Tag: ایازخان نیازی

  • چیف جسٹس ثاقب نثار نے نیب کو ایازخان نیازی کی گرفتاری سے روک دیا

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے نیب کو ایازخان نیازی کی گرفتاری سے روک دیا

    اسلام آباد : این آئی سی ایل اسکینڈل کیس میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے نیب کو ایاز خان نیازی کی گرفتاری سے روک دیا اور کہا جو پاکستان میں ہوتا ہے اسے گرفتار کرلیا جاتا ہے اور جسے پکڑنا تھا وہ تو ملک سے باہر بھاگ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں این آئی سی ایل اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی ، دوران سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار نے نے نیب کو ایاز خان نیازی کی گرفتاری سے روک دیا اور کہا جسے پکڑنا تھا وہ تو ملک سے باہر بھاگ گیا۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا پتہ ہے کیسے سیاسی طور پر لوگوں کو باہر بھیج دیا جاتا ہے، جو پاکستان میں ہوتا ہے اسے گرفتار کرلیا جاتا ہے۔

    جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ دوران تحقیقات نیب لوگوں کو کیوں اٹھا کرلے جاتی ہے، نیب تحقیقات کے بہانے کیوں لوگوں کو لٹکا کر رکھتی ہے، جن کو پکڑنا ہوتا ہے آپ پکڑتے نہیں۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے معلوم ہے نیب کیسے لوگوں کو باہر جانے کے راستےبتاتا ہے، ہمارےپاس ساری معلومات ہیں، جو شخص آپ کی قید میں آجاتا ہے، اسے نیب رگڑ دیتا ہے۔

    نیب کی جانب سےبتایاگیا ایازنیازی کےخلاف دو انکوائریاں چل رہی ہیں۔

    عدالت نے ہدایت کی کہ ایاز خان نیازی کے خلاف کوئی اور کیس ہے تو گرفتاری سے پہلے وارنٹ جاری کئے جائیں گے، ایاز خان نیازی ان وارنٹس کے خلاف دس دن میں ضمانت کرواسکیں گے۔

    بعد ازاں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

  • سابق چیئرمین این آئی سی ایل ایازخان نیازی سپریم کورٹ سےگرفتار

    سابق چیئرمین این آئی سی ایل ایازخان نیازی سپریم کورٹ سےگرفتار

    اسلام آباد : سپریم کورٹ آف پاکستان سے این آئی سی ایل کرپشن کیس میں سابق چیئرمین ایاز خان نیازی کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے آئی سی ایل کرپشن کیس کی، سابق چیئرمین ایاز خان نیازی عدالت میں پیش ہوئے۔

    چیف جسٹس نے سماعت کے آغاز پراستفسار کیا کہ دوسرا ملزم محسن حبیب وڑائچ کہاں ہےِ؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ محسن حبیب تاحال گرفتار نہیں ہوسکا۔

    نیب پراسیکیوٹر نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ ایازخان نیازی ضمانت پرنہیں ہیں اور ان کے خلاف کراچی، لاہور میں مقدمات زیرسماعت ہیں۔

    سپریم کورٹ نے کہا کہ ایاز خان نیب عدالت سے ضمانت پرنہیں تو گرفتار کیا جاسکتا ہے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور 2 ماہ میں ٹرائل مکمل کیا جائے۔

    عدالت عظمیٰ نے حکم دیا کہ این آئی سی ایل کرپشن کیس کے دوسرے کردار محسن حبیب وڑائچ کو فوری گرفتارکیا جائے۔

    خیال رہے کہ ملزم ایف آئی اے مقدمات میں عدالتوں سے ضمانتوں پرتھا، مقدمات ایف آئی اے سے نیب منتقل ہونے پرضمانت غیرمؤثر ہو گئی تھی۔

    یاد رہے کہ این آئی سی ایل کے سابق چیئرمین ایاز خان نیازی سمیت دیگر ملزمان پرزمینوں کی خرید وفروخت میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔