Tag: ایئر یونیورسٹی

  • مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران جنم لے رہا ہے: وزیر خارجہ

    مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران جنم لے رہا ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران جنم لے رہا ہے، پاکستان ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے لیکن بھارت سے تعلقات ہمیشہ مشکلات کا شکار رہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وفاقی دارالحکومت کی ایئر یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ترجیح عوام کے فلاح پر مبنی ایجنڈا ہے، بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف اقدام کیا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی گئی، غیر قانونی اقدام سے اب تک لاکھوں کشمیریوں پر پابندیاں عائد ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران جنم لے رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے، بھارت سے تعلقات ہمیشہ مشکلات کا شکار رہے۔ پاکستان کشمیریوں کی بنیادی حقوق کے لیے کی جانے والی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں، بھارت نے 80 لاکھ بے گناہ کشمیریوں کو محصور کر رکھا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ 5 اگست سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگا کر رکھا ہے، برطانیہ سمیت عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر سے متعلق کردار ادا کرنا ہوگا۔

  • پاکستان آئندہ دو برسوں میں خلاء میں سیٹلائٹ مشن بھیجے گا، ایئر مارشل سہیل امان

    پاکستان آئندہ دو برسوں میں خلاء میں سیٹلائٹ مشن بھیجے گا، ایئر مارشل سہیل امان

    اسلام آباد : سربراہ پاک فضائیہ ایئر مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ پاکستان آئندہ دو برسوں میں خلائی مشن بھیجے گا جس کے لیے پاکستان اپنے دوست چین کے تعاون سے نیکسٹ جنریشن طیارہ سازی میں مشغول ہے.

    اس بات کا علان انہوں نے ایئر یونیورسٹی کے زیراہتمام ملکی تاریخ کے سب سے بڑے اپنی نوعیت کے منفرد چار روزہ ٹیکنالوجی مقابلوں کے موقع پر ایئرٹیک کانفرنس سے بہ طور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا، ایئرچیف کا کہنا تھا کہ حصول تعلیم کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کا احسن استعمال اور سماجی فلاح و بہبود ہونا چاہیے.

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے آگاہ کیا کہ پاکستان دوست ملک چین کے تعاون سے کامیابی سے نیکسٹ جنریشن طیارہ سازی میں مصروف ہے اور عنقریب چین کے اشتراک سے پاکستان اپنا سٹلائیٹ مشن بھیجنے کے بھی قابل ہوجائے گا.

    پاکستان ایئر فورس کی دفاع وطن میں اعلیٰ خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں چنانچہ پاکستان سالانہ بنیادوں پر 16 سے 20 جے ایف سترہ طیارے بنارہا ہے جو ایف سولہ جہازوں سے کارکردگی میں کہیں زیادہ بہتر ہیں.

    ایئر چیف مارشل سہیل امان نے انڈسٹری اور تعلیمی اداروں کے مابین قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ پاکستانی طلباء طالبات دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں لیکن اہدافِ زندگی کو کامیابی سے حاصل کرنے کیلئے یقین محکم، مقصد سے لگاوٌ اور انتھک جدوجہد ضروری ہے.

    انہوں نے کہا کہ ہر ایک رول ماڈل لیڈر کو کڑے وقت میں کٹھن فیصلے کرنے کا حوصلہ ہونا چاہیے اور انسان مساوات کے طور پرعزت و احترام کا مستحق ہے اگر ہم اپنی زندگیوں میں مثبت اقدار کو پروان نہیں چڑھاتے تو ہماری کامیابی کسی کام کی نہیں ہوتی.

    اس موقع پر وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی ایئر وائس مارشل (ر) فائز امیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایئریونیورسٹی کے زیراہتمام ایئرٹیک ملک بھر کے انجینئرنگ کے طالب علموں کوجدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے معلومات کے تبادلے اور آئیڈیاز کے تبادلے کا موثر پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے.

    خیال رہے کہ چار روزہ ٹیکنالوجی مقابلوں کا مقصد ملک بھر کے قابل طلباء وطالبات کی تخلیقی اور قائدانہ صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ہے اور اس ایئرٹیک کانفرنس میں شرکت کیلئے طلباء و طالبات سمیت مختلف شعبہ زندگی کے ماہرین کی کثیر تعداد موجود تھی.

  • امریکا کے مطالبے ’ڈومور‘  کو نہیں مانتے، سیکرٹری خارجہ

    امریکا کے مطالبے ’ڈومور‘ کو نہیں مانتے، سیکرٹری خارجہ

    اسلام آباد : سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بہت کامیابیاں حاصل کی ہیں جس کے باعث دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے اور قوم نے بتادیا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔

    یہ بات انہوں نے ایئر یونیورسٹی میں پاکستان کی خارجہ پالیسی پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کی بدولت دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

    سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے متحد ہو کر یہ ثابت کردیا ہے کہ نہ تو دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ ہے اور نہ ہی دہشت گردی کی کوئی گنجائش ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا میں نئی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں جس کے تحت دیکھا جا سکتا ہے کل کے دشمن آج کے دوست بن رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ چین اور روس بھی ایک دوسرے کے قریب ہورہے ہیں جب کہ امریکا اور بھارت کے بڑھتے تعلقات بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔

    اعزازچوہدری کا کہنا تھا کہ ہم ابھی تک نہیں جان پائے ہیں ہم کس کی جنگ لڑرہے ہیں؟ جس کے لیے ہمیں پالیسی کو وضع کرنا ہوگا اوراپنی ترجیحات متعین کرنا ہوں گی۔

    انہوں نے اپنے خطاب میں سیمینار کے شرکاء کو بتایا کہ حکومت خطے میں تیزی سے تبدیل ہوتی سیاسی صورتِ حال کے پیش نظر 4 سے 5 اہم نکات پر اپنی خارجہ پالیسی بنا رہی ہے اور جلد ایک اہم اور متفقہ بیانیہ سامنے آجائے گا۔

    اعزازچوہدری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے طے کی جانے والی خارجہ پالیسی میں کسی دوسرے ملک کے معاملے میں مداخلت نہ کرنے اور نہ ہی کسی دوسرے ملک کو اپنے ملک میں مداخلت کرنے دیں گے کے سمیت تمام ممالک سے دوستی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت نے سارک میں شرکت نہ کر کے پاکستان کو نہیں بلکہ سارک کو تنہا کیا ہے اور بھارت کی ضطے میں ابھی وہ پوزیشن بھی نہیں کہ پاکستان کو تنہا کر سکے۔

    چوہدری اعزاز احسن نے کہا کہ امریکاکے ڈو مور کو نہیں مانتے جس کے لیے امریکا میڈیا کے ذریعے پروپیگنڈا کرتا ہے لیکن پاکستانی قوم کواس پروپیگنڈے سےگھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔