Tag: ایرانی فوج

  • ایرانی فوج نے برطانوی بحریہ کے جہاز کو خلیج فارس میں داخلے سے روک دیا

    ایرانی فوج نے برطانوی بحریہ کے جہاز کو خلیج فارس میں داخلے سے روک دیا

    تہران: ایرانی فوج  نے برطانوی بحریہ کے ڈسٹرائیر جہاز کو خلیج فارس میں داخلے سے روک دیا۔

    ایرانی میڈیا تہران ٹائمز کے مطابق ایرانی فوج  نے برطانوی بحریہ کے ڈسٹرائیر جہاز کو خلیج فارس میں داخلے سے روک دیا ہے، ایرانی بحریہ کے ڈرونز نے برطانوی جنگی بحری جہاز کے قریب پروازیں بھی کیں۔

    ایرانی میڈیا کا کہنا ہے برطانوی بیڑے کو خلیج فارس میں داخلے سے روکنے کیلئے وارننگ بھی دی گئی تھی۔

    ایرانی فوج کا کہنا ہے وہ برٹش نیوی کے جہاز کو بحر ہند میں داخلے کے وقت سے ہی مانیٹر کررہی تھی، برطانیہ کا مقصد اسرائیلی میزائلوں کی رہنمائی کیلئے اپنا جنگی بحری جہاز خلیج فارس لانا چاہتا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/uk-moves-warplanes-to-middle-east-amid-iran-crisis/

    خیال رہے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کی صورتحال ہے اور ایران کو مغربی ممالک بشمول برطانوی بحریہ کی جانب سے بھی حملے کا خدشہ ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر مزید جنگی طیارے اور فوجی اثاثے بھیجنے کا اعلان کردیا ہے۔

    وزیراعظم کے ترجمان نے بتایا برطانیہ خطے میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کررہا ہے، برطانوی اڈوں سے ری فیولنگ طیارے روانہ کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید جنگی طیارے بھی جلد بھیجے جائیں گے۔

    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تمام خبریں

  • اسرائیل کی کسی بھی حماقت کا تباہ کن جواب دیا جائے گا، پاسداران انقلاب

    اسرائیل کی کسی بھی حماقت کا تباہ کن جواب دیا جائے گا، پاسداران انقلاب

    پاسداران انقلاب کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ وہ اسرائیل کے کسی بھی دشمنانہ اقدام کے جواب کے لیے پوری طرح سے تیار ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ انگلی بندوق کے لبلبے”ٹریگر” پر ہے اور کسی بھی دشمن کے جارحانہ اقدام کے جواب میں فیصلہ کن رد عمل دیا جائے گا، جو تصور سے بھی بڑھ کر ہو گا۔

    رپورٹس کے مطابق پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ یہ جواب صرف خیالی حملہ آوروں کو شدید پشیمان نہیں کرے گا، بلکہ اس سے تزویراتی طاقت کا توازن حق کے محاذ کی طرف اور صہیونی ایجنٹ کے خلاف تبدیل ہوجائے گا۔

    ایرانی فوج کی جنرل اسٹاف کمیٹی نے بھی کل اسرائیل کو خبردار کیا تھا کہ ملک کے خلاف کسی بھی ”غلط اقدام” پر سختی اور قوت کے ساتھ ردعمل دیا جائے گا۔

    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا جمعرات کے روز زور دے کر کہنا تھا کہ ان کا ملک اسرائیلی حملے کا بھرپور جواب دے گا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اگر اسرائیل نے جوہری تنصیبات پر حملہ کیا تو ایران اس حملے کو قانونی طور پر امریکہ کی شراکت تصور کرے گا، اور اسے اس کے نتائج کا ذمہ دار ٹھہرائے گا۔

    ساتھ ہی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل علی محمد نائینی کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ اسرائیل کی کسی بھی حماقت کا فوری تباہ کن جواب دیا جائے گا۔

    یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکی اور اسرائیلی ذرائع کے مطابق تل ابیب اس صورت میں ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کا منصوبہ بنا رہا ہے، جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوجائیں۔

    واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جوہری مذاکرات کا پانچواں دور اٹلی کے شہر روم میں شروع ہو گیا ہے جس میں ایران کی 60 فیصد یورینیم افزودگی پر امریکا نے سخت ردعمل دیا ہے۔

    امریکا نے ایران سے تمام یورینیم افزودگی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور وزیرخارجہ نے واضح کیا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنا اولین ترجیح ہے۔

    جوہری تنصیبات پر کسی بھی اسرائیلی حملے کا ذمہ دار امریکا ہو گا، ایران

    ایران نے یورینیم افزودگی کو قومی خودمختاری کا مسئلہ قرار دیا ہے۔ ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ یورینیم افزودگی کو ترک نہیں کریں گے یہ ہماری ریڈلائن ہے، یورینیم افزودگی کرنے سے روکا جائے گا تو کوئی معاہدہ نہیں ہوگا۔

  • اسرائیل نے ایران کے 3 صوبوں میں فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا، ایرانی فوج

    اسرائیل نے ایران کے 3 صوبوں میں فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا، ایرانی فوج

    ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے3 صوبوں میں فوجی اڈوں پرحملے کیے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی فوج کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے 3 صوبوں میں فوجی اڈوں پر حملے کیے، ایلام، خوزستان اور تہران میں کیے گئے اسرائیلی حملوں میں محدود نقصان پہنچا ہے۔

    ایرانی افواج کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے اسرائیلی حملے میں ہونے والے نقصان کومحدود کیا۔ اسرائیل کو اس کے مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا گیا۔

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر حملوں میں استعمال میزائل تیاری کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملے کئے گئے ہیں، جس سے متعدد عمارتوں میں آتشزدگی سے متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔

    ایرانی سرکاری میڈیا نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران زور دار دھماکوں سے گونج اٹھا۔ تہران کے مغربی علاقے میں متعدد دھماکے ہوئے ہیں جبکہ دمشق کے وسطی علاقے میں بھی دھماکے ہوئے۔

    تہران پر اسرائیلی حملوں کے بعد کئی مقامات اور متعدد عمارتوں میں آگ لگ گئی۔ تہران فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق آگ سے متاثرہ عمارت سے 10 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران میں پاسداران انقلاب کے ہیڈ کوارٹرز سمیت تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

    دوسری جانب ترجمان اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران میں طے شدہ اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے، امریکی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے حملے سے قبل وائٹ ہاؤس کو آگاہ کردیا تھا، اسرائیل کے مطابق یہ کارروائی ایرانی حملوں کے جواب میں کی گئی ہے۔

    بائیڈن انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ امریکا ایران کیخلاف حالیہ اسرائیلی آپریشن کا حصہ نہیں بنے گا۔

    امریکی اخبار کے مطابق امریکا نے اسرائیل کو ایرانی ایٹمی تنصیبات اور تیل کے ذخائر کو نشانہ نہ بنانے کا پابند کیا تھا، امریکا نے اس کے بدلے اسرائیل کیلئے مزید امداد کا وعدہ بھی کیا۔

    اسرائیل کا ایران پر حملہ، وائٹ ہاؤس کا اہم بیان

    امریکی اخبار کا دعویٰ ہے کہ امریکا اس کے بدلے اسرائیل کو جدید ہتھیار فراہم کرے گا، امریکا نے یقین دہانی کرائی کہ وہ یمنی حوثیوں کیخلاف کاروائیاں تیز کرے گا۔

  • ایران میں فوجی اڈے پر فائرنگ‘ 4 فوجی ہلاک

    ایران میں فوجی اڈے پر فائرنگ‘ 4 فوجی ہلاک

    تہران : ایران کےایئربیس میں ایک فوجی نے فائرنگ کر کے اپنے ہی 4 ساتھیوں کو ہلاک اور8 کو زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران کے جنوبی علاقےمیں قائم ملٹری ایئربیس پر ایک سپاہی کی فائرنگ سے اس کے 4 ساتھی ہلاک اور 8 فوجی زخمی ہوگئے۔

    ایرانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعہ ’ایک فوجی اہلکار کے نفسیاتی مسائل کے باعث پیش آیا جس نے اچانک اپنے ساتھی فوجیوں پر فائرنگ شروع کردی‘۔

    حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ شوٹنگ رینج میں‌ پیش آیا ہے جبکہ زخمی فوجیوں کو میڈیکل سینٹرمنتقل کردیا گیا ہے اورواقعے کی تفتیش بھی شروع کردی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ تہران کے شمال مغربی علاقے ابیک کے فوجی بیرک میں فائرنگ کے نتیجے میں تین فوجی ہلاک ہوئے تھے جبکہ 6 زخمی ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں ایران کے جنوب میں ایک فوجی نے اپنے تین ساتھیوں کو ہلاک کرنے کے بعد خود کشی کر لی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • ایرانی فوج نے پاکستان میں کارروائی کی دھمکی دے دی

    ایرانی فوج نے پاکستان میں کارروائی کی دھمکی دے دی

    تہران : ایرانی فوج کے سربراہ جنرل محمد حسین باقری نے کہا ہے کہ اگر پاکستان نے سرحد پار ایرانی علاقے میں حملے کرنے والے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی نہ کی تو ایران پاکستان کے اندر ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنرل محمد حسین کا دھمکی آمیز لہجے میں کہنا تھا کہ دہشت گرد جہاں بھی ہوں گے ایرانی فوجی ان کو نشانہ بنائیں گے چاہے وہ پاکستان کے اندر ہی کیوں نہ ہوں وہاں بھی کارروائی کریں گے۔

    جنرل محمد حسین باقری نے کہا کہ ہم اب اس طرح کی صورتحال برداشت نہیں کریں گے۔ جنرل محمد باقری کا مزید کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستانی حکام سرحد کو کنٹرول کریں گے اور دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کے ٹھکانوں کو ختم کریں گے۔

    ایرانی جنرل نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم گروہ نے مبینہ طور پر پاکستان کے اندر سے لانگ رینج اسلحہ استعمال کرتے ہوئے ایرانی فوجیوں کونشانہ بنایا۔