Tag: ایرانی

  • خطے کے ملکوں میں ایرانی مداخلت مسترد کی جائے، سعودی عرب کی اپیل

    خطے کے ملکوں میں ایرانی مداخلت مسترد کی جائے، سعودی عرب کی اپیل

    ریاض : سعودی وزیر خارجہ کا مسئلہ فلسطین سے متعلق کہنا ہے کہ قضیہ فلسطین کا منصفانہ حل سعودی عرب کی خارجہ پالیسی کا اہم سنگ میل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سربراہ اجلاس سے قبل وزرائے خارجہ کی سطح کے اجلاس میں سعودی عرب کی طرف سے دوسرے ملکوں میں ایرانی مداخلت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا گیا۔

    او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے وزیرخارجہ ابراہیم العساف نے کہا کہ داخلی معاملات میں مداخلت کی وجہ سے پورا عالم اسلام انتہائی مشکل دور سے گذر رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری مسلم امہ غیر ملکی مداخلت کی وجہ سے سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔ شام، لیبیا، صومالیہ اور دوسرے ملکوں میں بیرونی مداخلت جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ کشمکش ایک چیلنج ہے اور سعودی عرب مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کو اولین ترجیح دیتا ہے۔

    ابراہیم العساف کا کہنا تھا کہ یمن میں غیر ملکی مداخلت سے انسانی بحران پیدا ہوا، ہم اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر یمن میں امن کے قیام کے لیے کوشاں ہیں۔

    سوڈان سے متعلق سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ ان کا ملک سوڈانی قوم کے ساتھ ہے اور سوڈان کی عبوری عسکری کونسل کی ہر ممکن مدد کرے گا۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب شام کے مسئلے کا حل پہلے جنیوا معاہدے کی روشنی میں دیکھتا ہے۔ شام میں موجود تمام فرقہ وارانہ ملیشیاﺅں کا خاتمہ ضروری ہے۔

    انہوں نے روہنگیا پناہ گزینوں کی پرامن واپسی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے لیبیا کو درپیش موجودہ بحران سے نکلنے لیے سعودی عرب کی کوششوں کا بھی تذکرہ کیا۔

    چند ہفتے قبل متحدہ عرب امارات کی الفجیرہ بندرگاہ کے قریب تیل بردار بحری آئل ٹینکروں پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس طرح کے واقعات کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترکی کے وزیر خارجہ داﺅد اوگلو نے کہا کہ ان کا ملک شام میں امن وامان کے قیام کے لیے اقوام متحدہ کی قرارداودں پرعمل درآمد پر زور دیتا رہے گا۔

    اجلاس سے خطاب میں اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صالح العثیمین نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پوری مسلم امہ کا مشترکہ اور بنیادی مسئلہ ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

    انہوں نے فلسطینی قوم کو درپیش مشکلات اورمصائب کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔

  • دنیا ایرانی دہشت گردی کے خلاف سعودیہ کا ساتھ دے، سعودی کابینہ

    دنیا ایرانی دہشت گردی کے خلاف سعودیہ کا ساتھ دے، سعودی کابینہ

    ریاض : سعودی عرب کی کابینہ نے اجلاس کے دوران عالمی برادری پر زور دیا کہ دہشت گردی و انتہا پسندی اور خطے میں جاری ایران کی قبیح سرگرمیوں کے خلاف سعودی حکومت کا ساتھ دے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں جاری اجلاس میں کابینہ نے سعودی عرب کی ثالثی میں برسوں سے ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ایتھوپیا اور اریٹریا کے مابین امن معاہدے کی تعریف کی اور سلمان بن عبد العزیز نے امن معاہدے کے لیے ولی عہد کی کوششوں کو سراہا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری بیان میں عالمی برادری کے خطے میں جاری ایرانی دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایرانی رجیم عرب ممالک کے اندرونی معاملات میں کئی عرصے سے مداخلت کررہی ہے اور خطے میں سرگرام دہشت گرد تنظیموں کی معاونت بھی کررہی ہے۔

    سعودی کابینہ کا جاری بیان میں کہنا تھا کہ عالمی برادری کو ایران کی سپاہ پاسداران کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے سیسہ پلائی دیوار بننا ہوگا، دنیا کو سعودی عرب کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ریاست کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔

    سعودی عرب کے وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر صالح العواد کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس کے دوران مشرق وسطیٰ جاری مسائل اور عالمی برادری کی مشکلات پر غور کیا گیا۔

    یاد رہے کہ ایک ماہ قبل سعودی عرب کی وفاقی کابینہ کا اجلاس نیوم سٹی میں حاکم وقت شاہ سلمان بن عبد العزیز کی زیر صدرات منعقد ہوا تھا، جس میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی جنگجوؤں کی سعودی عرب کے تیل بردار جہازوں پر حملے اور خطے میں بڑھتی ہوئی ایرانی مداخلت پر گفتگو کی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران سعودی عرب کی وفاقی کابینہ نے سرحد پار سے جاری ایران نواز حوثیوں کی بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور دیگر عالمی مسائل پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔