Tag: ایرانی صدر

  • ایران اپنی سالمیت اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، حسن روحانی

    ایران اپنی سالمیت اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، حسن روحانی

    نیویارک: ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران اپنی سالمیت اور خود مختاری پرکوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

    تفصیلات کےمطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے عالمی معیشت میں ایران کے کردار کو محدود کردیا ہے، ایران، کیوبا، وینزویلا، چین، روس پر پابندیاں جرم کے زمرے میں آتی ہیں۔

    ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکی پابندیوں کو جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا ایران سمیت کئی ملکوں پر یہ جرائم، مجرموں کو کبھی نہیں بھولے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ایران اپنے پڑوسی ملکوں کے ساتھ مکمل امن چاہتا ہے، مشرق وسطیٰ میں آگ لگی ہوئی ہے، امریکا سلامتی کونسل کی بات مانتا ہے نہ احترام کرتا ہے، امریکا سلامتی کونسل کے فیصلے تسلیم نہیں کرتا ہے۔

    مزید پڑھیں: قیام امن کے لیے اقوام متحدہ میں علاقائی تعاون کا منصوبہ پیش کریں گے، حسن روحانی

    حسن روحانی نے کہا کہ امریکا نے معاہدے توڑے پھر مذاکرات کی بات کرتا ہے، امریکا کچھ بھی کہے یورپ کے ساتھ جوہری معاہدے پر عمل کررہے ہیں۔

    ایرانی صدر نے کہا کہ امریکا کو معلوم ہونا چاہئے کہ ایران ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل حسن روحانی کا کہنا تھا کہ خلیج میں موجود غیرملکی افواج خود کو ایرانی مفادات سے دور رکھیں، اگر غیرملکی افواج مخلص ہیں تو وہ علاقے کو ہتھیاروں کی دوڑ کا مرکز بنانے سے گریز کریں، آپ کی موجودگی ہمیشہ تکلیف اور مشکلات کا سبب بنتی ہے۔

  • قیام امن کے لیے اقوام متحدہ میں علاقائی تعاون کا منصوبہ پیش کریں گے، حسن روحانی

    قیام امن کے لیے اقوام متحدہ میں علاقائی تعاون کا منصوبہ پیش کریں گے، حسن روحانی

    تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ قیام امن کے لیے اقوام متحدہ میں علاقائی تعاون کا منصوبہ پیش کریں گے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی سالانہ فوجی پریڈ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیرملکی افواج ہمارے عوام اور خطے میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کرتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ خلیج میں موجود غیرملکی افواج خود کو ایرانی مفادات سے دور رکھیں، اگر غیرملکی افواج مخلص ہیں تو وہ علاقے کو ہتھیاروں کی دوڑ کا مرکز بنانے سے گریز کریں، آپ کی موجودگی ہمیشہ تکلیف اور مشکلات کا سبب بنتی ہے۔

    ایرانی صدر نے غیرملکی افواج پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے علاقے سے جتنا دور رہیں گے اتنا ہی یہاں امن و سکون ہوگا۔

    مزید پڑھیں: امریکا نے ایران کے مرکزی بینک پر پابندی عائد کردی

    حسن روحانی نے کہا کہ آنے والے دن میں ایران اقوام متحدہ میں قیام امن کا منصوبہ پیش کرنے جارہا ہے اور اس تاریخی موقع پر ہم اپنے ہمسایوں کی جانب دوستی اور بھائی چارے کا ہاتھ بڑھاتے ہیں۔

    واضح رہے کہ 14 ستمبر کو سعودی تیل کی تنصیبات پر ڈرون حملوں کے بعد سے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، امریکا اور سعودی عرب نے حملوں کا الزام ایران پر عائد کیا ہے جبکہ ایران نے اس کی تردید کی ہے۔

    یاد رہے کہ سعودی تیل تنصیبات پر حملے کی ذمہ داری یمن کے حوثی باغیوں نے قبول کی تھی تاہم سعودی حکام نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یہ حملہ شمال کی جانب سے ہوا ہے۔

  • ایران سے جنگ تمام جنگوں پر بھاری ہوگی، صدر حسن روحانی

    ایران سے جنگ تمام جنگوں پر بھاری ہوگی، صدر حسن روحانی

    تہران : ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ خطے میں اپنے فوجیوں کے لیے امن چاہیے تو سلامتی کے بدلے سلامتی ہو، ہماری سیکورٹی متاثر کر کے اپنے تحفظ کی توقع کرنا بے کار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نےایران اور امریکا کے درمیان جاری برسوں کی کشیدگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے امریکا کو متنبہ کیا ہے کہ ایران سے جنگ تمام جنگوں پر بھاری ہوگی۔

    ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ خطے میں اپنے فوجیوں کے لیے امن چاہیے تو سلامتی کے بدلے سلامتی ہو، ہماری سیکورٹی متاثر کر کے اپنے تحفظ کی توقع کرنا بے کار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امن کے بدلے امن، تیل کے بدلے تیل کا فارمولہ ہے، جھوٹے دعوے مت کرو، سیکورٹی کے بدلے ہی سیکورٹی ملے گی، امریکا اگر ایران سے مذاکرات چاہتا ہے تو تمام پابندیاں اٹھانا ہوں گی۔

    ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اگر پابندیاں اٹھالیں تو امریکا کو مجرم تصور نہیں کیا جائے گا۔

    ایران امریکی پابندیوں کے مقابلے میں پختہ عزم کے ساتھ کھڑا ہے،حسن روحانی

    یاد رہے کہ اس سے قبل ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ دنیا کی سب سے بڑی اقتصادی اور فوجی قوت نے گزشتہ 14 ماہ سے ایران کے عوام کے خلاف سخت ترین اقتصادی پابندیاں عائد کررکھی ہیں۔

    حسن روحانی نے کہا کہ امریکیوں کو اپنے اختیار کردہ ہر طریقے سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، خطے میں اس کی مذمت کی جاری رہے گی۔

  • ایران امریکی پابندیوں کے مقابلے میں پختہ عزم کے ساتھ کھڑا ہے،حسن روحانی

    ایران امریکی پابندیوں کے مقابلے میں پختہ عزم کے ساتھ کھڑا ہے،حسن روحانی

    تہران: ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی اقتصادی اور فوجی قوت نے گزشتہ 14 ماہ سے ایران کے عوام کے خلاف سخت ترین اقتصادی پابندیاں عائد کررکھی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے شمالی صوبے خراسان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران امریکی پابندیوں کے مقابلے میں پختہ عزم کے ساتھ کھڑا ہے۔

    حسن روحانی نے کہا کہ امریکیوں کو اپنے اختیار کردہ ہر طریقے سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، خطے میں اس کی مذمت کی جاری رہے گی۔

    ایرانی صدر نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی اقتصادی اور فوجی قوت نے گزشتہ 14 ماہ سے ایران کے عوام کے خلاف سخت ترین اقتصادی پابندیاں عائد کررکھی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ان 14 مہینوں کے دوران میں ایرانی عوام عزم واستقلال کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور امریکیوں کو اپنے اختیار کردہ ہر طریقے سے شکست ہی ہوئی ہے۔

    ایرانی صدر نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ پابندیوں کے باوجود ایران کے غیرملکی قرضے میں 2017ء کے بعد تقریباََ پچیس فی صد تک کمی واقع ہوچکی ہے۔

  • دھمکیاں تمہارے گلے نہ پڑجائیں، ٹرمپ کی ایرانی صدر کو دھمکی

    دھمکیاں تمہارے گلے نہ پڑجائیں، ٹرمپ کی ایرانی صدر کو دھمکی

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی ہم منصب کو دھمکی دیتے ہوئےکہا ہے کہ دھمکیوں کی سیاست کے نتائج پرخبردار رہو یہ تمہارے گلے پڑ سکتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی طرف سے دی جانے والی دھمکیوں کا سخت الفاظ میں جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی دھمکیاں خود ایرانی لیڈروں کے گلے پڑ سکتی ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ٹویٹر پر پوسٹ کی گئی ٹویٹس میں امریکی صدر نے اپنے ایرانی ہم منصب حسن روحانی کو مخاطب کرکے کہا کہ دھمکیوں کی سیاست کے نتائج پرخبردار رہو یہ تمہارے گلے پڑ سکتی ہیں۔

    دونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے کہاکہ 2015ءمیں طے پائے جوہری معاہدے کے بعد یورینیم کی افزودگی میں اضافہ کرچکے ہیں اور اس میں مزید اضافہ کریں گے، اگر ایران ایسا کرتا ہے تو یہ اس کی سنگین غلطی ہوگی۔

    ٹرمپ کے مطابق میں نے ایرانیوں کو صاف الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ روحانی کا یہ بیان کہ وہ یورینیم کی افزودگی جاری رکھیں گے انتہائی احمقانہ ہے۔ میں کہتا ہوں کہ ایران دھمکیوں کی سیاست سے باز آئے۔ ہوسکتا ہے کہ یہ دھمکیاں خود ایرانیوں کے لیے وبال جان بن جائیں۔

  • کسی ملک کے خلاف جنگ نہیں چھیڑیں گے: حسن روحانی

    کسی ملک کے خلاف جنگ نہیں چھیڑیں گے: حسن روحانی

    تہران: امریکا سے شدید کشیدگی کے پیش نظر ایرانی صدر حسن روحانی نے واضح کیا ہے کہ کسی ملک کے خلاف جنگ نہیں چھیڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کی جانب سے ایک دوسرے پر سنگین الزامات عائد کیے جارہے ہیں، جبکہ عمان میں آئل ٹینکرز پر حملے کی ذمے داری بھی ایران پر عائد کی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک کسی ریاست کےخلاف جنگ نہیں چھیڑے گا۔

    منگل کو سرکاری ٹی وی پر براہ راست نشر ہونیوالے خطاب میں ایرانی صدر حسن روحانی نے باہمی مشاورت کے ذریعے معاملے کے حل پر زور دیا۔

    دوسری جانب یورپی یونین میں خارجہ پالیسی کی رابطہ کار فیڈریکا موگرینی نے کہا ہے کہ یمن، شام اور دیگر علاقوں میں ایران کی مداخلتیں غیر مثبت ہیں۔

    موگرینی نے ایران کے ساتھ کشیدگی میں اضافے پر یورپی یونین کی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت حالات کو پرسکون بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔

    امریکا کا مشرقی وسطیٰ میں مزید فوجی اہلکار بھیجنے کا اعلان، چین کا انتباہ

    موگرینی کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تک ایران نے ہماری توقعات کے مطابق جوہری معاہدے کی پاسداری کی ہے، اس سلسلے میں ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کی آئندہ رپورٹ کا انتظار ہے۔

    دوسری جانب امریکا نے مزید ایک ہزارفوجی مشرق وسطی بھیجنے کا اعلان کردیا ہے، قائم مقام امریکی وزیردفاع پیڑک شناہن کا کہنا ہے مزید فوجیوں کی تعیناتی کا فیصلہ ایرانی فوج کے جارحانہ رویے کے بعد کیا، ایران سے تصادم نہیں چاہتے، اضافی فوجیوں کی تعیناتی کا مقصد خطے میں موجود امریکی اہلکاروں اور مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

    امریکی نائب وزیردفاع پیٹرک نے ایک بیان میں کہا تھا کہ سینٹرل کمانڈ کی درخواست پرعمل درآمد کرتے ہوئے مزید ایک ہزار فوجیوں کو مشرق وسطیٰ میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ خطے میں فضائی، بری اور بحری خطرات سے نمٹنے میں مدد لی جاسکے۔

  • جاپانی وزیراعظم تہران پہنچ گئے، امریکا ایران تنازعہ زیرِغور آئے گا

    جاپانی وزیراعظم تہران پہنچ گئے، امریکا ایران تنازعہ زیرِغور آئے گا

    تہران: جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے، جہاں وہ امریکا ایران تنازعے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق جاپانی وزیراعظم شینزو آبے اپنے دو روزہ دورے پر تہران پہنچ گئے، دورے کا مقصد ایران اور امریکا کے مابین جاری کشیدگی میں کمی لانا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپانی وزیراعظم ایران میں ملکی صدر حسن روحانی سے خصوصی ملاقات کریں گے، دریں اثنا دیگر حکومتی عہدیداروں سے ملیں گے۔

    جاپانی وزیراعظم اپنے خصوصی دورے پر ایران پہنچے ہیں، امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے شنزو آبے ثالثی کی پیش کش کرسکتے ہیں۔

    شنزو آبے جاپان کے ایسے پہلے وزیراعظم ہیں، جو گزشتہ اکتالیس برسوں کے دوران اس ملک کا دورہ کر رہے ہیں۔ وہ آج سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کریں گے۔

    خیال رہے کہ جاپان امریکی پابندیوں سے پہلے تک ایرانی تیل کا ایک اہم خریدار رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ تہران اور واشنگٹن کے مابین ثالث کا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔

    شمالی کوریا تنازعہ، صدر ٹرمپ کی جاپانی وزیراعظم سے جلد ملاقات متوقع

    جاپانی وزیراعظم کے ایران پہنچے پر عوام کا ایک طبقہ سخت ناراض ہے، وہ چاہتے ہیں کہ امریکا سے مذاکرات کسی صورت نہیں ہونی چاہیے نہ ہی جاپانی وزیراعظم کی ثالثی قبول ہوگی۔

    شنزو آبے کے ایران ایئرپورٹ پہنچے پر حسن روحانی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا، البتہ وہاں موجود درجنوں طالب علموں نے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا تھا۔

  • امریکا عالمی اصولوں کی پاسداری کرے، تو مذاکرات کے لیے تیارہیں،ایرانی صدر

    امریکا عالمی اصولوں کی پاسداری کرے، تو مذاکرات کے لیے تیارہیں،ایرانی صدر

    تہران : ایرانی صدر نے امریکی دھمکیوں پر دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا بات چیت کے لیے کوئی حکم جاری کرتا ہے تو پھر اس سے کوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا کو پیش کش کی ہے کہ اگر وہ بین الاقوامی اصولوں کی پاسداری کرے اور احترام کا مظاہرہ کرے تو ایران اس کے ساتھ مذاکرات پر آمادہ ہوسکتا ہے لیکن اس پر مذاکرات کے لیے دبا نہیں ڈالا جاسکتا۔

    ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق صدر حسن روحانی نے ایک بیان میں کہا کہ اگر دوسرا فریق مذاکرات کی میز پر احترام سے بیٹھے اور بین الاقوامی قواعد وضوابط کی پاسداری کرے تو ہم دلیل و منطق اور مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن اگر وہ بات چیت کے لیے کوئی حکم جاری کرتا ہے تو پھر اس سے کوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

    یاد رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کرچکا ہے، دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر سنگین الزامات عائد کیے جارہے ہیں، جبکہ دھمکیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا کہ اگر امریکی مفادات کو ٹھیس پہنچی تو ایران کو سنگین تنائج بھگتنا ہوں گے۔

    دوسری جانب گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کی سمندری حدود میں سعودی تیل بردار جہازوں پر حملے پر عالمی سطح پر شدید تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ ان حملوں کا الزام بھی ایران پر عائد کیا جارہا ہے، گزشتہ روز فجیرہ کی بندرگاہ کے قریب سعودی عرب سے امریکا جانے والے دو آئل ویسلز پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں وہ تبا ہ ہوگئے تھے۔

  • ایران عظیم تر ہے، اس کو ڈرایا دھمکایا نہیں جاسکتا: حسن روحانی

    ایران عظیم تر ہے، اس کو ڈرایا دھمکایا نہیں جاسکتا: حسن روحانی

    تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران عظیم تر ہے، اس کو ڈرایا دھمکایا نہیں جاسکتا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کرچکا ہے، دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر سنگین الزامات عائد کیےجارہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ عظیم تر ہے اور اس کو کوئی ڈرا دھمکا نہیں سکتا، ہم اس مشکل دور کو بھی وقار سے گزار لیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ صورت حال میں ہمارے سر فخر سے بلند ہوں گے اور دشمن کو شکست ہوگی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی حکومت کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر حسن روحانی سنی علماء سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔

    انھوں نے کہا کہ ان شاءاللہ ہم اس مشکل دور کو بھی وقار سے گزار لیں گے ،ہمارے سر فخر سے بلند ہوں گے اور دشمن کو شکست ہوگی۔

    دوسری جانب امریکی فوج نے ایران کے ساتھ کشیدگی اور ممکنہ محاذ آرائی کے خدشے کے پیش نظر بی52 جنگی طیاروں کے بعدایف 15 اور ایف 35 جہاز بھی خلیجی ملکوں کے اڈوں پر پہنچا دیئے ہیں۔

    امریکا ایران کشیدگی، جدید جنگی طیارے بھی خلیج پہنچا دیئے

    خیال رہے کہ امریکی فضائیہ کی جانب سے قطر میں موجود امریکی فوجی اڈے پر بی 52 ایچ طیاروں کی موجودگی کی تصاویر جاری کی گئی تھیں۔ امریکی فضائیہ کا کہنا تھا کہ بمبار طیارے جنوب مغربی ایشیائی ملکوں میں بھی پہنچ گئے ہیں تاہم ان کے ٹھکانوں کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔

  • ایرانی صدرحسن روحانی کے بھائی کو بدعنوانی کے جرم میں قید کی سزا

    ایرانی صدرحسن روحانی کے بھائی کو بدعنوانی کے جرم میں قید کی سزا

    تہران:ایرانی صدر حسن روحانی کے بھائی حسین فریدون کو بدعنوانی کے جرم کے تحت سزا سنا دی گئی ،تاہم ایرانی صدرحسن روحانی کے حامیوں نے کہاہے کہ یہ کیس سیاسی محرکات پر مبنی تھا۔

    ایرانی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق صدر حسن روحانی کے بھائی اور ان کے قریبی ساتھی حسین فریدون کو سزا سنا دی گئی ہے۔ ان پر بدعنوانی کے الزامات عائد کیے گئے تھے تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ کس قسم کی کرپشن میں ملوث تھے۔ایران سے موصول ہونے والی ان خبروں میں یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ ان کو کتنی طویل سزا سنائی گئی ہے۔

    عدالتی ذرائع کے مطابق اس شخص (حسین فریدون) پر عائد کیے گئے کچھ الزامات ثابت نہیں ہوئے تاہم کچھ الزامات ثابت بھی ہوئے، جس کی وجہ سے انہیں سزا سنائی گئی ہے۔

    عدالتی ذرائع نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ وہ کون سے الزامات تھے جبکہ انہیں کتنی طویل سزا سنائی گئی ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وہ اپیل کے لیے رجوع کرنے کے مجاز ہیں۔

    میڈیا رپورٹوں کے مطابق فریدون پر2016 میں مالی خرد برد کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ تب کہا گیا تھا کہ ایرانی عدلیہ میں کٹر نظریات کے حامل عناصر نے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی ہے۔اس تناظر میں صدر حسن روحانی کے حامیوں کا کہناتھا کہ یہ الزامات سیاسی نوعیت کے تھے، جن کو بنیاد بنا کر ملکی اعتدال پسند افراد کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ اس طرح صدر روحانی پر دباؤڈالنے کی کوشش کی گئی تھی۔

    فریدون کو 2016 میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم وہ ایک رات کی قید کے بعد ضمانت پر رہا کر دیے گئے تھے۔ ان کے خلاف باقاعدہ عدالتی کارروائی کا آغاز رواں برس فروری میں ہی کیا گیا تھا۔