Tag: ایران سپریم لیڈر

  • امریکا اسرائیل کو بچانے کیلیے جنگ میں کودا مگر کچھ حاصل نہیں کر سکا، ایرانی سپریم لیڈر

    امریکا اسرائیل کو بچانے کیلیے جنگ میں کودا مگر کچھ حاصل نہیں کر سکا، ایرانی سپریم لیڈر

    تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل کو بچانے کیلیے جنگ میں کودا مگر کچھ حاصل نہیں کر سکا۔

    جنگ بندی کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے پہلے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اسرائیل کے خلاف فتح پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، ایران نے اسرائیل اور اس کے تمام دعوؤں کو کچل کررکھ دیا، 9 کروڑ ایرانیوں نے متحد ہوکر فوج کا ساتھ دیا ہے۔

    ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ہماری جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، ایرانی فوج ہر طرح کی جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، ایرانی عوام تمام اختلافات بھلا کر متحد ہو کر کھڑی ہوئی، ایرانی عوام نے دنیا کو پیغام دے دیا کہ ہم ایک ہیں، اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکا کے منہ پر زوردار طمانچہ مارا ہے۔

    ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ امریکی صدر نے ایرانی عوام کو سرنڈر کرنےکی دھمکی دی، ایرانی عوام نے کبھی سرنڈر نہیں کیا اور نہ کرے گی جبکہ تاریخ گواہ ہے کہ ایرانیوں نے کبھی سرنڈر نہیں کیا، اللہ کے فضل سے ایرانی عوام متحد ہوکر کھڑی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت براہ راست جنگ میں داخل ہوئی کیونکہ اسے لگتا تھا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو صیہونی حکومت مکمل طور پر تباہ ہو جائے گی، صیہونی حکومت تقریباً گر چکی ہے، امریکا اسرائیلی حکومت کو بچانے کی کوشش میں جنگ میں داخل ہوا لیکن کچھ حاصل نہیں ہوا۔

    آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ امریکا نے جوہری مقامات کو نشانہ بنایا لیکن زیادہ کچھ حاصل نہ کرسکا، ہم نے قطر میں امریکی بیس کو نشانہ بناکر بڑا نقصان پہنچایا اور اگر مستقبل میں خطرہ ہوا تو امریکی اڈوں پر دوبارہ حملہ کیا جا سکتا ہے۔

    ایرانی سپریم لیڈر نے قوم سے خطاب میں کہا کہ ہم نے اسرائیل کا دفاعی نظام توڑ کر کامیابی حاصل کی، ایران نے اس جنگ میں اسرائیل کو ناک آؤٹ کردیا ہے۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

  • بھارت ایران کے سپریم لیڈر کے تبصرے پر آگ بگولا ہو گیا

    بھارت ایران کے سپریم لیڈر کے تبصرے پر آگ بگولا ہو گیا

    نئی دہلی: بھارت اقلیتوں کے ساتھ سلوک پر ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای کے تبصرے پر آگ بگولا ہو گیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق ہندوستان نے ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے انڈیا میں مسلمانوں کے ساتھ سلوک پر کیے گئے تبصرے کی مذمت کرتے ہوئے ان کے ریمارکس کو ’’غلط معلومات اور ناقابل قبول‘‘ قرار دیا ہے۔

    علی خامنہ ای نے پیر کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ ’’ہم اپنے آپ کو مسلمان نہیں سمجھ سکتے اگر ہم ان مصائب سے غافل ہیں جو ایک مسلمان میانمار، غزہ، ہندوستان یا کسی اور جگہ برداشت کر رہا ہے۔‘‘

    جواب میں بھارت کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ اس بیان کی ’’سختی سے مذمت‘‘ کرتا ہے، ترجمان نے کہا کہ ’’اقلیتوں پر تبصرہ کرنے والے ممالک کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ دوسروں کے بارے میں کوئی مشاہدہ کرنے سے پہلے اپنے ریکارڈ کو دیکھیں۔‘‘

    واضح رہے کہ ایران اور بھارت کے درمیان دو طرفہ تعلقات عموماً بہتر رہے ہیں، اور ابھی مئی میں دونوں نے ایرانی بندرگاہ چابہار کو ترقی دینے اور چلانے کے لیے 10 سالہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

    ایران کے سپریم لیڈر کا بھارت میں مسلمانوں سے ہتک آمیز سلوک سے متعلق بیان

    روئٹرز کا کہنا ہے کہ بھارت اپنے حریف پاکستان میں کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایران، افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کو سامان کی ترسیل کے لیے خلیج عمان کے ساتھ ساتھ ایران کے جنوب مشرقی ساحل پر چابہار میں بندرگاہ تیار کر رہا ہے۔

    اس تناظر کے باوجود سپریم لیڈر خامنہ ای ماضی میں بھی ہندوستانی مسلمانوں اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو درپیش مظالم پر ہندوستان پر تنقید کرتے رہے ہیں۔

  • ایران کے سپریم لیڈر کا بھارت میں مسلمانوں سے ہتک آمیز سلوک سے متعلق بیان

    ایران کے سپریم لیڈر کا بھارت میں مسلمانوں سے ہتک آمیز سلوک سے متعلق بیان

    تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی طرف سے بھارت میں اقلیتوں سے بُرے سلوک سے متعلق بیان جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای نے بھارت، غزہ اور میانمار میں مسلمانوں سے روا رکھے جانے والے انتہائی سفاک اور ہتک آمیز سلوک پر شدید تنقید کی ہے۔

    جشنِ میلادالنبیﷺ کی مناسبت سے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر آیت اللہ علی خامنہ ای نے دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں سے بھرپور اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری یہ سب کچھ خاموش تماشائی کی حیثیت سے دیکھ رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت، میانمار اور غزہ میں مسلمانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور عالمی برادری یہ سب کچھ خاموش تماشائی کی حیثیت سے دیکھ رہی ہے، اسلام کے دشمنوں نے ہمیشہ ہمیں لڑانے کی کوشش کی ہے۔

    ایران کے سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ بھارت نے نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے ساتھ ظلم کیا ہے، بھارتی حکومت نے مسلمانوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، مودی دور میں جو نفرت مسلمانوں کیخلاف ریاستی سطح پر پھیلائی گئی ہے، اُسکی مثال نہیں ملتی، بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔

  • جس نے صہیونی ریاست پر حملہ کیا ہم ان کے ہاتھ چومتے ہیں: خامنہ ای

    جس نے صہیونی ریاست پر حملہ کیا ہم ان کے ہاتھ چومتے ہیں: خامنہ ای

    تہران: ایران کے سپریم لیڈر نے علی الاعلان کہہ دیا ہے کہ جس نے صہیونی ریاست پر حملہ کیا ہے ہم ان کے ہاتھ چومتے ہیں۔

    روئٹرز کے مطابق حماس حملے کے بعد ٹی وی پر اپنے پہلے خطاب میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے منگل کے روز فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کی بھرپور حمایت کے باوجود اسرائیل پر حماس کے ’سرپرائز اٹیک‘ میں ایران کے ملوث ہونے کی تردید کر دی ہے۔

    ایران نے حماس حملے میں ملوث ہونے کے الزامات مسترد کر دیے

    خامنہ ای نے حملے میں اسرائیل کے حساس ڈھانچے کو پہنچنے والے ناقابل تلافی نقصان کی بات کرتے ہوئے اسرائیل کو اس کو تباہی کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ اسرائیل پر حماس کے حملے میں ایران ملوث نہیں ہے، گزشتہ دو تین دنوں سے صہیونی حکومت کے حامی اور غاصب اسرائیل کے کچھ لوگ یہ افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ اس کارروائی کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے، لیکن وہ غلط ہیں۔

    خطاب میں ایران کے سپریم لیڈر نے اسرائیل پر حماس کے حملے کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس نے صہیونی ریاست پر حملہ کیا ہے، ہم ان کے ہاتھ چومتے ہیں، انھوں نے کہا اسرائیل پر یہ حملہ اس کی فوج اور انٹیلی جنس دونوں محاذوں پر ناقابل تلافی ناکامی ہے، سب نے ناکمی کی بات کی ہے لیکن میں اس کی ناقابل تلافی ہونے پر زور دے رہا ہوں۔

    آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ حماس کے تباہ کن حملے نے اسرائیل کے اہم انفرا اسٹرکچر کو تباہ کر دیا ہے۔

  • رات کی کارروائی ناکافی ہے، امریکا کو ختم ہونا چاہیے: آیت اللہ خامنہ ای

    رات کی کارروائی ناکافی ہے، امریکا کو ختم ہونا چاہیے: آیت اللہ خامنہ ای

    تہران: آیت اللہ خامنہ ای نے امریکی فوجی اڈوں پر حملے کی کارروائی ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو ختم ہو جانا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایک خطاب میں کہا کہ ہم نے گزشتہ رات امریکا کے منہ پر تھپڑ مارا ہے، وہ کارروائی کافی نہیں، امریکا کرپشن کا ذریعہ ہے اسے ختم ہونا چاہیے۔

    سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ امریکا اس خطے میں جنگ اور تباہی لایا، اس خطے کے عوام امریکا کی بالا دستی قبول نہیں کریں گے، ایران کے لوگ امریکی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے، ہمیں دشمن کو سمجھنے میں غلطی نہیں کرنی چاہیے، امریکا پروپیگنڈے سے ذہن تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے ہمیں خبردار رہنا ہوگا، خطے کے عوام کو لوٹنے والی کمپنیاں بھی ہماری دشمن ہیں۔

    ایران نے امریکا پر جوابی وار کر دیا، فوجی اڈوں پر دو بڑے حملوں میں 80 ہلاک

    آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل ہمارے دشمن ہیں، امریکا اور ٹرمپ انتظامیہ خوشیاں منا رہے تھے کہ ایران کا کام ختم ہو گیا، 2 دن بعد امریکا کو پتا چل گیا، ایران متحد ہے اور اس اتحاد کی حفاظت کی جائے گی۔ اللہ کہتا ہے کم فوج بھی بڑی فوج پر فتح حاصل کر سکتی ہے، مذہبی جوش سے جو جنگ لڑی جائے تو اللہ مدد فرماتا ہے، قرآن پاک نے دشمنوں سے خبردار رہنے کا کہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جنرل قاسم سلیمانی بہادر انسان تھے، انھوں نے امریکی سازشوں اور منصوبوں کو ناکام بنایا، انھوں نے فلسطینی بھائیوں کو مدد اور آلات فراہم کیے، امریکا اسرائیل کی مدد کے لیے حزب اللہ کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    دریں اثنا، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکا اور اسرائیل مردہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔

  • آیت اللہ خامنہ ای نے سرعام اسکارف اتارنے والی خاتون کی سزا معاف کردی

    آیت اللہ خامنہ ای نے سرعام اسکارف اتارنے والی خاتون کی سزا معاف کردی

    تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے احتجاج کے دوران سرعام اسکارف اتارنے والی خاتون کی سزا معاف کردی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران میں عوامی مقام پر احتجاجاً اسکارف اتارنے والی خاتون کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جسے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے معاف کردیا جس کے بعد ایرانی خاتون کو جلد رہا کردیا جائے گا۔

    رپورٹ کے مطابق سزا پانے والی خاتون وداع موحد کے وکیل پیام درفشاں نے میڈیا کو بتایا کہ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے سزا معاف کرنے پر خاتون کی جیل سے رہائی کے لیے بنیادی اقدامات مکمل کیے جارہے ہیں اور آئندہ چند دنوں میں وہ جیل سے رہا کردی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ ایرانی خاتون وداع موحد نے گزشتہ ماہ مارچ میں احتجاج کے طور پر عوامی مقام پر اسکارف اتارا تھا جس پر انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا اور ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ میں اسکارف کی مانگ بڑھ گئی، پارک میں 15 ہزار افراد کا مسلمانوں سے اظہارِ یک جہتی

    ایرانی خاتون کو 2017 میں بھی سرعام حجاب اتارنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور وداع موحد نے دو سال کی قید کی سزا بھی کاٹی تھی۔

    یاد رہے کہ ایرانی قانون کے مطابق خواتین کو پبلک مقامات پر عبایا اور اسکارف پہننا لازم ہے، قانون کی خلاف ورزی پر دو ماہ قید کی سزا اور 25 ڈالر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ایران میں عدالت نے وکیل کو گورنمنٹ کے خلاف احتجاج کے لیے عوام کو اکسانے کا جرم ثابت ہونے پر 13 سال قید کی سزا سنائی تھی۔