اسلام آباد : پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ایرانی صدر کی شاندار میزبانی پر پاکستانی حکومت و عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے صدرِ ایران کے حالیہ کامیاب اور تاریخی دورۂ پاکستان پر حکومتِ پاکستان، عوام اور تمام ریاستی اداروں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا ہے۔
ایرانی سفیر نے اپنے بیان میں کہا کہ "پاکستان ایک دوست، برادر اور ہمسایہ ملک ہے” اور صدرِ ایران کے دورے کے دوران پاکستانی قیادت اور عوام کی جانب سے جو محبت، خلوص اور گرمجوشی دیکھنے کو ملی، وہ قابلِ تعریف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس دورے کو یادگار اور تاریخی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کی پرتپاک میزبانی بھی شکریے کی مستحق ہے۔
I would like to express my sincere gratitude to the Government and nation of the friendly, brotherly, and neighboring country of Pakistan for the warm and generous hospitality extended to the delegation of the President of the Islamic Republic of Iran.
In particular, I offer my… pic.twitter.com/7EuniZJyqj
— Reza Amiri Moghadam (@IranAmbPak) August 4, 2025
ایرانی سفیر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شرکت اور ان کے مثبت کردار کو دورے کی کامیابی کا اہم عنصر قرار دیتے ہوئے ان کی گہری قدر دانی کی۔
اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزارتِ خارجہ کے عملے کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کو بھی سراہا۔
سفیر رضا امیری نے نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے لاہور میں دی گئی گرمجوش میزبانی پر بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 12 اہم مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے، جن میں تجارت، انفراسٹرکچر، ثقافت اور دیگر شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات تاریخی، ثقافتی اور تزویراتی بنیادوں پر قائم ہیں، اور یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے ایک نئے اور مضبوط باب کا آغاز ثابت ہوگا۔