Tag: ایرانی کمانڈر

  • نئے ایرانی کمانڈر نے امریکا کے 13 مقامات کو نشانہ بنانے کا اعلان کر دیا

    نئے ایرانی کمانڈر نے امریکا کے 13 مقامات کو نشانہ بنانے کا اعلان کر دیا

    تہران: ایران کی قدس فورس کے نئے سربراہ نے جنرل قاسم سلیمانی کی موت کا انتقام لینے کا پھر اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نئے ایرانی کمانڈر اسماعیل قا آنی نے کہا ہے کہ قاسم سلیمانی کا بدلہ لینے کے لیے ایران کے پاس 13 مقامات ہیں جن کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

    القدس فورس کے نئے کمانڈر نے کہا کہ سب سے کمزور ٹارگٹ بھی امریکا کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوگا، خیال رہے کہ اسماعیل قا آنی کو قاسم سلیمانی کی موت کے بعد چار دن قبل پاسداران انقلاب اسلامی القدس بریگیڈ کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

    نئے ایرانی کمانڈر کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے جواب میں دیا گیا ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ایران کے 52 اہم مقامات امریکی نشانے پر ہیں، اگر ایران نے امریکی تنصیبات پر حملہ کیا تو اس کا جواب دیں گے، امریکی حملہ تیز ہوگا اور انتہائی شدت سے کیا جائے گا۔

    ایران میں 52 مقامات نشانے پر ہیں، امریکی صدر کی ایران کو بڑی دھمکی

    ادھر آج ایرانی وزیر خارجہ نے ایک بار پھر امریکا کی جانب سے جنرل سلیمانی کو قتل کرنے کا اقدام احمقانہ قرار دے کر کہا کہ امریکا تاریخی جھوٹ بول رہا ہے کہ وہ امن کے لیے کام کر رہا ہے۔ جواد ظریف نے کہا کہ امریکی تسلط سے نجات کے لیے نظریے میں تبدیلی کی ضرورت ہے، امریکا نے جو راستہ اختیار کیا ہے وہ جنگ اور خون خرابے کا ہے، جب کہ ایران امن پسند ملک ہے اور پڑوسیوں سمیت سب سے امن چاہتا ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل ایرانی صدر حسن روحانی اور سپریم کمانڈر آیت اللہ خامنہ ای بھی امریکا سے جنرل سلیمانی کی موت کا بدلہ لینے کا اعلان کر چکے ہیں۔

  • ایرانی بحریہ کے کمانڈر کی مزار قائد پر حاضری

    ایرانی بحریہ کے کمانڈر کی مزار قائد پر حاضری

    کراچی: ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل ڈاکٹر حسین خانزادی نے کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی جبکہ پاکستان نیول اکیڈمی، پاک نیوی ڈاکیارڈ اور جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کا دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل ڈاکٹر حسین خانزادی کی کراچی میں مختلف مصروفیات جاری ہیں۔ معزز مہمان نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھول رکھے۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ایرانی کمانڈر نے پاک بحریہ کے کمانڈر کراچی اور کمانڈر کوسٹ سے بھی ملاقاتیں کی۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول بحری افواج کے مابین تعاون کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔

    کمانڈر ایرانی بحریہ نے پاک نیوی ڈاکیارڈ اور پاک بحریہ کے جنگی جہاز کا دورہ بھی کیا جبکہ جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کا بھی دورہ کیا۔

    ترجمان کے مطابق کمانڈر ایرانی بحریہ نے پاکستان نیول اکیڈمی کا بھی دورہ کیا۔ معزز مہمان نے بحری سیکیورٹی اور استحکام کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔

    خیال رہے کہ کمانڈر ریئر ایڈمرل ڈاکٹر حسین خانزادی دو روز قبل پاکستان پہنچے تھے۔ ایرانی کمانڈر نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا تھا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی تھی۔

    ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    معزز مہمان نے خطے میں بحری سیکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ کمانڈر ایرانی بحریہ کے اس دورے سے دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔