Tag: ایران اور اسرائیل

  • ایران اور اسرائیل میں جنگ بندی کا باقاعدہ آغاز، ٹرمپ کا نیا بیان جاری

    ایران اور اسرائیل میں جنگ بندی کا باقاعدہ آغاز، ٹرمپ کا نیا بیان جاری

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل میں جنگ بندی کے باقاعدہ آغاز کے بعد نیا بیان جاری کردیا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی ویب سائٹ پر پیغام میں لکھا کہ دنیا اور مشرق وسطیٰ حقیقی فاتح ہیں، اسرائیل اور ایران میرے پاس آئے دونوں نے امن کی بات کی۔

    امریکی صدر نے کہا کہ یہ وقت امن قائم کرنے کا ہے، دونوں قومیں مستقبل میں زبردست محبت، امن، خوشحالی دیکھیں گی، ان کے پاس حاصل کرنے کیلئے بہت کچھ ہے۔

    ایران، اسرائیل اور امریکی تنازع سے متعلق تمام خبریں جاننے کے لیے کلک کریں

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیغام میں مزید لکھا کہ اسرائیل، ایران کا مستقبل لامحدود، عظیم وعدوں سے بھرا ہوا ہے، خدا اسرائیل اور ایران دونوں کو برکت دے۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اعلان کیا تھا کہ اسرائیل اور ایران جنگ بندی پر متفق ہوگئے اور اگلے 6 گھنٹوں میں حملے بند کردیے جائیں گے۔

    بعد ازاں، غیر ملکی خبررساں ایجنسی ’رائٹرز‘ نے رپورٹ کیا کہ قطر کے وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبد الرحمٰن آل ثانی نے ایرانی قیادت کے ساتھ بات چیت کے بعد تہران کی جانب سے امریکا کی جنگ بندی کی تجویز پر رضامندی حاصل کر لی۔

    اس رابطے سے قبل، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قطر کے امیر کو ٹیلی فون کیا اور انہیں بتایاکہ اسرائیل جنگ بندی پر راضی ہو چکا ہے اور انہوں نے تہران کو قائل کرنے کے لیے دوحہ سے مدد طلب کی تھی۔

  • ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ دونوں معیشتوں کے لیے تباہ کن بننے لگی

    ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ دونوں معیشتوں کے لیے تباہ کن بننے لگی

    ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ دونوں ملکوں کی معیشت کو متاثر کررہی ہے، اسرائیل کا مالی خسارہ حد سے تجاوز کرنے کے خطرے میں ہے جبکہ تیل ایرات کی تیل برآمدات آدھی رہ گئی ہیں۔

    ؤتفصیلات کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ دونوں معیشتوں کے لیے تباہ کن بننے لگیں ، اسرائیلی حملوں میں 240 ایرانی شہید جبکہ ایران کے حملوں میں 24 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔

    اسرائیل کی تاریخ کا سب سے مہنگا جنگی دور ہے ، جس میں اخراجات 67.5 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں ، ایران سے جنگ کے ابتدائی 2 دنوں میں اسرائیل کو 1.45 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

    سال 2023 میں اسرائیلی دفاعی بجٹ 17 ارب ڈالر اور 2024میں بڑھ کر28ارب ڈالر ہوگیا تھا ، اب 2025 کے لیے دفاعی بجٹ کا تخمینہ 34 ارب ڈالر تک لگایا گیا ہے۔

    اسرائیل کا مالی خسارہ حد سے تجاوز کرنے کے خطرے میں ہے اور شرح 4.9 فیصد تک پہنچ گئی۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    سال 2024 میں 60 ہزار اسرائیلی کمپنیاں بند ہوچکی ہیں ساتھ ہی سیاحت اور کاروبار متاثر ہے جبکہ ایران کیخلاف طویل جنگ اسرائیل کی کریڈٹ ریٹنگ میں کمی کا باعث بن سکتی ہے۔

    دوسری جانب اسرائیلی حملوں کے بعد ایران کی تیل برآمدات بھی آدھی رہ گئی ہیں، آئل جزیرے سے تیل برآمدات مکمل طورپررک گئی ہیں جبکہ جنوبی پارس بھی نشانہ بن چکا، جو ایران کی مجموعی گیس پیداوار کا 80 فیصد فراہم کرتا ہے۔

    ایران پر امریکی پابندیوں کے باعث تیل برآمدات 90 فیصد تک پہلے ہی کم ہوچکی تھیں سال 2016 میں ایران 2.8ملین بیرل روزانہ برآمد کرتا تھا اور اب صرف 2 لاکھ بیرل تک محدود ہوگئی ہے۔

    ایرانی ریال 2018 سے اب تک 90 فیصد قدر کھو چکا ہے، افراط زرکی سرکاری شرح 40 فیصد ہے ، ماہرین کے مطابق حقیقی شرح 50 فیصد سے زائد ہے۔

    ایران کا دفاعی بجٹ صرف12 ارب ڈالر ہے، جو جی ڈی پی کا 3 سے 5 فیصد ہے جبکہ ایرانی زرمبادلہ ذخائر 33 ارب ڈالر ہے تاہم جنگی اخراجات ذخائر کو داؤ پر لگا سکتے ہیں۔

  • پاکستان میں سونا مزید ہزاروں روپے سستا، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟

    پاکستان میں سونا مزید ہزاروں روپے سستا، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟

    کراچی: ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ اور پاکستان میں سونے کی قیمت اتار چڑھاو کا سلسلہ جاری ہے، آج سونا مزید سستا ہوگیا۔

    آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    عالمی سطح پر قیمت میں گراوٹ کے بعد پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2245 روپے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد سونا 3 لاکھ 59 ہزار 55 روپے فی تولہ ہو گیا ہے۔

    ایسوسی ایشن کے مطابق اسی طرح 10 گرام سونے کا بھاؤ  1925 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 7 ہزار 831 روپے کا ہوگیا ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں سونا 20 ڈالرز کمی سے 3378 ڈالر فی اونس کا ہوگیا ہے اور چاندی کی فی تولہ قیمت 3378 روہے ہوگئی۔

    پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

    واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔

    اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔

    پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔

  • ایران اور اسرائیل تحمل سے کام لیں، پوپ لیُو کی اپیل

    ایران اور اسرائیل تحمل سے کام لیں، پوپ لیُو کی اپیل

    مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے ایران اور اسرائیل سے تحمل کا مظاہرہ کرنےکی اپیل کی ہے۔

    پوپ لیو نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کے حالات بہت خراب ہوچکے ہیں، جوہری خطرے سے پاک دنیا کی تعمیرکے عزم کو بات چیت کے ذریعے جاری رکھنا چاہیے۔

    مسیحیوں کے روحانی پیشوا نے کہا کہ تمام ملکوں کا فرض ہےکہ پائیدار امن قائم کرنے کے لیے مفاہمت کی راہ اختیار کریں، کسی کو بھی ایک دوسرے کے وجود کے خلاف کام نہیں کرنا چاہیے۔

    مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے کہا کہ تنازع کے حل کے لیے مفاہمت کی ایسی راہ اختیار کی جائے جو سب کے لیے سلامتی اور وقار کا باعث بنے۔

    اسرائیل کیلیے بڑا دھچکا، آئرن ڈوم ایرانی میزائل روکنے میں ناکام رہا، فوٹیج سامنے آگئی

    یاد رہے کہ اسرائیل نے 13 جون بروز جمعہ باقاعدہ جنگ کا آغاز کرتے ہوئے ایران کے جوہری اور فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا تھا، جبکہ اسرائیل کی 200 جنگی طیاروں نے اس حملے میں حصہ لیا تھا۔

    اس حملے کے نتیجے میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی سمیت 4 اعلیٰ فوجی افسران اور 6 جوہری سائنسدان شہید ہوگئے۔

    ایران نے اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی ’وعده صادق 3‘ کا آغاز کرتے ہوئے اسرائیل کے مختلف مقامات پر میزائل حملے کیے، گزشتہ رات سے جاری حملوں میں اسرائیل کی کئی عمارتیں متاثر ہوئیں۔

    ایران کی جانب سے اسرائیل پر اب تک 150 سے زائد میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے، اسرائیلی میڈیا نے ان حملوں کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 اسرائیلی شہری ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

    ایران کی جانب سے داغے گئے کئی میزائل وسطی اسرائیل میں گرے، جن میں تل ابیب کے علاقے میں بڑے دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور کئی مقامات پر دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں