Tag: ایجنٹ

  • بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دیکر شہریوں کو لوٹنے والے ایجنٹ سمیت 3 انسانی اسمگلر گرفتار

    بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دیکر شہریوں کو لوٹنے والے ایجنٹ سمیت 3 انسانی اسمگلر گرفتار

    ایف آئی اے نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دیکر شہریوں کو لوٹنے والے ایجنٹ سمیت 3 انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کاروائی کرتے ہوئے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے، اغواء اور تشدد میں ملوث ایجنٹ سمیت 3 انسانی اسمگلر گرفتار کرلئے۔

      ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اظہر اقبال، محمد اکرام اور یوسف علی کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان کو گوجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیانے میں ملوث پائے گئے ہیں، ملزم اظہر اقبال کو چھاپہ مار کارروائی میں محلہ عثمان پورہ گجرات سے گرفتار کیا گیا۔

    ملزم نے شہریوں کو اٹلی ملازمت دلوانے کی غرض سے 60 لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے، ملزم نے شہریوں کو اٹلی کی بجائے لیبیا بھجوایا، ملزم نے شہریوں کو غیر قانونی طور پر کشتی کے ذریعے یورپ بھجوانے کی کوشش کی لیکن شہری نے کشتی کے ذریعے یورپ جانے سے انکار کیا اور واپس آ گیا، شہری کے ہمراہ جانے والے اس کے بھائی اور سالہ تاحال لاپتہ ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ایک اور کارروائی میں محمد اکرام کو وزیر آباد گجرانوالہ سے گرفتار کیا، ملزم نے شہری کو اٹلی ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 26 لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے، ملزم نے شہری کو اٹلی کی بجائے لیبیا بھجوایا، لیبیا پہنچنے پر ملزم نے شہری کو محصور کر لیا اور تاوان کا مطالبہ کرتا رہا۔

    ملزم اس دوران شہری کو جسمانی تشدد کا نشانہ بھی بناتا رہا، 6 ماہ کے بعد شہری اغواء کاروں کے چنگل سے آزاد ہونے میں کامیاب ہو گیا اور پاکستان واپس آ گیا۔

    جبکہ ملزم یوسف علی نے شہریوں کو ترکی ملازمت کا جھانسہ دے کر 18 لاکھ روپے بٹورے، ملزم نے متاثرین کو ترکی کے بجائے زمینی راستے سے ایران بھجوایا اور بعد ازاں ایران سے ترکی بارڈر پار کروانے کی کوشش کی۔

    تاہم متاثرین نے غیر قانونی راستے سے ترکی جانے سے انکار کیا اور وطن واپس آگئے ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/morocco-boat-accident-human-smuggler-arrested/

  • جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے 3 مسافر آف لوڈ

    جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے 3 مسافر آف لوڈ

    سیالکوٹ: ایف آئی اے نے جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے 3 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنادی 3 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔

      ایف آئی اے کے مطابق ملزمان فلائٹ نمبر PK179 کے ذریعے آزر بائیجان جا رہے تھے ملزمان کی شناخت ذیشان قیصر، ابوبکر اور نوید سرور کے نام سے ہوئی، ملزم ذیشان قیصر کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک پایا گیا ملزم کی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے البانیہ کا جعلی ویزہ برآمد ہوا۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے احسن علی نامی ایجنٹ سے 25 لاکھ کے عوض آذر بائیجان اور البانیہ کا جعلی ویزہ حاصل کیا ملزم ابوبکر یعقوب نے بھی مذکورہ ایجنٹ احسن علی بٹ سے 15 لاکھ روپے کے عوض اٹلی کا جعلی ورک ویزہ حاصل کیا جبکہ ملزم نوید سرور مذکورہ ملزمان کے ساتھ سب ایجنٹ کے طور پر سفر کر رہا ہے ملزم نوید سرور نے مذکورہ بالا ملزمان کے آذربائیجان کے لیے ٹکٹ بک کیے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو بعد ازاں مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ایجنٹ کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی مزید تفتیش جاری ہے۔

  • حوثیوں نے ثابت کیا ہے وہ خطے میں ایران کے ایجنٹ ہیں، انورقرقاش

    حوثیوں نے ثابت کیا ہے وہ خطے میں ایران کے ایجنٹ ہیں، انورقرقاش

    ابوظبی : اماراتی وزیر مملکت انور قرقاش کا کہنا ہے کہ حوثیوں کی تمام وفا داریاں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ساتھ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش کہا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ خطے میں ایران کے ایجنٹ ہیں اور ایران کے لیے جنگ لڑ رہے ہیں۔

    اماراتی وزیر کا کہنا ہے کہ حوثی قیادت کا دورہ تہران اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات سے ثابت ہوتا ہے کہ احوثی ایران کے ایجنٹ ہیں۔

    مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ ایک بیان میں انور قرقاش نے کہا کہ جب بھی حوثیوں اور ایرانی لیڈروں کے درمیان ملاقات کی بات ہو گی اس وقت یہ واضح کیا جائے گا کہ حوثیوں کی تمام وفا داریاں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ساتھ ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک عرصے سے یہ کہتے آرہے ہیں کہ حوثی باغی ایران کے ایجنٹ ہیں جو تہران کے اشاروں پر ناچتے ہیں۔

    خیال رہے کہ منگل کے روز یمن کی حوثی ملیشیا کے ایک گروپ نے تہران میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات کی تھی۔ وفد نے حوثی لیڈر عبدالملک الحوثی کا ایک پیغام بھی ایرانی سپریم لیڈر تک پہنچایا۔

    انور قرقاش کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای نے حوثی لیڈر کے بھائی ابراہیم الحوثی کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا اور ساتھ ہی حوثی ملیشیا کو اپنی طرف سے ہرممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

    اس موقع پر حوثی وفد کے سربراہ محمد عبدالسلام نے آیت اللہ علی خامنہ کو نبوت کے سلسلے کی کڑی قرار دیا اور کہا کہ آپ کا ولایت فقیہ کے سربراہ کے عہدے پرفائز ہونا نبوت اور علی بن طالب کی ولایت کا تسلسل ہے۔

  • کم جونگ اُن کا مقتول بھائی سی آئی اے ایجنٹ تھا، امریکی جریدے کا دعویٰ

    کم جونگ اُن کا مقتول بھائی سی آئی اے ایجنٹ تھا، امریکی جریدے کا دعویٰ

    واشنگٹن : امریکی جریدے نے شمالی کورین سربراہ کے مقتول بھائی سے متعلق انکشاف کیا ہے کہ کم جونگ نام سی آئی اے کا ایجنٹ تھا جسے امریکا جاتے ہوئے پُراسرار طور پر قتل کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے انکشاف کیا ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کے پُراسرار طریقے سے قتل کیے گئے سوتیلے بھائی کم جونگ نام دراصل سی آئی اے ایجنٹ تھے۔

    امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کے مقتول سوتیلے بھائی کم جونگ نام کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ وہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ایجنٹ تھے اور شمالی کوریا کی جاسوسی کیا کرتے تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے سربراہ کے سوتیلے بھائی کا ایک بار ملک کی باگ ڈور سنبھالنے والوں کی ممکنہ افراد کی فہرست میں بھی نام آچکا ہے تاہم والد کے انتقال کے بعد کم جونگ اُن نے یہ عہدہ سنبھال لیا اور یہیں سے دونوں کے درمیان اختلافات نے جنم لیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اسی دوران دونوں بھائیوں کے درمیان اختلافات اور اقتدار کے حصول کے لیے کھینچا تانی کی خبریں بھی آتی رہی ہیں، اسی اثناء میں اچانک 2017 کو کوالالمپور کے ہوائی اڈے پر کم جونگ اُن کے سوتیلے بھائی کا قتل ہوگیا۔

    تحقیقاتی اداروں کا کہنا ہے کہ کم جونگ نام کے چہرے پر دو خواتین نے اعصاب شکن کیمیکل کا اسپرے کیا تھا جس سے ان کی موت واقع ہوگئی، قاتل خواتین کا تعلق ویت نام اور انڈونیشیا سے تھا جنہیں عدم ثبوت پر حال ہی میں رہا کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کم جونگ نام قتل کے وقت ملائیشیا میں موجود تھے جہاں سے انہیں سی آئی اے حکام سے ملنے امریکا جانا تھا، اس سے قبل بھی کم جونگ نام کے سی آئی اے حکام سے ملاقاتوں کے شواہد موجود ہیں تاہم سی آئی اے کے لیے ان کا کردار اب تک غیر واضح تھا۔

  • محمد مرسی ایرانی پاسداران انقلاب کے ایجنٹ تھے، مصری پراسیکیوٹر

    محمد مرسی ایرانی پاسداران انقلاب کے ایجنٹ تھے، مصری پراسیکیوٹر

    قاہرہ : مصری پراسیکیوٹر جنرل نے سابق معزول صدر محمد مرسی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے سابق معزول صدر محمد مرسی ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کے ایجنٹ تھے۔

    تفصیلات کے مطابق قاہرہ میں عدالت میں بیان دیتے ہوئے پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ محمد مرسی ایرانی پاسداران انقلاب کے ایجنٹ تھے اور وہ لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ اور فلسطینی تنظیم حماس کے مفادات کے لیے کام کرتے رہے ہیں۔

    صدر محمد مرسی اور اخوان المسلمون کے 23 دوسرے رہ نماﺅں کے حماس کے لیے جاسوسی کیس کی سماعت ہوئی۔

    اس موقع پر مصری پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ اخوان رہ نما محیی حامد، احمد عبدالعاطی، رفاعہ الطھطھاوی، اسعد الشیخہ اور دیگر ملزمان معزول صدر محمد مرسی کے دفتر میں کام کرتے تھے اور انہوں نے مصر کے حساس سیکیورٹی راز ایرانی پاسداران انقلاب اور دوسری غیرملکی تنظیموں کو دیے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کاکہنا تھا سابق صدر محمد مرسی کو اس کا علم تھا مگر انہوں نے اس پر کوئی کارروائی نہیں کی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ محمد مرسی خود بھی ایرانی پاسداران انقلاب کے ایجنٹ تھے۔

    مصری پراسیکیوٹر نے کہا کہ مرسی کے ساتھیوں نے ایرانی پاسداران انقلاب، حماس، حزب اللہ اور دوسری تنظیموں اور ملکوں کو اہم راز فراہم کیے جس کے نتیجے میں دوسرے ممالک کے ساتھ مصر کے تعلقات متاثر ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا تھاکہ اخوان المسلمون عرب ممالک کے سقوط اور ان کی تقسیم کے منصوبے پرکام کررہی تھی۔

  • معصوم پاکستانیوں کو ترکی میں فروخت کرنے والا ایجنٹ گرفتار

    معصوم پاکستانیوں کو ترکی میں فروخت کرنے والا ایجنٹ گرفتار

    گوجرانوالہ : ترکی بارڈر پرتاوان کے لیے یرغمال چار افراد کو ترکی بھیجنے والے ایجنٹ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ایجنٹ نے ہوشرباء انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ چاروں افراد کو ترکی میں ہی ایک دوسرے ایجنٹ کو فروخت کردیا ہے جو تاوان کی رقم طلب کررہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیسے لے کر معصوم لوگوں کو ترکی بھجوانے والے ایجنٹ وسیم بٹ کو حراست میں لے لیا گیا ہے جس نے دوران تفتیش ہولناک انکشافات کرتے ہوئے ایف آئی کو بتایا ہے کہ باغ پورہ کے رہائشی چار افراد فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے کے عوض ترکی بھجوایا تھا جہاں کچھ دن اپنے سیف ہاؤس میں رکھ کر وہیں موجود ایک دوسرے ایجنٹ کو فروخت کردیا تھا۔

    یہ پڑھیں: ترکی میں اغواء 4 پاکستانیوں پر بہیمانہ تشدد


    وسیم بٹ نے مزید بتایا کہ ترکی میں موجود پٹھان ایجنٹ نے ہی چاروں افراد ذیشان، عابد، عرفان اور عدیل کو یرغمال بنالیا ہے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنا کر ویڈیو پیغام کے ذریعے اہل خانہ سے دس ہزار ڈالر کا تاوان طلب کر رہا ہے۔

    واضح رہے میڈیا میں تشدد زدہ یرغمالی زیشان کی ویٍڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ایف آئی حرکت میں آئی تھی اور ڈپٹی ڈائریکٹر خالد انیس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے مغوی زیشان کے کزن سہیل اور افضال کو حراست میں لیا اور ان کی نشاندہی پر ایجنٹ وسیم بٹ کے بھائی لقمان بٹ کو گرفتار کر لیا ہے جس نے متاثرین سے رقوم وصولی کا اقرار کر لیا ہے۔

    انسپکٹر ایف آئی اے وقار اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ ترکی میں مغویوں پر ہونے والے تشدد کے واقعات میں کارروائی کرتے ہوئے گوجرانوالہ سے تین انسانی اسمگلروں افضال، سہیل اور لقمان بٹ کو گرفتار کرلیا ہے جو گذشتہ 13 سالوں سے سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ممالک بھجواتا تھا۔


    یہ بھی پڑھیں: نوکری کے لیے بیرون ملک جانے والا نوجوان اغوا


    انسپکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ وسیم بٹ اس وقت ترکی میں موجود ہے جہاں اس نے اپنا سیف ہاوس بنا رکھاہے اور پاکستان سے آنے والے نوجوانوں کو رقم کی وصولی تک وہیں رکھتا ہے جب کہ وسیم بٹ کا بھائی لقمان بٹ پاکستان میں ترکی جانے والوں کے اہل خانہ سے رقم وصول کرتا ہے۔

    رقم موصول ہوتے ہی لقمان بٹ اپنے بھائی وسیم بٹ کو اطلاع کرتا ہے جس کے بعد وسیم بٹ ترکی میں بنے سیف ہاؤس سے لڑکوں کو نکال کر ترکی میں موجود کسی ایجنٹ دوسرے کو ایجنٹ کو فروخت کردیتا تھا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ مغویوں کی بازیابی کے لیے ہرممکن کوشش کر ر ہے ہیں اور وزارت داخلہ و خارجہ سے بھی مشاورت جاری ہے جلد ہی نہ صرف یہ کہ مغویوں کو رہا کروالیا جائے گا بلکہ ملزمان بھی قانون کے کٹہرے میں ہوں گے۔

  • بھارتی سفارت کار پاکستان میں دہشت گردی کروانے میں ملوث

    بھارتی سفارت کار پاکستان میں دہشت گردی کروانے میں ملوث

    کلبھوشن یادیو کے بعد پاکستان میں سرگرم بھارت کا ایک اور بڑا جاسوس نیٹ ورک پکڑلیا گیا۔ 2 بھارتی سفارت کار بلبیر سنگھ اور راجیش کمار دہشت گردی میں ملوث نکلے۔ دونوں کو پاکستان سے فوری بے دخل کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات سفارت کاروں کا روپ دھارے بھارتی خفیہ ایجنسی کے 2 ایجنٹ پکڑے گئے۔ دونوں کو دہشت گردی میں ملوث ہونے کے انکشاف پرانہیں فوری پاکستان بدر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    بھارتی خفیہ ایجنسی کا افسر بلبیر سنگھ فرسٹ سیکریٹری پریس انفارمیشن کے لبادے میں تعینات تھا۔ بلبیر سنگھ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث پایا گیا۔ راجیش کمار اگنی ہوتری بھی دہشت گردی کا نیٹ ورک چلا رہا تھا اور یہ کمرشل قونصلر کے طور پر تعینات تھا۔

    بتایا گیا ہے کہ پاکستان سے نکالاجانے والا سرجیت سنگھ بھی بلبیر سنگھ کے نیٹ ورک کا حصہ تھا۔ ‏سرجیت سنگھ نےعبد الحفیظ کے نام سے موبائل فون کمپنی کا جعلی کارڈ بھی بنوایا ہوا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کے کئی اہلکاروں کا تعلق بھارتی خفیہ ایجنسی را اور آئی بی بھارت سے ہے۔

    اس معاملے پر تاحال ہندوستان سے کوئی وضاحت یا بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

    واضح رہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کے کئی اہلکار پاکستان میں تخریبی کارروائیوں میں متحرک رہتے ہیں۔ اس سے قبل بھی بلوچستان سے دہشت گرد نیٹ ورک چلانے والا را کا اہم افسر کلبھوشن یادیو اور اس کا پورا نیٹ ورک بھی گرفت میں آچکا ہے۔

    کلبھوشن نے اعتراف کیا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی وارداتوں کے لیے اس نے افغانستان سے اسلحہ بھجوایا تھا۔ اس کے لیے مختلف سرحدی کراسنگ پوائنٹس سے اسلحہ اور دہشت گرد بلوچستان پہنچتا تھا۔ کلبھوشن کے مطابق اس نے کئی علیحدگی پسندوں کو افغانستان میں پناہ بھی دلوائی تھی۔

    کلبھوشن سے تفتیش کے بعد افغانستان میں موجود نیٹ ورکس کی نشاندہی بھی ہوگئی تھی۔