Tag: ایرانی زائرین

  • شاہ سلمان کا ایرانی عازمین حج سے متعلق بڑا اعلان

    شاہ سلمان کا ایرانی عازمین حج سے متعلق بڑا اعلان

    ریاض: سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ مملکت میں موجود ایرانی زائرین ایران میں حالات معمول پر آنے تک ان کے مہمان ہیں۔

    عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان نے جمعہ کے روز سعودی حکام کو حکم دیا ہے کہ مملکت میں پھنسے ہوئے ایرانی عازمین حج کو اس وقت تک ہر قسم کی ضروری مدد فراہم کی جائے جب تک ان کی محفوظ وطن واپسی یقینی نہ ہو۔

    شاہ سلمان نے کہا سعودی عرب میں موجود ایرانی زائرین ہمارے مہمان ہیں، ان کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنایا جائے، سعودی وزارت حج و عمرہ ایرانی زائرین کی ہر ممکن مدد کرے۔


    اسرائیل کا ایران پر حملہ، سعودی عرب کا سخت ردعمل آگیا


    شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے یہ ہدایت اسرائیلی حکام کی جانب سے ایران کے خلاف صبح سویرے فضائی حملے شروع کیے جانے کے فوراً بعد سامنے آئی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق پھنسے ہوئے ایرانی زائرین کو مدد فراہم کرنے کا منصوبہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بادشاہ کو پیش کیا تھا۔ وزارت حج و عمرہ کو اس بات کو یقینی بنانے کا کام سونپا گیا ہے کہ زائرین تمام ضروری تعاون حاصل کر سکیں۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے جمعہ کی صبح ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے، جس میں جوہری مقامات، جوہری سائنس دانوں اور فوجی سربراہوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری، اور 6 جوہری سائنس دان بھی شہید ہوئے ہیں۔

  • ایرانی زائرین کی پہلی پرواز عمرے کیلئے کب روانہ ہوگی؟ فیصلہ ہوگیا

    ایرانی زائرین کی پہلی پرواز عمرے کیلئے کب روانہ ہوگی؟ فیصلہ ہوگیا

    ایرانی زائرین کی پہلی پرواز عمرے کیلئے کب سعودی عرب روانہ ہوگی اس حوالے سے اہم فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی حج آرگنائزیشن کے سربراہ عباس حسینی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایرانی عمرہ زائرین کی پروازیں آئندہ منگل سے بحال کر دی جائیں گی۔

    عمرہ پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ سعودی وزارت حج اور ایرانی حج آرگنائزیشن کے درمیان مشاورت کے بعد سامنے آیا ہے، اس سلسلے میں مفاہمت کی یادداشت اور ضروری معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔

    آکاز نے ایرانی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ 550 ایرانی زائرین کا پہلا قافلہ منگل 19 دسمبر کو سعودی عرب کے لئے روانہ ہوجائے گا۔

    سعودی عرب میں 10 لاکھ نئی ملازمتیں ۔۔۔

    انہوں نے کہا کہ عازمین سعودی عرب میں ’طے شدہ پروگرام کے مطابق 10 روز قیام کریں گے‘۔ وہ پانچ دن مدینہ اور پانچ دن مکہ مکرمہ میں رہیں گے۔

    واضح رہے کہ رواں سال کے آخر تک 70 ہزار ایرانی عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچ کر عمرے کی ادائیگی کریں گے۔

  • ایرانی زائرین کی بس ٹرک سے ٹکرا گئی، 9 افراد جاں بحق

    ایرانی زائرین کی بس ٹرک سے ٹکرا گئی، 9 افراد جاں بحق

    عراق میں ایرانی زائرین کی بس افسوسناک حادثے کا شکار ہوگئی، زائرین کی بس ٹرک سے ٹکرانے کے باعث 9 ایرانی زائرین لقمہ اجل بن گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عراقی حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی زائرین بس کے حادثے میں 9 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہوئے ہیں۔

    حکام کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 8 زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے، جنہیں اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق پیر کے روز ایرانی زائرین کی بس اربعین حسینی میں شرکت کے لئے عراق کے شہر کربلا جا رہی تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی۔

    دوسری جانب عراقی حکومت نے اربعین (حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کے چالیسویں) کے موقع پر پاکستانی زائرین اور مسافروں کی سہولت کیلئے اہم اقدامات کیے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق اربعین کے دوران پاکستانی زائرین کا کوٹہ ایک لاکھ مقرر کردیا گیا۔ اس دوران زائرین کو بغیر کسی فیس کے 30 دن کیلئے ویزا جاری کیا جائے گا۔

  • ایران نے پاکستانی زائرین کو تفتان گیٹ پر بے یار و مددگار چھوڑ دیا

    ایران نے پاکستانی زائرین کو تفتان گیٹ پر بے یار و مددگار چھوڑ دیا

    کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر چاغی نے کہا ہے کہ ایرانی حکام سے گزارش کی گئی تھی کہ زائرین کو تفتان میں لا کر نہ چھوڑا جائے، تاہم ایرانی حکام کی جانب سے پاکستانی زائرین کو مسلسل واپس بھیجا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے زائرین کی واپسی جاری ہونے کی تصدیق کر دی ہے، انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستانی زائرین روزانہ کی بنیاد پر آ رہے ہیں اور ان پر پابندی نہیں لگائی گئی، ایران حکومت سے درخواست کی گئی تھی کہ واپس آنے والوں کو 14 دن قرنطینہ میں رکھیں لیکن زائرن کو قرنطینہ میں رکھے بغیر واپس بھجوایا جا رہا ہے۔

    ڈی سی چاغی آغا شیر زمان کا کہنا تھا کہ ہماری گزارش پر ایرانی حکام نے جواب دیا کہ ہم پاکستانیوں کو واپس بھیج رہے ہیں، زائرین کو تفتان گیٹ پر لا کر تنہا چھوڑ دیا جاتا ہے، ایرانی حکام سے اس بارے میں احتجاج بھی ریکارڈ کرایا گیا، صورت حال سے اعلیٰ حکام کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے، جمعرات کو بھی ایران سے آئے 100 زائرین کو قرنطینہ منتقل کر دیا گیا۔

    ادھر ترجمان بلوچستان حکومت نے بھی کہا کہ بہتر یہی ہوتا کہ ایران سے قرنطینہ کلیئرنس کے بعد زائرین کو واپس بھیجاجاتا، تاہم اس کے بغیر ہی ایرانی حکومت نے پاکستانیوں کو پاسپورٹ پر ایگزٹ اسٹیمپ لگا کر بارڈر بھیجنا شروع کر دیا۔ لیاقت شاہوانی نے کہا ایرانی بارڈر پر پاکستانیوں کے پاس کھانے پینے کی سہولت کا بھی فقدان تھا، بلوچستان حکومت کے پاس زائرین کو واپس آنے دینے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ صورت حال کا جائزہ لے کر ہی پاکستانی زائرین کو آنے کی اجازت دی گئی، واپس آنے والے پاکستانیوں کو دیگر صوبوں کے قرنطینہ سینٹر میں بھجوایا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ تفتان بارڈر سیل ہے، اس کے باوجود زائرین کی وطن واپسی جاری ہے، جس سے بارڈر سیل کے مقصد پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ خیال رہے کہ معاون خصوصی ظفر مرزا نے بتایا تھا پاکستان میں 78 فی صد کرونا مریض ایران سے آئے زائرین ہیں۔

  • ’ایرانی زائرین کے لیے فیری سروس سیکیورٹی خدشات پر شروع نہیں کی گئی‘

    ’ایرانی زائرین کے لیے فیری سروس سیکیورٹی خدشات پر شروع نہیں کی گئی‘

    اسلام آباد: پاکستان نے ایران اور عراق جانے والے زائرین کو فیری سروس فراہم کرنے کی سمری منظوری کے لیے وزیراعظم ہاؤس ارسال کردی مگر سیکیورٹی خدشات کی بنا پر فی الحال سروس نہیں شروع کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق  سینیٹ کی قائم کمیٹی برائے میری ٹائم افیئرز کا اجلاس سینیٹر نزہت صادق کی زیر صدارت ہوا جس میں وزارت دفاع، داخلہ، دفترخارجہ،ایف بی آرسمیت کئی اسٹیک ہولڈرز شامل ہوئے۔

    کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے نیشنل شپنگ کارپوریشن کے حکام نے بتایا پاکستان سے ایران و عراق جانے والے زائرین کو سستی اور معیاری فیری سروس فراہم کرنے کا فیصلہ ہوا تھا جس کی سمری منظوری کے لیے وزیراعظم ہاؤس ارسال کی جاچکی۔

    مزید پڑھیں: پاکستان کا پہلا فیری سروس لائسنس پی این ایس سی کو جاری

    حکام کے مطابق  پہلےمرحلےمیں کراچی،گوادرسے ایران تک فیری سروس چلائی جائےگی جبکہ دوسرے مرحلے میں سروس عراق تک شروع کی جائے گی۔

    نیشنل شپنگ کارپوریشن کے حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے سروس کے آغاز کی منظوری نہیں ہوسکی، منصوبے کے لیے وفاقی کابینہ سےمنظوری ملناضروری ہے۔

    اسلام آباد میں دی جانے والی بریفنگ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ  ایرانی حکام نے پاکستان کی تجویز کے بعد سروس کے آغاز پر اتفاق کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی:‌ ڈیفنس سے پورٹ قاسم تک فیری چلانے کا اعلان

    علاوہ ازیں گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین نے کمیٹی کو بندرگاہ کی ترقی میں پیشرفت پربریفنگ دی جس میں بتایا کہ گوادر میں پانی و بجلی کے مسائل حل نہیں ہوسکے جبکہ پورٹ ابھی تک فائبر آپٹک سے منسلک بھی نہیں، جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا مسائل جوں کے توں ہی رہیں گے۔

    گوادر ڈیلویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ بجلی ایران سے درآمدکی جارہی ہے جبکہ  گوادر کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنا بہت مہنگا منصوبہ ہے۔

    اسے بھی پڑھیں: پاکستان اور ایران مسافر ٹرین چلانے پر متفق


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔