Tag: ایران اسرائیل کشیدگی

  • ایران اسرائیل کشیدگی: چین نے روسی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کر دی

    ایران اسرائیل کشیدگی: چین نے روسی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کر دی

    چینی صدر شی جن پنگ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کر دی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان آج ٹیلی فونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں نے ایران پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ کشیدگی میں کمی کی ضرورت ہے۔

    روسی صدارتی محل کریملن کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کا موقف ہے کہ اسرائیلی اقدامات یو این چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔

    ماسکو اور بیجنگ دونوں بنیادی طور پر اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ موجودہ صورتحال اور ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق خدشات کو فوجی طریقے سے حل نہیں کیا جا سکتا، اس معاملے کو صرف سیاسی اور سفارتی ذرائع سے ہی حل کیا جانا چاہیے۔

    روس نے اسرائیل اور ایران کے درمیان ثالثی کی پیشکش کردی

    ایران کو فوجی ساز و سامان کی فراہمی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی نہیں، صدر پیوٹن

    روس نے اسرائیل اور ایران کے تنازع کے مزید بڑھنے پر تباہی سے خبردار کیا ہے اور امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کی بمباری میں شامل نہ ہو۔

    کریملن کے ترجمان یوری اوشاکوف نے مزید بتایا کہ چینی صدر نے کہا حالیہ کشیدگی میں روسی ثالثی کی کوششوں کے حق میں ہیں، چینی صدر نے کہا ہے کہ روس کی ثالثی سے  کشیدگی کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کریملن کے ترجمان نے نیوز بریفنگ میں کہا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو روس ایران اور اسرائیل کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

    دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ ایک نازک معاملہ ہے، مگر میری رائے میں اس کا حل نکالا جا سکتا ہے‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ ماسکو، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری تنازع کو ختم کرانے میں ثالث کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے اور ایک ایسا معاہدہ ممکن ہے جس کے تحت تہران کو پُرامن جوہری پروگرام جاری رکھنے کی اجازت دی جا سکے، جب کہ اسرائیل کے سلامتی کے خدشات کو بھی دور کیا جا سکے۔

    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں

  • ایران اسرائیل کشیدگی: برطانوی وزیراعظم کا قطر کے امیر سے ٹیلی فونک رابطہ

    ایران اسرائیل کشیدگی: برطانوی وزیراعظم کا قطر کے امیر سے ٹیلی فونک رابطہ

    دوحہ: برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے قطر کے امیر تمیم بن حمد الثانی سے  ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم اور قطری امیر نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے کشیدگی میں کمی اور سفارتکاری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    برطانوی وزیراعظم اور قطر کے امیر نے اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا کہ دونوں ممالک علاقائی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کس طرح مدد کرسکتے ہیں۔

    ایران کے اسرائیل پرحملے، تل ابیب اور یروشلم میں دھماکوں کی آوازیں

    دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل ایران جنگ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس جمعہ کو طلب کیا گیا ہے،اجلاس بلانے کی درخواست ایران نے کی۔

    خبر ایجنسی کاکہنا ہے کہ سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی ایرانی درخواست کو پاکستان ،چین اور روس کی حمایت حاصل ہے۔

    خبرایجنسی کے مطابق ایران سے جرمنی، فرانس اور برطانیہ کی بھی بات چیت جمعہ کو ہو گی جس میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی شریک ہوں گے، مذاکرات جینیوا میں ہوں گے جس کے بعد ماہرین کی سطح پر اسٹرکچرڈ ڈائیلاگ کیا جائے گا۔

    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں یہاں پڑھیں

    جمعہ 13 جون سے اسرائیلی حملوں کے آغاز سے اب تک ایران پر گیارہ سو ہدف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے جب کہ ایران نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے تل ابیب سمیت مختلف شہروں پر 400 سے زائد میزائل داغے ہیں۔

  • جنگ میں امریکی شمولیت کی خبریں، تیل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ

    جنگ میں امریکی شمولیت کی خبریں، تیل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ

    ایران اسرائیل کشیدگی پرتیل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوگیا، جنگ میں امریکی شمولیت کی خبروں کے باعث عالمی مارکیٹ میں دباؤ ہے۔

    مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ میں ایران اور اسرائیل نے ایک دوسرے پر حملے تیز کردیے ہیں، ایسے میں جنگ میں امریکی شمولیت کی خبریں بھی آرہی ہیں، جس کے باعث امریکا سمیت یورپی اسٹاک مارکیٹس میں مندی کا رجحان ہے اور سرمایہ کار پریشان ہیں۔

    امریکی حملے کے خدشے کی وجہ سے برینٹ اورڈبلیوٹی آئی خام تیل کی قیمت میں 4 فیصد سے زائد اضافہ ہوچکا ہے۔

    برینٹ آئل کی قیمت 76.45 ڈالرز اور ویسٹ ٹیکساس کی قیمت 74.84 ڈالرز فی بیرل ہوگئی ہے، آج بھی عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں 0.5 فیصداضافہ دیکھا گیا۔

    صدرٹرمپ کی غیرمشروط ہتھیا رڈالنے کی دھمکی کے بعد مارکیٹوں میں بے چینی ہے، ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں 0.84 فیصد، نسداق میں 0.91 فیصد کمی ہوئی، ایران خام تیل کے ذخائر کے لحاظ سے دنیا میں تیسرےاور گیس کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے۔

    2023 میں ایران کی یومیہ پیداوار 3.99 ملین بیرل تھی جو کہ عالمی سپلائی کا 4 فیصد ہے، اسرائیلی حملوں کے باوجود خارگ آئل ایکسپورٹ ٹرمینل محفوظ ہے تاہم خطرہ برقرار ہے۔

    عالمی تجزیہ کار کا جنگی صورتحال کے حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے وسیع ہوئے تو عالمی توانائی سپلائی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/israel-iran-war-us-congress-introduce-resolution-to-prohibit-us-involvement-in-iran/

  • فی کلو ایل پی جی 500روپے تک پہنچ سکتی ہے، چیئرمین ایسوسی ایشن نے خدشہ ظاہرکردیا

    فی کلو ایل پی جی 500روپے تک پہنچ سکتی ہے، چیئرمین ایسوسی ایشن نے خدشہ ظاہرکردیا

    لاہور: چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ ایران اسرائیل کشیدگی کے باعث ایل پی جی بحران سنگین ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایل پی جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ ملک میں ایل پی جی شارٹ فال شروع ہونےکا خدشہ ہے، گھریلو سلنڈر کی قیمت 6 ہزار روپے سے تجاوز کرسکتی ہے، فی کلو ایل پی جی 500 روپے تک پہنچ سکتی ہے۔

    عرفان کھوکھر نے کہا کہ کمرشل سلنڈر 23 ہزار روپے تک جاسکتا ہے، یومیہ کھپت 6 ہزار میٹرک ٹن ہے، موجودہ ذخیرہ ناکافی ہے۔

    ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن نے حکومت کو خبردار کردیا

    چیئرمین ایسوسی ایشن نے بتایا کہ پورٹ قاسم پر ایل پی جی کا کل اسٹور 13 ہزار میٹرک ٹن ہے، پاک ایران بارڈر سے 100 ہزار میٹرک ٹن ماہانہ درآمد بند ہے۔

    عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر پٹرولیم کو ایل پی جی کی موجودہ صورتحال سے متعلق درخواست ارسال کردی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے جون کے لیے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کی تھی، اوگرا نے ایل پی جی قیمت میں فی کلو 4 روپے 62 پیسے کمی کی تھی جس کے بعد فی کلو قیمت 240 روپے 43 پیسے ہوگئی تھی۔

    جون کے لیے 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 54 روپے 60 پیسے سستا ہوا تھا، گھریلو سلنڈر 2 ہزار 92 روپے 91 پیسے سے کم ہوکر 2 ہزار 838 روپے 31 پیسے کا ہوگیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/lpg-new-price-for-may-announced/

  • ایرانی حملوں کا خوف، اسرائیلی اپنا ملک چھوڑنے پر مجبور ہوگئے

    ایرانی حملوں کا خوف، اسرائیلی اپنا ملک چھوڑنے پر مجبور ہوگئے

    ایران اسرائیل کشیدگی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے، ایسے میں سیکڑوں اسرائیلی اپنے ملک سے راہ فرار اختیار کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران اسرائیل کشیدگی اور ایرانی میزائل حملوں کے بعد سے سیکڑوں اسرائیلی اپنے ہی ملک سے بھاگ گئے، اسرائیل سے جانے والوں میں کئی غیرملکی بھی شامل ہیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ تمام افراد فضائی حدود بند ہونے کے باعث چھوٹی کشتیوں میں قبرص روانہ ہو رہے ہیں۔

    اسرائیلی شہریوں سمیت دیگر غیرملکی افراد اسرائیل سے نکل کر سمندر کے راستے قبرص کے جزیرے تک پہنچنے کیلیے بھاری رقم ادا کررہے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق بعض اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے بھی اس معاملے کی تصدیق کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ جنگ کی صورتحال میں حیفہ سے کشتی پر جانے والے ہر مسافر سے 800 ڈالر وصول کئے جارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ پاسداران انقلاب کے سربراہ کے مشیر بریگیڈیئر جنرل احمد واحدی نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران طویل جنگ کیلئے پوری طاقت کے ساتھ تیار ہے۔

    بریگیڈیئر جنرل احمد واحدی کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو جدید اسلحہ جنگ میں استعمال کیا جائے گا، اسرائیل کو خبردار کر دیا گیا ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ تہران ہر قسم کی جنگ کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے، ایران جلد اپنی نئی ایجادات سامنے لائے گا، ایران نے میزائل طاقت کو تاحال اسٹریٹیجک طور پر تعینات نہیں کیا۔

    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں یہاں پڑھیں

    جنرل احمد واحدی کا مزید کہنا تھا کہ جدید ترین ہتھیار مناسب وقت پر استعمال کیے جائیں گے، دنیا آئندہ چند روز میں ایرانی ایجادات کا مشاہدہ کریگی۔

  • ایران اسرائیل کشیدگی: امریکا نے یوکرین کو تنہا چھوڑ دیا

    ایران اسرائیل کشیدگی: امریکا نے یوکرین کو تنہا چھوڑ دیا

    ایران اور اسرائیل کے حملوں کے بعد امریکا نے یوکرین سے بعض میزائل دفاعی نظام مشرق وسطیٰ منتقل کردیے۔

    امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے فاکس نیوز سے انٹرویو میں میزائل دفاعی نظام مشرق وسطیٰ منتقل کرنے کی تصدیق کردی ہے۔

    امریکی وزیر دفاع کا کہنا ہے تمام تروسائل استعمال کررہے ہیں تاکہ اس خطے میں اپنے لوگوں کو بچا سکیں، ہیگستھ نے اس اقدام کو اس خطے میں امریکی فوجی اہلکاروں کی حفاظت کے لیے ضروری قرار دیا۔

    جنگ کی تیزی سے بدلتی ہوئی نوعیت پر تبصرہ کرتے ہوئے ہیگستھ نے صورتحال کو خوفناک لیکن تعینات اہلکاروں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امریکی افواج کی تیاری پر زور دیا، امریکی وزیردفاع کا کہنا تھا چھوٹے نظاموں سے خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تمام خبریں

    واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیا تھا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک نے بھی ایران کا حملہ روکنے میں اسرائیل کی مدد کی ہے۔

    جبکہ امریکی صحافی ٹکر کارلسن نے دعویٰ کیا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران پر اسرائیل کے حملوں سے پیشگی آگاہ تھے، انہوں نے کہا تھا کہ امریکا نا صرف اس حملے سے واقف تھا بلکہ اس نے حملے میں اسرائیل کی مدد کی۔

    امریکی صحافی نے کہا تھا کہ سالوں سے جاری فوجی امداد، ہتھیاروں کی فراہمی اور رابطے اس بات کی علامت ہیں کہ جو کچھ اس وقت ہورہا ہے اس میں امریکا شامل ہے۔

  • ایران اسرائیل کشیدگی:‌ بھارت مزید مشکل میں پھنس گیا

    ایران اسرائیل کشیدگی:‌ بھارت مزید مشکل میں پھنس گیا

    مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے مابین شدید کشیدگی کے باعث خطے کے فضائی راستے غیر یقینی صورتحال کا شکار ہوچکے ہیں جس سے بھارت کی مشکل میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

    اسرائیلی حملے اور اس پر ایرانی جوابی کارروائی کے بعد سے چھ ممالک نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ، چھ ممالک کی فضائی حدود بند ہونے کے سب سے زیادہ اثرات بھارت پر پڑے ہیں جو پہلے ہی پاکستان کے ساتھ تناؤ کے بعد فضائی حدود کی پابندیاں بھگت رہا ہے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق ایران اور اسرائیل کشیدگی کے بعد بھارتی ایئرلائنز کو اپنے درجنوں بین الاقوامی اور اندرونِ ملک پروازوں کے رخ موڑنے پڑے، متعدد پروازیں مکمل طور پر منسوخ کردی گئیں۔

    مزید پڑھیں‌: اسرائیل کا ایران پر حملہ: اپنی فضائی حدود کو میدان جنگ نہیں بننے دیں گے، اردن

    اسرائیلی حملے کے بعد ایران، عراق، شام اور اردن کی فضائی حدود بند

    ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دہلی سے ایران کے راستے جانے والی دو پروازیں ایران میں پھنس گئیں، جنہیں مختصر وقت میں واپس موڑ کر نکالا گیا۔

    امریکا سے بھارت جانے والی پروازوں نے کینیڈا کے ذریعے روس، منگولیا، چین اور بنگلادیش جیسے طویل راستوں کو اختیار کیا، جس کی وجہ سے پندرہ گھنٹے کی پرواز اب اٹھارہ گھنٹے سے زائد وقت لے رہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق وینکوور اور شکاگو سے دہلی جانے والی پروازوں کو جدہ موڑ دیا گیا، جب کہ بنگلور سے شارجہ جانے والی پروازوں کو بھی رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا اس کے علاوہ امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور مختلف یورپی ممالک سے آنے والی متعدد پروازیں منسوخ کرنا پڑی ہیں۔

    ایران نے اسرائیل پر جوابی حملہ کردیا

    یاد رہے گزشتہ روز اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے جنگ کا آغاز کرتے ہوئے ایران کی جوہری و فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، حملے میں ایران کے آرمی چیف جنرل محمد باقری، پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف حسین سلامی شہید ایران کے سابق سربراہ قومی سلامتی علی شمخانی شہید ہوئے۔

    ایرانی میڈیا کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے تہران میں پاسداران انقلاب کے صدردفتر کو نشانہ بنایا، جس میں جوہری سائنسدان فریدون عباسی اور محمدمہدی بھی شہید ہوگئے۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

  • وقت آگیا ہے ایران اسرائیل کشیدگی کوروکا جائے، انتونیو گوتریس

    وقت آگیا ہے ایران اسرائیل کشیدگی کوروکا جائے، انتونیو گوتریس

    ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ ایران اسرائیل کشیدگی بہت بڑھ چکی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ اسے روکا جائے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایران اسرائیل کشیدگی میں کمی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن اور سفارتکاری کا بول بالا ہونا چاہیے۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے جمعے کی صبح ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے جن میں فوجی قیادت کی رہائش گاہوں اور فوجی و جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

    اسرائیلی کارروائی کے بعد ایران نے ردعمل دیتے ہوئے اسرائیل پر 150 سے 200 سے بیلسٹک میزائل داغ دیئے۔

    دوسری جانب امریکا کے سینیٹر برنی سینڈرز نے ایران پر اسرائیلی حملے کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے ان حملوں کی مخالفت کردی۔

    امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ایران پر ”یکطرفہ”حملے کی مذمت کی اور خبردار کیا کہ اسرائیل کا حملہ وسیع علاقائی جنگ کو جنم دے سکتا ہے۔

    امریکا کے سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا کہ امریکا کو اسرائیل کی ایک اور جنگ میں گھسیٹا نہیں جاسکتا، ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات اتوار کو ہونے تھے اور اسرائیل نے حملہ کردیا۔

    امریکی سینیٹر نے کہا کہ نیتن یاہو نے جنگ بندی کے سب سے بڑے مذاکرات کار کو مار دیا، نیتن یاہو نے ایسا کر کے امریکا کی سفارتکاری کو نیچا دکھایا ہے۔

    امریکا کے سینیٹر برنی سینڈرز نے مزید کہا کہ نیتن یاہو نے ہزاروں شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالا ہے۔

    ہماری تنصیبات کو نشانہ بنایا تو۔۔ امریکا کی ایران کو دھمکی

    سینڈرز نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلے نیتن یاہو نے غزہ میں بھوکے بچوں کو جنگ کے آلے کے طور پر استعمال کیا اور جنیوا کنونشنز کی وحشیانہ خلاف ورزی کی اب اس نے ایران پر یکطرفہ غیر قانونی حملہ کردیا۔

  • ایران اسرائیل کشیدگی : عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کہاں جا پہنچی؟

    ایران اسرائیل کشیدگی : عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کہاں جا پہنچی؟

    اسرائیل حزب اللہ اور حماس کے درمیان جاری جنگ اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ سامنے آیا ہے۔

    عالمی منڈی میں خام تیل قیمتوں نے لمبی چھلانگ لگادی، جس کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز پیر کو خام تیل کی قیمتوں میں 3فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد برینٹ خام تیل پہلی بار اگست کے بعد ڈالر80 فی بیرل سے تجاوز کر گیا۔

    رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کی فیوچرز کی قیمت میں 2.88 ڈالر(3.7 فیصد) کا اضافہ ہوا اور یہ 80.93 ڈالر فی بیرل پر طے پائی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ فیوچرز میں 2.76ڈالر(3.7 فیصد) کا اضافہ ہوا اور یہ 77.14 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔

    پچھلے ہفتے برینٹ کی قیمت میں 8 فیصد سے زیادہ اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت میں 9 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا، جو ایک سال میں سب سے زیادہ تھا۔

    ایران کی طرف سے یکم اکتوبر کو اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد خدشہ پیدا ہوا کہ اسرائیل کا ردعمل ایران کے تیل کے انفراسٹرکچر پر ہو سکتا ہے۔

    اس حوالے سے لِپو آئل ایسوسی ایٹس کے صدر اینڈریو لِپو نے کہا کہ اگر اسرائیل ایران کی تیل تنصیبات پر حملہ آور ہوتا ہے تو تیل کی قیمتوں میں مزید 3 سے 5 ڈالر فی بیرل تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اوپیک اور اس کے اتحادی، بشمول روس جو اجتماعی طور پر اوپیک پلس کہلاتے ہیں، دسمبر سے پیداوار بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ تاہم ایسا صرف اس وقت ممکن ہوگا جب برینٹ خام تیل کی قیمتیں 90 ڈالریا اس سے زیادہ ہوں گی۔

    یاد رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث مجموعی طور پر گزشتہ ایک ہفتے میں خام تیل کی قیمت میں 8 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

  • ایران اسرائیل کشیدگی:‌ پی آئی اے ایمرجنسی ریسپانس سینٹر میں بلو لیول کی ایمرجنسی نافذ

    ایران اسرائیل کشیدگی:‌ پی آئی اے ایمرجنسی ریسپانس سینٹر میں بلو لیول کی ایمرجنسی نافذ

    کراچی : ایران اسرائیل کشیدگی کے بعد پی آئی اے ایمرجنسی ریسپانس سینٹر میں بلو لیول کی ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور تمام شعبہ جات کو تیار رہنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد پی آئی اے نے اپنے ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کو فعال کردیا، ہدایت پی آئی اے چیف آف سیفٹی کی طرف سے جاری کی گئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ایمرجنسی ریسپانس سینٹر میں بلو لیول کی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور تمام شعبہ جات کو ایران اسرائیل کشیدگی کے بعد تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ تمام شعبہ جات کو اپنی تمام ایمرجنسی پلان مرتب کرنے کی بھی ہدایت دے دی گئی۔

    یاد رہے گذشتہ روز ایران کی جانب سے اسرائیل پرمیزائل حملے کے بعد قومی ایئرلائن نے اپنی تمام پروازوں کو ایرانی فضائی حدود استعمال کرنےسے روک دیا تھا۔

    قومی ایئرلائن کے تمام کپتانوں اور فلائٹ آپریشن کو احکامات جاری کئے گئے، جس میں کہا کہ تمام پروازوں کا فلائٹ پلان ازسرنوترتیب دئیےجارہے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ جب تک صورتحال واضح نہیں ہوجاتی، ایران کی فضائی حدود استعمال نہیں کی جائیں گی۔

    خیال رہےقومی ایئرلائن ایران کی فضائی حدود کے دو کوریڈور استعمال کرتا ہے، ناردرن کوریڈور کینیڈا، ترکی جانیوالی پروازیں استعمال کرتی ہیں جبکہ سدرن کوریڈور یواےای، بحرین، دوحہ اورسعودی عرب کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔