Tag: ایران جنگ

  • ایران نے جنگ کے خاتمے کا باقاعدہ اعلان کردیا

    ایران نے اسرائیل کے ساتھ 2 روزہ جنگ کے خاتمے کا باقاعدہ اعلان کر دیا، جبکہ نیتن یاہو نے ایران کیخلاف فتح کا دعویٰ کر دیا۔

    ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے قوم کے نام ایک پیغام میں اسرائیل کی طرف سے مسلط کردہ "12 روزہ جنگ” کے خاتمے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی مہم جوئی اور اشتعال انگیزی نے جنگ مسلط کی۔

    اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ عظیم ایرانی قوم کےعزم نے نئی تاریخ رقم کی، اب جنگ ختم ہوچکی ہے۔ جنگ بندی کا قیام ایرانی عوام کی بہادری کا ثمر ہے۔

    دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایران پر فتح کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے تاریخی فتح حاصل کی جو نسلوں تک یاد رکھی جائے گی۔ ایران کے خلاف جنگ میں اہداف حاصل کر لیے۔

    علاوہ ازیں اسرائیل ایران جنگ بندی کے بعد ایرانی عوام نے فتح کا جشن منایا، ملک کے مختلف شہروں میں ہزاروں افراد پرجوش انداز میں نعرے لگاتے شاہراہوں پر نکل آئے۔ شہریوں نے ہاتھوں میں ایرانی پرچم تھامے ہوئے تھے۔

    ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق لوگوں کا کہنا ہے کہ جنگ بندی نے نہ صرف انہیں ذہنی سکون فراہم کیا ہے بلکہ معمولاتِ زندگی کی بحالی میں بھی مدد دی، شہریوں کو امید ہے کہ شاید ایک طویل جنگ کا خطرہ اب ٹل گیا ہے۔

  • امریکی سینیٹرز کا ٹرمپ کو جنگ سے روکنے کے لیے نیا بل لانے کا اعلان

    امریکی سینیٹرز کا ٹرمپ کو جنگ سے روکنے کے لیے نیا بل لانے کا اعلان

    واشنگٹن: امریکی سینیٹرز نے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو ڈرون حملے میں مارنے کے بعد ٹرمپ کو جنگ سے روکنے کے لیے نیا بل لانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر کو مشرق وسطیٰ میں ایک نئی جنگ سے روکنے کے لیے امریکی سینیٹرز نے نیا بل لانے کا اعلان کر دیا، جس کے تحت ٹرمپ کو ایران کے خلاف طاقت کے استعمال کے لیے کانگریس سے منظوری لینا ہوگی۔

    امریکی سینیٹرز برنی سینڈرز اور روہت کھنہ نے اس سلسلے میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس ایسے فنڈز کی منظوری نہیں دے گی جو جنگی کارروائی کے لیے استعمال ہو، نیا قانون صدر ٹرمپ کو ایران کے خلاف یک طرفہ جنگ سے روکے گا۔

    تازہ ترین:  بغداد میں ایران نواز ملیشیا کے کانوائے پر ایک اور حملہ

    قبل ازیں، خاتون کانگریس ممبر الہان عمر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیا صدر ٹرمپ جنگ کرنا چاہتے ہیں، صدر ٹرمپ جانتے ہیں کہ ان کا یہ قدم جنگ کی طرف لے جائے گا، کیا یہ مواخذے سے توجہ ہٹانے کے لیے تو نہیں، کیا کانگریس اتھارٹی کے آگے آ کر صدر ٹرمپ کو روکے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ سمجھنا مشکل نہیں کہ یہ سب کتنا خطرناک ہے، کانگریس سے ایران سے جنگ اور تباہی سے روکنے کا مطالبہ کرنا چاہیے۔

    خیال رہے کہ بغداد کے ایئر پورٹ پر امریکی فضائی حملے میں ایرانی جنرل سمیت 9 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ فضائی حملے میں ہلاک جنرل قاسم سلیمانی القدس فورس کے سربراہ تھے، گزشتہ رات کو امریکا نے ایک اور فضائی حملے میں مزید 6 افراد کو ہلاک اور 3 شدید زخمی کیا۔

  • ایران جنگ کے عراق پر بھیانک اثرات مرتب ہوں گے، جرمن وزیر خارجہ

    ایران جنگ کے عراق پر بھیانک اثرات مرتب ہوں گے، جرمن وزیر خارجہ

    بغداد : جرمن وزیر خارجہ نے ایران کے معاملے پر عراق سے اپنی مصالحتی کوششوں میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن وزیرخارجہ ہائیکو ماس مشرق وسطی میں کشیدگی میں کمی کے لئے خلیجی ممالک کے چار روزہ دورے پر ہفتہ کو بغداد پہنچے تھے جہاں انہوں نے ایران امریکا کشیدگی سے متعلق گفتگو کی۔

    جرمن وزیر خارجہ کے مطابق مشرق وسطیٰ کا استحکام بہت ضروری ہے اور امریکا اور اس کے اتحادیوں کی ایران کے ساتھ کسی ممکنہ جنگ کے نتیجے میں عراق پر بھیانک اثرات مرتب ہوں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جرمن وزیر خارجہ بعد میں متحدہ عرب امارات اور ایران بھی جائیں گے۔

    یاد رہے امریکا نے ایران کی مزید 39 کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا، جن میں ایران سب سے بڑی اورمنافع بخش پیٹروکیمیکل ہولڈنگ کمپنیوں سمیت ان کے ذیلی ادارے بھی شامل ہیں۔

    واضح رہے امریکا اور ایران کے درمیان سنہ 1979 میں رونما ہونے والے انقلاب اسلامی کے بعد تنازعہ جاری ہے اور امریکا کی جانب سے برسوں سے ایران پر معاشی پابندیاں عائد تھیں، جن میں 2015 میں جوہری معاہدے کے بعد نرمی کی گئی تھی تاہم ٹرمپ نے گزشتہ برس معاہدے سے انخلاء کے بعد دوبارہ ایران پر سخت ترین پابندیاں عائد کردیں۔