Tag: ایران، سعودی عرب، یو اے ای

  • سعودی عرب: پاکستانی اداکارہ کو مستقل سکونت مل گئی

    سعودی عرب: پاکستانی اداکارہ کو مستقل سکونت مل گئی

    ریاض: پاکستانی اداکارہ زارا البلوشی کو سعودی عرب نے مستقل سکونت کا اجازت نامہ دے دیا۔

    خلیجی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں پیدا ہونے والی پاکستانی اداکارہ زارا البلوشی کو سعودی عرب میں 8 لاکھ ریال کے عوض مستقل سکونت مل گئی۔

    انھوں نے حال ہی میں مستقل طور پر سعودی عرب میں رہائش کا اجازت نامہ ملنے پر کہا ہے کہ وہ اب مملکت کو اپنا ’ابدی گھر‘ کہہ سکتی ہیں۔

    39 سالہ زارا البلوشی نے سعودی اسکولوں میں تعلیم حاصل کی اور وہ روانی سے عربی زبان بو لتی ہیں، انھوں نے سوشل میڈیا پر اپنے ’پریمیئم ریزیڈینسی کارڈ‘ کی تصویر بھی پوسٹ کی، انھیں سعودی سکونت 2019 میں لانچ کیے جانے والے ایک پروگرام کے تحت ملی ہے۔

    اس پروگرام کے تحت کسی سعودی شہری کی طرف سے اسپانسر کے بغیر غیر ملکی افراد ایک لاکھ ریال میں قابل تجدید سکونت بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

    سعودی عرب میں 2010 سے اداکاری کرنے والی زارا البلوشی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ مجھ پر اعتماد کرنے اور مستقل سکونت دینے کا شکریہ، میں اپنی خوشی بیان نہیں کر سکتی، میں سعودی عرب میں جینا اور مرنا چاہتی ہوں، خوشی ہے کہ اب میں کسی ویزا پابندی کے بغیر سعودی عرب سے کہیں بھی جا سکتی ہوں.

    میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ سعودی آرٹس اور سینما میں وہ قابل قدر اضافہ ثابت ہوں گی، واضح رہے کہ زارا البلوشی نے سعودی اور خلیج کے ’المیراث‘ اور ’ہیلو ہائے‘ جیسے ڈراموں میں کام کیا ہے۔

  • ایران کے سعودی عرب، یو اے ای کے ساتھ اچھے تعلقات سے سب کو فائدہ ہوگا، روسی صدر

    ایران کے سعودی عرب، یو اے ای کے ساتھ اچھے تعلقات سے سب کو فائدہ ہوگا، روسی صدر

    ماسکو: روسی صدر ولاد میر پیوٹن نے کہا ہے کہ ایران کے سعودی عرب، یو اے ای کے ساتھ اچھے تعلقات سے سب کو فائدہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق روسی صدر ولاد میر پیوٹن نے سعودی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور یو اے ای خود ایران کے ساتھ مسائل حل کرسکتے ہیں، ماسکو مثبت پیش رفت کی بھرپور کوشش کرے گا۔

    روسی صدر نے کہا کہ عالمی توانائی ایجنسی کہہ چکی ہے کہ ایران قوانین کی پاسداری کررہا ہے، ایران اور دیگر ممالک کے درمیان 2015 کے جوہری معاہدے پر اختلافات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مصر، اسرائیل کے ساتھ فری ٹریڈ معاہدے کررہے ہیں، ایران بھی حصہ ہے۔

    مزید پڑھیں: ایران سعودی کشیدگی کا حل، اسلام آباد مذاکرات کی میزبانی کو تیار ہے

    شام میں جاری کشیدگی پر پیوٹن کا کہنا تھا کہ شام میں داخلی کشیدگی پرامن طریقے سے حل ہونی چاہئے، سعودی عرب کے بغیر شام کے مسئلے کے بہتر حل پر پہنچنا ناممکن ہے، شام کے مسئلے کے حل کے لیے ایران اور ترکی سے مل کر کام کررہے ہیں۔

    روسی صدر نے کہا کہ ماسکوکے سعودی عرب اور یو اے ای سے اچھے تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان رابطے بڑھانے میں سعودی ولی عہد نے کردار ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ فوجی تعلقات کا آغاز محمد بن سلمان نے کیا، کوئی بھی چیز توانائی تجارت کے استحکام کے لیے خطرہ ہو اسے روکنا ہوگا، اوپیک کے ساتھ تعاون توانائی تجارت کے استحکام کے لیے تھا۔

    روسی صدر نے کہا کہ آرامکو تنصیبات پر حملے کی تحقیقات میں مدد کررہے ہیں۔