Tag: ایرانی حملوں

  • ایرانی حملوں کی قیمت تہران کے رہائشی ادا کریں گے، اسرائیلی وزیر دفاع کی  دھمکی

    ایرانی حملوں کی قیمت تہران کے رہائشی ادا کریں گے، اسرائیلی وزیر دفاع کی دھمکی

    اتل ابیب: اسرائیلی وزیر دفاع نے دھمکی دی ہے کہ ایرانی حملوں کی قیمت تہران کے رہائشی ادا کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیردفاع اسرائیل کاٹز نے تہران کے شہریوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی، ٹیلی گرام پر لکھا رات کو اسرائیل پر ہونے والے حملوں کا جواب تہران کے شہریوں سے لیا جائے گا اور وہ جلد اس کی قیمت چکائیں گے۔

    ایرانی سپریم لیڈر کا حوالہ دیتے ہوئے کاٹز نے لکھا تہران کا گھمنڈ کرنے والا ڈکٹیٹر ایک بزدل قاتل بن گیا ہے، جان بوجھ کر اسرائیل کے عام شہریوں کو نشانہ بنایا جو ایران کی کمزورہوتی صلاحیتوں کو ظاہر کرتی ہے۔ تہران کے باشندے جلد اس کی قیمت ادا کریں گے۔

    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں

    دوسری جانب اسرائیلی قومی سلامتی کے مشیر کا کہنا ہے ہم نے اپنے جو اہداف طے کیے ہیں اس کیلئے ہمیں امریکا کی ضرورت نہیں۔

    خیال رہے اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ 4 روزمیں ایران اسرائیل پر 370بیلسٹک میزائل فائر کر چکا ہے، ایران کی جانب سے سیکڑوں ڈرون بھی داغے گئے ، پیر کی صبح تک ایرانی حملوں میں 24اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں ، 592اسرائیلی زخمی ہوئے،10کی حالت نازک ہے۔

  • ایرانی حملوں سے اسرائیل میں بڑے پیمانے پر تباہی، تصاویر سامنے آگئیں

    ایرانی حملوں سے اسرائیل میں بڑے پیمانے پر تباہی، تصاویر سامنے آگئیں

    اسرائیل کی جانب سے وحشیانہ حملے کے جواب میں ایرانی حملوں میں تل ابیب میں بڑے پیمانے پر تباہی کی تصاویر سامنے آگئیں۔

    اسرائیل نے 13 جون بروز جمعہ باقاعدہ جنگ کا آغاز کرتے ہوئے ایران کے جوہری اور فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا تھا، جبکہ اسرائیل کی 200 جنگی طیاروں نے اس حملے میں حصہ لیا تھا۔

    اس حملے کے نتیجے میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی سمیت 4 اعلیٰ فوجی افسران اور 6 جوہری سائنسدان شہید ہوگئے۔

     

    ایران نے اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی ’وعده صادق 3‘ کا آغاز کرتے ہوئے اسرائیل کے مختلف مقامات پر میزائل حملے کیے، گزشتہ رات سے جاری حملوں میں اسرائیل کی کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں۔

    ایران کی جانب سے اسرائیل پر اب تک 150 سے زائد میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے، اسرائیلی میڈیا نے ان حملوں کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 اسرائیلی شہری ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

    ایران کی جانب سے داغے گئے کئی میزائل وسطی اسرائیل میں گرے، جن میں تل ابیب کے علاقے میں بڑے دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور کئی مقامات پر دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔

    ایرانی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملوں میں اشددود، تل ابیب، حیفہ اور بیرشیبا میں اسٹریٹیجک اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    ایرانی حملوں میں تل ابیب میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، مکانات گر گئے سیکڑوں گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں جس کی تصاویر باخبر ذرائع نے سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔

    دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران پر حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ایران کی میزائل تیاری کی صلاحیت کو مکمل تباہ کر دیں گے، ایران کے خلاف جاری کارروائیوں کا کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتے۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

  • ایران کے جوابی حملوں میں بچ جانے والے امریکی اہلکاروں کے اہم انکشافات

    ایران کے جوابی حملوں میں بچ جانے والے امریکی اہلکاروں کے اہم انکشافات

    بغداد : ایرانی حملوں میں بچ جانے والے امریکی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ بنکروں میں پانچ گھنٹے تک رہے، حملوں میں محٖفوظ رہنا معجزے سے کم نہیں ہے، بیلسٹک میزائل کے حملوں میں عین الاسد بیس کی مضبوط دیواروں، کنٹینرز اور دیگر سامان کو نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کی جانب سے عراق میں امریکی فوجی اڈون پر بمباری میں بچ جانے والے امریکی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ معجزانہ طور پر اس حملے میں محفوظ رہے۔

    امریکی فضائیہ کی افسر لیفٹیننٹ کرنل اسٹیکی کولیمین نے بتایا بیلسٹک میزائلوں سے حملہ واقعی حیران کن تھا، ان حملوں میں محٖفوظ رہنا معجزے سے کم نہیں ہے۔

    کینتھ گڈون نے کہا بنکروں میں پانچ گھنٹے تک رہے، حملے سے چند گھنٹے قبل ہی نوٹی فکیشن موصول ہوا تھا کہ بیس پر حملے کا خدشہ ہے اور تین گھنٹے بعد بمباری شروع ہوگئی، بیلسٹک میزائل کے حملوں میں عین الاسد بیس کی مضبوط دیواروں، کنٹینرز اور دیگر سامان کو نقصان پہنچا جب کہ فوجیوں کے زیر استعمال سائیکلز، فرنیچر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

    مزید پڑھیں :ایران نے امریکا پر جوابی وار کر دیا، فوجی اڈوں پر دو بڑے حملے، پینٹاگون کی تصدیق

    واضح رہے بغداد ائیرپورٹ پر امریکی فضائی حملہ میں ایران کی القدس فورس کے جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک ہوگئے تھے،جس کے بعد ایرانی حکومت نے امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

    جنرل سلیمانی کے قتل پر ایران نے امریکا پر جوابی وار کرتے ہوئے عراق میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر دو حملے کئے تھے، واشنگٹن نے بھی حملوں کی تصدیق کر دی تھی جبکہ ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا ایران کےعراق میں امریکی فوجی اڈوں پرمیزائل حملوں میں80افراد ہلاک ہوئے۔

    بعد ازاں عراق کے شہر بغداد میں دو امریکی فوجی اڈوں پر ایرانی میزائلوں کے حملوں کے بعد امریکی صدر نے ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا ایران سے عراق میں موجود 2 فوجی اڈوں پر میزائل داغے گئے ہیں، حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی اور انفرااسٹرکچر نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، فی الحال سب اچھا ہے۔