Tag: ایدھی

  • ایدھی کے انتقال پر سیاستدانوں کا اظہار افسوس

    ایدھی کے انتقال پر سیاستدانوں کا اظہار افسوس

    کراچی: عبدالستار ایدھی رخصت ہوئے، انسانیت اور خدمت گزاری کا ایک باب بند ہوا۔ ایدھی کے انتقال نے دنیا بھر میں موجود انسانیت سے محبت کرنے والوں کو دکھی کردیا۔

    ملک بھر میں غم کی ایک لہر دوڑ گئی۔ مختلف شخصیات نے ایدھی کی موت پر ان کے اقوال کو یاد کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

     وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے بلندی درجات کی دعا کی اور ان کے خاندان سے تعزیت کی۔

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایدھی کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان لمحات کو یاد کیا جب ایدھی نے شوکت خانم اسپتال کو چندہ دیا تھا۔

          گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی جانب سے بھی تعزیتی پیغام جاری کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ایدھی کو اپنا ہیرو قرار دیا۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فیصل سبزواری نے اپنے مخصوص انداز میں شعر کے ذریعہ ایدھی کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔

    سابق صدر آصف علی زرداری کی بیٹیوں بختاور اور آصفہ نے بھی افسوسناک خبر پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ ملاقات کے لمحہ کو شیئر کیا۔

    تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے ان کے انتقال پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک معجزہ قرار دیا۔

    عارف علوی نے بھی ایدھی کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے خاندان سے تعزیت کی۔

    ناز بلوچ نے ایدھی کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ ملاقات کا لمحہ سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔

    پیپلز پارٹی کے لیڈر سینیٹر سعید غنی نے ایدھی کی موت کو انسانیت کا نقصان قرار دیا۔

    پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے بھی اس موقع پر اپنے دکھ کا اظہار کیا۔

    وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ایدھی کو اعظیم انسان قرار دیا۔

    سابق صدر پرویز مشرف نے بھی اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    پرویز مشریف نے عبدالستار ایدھی کو نوبیل انعام دینےکا مطالبہ بھی کردیا

    پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔

    امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان سے اپنی واقفیت کو اپنے لیے باعث فخر قرار دیا۔

  • آصفہ بھٹوزرداری کی سماجی رہنما عبدالستارایدھی کی عیادت

    آصفہ بھٹوزرداری کی سماجی رہنما عبدالستارایدھی کی عیادت

    کراچی: آصفہ بھٹوزرداری عبدالستارایدھی کی عیادت کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئیں،عبدالستارایدھی نے ایدھی فاؤنڈیشن کے قبرستان کیلئے زمین فراہم کرنے کی درخواست کردی۔

    شہید بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے ایدھی سینٹر میں سماجی رہنماعبدالستار ایدھی کی ان کے گھر جا کر عیادت کی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور عبدالستار ایدھی سے ان کے علاج معالجے اور صحت کے بارے میں دریافت کیا۔

    عبدالستار ایدھی نے بتایا کہ ان کا علاج ایس آئی یو ٹی میں ہورہا ہے، آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک بیٹی کی حیثیت سے ان سے ملنے آئی ہیں، پاکستان میں یا کہیں اوریا کسی ادارے میں اگرعبدالستار ایدھی اپنا علاج کروانا چاہتے ہیں تو وہاں سہولیات فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔

    عبدالستار ایدھی نے شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ علاج و معالجے کیلئے مدد درکار ہوگی وہ ضرور بتائیں گے، عبدالستار ایدھی کاکہنا تھا کہ اگر وہ ایدھی فاؤنڈیشن کے قبرستان کیلئے سندھ حکومت سے زمین دلوادیں تو یہ ایک نعمت ہوگی ۔

    آصفہ بھٹو نے کہا کہ وہ اس معاملے میں ذاتی دلچسپی لیں گی اور وزیراعلیٰ سندھ سے بات کریں گی، آصفہ بھٹو زرداری کلفٹن میں واقع بلقیس ایدھی وومن فاؤنڈیشن کے بے سہارا اور لاوارث خواتین کے سینٹر بھی گئیں،جہاں انہوں نے خواتین اور بچوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔

    انہوں نے خواتین اور بچوں کیلئے افطاری کا انتظام بھی کیا اور خواتین و بچوں کے ساتھ روزہ افطار کیا،خواتین اور بچوں نے آصفہ بھٹو زرداری کے ساتھ تصویریں بھی بنوائیں۔

  • کراچی: گزشتہ رات اغوا ہونے والی تین سالہ بچی دعا سہراب گوٹھ سے بازیاب

    کراچی: گزشتہ رات اغوا ہونے والی تین سالہ بچی دعا سہراب گوٹھ سے بازیاب

    کراچی: گزشتہ رات فیڈرل بی ایریاکے علاقے سے رکشے ڈرائیور کے ہاتھوں اغواء ہونے والی تین سالہ بچی ’’دعا‘‘ سہراب گوٹھ سے بازیاب ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہری محمد نبی نے آج ایدھی ہیلپ لائن پر فون کر کے بچی کے ملنے اطلاع دی تھی، جس پر ایدھی رضا کار سہراب گوٹھ پہنچ کر متاثرہ بچی کو اپنی تحویل میں لے کر متعلقہ تھانے روانہ ہوگئے۔

    kid-post-12

    اس موقع پر ایدھی رضا کار اطلاع دینے والے شہری کو بھی اپنے ہمراہ لے کر سمن آباد تھانے پہنچے، بچی کی شناخت کے بعد پولیس حکام نے قانونی کارروائی مکمل کر کے متاثرہ بچی کو اس کے والدین کے حوالے کردیا۔

    kid-post-3

    واضح رہے گزشتہ روز عنبرین اپنی بیٹی کے دعا کے ہمراہ سرجانی ٹاؤن سے کلفٹن عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری دینے کے لئے نکلی تھی کہ فیڈرل بی ایریا بلاک 19 کے قریب رکشہ ڈائیور نے اچانک رکشہ خراب ہونے کا بہانہ  بناتے ہوئے گاڑی سے نیچے اترنے کا کہا تھا۔

    خاتون کے مطابق وہ جیسے ہی رکشے سے نیچے اتریں تو ڈرائیور نے اُن سے ریورات اور نقدی چھین لی، شور مچانے پر رکشہ ڈرائیور گاڑی میں بیٹھی بچی کو ساتھ لے کر بھاگ گیا۔

    اس موقع پر اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے جمع ہوکر  متاثرہ فیملی کے ہمراہ قریبی تھانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا، جس کے بعد وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام کو چوبیس گھنٹے کے اندر بچی کو بازیاب کروانے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    جس کے بعد گزشتہ رات پولیس کی ٹیم نے بچی کی بازیابی اور ملزم کی گرفتاری کے لئے  مختلف علاقوں نارتھ ناظم آباد، نصرت بھٹو کالونی، نیو کراچی اور بلال کالونی میں چھاپے مارے، مگر اُسے کامیابی حاصل نہیں ہوسکی تھی۔

     

  • ایدھی،چھیپا ٹرسٹ ڈکیتی میں ملوّث چھ ملزمان گرفتار

    ایدھی،چھیپا ٹرسٹ ڈکیتی میں ملوّث چھ ملزمان گرفتار

    کراچی : ساؤتھ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایدھی فاؤنڈیشن اور چھیپا ویلفیئر ٹرسٹ میں ڈکیتی میں ملوث چھ ملزمان کو گرفتارکرلیا گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایدھی فاؤنڈیشن سے لوٹی گئی ڈھائی کروڑ مالیت کی رقم، پرائزبانڈ اور زیورات برآمد ۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ساوتھ عبدالخالق شیخ نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے ایدھی فاونڈیشن ڈکیتی میں ملوث مرکزی ملزم جمشید خان کو کوہاٹ سے گرفتار کرلیا ہے جس کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کے لوٹے گئے پرائز بانڈز بھی برآمدہوئے ہیں،

    ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ ملزم جمشید خان کی نشاندہی پر دیگر ملزمان عمران اللہ خان ، محمد سلیم اورڈکیتی کا ماسٹر مائنڈ محمد علی کو گرفتار کرلیا ہے

    دوران تفتیش ملزم محمد علی کے دو ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا جو کہ چھیپا ویلفیئر ٹرسٹ میں ہونیوالی ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج پر بھی دیکھے گئے تھے۔

    گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک کروڑ سات لاکھ ستائس ہزار کے پرائز بانڈز ،تیرہ لاکھ پندرہ ہزار روپے نقدی ،چوبیس طلائی چوڑیاں،چار انگوٹھیاں،ایک لاکٹ اور ایک کان کا جھمکا برآمد ہوا ہے۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ ڈکیتی کے پانچ کروڑ روپے میں سے ڈھائی کروڑ روپے برآمد کرلئے ہیں مزید برآمدگی کیلئے ملزمان سے تحقیقات جاری ہے۔

    آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے ایدھی فاؤنڈیشن میں ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری پر پولیس پارٹی کو دس لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

  • عبدالستار ایدھی کا بھیک مشن کیمپ لگانے کا اعلان

    عبدالستار ایدھی کا بھیک مشن کیمپ لگانے کا اعلان

    کراچی: سماجی رہنما عبدالستار ایدھی نے اعلان کردیا ہے کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے اب پاکستانی عوام سے بھیک مانگے گئے اور اس لئے بھیک مشن کیمپ کے نام سے مشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    سماجی رہنما عبدالستار ایدھی نے بھیک مشن کیمپ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا کام ہے دکھی انسانیت کی خدمت کرنا اور انسانیت کو بچانے والے بھیک مانگنے کیلئے مجبور ہوگئے۔

    عبدالستار ایدھی کا کہنا تھا لٹیروں کے آگے ہار نہیں مانیں گے۔ انسانیت کی خدمت بھیک مانگ کر بھی کرینگے۔ بھیک مشن کیمپ پر ایدھی صاحب نے انسانیت کی خدمت کا جذبہ رکھنے والوں سے اپیل کی ہے کہ بھیک مشن میں اپنا حصہ ڈال کر مالی مدد کریں۔

    عبدالستار ایدھی کی جانب سے بھیک مشن کے آغاز کے بعد شہریوں نے ان کی دل کھول کر امداد کی تاکہ غریبوں اور بے سہارا افراد کی زیادہ سے زیادہ خدمت ہوسکے۔

  • ایدھی سینٹر ڈکیتی، مرکزی ملزم گرفتار سامان اور اسلحہ برآمد

    ایدھی سینٹر ڈکیتی، مرکزی ملزم گرفتار سامان اور اسلحہ برآمد

    کراچی: میٹھادر میں قائم ایدھی سینٹر میں ڈکیتی کرنے والے گروہ کا اہم اور مرکزی ملزم  پولیس نے کورنگی سے گرفتار کرلیا ہے، ملزم سے مسروقہ سامان اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ پولیس ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے سرگرم۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے آج کورنگی کے علا قے میں دوران کاروائی میٹھا در میں واقع ایدھی سینٹر میں ہونے والی ڈکیتی کے اہم اور مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کا دعوہ کیا ہے، پولیس کے مطابق ملزم مظہرعرف اکو سےلوٹی گئی کچھ رقم اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے ملزم سے تفتیش کی جارہی ہے اور امید ہے کہ پولیس جلد تمام ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

    پولیس نے گرفتاری کے حوالے سے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس نے ایک اہم اطلاع پر کورنگی کے علاقے زمان ٹاؤن میں کارروائی کرکے ایدھی سینٹر میٹھادر میں ڈکیتی کے مرکزی ملزم کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم 16 سال سے ڈکیتیوں کی کئی وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور کئی ماہ جیل میں بھی رہ چکا ہے، رواں برس اس نے ایدھی سینٹر کے علاوہ دیگر کئی وارداتیں بھی کی ہیں، ملزم نے مسروقہ سونے اور دیگر نقدی کے علاوہ اپنے دیگر ساتھیوں کی بھی نشاندہی کی ہے جس پر کارروائیاں جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ اتوار 8سے 10 ڈاکو میٹھا در میں واقع ایدھی سینٹر میں عبدالستار ایدھی اور دیگر عملے کو یرغمال بنا کر لاکھوں ڈالر سمیت کروڑوں روپے مالیت کی نقدی اور 5 کلو سونا لوٹ کر فرار ہوگئےتھے۔