی

    ایئر مارشل ارشد ملک کو بطور سی ای اوپی آئی اے کام جاری رکھنے کی اجازت مل گئی

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے ایئرمارشل ارشدملک کو بطور سی ای اوپی آئی اے ایک ماہ تک کام جاری رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے ان کے دیےگئے ٹھیکوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک تعیناتی کیس کی سماعت ہوئی۔

    سپریم کورٹ نے ایئرمارشل ارشدملک کوایک ماہ تک کام جاری رکھنےکی اجازت دے دی ، چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جوچیزپی آئی اے کو نیچے دھکیل رہی ہے وہ ہیومن ریسورس ہے، پی آئی اے میں جہازوں کے تناسب سےزیادہ لوگ کام کررہے ہیں، یہی وجہ ہے پی آئی اے منافع بخش ادارہ نہیں بن سکتا۔

    چیف جسٹس نے مزید کہا پی آئی اےمیں سفار ش اوراقرباپروری پربھرتی کی جاتی ہے، سفارش اور اقربا پروری بھی پی آئی اے کی زبوں حالی کی وجہ ہے، جس کوگلگت گھومنے کا شوق ہوتا ہے، وہ فیملی کو جہاز میں بیٹھا کر لے جاتا ہے، پی آئی اے سے کھلواڑ کرنے والے آج بھی پی آئی اے میں کام کررہے ہیں۔

    عدالت نے پی آئی اےکے تمام کنٹریکٹ ایوارڈ کی تفصیل طلب کرتے ہوئے کہا پی آئی اے بتائے کونسے کنٹریکٹ جاری اور کون سےمنسوخ کرے، ایک ماہ تک موجودہ انتظامیہ کام جاری رکھے اور ایک ماہ کے اندر تفصیلی رپورٹ جمع کرائے۔

    چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار نے کیس میں ریمارکس دئیے کروناوائرس بارڈر اور ایئرپورٹس کےذریعےملک میں آیا، اس وائرس کےتدارک کیلئےاداروں میں بیٹھےلوگوں نےکیاکیا؟کسی کو کوئی پرواہ ہی نہیں۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا ہر برا کام ایئر پورٹس پر جاری ہے، ایئر پورٹس پر کسٹم، ایف آئی اے سمیت تمام ادارے مافیا ہیں، یہ لوگ عوام کی تضحیک کےلئے بیٹھے ہیں،کوئی ایک اچھی چیز بتادیں جوعوام کےحق میں کی گئی ہو۔

    سپریم کورٹ نے آئندہ سماعت میں ایئر مارشل ارشد ملک اور پی آئی اے یونین کو طلب کرلیا اور پی آئی اے سے ارشد ملک کے دیےگئے ٹھیکوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہ انتظامیہ آگاہ کرے کن ٹھیکوں کا جاری رہنا ضروری ہے۔

    عدالت نےسماعت کے تحریری حکم میں کہا اٹارنی جنرل نے بتایا ادارہ وینٹی لیٹر پر ہے ،ارشد ملک کو کام کرنے دیا جائے، ارشد ملک قابل آدمی ہیں، وہ نتائج دیں گے، بعد ازاں سپریم کورٹ نے سماعت 20 اپریل تک ملتوی کردی۔

  • امریکا کے لئے براہ راست پروازیں جلد شروع کی جائیں گی، ایئر مارشل ارشد ملک

    امریکا کے لئے براہ راست پروازیں جلد شروع کی جائیں گی، ایئر مارشل ارشد ملک

    کراچی : پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ امریکی سیکیورٹی ایجنسی کی کلیئرنس ملتے ہی پی آئی اے امریکا کے لئے براہ راست پروازیں شروع کردے گا، ادارے سے کسی ملازم کو نہیں نکالا جارہا۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں پی آئی اے کے جدید ریزرویشن سسٹم (ہٹ اٹ) کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ پاکستان سے امریکا کے لئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کے لئے امریکی سیکیورٹی کلیئرنس کا انتظار ہے۔

     تقریب سے خطاب میں سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ امریکی سیکیورٹی ایجنسی ٹی ایس اے کا دورہ پاکستان کامیاب تھا، پی آئی اے میں نئے جدید ہٹ اٹ ریزرویشن سسٹم سے ادارے کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔

    امریکی ٹرانسپورٹ سیکیورٹی کا وفد جلد پاکستان کا دوسرا دورہ کرے گا، سیکیورٹی کلیئرنس ملتے ہی پی آئی اے امریکا کے لئے براہ راست پروازیں شروع کردے گا۔

    ایئرمارشل ارشد ملک کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں ادارے کو کافی حد تک مالی نقصان پہنچایا گیا، کرپشن میں ملوث عناصر کا کڑا احتساب کیا جارہا ہے، پی آئی اے ہیڈ آفس اسلام آباد منتقل نہیں ہورہا اور نہ ہی ڈاون سائزنگ ہورہی ہے۔

    بعد ازاں پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کا مالی خسارہ اربوں روپے کا ہے مسائل کو حل کرنے کے لیے وقت لگے گا۔ ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی اور پی ایس او کو تیل سپلائی کی مد میں ادائیگی تاخیر کا شکار ہو رہی ہے، قومی ائیر لائن کو خسارے سے نکالنے کے لیے نئے جہاز درکار ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نئے جہازوں کی خریداری کے لیے حکومت کی مدد درکار ہے لیکن معاشی صورت حال میں حکومت مدد کرنے سے قاصر ہے، قومی ائیر لائن کا فضائی آپریشن کا 70 فیصد حصہ اسلام آباد منتقل ہو جانے کے باعث درکار تعداد میں ملازمین کو اسلام آباد منتقل کیا گیا ہے، تاہم پی آئی اے ہیڈ آفس اسلام آباد شفٹ نہیں ہو رہا۔

    انہوں نے واضح کیا کہ قومی ائیر لائن کے کسی بھی ملازم کو نکالا نہیں جا رہا لیکن کرپٹ عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، پی آئی اے کی گزشتہ منجمنٹ نے سالانہ مالی نتائج کی رپورٹ بھی نہیں بنائی۔

  • پی آئی اے نے ملک میں کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار بخوبی نبھایا، ایئر مارشل ارشد ملک

    پی آئی اے نے ملک میں کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار بخوبی نبھایا، ایئر مارشل ارشد ملک

    کراچی : پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئرمارشل ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے نے ہمیشہ ملک میں کھیلوں اور خاص طور پر کرکٹ کے فروغ میں اپنا کردار بخوبی نبھایا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین پی سی بی کی زیر قیادت وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے وفد نے چیئرمین احسان مانی کی قیادت میں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک سے ائر لائن ہیڈ آفس میں ملاقات کی۔

    بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے رواں کرکٹ سیزن قائد اعظم ٹرافی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اندرون ملک کرکٹ کے فروغ اور اس میں بہتری کے لئے پی آئی اے اور پاکستان کرکٹ بورڈ مل کر کام کرسکتے ہیں جس کے کئی مواقع موجود ہیں۔

    انہوں نے پی آئی اے کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے شروع کئے گئے کرکٹ کے نئے ریجنل ڈھانچے کے فروغ کے لئے کردار ادا کرنے کو کہا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے وفد نے دونوں قومی اداروں کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے نے ہمیشہ ملک میں کھیلوں اور خاص طور پر کرکٹ کے فروغ میں اپنا کردار بخوبی نبھایا ہے۔

    پی آئی اے کرکٹ اکیڈمی میں نوجوان کرکٹرز کو تربیت دی جار ہی ہے جو کہ بعد میں بین الاقوامی سطح پربھی کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں قومی ادارے ملک کا فخر ہیں اور پی آئی اے اندرون ملک کرکٹ کے کے فروغ میں بھر پور تعاون کرے گی۔

    کرکٹ بورڈ کے وفد میں چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان، چیف کمرشل آفیسر بابر حمید، ڈائریکٹر آپریشنز ہارون رشید جبکہ پی آئی اے کے ڈائریکٹر کارپوریٹ گورنس محمد شعیب اور چیف کمرشل آفیسر نوشیروان عادل بھی موجود تھے۔

  • عمرہ سیزن میں زائرین کیلئے پروازوں میں اضافہ کیا جائے گا، ایئر مارشل ارشد ملک

    عمرہ سیزن میں زائرین کیلئے پروازوں میں اضافہ کیا جائے گا، ایئر مارشل ارشد ملک

    لاہور : پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ رواں عمرہ سیزن میں زائرین کیلئے پروازوں میں اضافہ کیا جائے گا، ادارے کے ریونیو میں چالیس فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے حج آپریشن کے بعد عمرہ سیزن کیلئے اپنی تیاریاں شروع کردیں۔

    پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے لاہور ایئر پورٹ کا دورہ کیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے پی آئی اے بکنگ آفس اور دیگر دفاتر میں کاموں کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہیں مارکیٹنگ اور کارگو کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

    سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے میڈیا سے اپنی گفتگو میں کہا کہ رواں عمرہ سیزن میں زائرین کیلئے پروازوں میں اضافہ کیاجائے گا، اس سال پی آئی اے کے بیڑے میں مزید دو طیاروں کی شمولیت کے بعد منافع بخش روٹس پر پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہوجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے ریونیو میں چالیس فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے اور مسافروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور مسافروں کا پی آئی اے پر اعتماد بھی بحال ہو رہا ہے۔

    علاوہ ازیں ایئر مارشل ارشد ملک نے کارگو کمپلیکس کا بھی دورہ کیا، انہوں نے کارگو کی ترسیل کے نظام کا جائزہ لیا۔ سی ای او پی آئی اے نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ایئر پورٹ پر مسافروں کو چیک ان سے لے کر بورڈنگ تک رہنمائی فراہم کی جائے۔

    انہوں نے مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ اس کے علاوہ کیٹرنگ کے دورے کے دوران انہوں نے پروازوں میں کھانے کے معیار اور مسافروں کے پسندیدہ مشروبات فراہم کرنے پر زور دیا۔

    ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ لاہور اسٹیشن کی کارکردگی اطمینان بخش ہے، ملازمین کی ترقیاں میرٹ پر کی جارہی ہیں۔

  • امریکی قونصل جنرل کا پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی کا دورہ، ایئر مارشل ارشد ملک سے ملاقات

    امریکی قونصل جنرل کا پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی کا دورہ، ایئر مارشل ارشد ملک سے ملاقات

    کراچی : امریکہ کے قونصل جنرل روب سلبراسٹائن نے پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی کا دورہ کیا اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک سے ملاقات کی۔

    امریکی سفارتی وفد کو ائر مارشل ارشد ملک نے پی آئی اے کے آپریشنز، کارکردگی میں بہتری اور مستقبل کے بزنس پلان کے بارے میں آگاہ کیا۔

    وفد کو خاص طور پر پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں مزید طیاروں کی شمولیت اور نیویارک اور دوسرے امریکی شہروں کے لئے دوبارہ پروازیں شروع کرنے کے بارے میں بتایا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ نئے طیاروں کی شمولیت کے بعد پی آئی اے اپنے فضائی آپریشن کو وسعت دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کے باوجود ائر لائن کی کارکردگی میں بہتری کا عمل جاری ہے۔

    امریکی قونصل جنرل روب سلبرا سٹائن نے پی آئی اے کی حالیہ کار کردگی کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک کی قیادت میں اپنے اہداف کو حاصل کر لے گی۔

    انہوں نے امریکی ادارے ٹی ایس اے سمیت متعلقہ محکموں سے رابطوں کے سلسلے میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ راب سلبر اسٹائن نے بالخصوص پی آئی اے کے سماجی بھلائی کے منصوبوں الشفا اور تعلیمی پروگرام میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے تعریف کی۔

    امریکی سفارتی وفد میں اکنامک کونسلر پیگی والکر، پولیٹیکل اکنامک سیکشن کے چیف جمی مالڈین کے علاوہ قونصل خانے کے سفارت کار اور پی آئی اے کے سینئر افسران بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔