Tag: ایئر چیف

  • ایئر چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی ایڈوائس صدر کو ارسال

    ایئر چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی ایڈوائس صدر کو ارسال

    اسلام آباد: ایئر چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی ایڈوائس صدر کو ارسال کر دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں توسیع کی ایڈوائس صدر کو ارسال کر دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر چیف کی مدت ملازمت میں ایک سال توسیع کی سفارش کی گئی ہے، ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت کل مکمل ہو رہی ہے۔

  • پاک فضائیہ قومی تعمیر کے منصوبوں، ایرواسپیس اور آئی ٹی میں اپنا کردار ادا کرے گی، ایئر چیف

    پاک فضائیہ قومی تعمیر کے منصوبوں، ایرواسپیس اور آئی ٹی میں اپنا کردار ادا کرے گی، ایئر چیف

    اسلام آباد : پاک فضائیہ قومی تعمیر کے منصوبوں، ایرواسپیس اورآئی ٹی میں اپناکرداراداکرےگی، نیشنل ایرواسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک منصوبہ پاکستان کیلئے اہم سنگِ میل ہے۔

    تفصیلات ائیر چیف ظہیر احمد بابر سدھو نے نیشنل ایرواسپیس سائنس اینڈٹیکنالوجی پارک کی افتتاحی تقریب پر پیغام میں کہا کہ عالمی اور علاقائی ماحول کےتناظرچیلنجنگ دور سے گزر رہے ہیں، موجودہ دور نے جدید ٹیکنالوجیز کے حصول کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

    ایئرچیف کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی اور دفاع سے متعلق تصورات پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں، سیاسی قیادت نے اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل کےقیام کا تصور پیش کیا، ایسے پلیٹ فارمز سے پاکستان میں براہِ راست سرمایہ کاری کوفروغ دیاجائے گا۔

    ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاک فضائیہ قومی تعمیرکےمنصوبوں،ایرواسپیس اورآئی ٹی میں اپناکرداراداکرےگی، نیشنل ایرواسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک منصوبہ پاکستان کیلئے اہم سنگِ میل ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک ہائبرڈماڈل پرمبنی ایک کثیر الجہتی منصوبہ ہے، منصوبہ پاکستان کے بڑے شہروں میں پرائیویٹ سیکٹر اور ایرو اسپیس کلسٹرز پر محیط ہے، اہم جزو اس میں شامل ایوی ایشن ڈیزائن اینڈ انوویشن سینٹر ہے، منصوبے میں ‘ٹرپل ہیلکس ماڈل’ پر بھی توجہ مرکوز رکھی گئی ہے۔

    ایئرچیف نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نینو ٹیکنالوجی، اسپیس،سائبر،آرٹیفیشل انٹیلیجنس کوایک چھت تلےاکٹھا کرے گی، منصوبے سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں اور تکنیکی علوم کے فروغ کو آسان بنایا جا سکے گا۔

  • ترک مسلح افواج کے کمانڈر کی پاک بحریہ و فضائیہ کے سربراہان سے ملاقاتیں

    ترک مسلح افواج کے کمانڈر کی پاک بحریہ و فضائیہ کے سربراہان سے ملاقاتیں

    اسلام آباد: ترکی کے مسلح افواج کے کمانڈر جنرل یاسر گلر پاکستان کے دورے پر ہیں، یہاں انہوں نے پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترک مسلح افواج کے کمانڈر جنرل یاسر گلر نے نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق قائم مقام نیول چیف وائس ایڈمرل فیاض جیلانی نے ترک کمانڈر کا استقبال کیا۔

    ترک مسلح افواج کے کمانڈر کی آمد پر انہیں روایتی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، معزز مہمان نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ معزز مہمان کا پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے بھی تعارف کروایا گیا۔

    ترجمان کے مطابق ترک کمانڈر نے وائس ایڈمرل فیاض جیلانی سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور دفاعی امور پر بات چیت کی گئی۔ ترک کمانڈر کو کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    بعد ازاں ترک کمانڈر ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد پہنچے۔ پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔

    ترجمان فضائیہ کے مطابق ایئر چیف مارشل مجاہد انور سے ترک کمانڈر کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں جنرل یاسر گلر نے پاک فضائیہ کے افراد کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی۔

    ایئر چیف نے پاکستان اور ترکی میں موجودہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

  • ہماری مسلح افواج کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیں گی: ائیر چیف مارشل

    ہماری مسلح افواج کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیں گی: ائیر چیف مارشل

    ایبٹ آباد: پاکستان ایئر فورس کے سربراہ مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ مسلح افواج ہر اندرونی اور بیرونی چینلج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، ہماری مسلح افواج کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیں گی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں سربراہ پاک فضائیہ مجاہد انور خان مہمان خصوصی تھے۔

    ایئر چیف نے کہا مسلح افواج کو دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں قربانیوں پر فخر ہے، مسلح افواج نے قربانیاں دے کر ملک میں امن کو یقینی بنایا، پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس قوم کی امنگوں پر پورا اترنے کے لیے پیشہ ورانہ مہارتیں اختیار کریں۔

    اعلامیے کے مطابق پاسنگ آؤٹ پریڈ میں دوست ممالک کے کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہوئے، جن میں سعودی عرب، فلسطین، بحرین اور سری لنکا کے کیڈٹس شامل ہیں، ایئر چیف نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں اعزازت تقسیم کیے۔

    دریں اثنا، ائیر چیف مجاہد انور خان کی پی ایم اے آمد پر کمانڈنٹ میجر جنرل اختر ستی نے استقبال کیا، ایئر چیف مارشل نے پریڈ کا معائنہ کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بٹالین سینئر انڈر آفیسر عثمان شاہد نے اعزازی شمشیر حاصل کی، کمپنی سینئر انڈر آفیسر قاسم ایوب کو صدارتی گولڈ میڈ ل سے نوازا گیا، سی جے سی ایس اوررسیز گولڈ میڈل فلسطین کے انڈر آفیسر البزور نے حاصل کیا۔

    تقریب میں عسکری حکام اور کیڈٹس کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

  • اپنی نیلگوں فضاؤں کی حفاظت کے لیے ہم ہر دم تیار ہیں: سربراہ پاک فضائیہ

    اپنی نیلگوں فضاؤں کی حفاظت کے لیے ہم ہر دم تیار ہیں: سربراہ پاک فضائیہ

    اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا ہے کہ اپنی نیلگوں فضاؤں کی حفاظت کے لیے ہم ہر دم تیار ہیں۔ ہمارے اسلاف کی قربانیاں اس بات کی متقاضی ہیں کہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق اورحب الوطنی کے جذبوں کوفروغ دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پاک فضائیہ نے اپنے تمام ایئر بیسز اور تنصیبات پر 7 ستمبر یوم شہدا کے طور پر منایا۔ اس سلسلے میں ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

    تقریب میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز، افسران اور ایئر مین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دن کا آغاز 1965 اور 1971 کی جنگوں کے شہدا اور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی سے کیا گیا جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادر وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ پاک فضائیہ نے حالیہ آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں دشمن پر واضح فتح حاصل کر کے ایک مرتبہ پھر دنیا کو دکھلایا کہ اپنی نیلگوں فضاؤں کی حفاظت کے لیے ہم ہر دم تیار ہیں۔

    مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف کی قربانیاں اور اس ملک کے دفاع کی خاطر شہدا کا خون اس امر کے متقاضی ہیں کہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد پیدا کر کے وطن سے محبت اور اپنائیت کا رشتہ استوار کریں اور لسانی، علاقائی اور فرقہ وارانہ سوچ سے بالا تر ہو کر ملک کی اقتصادی، معاشرتی اور تعلیمی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

    اس دن کی مناسبت سے پاک فضائیہ کے ایک دستے نے ایئر وائس مارشل غلام عباس گھمن، ایئر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ایئر کمانڈ کی سرکردگی میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کی جانب سے پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

    یوم شہدا کے موقع پر ملک بھر میں پاک فضائیہ کے شہدا کی قبروں پر بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

  • کمانڈر ترک فضائیہ کی ائیر چیف مارشل مجاہد انور سے ملاقات

    کمانڈر ترک فضائیہ کی ائیر چیف مارشل مجاہد انور سے ملاقات

    اسلام آباد: کمانڈر ترک فضائیہ جنرل حسن کیچی کاکیاز نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق کمانڈر ترک فضائیہ جنرل حسن کیچی کاکیاز نے اپنے وفد کے ہمراہ ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

    معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

    بعد ازاں کمانڈر ترک فضائیہ نے پاک فضائیہ کے سربراہ سے ان کےدفتر میں ملاقات کی اور اس دوران علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترک کمانڈر نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے حالیہ سالوں میں پاک فضائیہ کی خود انحصاری کے میدان میں غیر معمولی ترقی کی تعریف کی۔

    اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان غیر متزلزل تعلقات اس بات کے غماز ہیں کہ ترکی نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستا ن کا ساتھ دیا ہے۔

    دونوں معزز شخصیات نے فضائی افواج کے درمیان بے مثال دوستانہ تعلقات کو نئی جہتوں سے روشناس کروانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

  • ائیر چیف کا ہیڈ کوارٹرز ائیر ڈیفنس کمانڈ کا پہلا دورہ

    ائیر چیف کا ہیڈ کوارٹرز ائیر ڈیفنس کمانڈ کا پہلا دورہ

    راولپنڈی: ائیر چیف مجاہد انور نے پاک فضائیہ کی قیادت سنبھالنے کے بعد ہیڈ کوارٹرز ائیر ڈیفنس کمانڈ کا پہلا دورہ کیا جہاں انہوں نے آپریشنز کا معائنہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے نئے سربراہ مارشل مجاہد انور نے قیادت سنبھالنے کے بعد ہیڈ کوارٹرز ائیر ڈیفنس کمانڈ کا پہلا دورہ کیا۔

    ایئر چیف کا استقبال ایئر وائس مارشل ظہور فیصل اور ایئر آفیسر کمانڈنگ ایئر ڈیفنس کمانڈ نے کیا۔ ایئر چیف نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں آپریشنز کا معائنہ کیا۔

    دورے کا مقصدایئر ڈیفنس کمانڈ کی تنصیبات کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔ ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے ایئر ڈیفنس عملے سے بھی ملاقات کی اور فضائی سرحدوں کے دفاع کو ہمہ وقت سر انجام دینے کے جذبے کو سراہا۔

    ایئر چیف کا کہنا تھا کہ آپریشنل تیاریوں کے لیے خلوص نیت سے کوششیں جاری رکھنی چاہیئں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔