Tag: ایران زائرین

  • ایران سے پنجاب آنے والے زائرین کی بس کو ہولناک حادثہ، 12 جاں بحق

    ایران سے پنجاب آنے والے زائرین کی بس کو ہولناک حادثہ، 12 جاں بحق

    حب: ایران سے پنجاب آنے والی زائرین کی ایک بس کوسٹل ہائی وے پر کھائی میں گر گئی، حادثے میں 12 افراد جاں بحق، 30 زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لیویز حکام کا کہنا ہے کہ ایران سے آنے والی زائرین کی ایک بس مکران میں حادثے کا شکار ہو گئی ہے، حادثہ بزی ٹاپ کے مقام پر پیش آیا، لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال اوتھل منتقل کیا گیا جب کہ ریسکیو حکام کے مطابق تمام زخمی زائرین کو سول ٹراما سینٹر کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

    لیویز حکام نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے کیوں کہ کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے، کوسٹل ہائی وے پولیس کے مطابق بس میں 50 افراد کی گنجائش تھی، 70 بیٹھے ہوئے تھے، پولیس حکام کے مطابق حادثہ بریک فیل ہونے کے سبب پیش آیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ایران سے آنے والی بس زائرین کو لے کر پنجاب جا رہی تھی، زائرین کا تعلق لاہور اور گوجرانوالہ سے ہے۔ صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے، اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل بھی ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ پیش آیا تھا، جس میں 35 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے تھے۔

  • ایران سے آنے والے زائرین کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی

    ایران سے آنے والے زائرین کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی

    چاغی: ایران سے آنے والے زائرین کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، سرحدی حکام کا کہنا ہے کہ وطن واپس آنے والے زائرین کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایران سے لوٹنے والے زائرین کی تعداد دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے، تمام زائرین کو سرحد پار کرتے ہی قرنطینہ (الگ تھلگ مقام) میں رکھا جا رہا ہے۔ سرحدی حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز 2 سو سے زائد زائرین پاکستان میں داخل ہوئے تھے۔

    تجارتی راہداری زیرو پواینٹ ٹرانزٹ سمیت تمام کاروباری گزرگاہیں 12 ویں روز بھی بند رہے، سرحدی علا قوں میں کاروبار اور نظام زندگی بری طرح مفلوج ہوکر رہ گٸی ہے، سرحد کی بندش سے ہزا روں پاکستانی افراد متاثر اور بے روزگار ہو گئے، ہزاروں پاکستانی تاجرز بھی متاثر ہیں، سینکڑوں مال بردار گاڑیاں بھی سرحد پر کھڑی ہیں، سرحدی علاقوں میں ایرانی اشیا کی شدید قلت سے لوگ مشکلات سے دوچار ہو چکے ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستانی سرحدی علاقوں کے لوگوں کا ذریعہ معاش ایران سے وابستہ ہے جس کی وجہ سے غریب افراد بہت زیادہ متاثر ہو چکے ہیں۔

    اسسٹنٹ کمشنر دالبندین عائشہ زہری پاک ایران تفتان بارڈر پر آنے والے زائرین کے لیے انتظامات کا جائزہ لے رہی ہیں

    کرونا کے چھٹے مریض کی ٹریول ہسٹری سامنے آ گئی

    خیال رہے کہ ایران میں نہایت مہلک اور نئے وائرس COVID 19 سے ہلاکتوں کی تعداد 108 ہو چکی ہے، اور اب تک 3513 افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز پاکستان میں چھٹے کرونا کیس کی تصدیق بھی ہو گئی ہے، مذکورہ مریض 25 فروری کو تہران سے بذریعہ جہاز کراچی واپس پہنچا تھا۔

    کراچی میں یہ تیسرا کرونا وائرس کیس ہے، جب کہ ملک بھر میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 ہو چکی ہے، ان میں سے 2 اسلام آباد میں سامنے آئے تھے اور ایک مریض کا تعلق گلگت سے ہے، یہ تمام مریض ایران سے پاکستان لوٹے۔ ایران میں پھیلتی وبا کے پیش نظر پاکستان نے ایران کے ساتھ اپنی سرحد بند کر رکھی ہے۔