Tag: ایران میزائل

  • ایران کا اسرائیل پر ایک اور جوابی وار، ڈرون اور میزائل داغ  دیئے

    ایران کا اسرائیل پر ایک اور جوابی وار، ڈرون اور میزائل داغ دیئے

    اسرائیل ایران تنازعہ چوتھے روز میں داخل ہوگیا، ایران نے میزائل اور ڈرونز کے ذریعے تل ابیب اور حیفہ پر ڈرون اور میزائل داغ دیئے۔

    خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے حملوں کے بعد ایرانی میزائلوں نے اسرائیلی شہروں تل ابیب اور حیفہ کو نشانہ بنایا، جس سے کئی مکانات تباہ ہوگئے۔

    ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے فوج کے ساتھ مل کر اسرائیل پر مشترکہ میزائل اور ڈرون حملہ کیا ہے جس میں کم از کم 100 میزائل فائر کیے گئے ہیں۔

    ایران کا کہنا ہے کہ وہ تہران میں کیے گئے اسرائیل کے حملے کا بدلہ لے رہا ہے، جس میں ایران کے نیوکلیئر پروگرام اور فوجی قیادت کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

    اسرائیل اور ایران جنگ کے معاملے پر عالمی رہنماؤں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ جی 7 ممالک کے رہنما اس ہفتے کینیڈا میں ملاقات کے لیے تیار ہیں، جہاں یہ تنازعہ ایجنڈے میں سرفہرست رہے گا۔

    3 ممالک کا ایران سے رابطے کا فیصلہ

    رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق فرانس، جرمنی اور برطانیہ نے ایران سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے، تینوں ملکوں کے وزرائے خارجہ ایرانی ہم منصب سے ٹیلیفون پربات کریں گے۔

    اسرائیل کی ایمرجنسی سروس ماگن ڈیوڈ آڈوم نے بتایا کہ وسطی اسرائیل میں چار مختلف مقامات پر حملوں میں 4 افراد ہلاک اور 87 زخمی ہوئے، ہلاک ہونے والے دو مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق تل ابیب کے قریب پیٹا ٹکوا نامی شہر میں ایرانی میزائلوں نے ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا، جس سے دیواریں کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور کئی فلیٹ شدید متاثر ہوئے۔

    اسرائیلی آئل ریفائنری کمپنی کا کہنا ہے کہ میزائل حملوں سے محفوظ رہنے کیلئے ریفائنریز اور ذیلی کمپنیاں بند کردی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ 13 جون کو اسرائیل نے تہران اور ایران کے دیگر مقامات پر درجنوں فوجی ہیڈکوارٹرز اور جوہری تنصیبات پر فضائی حملے کیے، جن میں 200 سے زائد جنگی طیارے استعمال کیے گئے، اس حملے کے نتیجے میں ایران کے متعدد اعلیٰ فوجی افسران اور جوہری سائنسدان شہید ہوگئے۔

    جوابی کارروائی کے طور پر، ایران نے اتوار کے روز اپنی سرزمین پر جاری حملوں کے ردعمل میں سیکڑوں میزائل فائر کیے، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ تل ابیب کے حکام کو اپنی جارحیت کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

    https://urdu.arynews.tv/iran-launches-new-wave-of-strikes-against-israel/

  • ایران نے صبح سویرے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل برسا دیئے

    ایران نے صبح سویرے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل برسا دیئے

    ایران نے صبح سویرے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل حملوں کی نئی لہر کا آغاز کر دیا، اسرائیل کا شہر حیفہ دھماکوں اور سائرن کی آوازوں سے گونج اٹھا۔

    الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر مسلسل میزائل داغنے کا سلسلہ جاری ہے، کئی علاقوں میں عوام کو فضائی حملے سے باخبر رکھنے کے لیے سائرن بجائے جا رہے ہیں۔

    اسرائیلی فوج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ اس وقت فضائیہ خطرہ ختم کرنے کے لیے جہاں ضروری ہو، وہاں ایرانی میزائلوں کو روکنے اور جوابی حملے کرنے میں مصروف عمل ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اسرائیل کا شہر حیفہ دھماکوں سے گونج اٹھا، ایران نے ایلات پر بھی بیلسٹک میزائل داغ دیئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق 100کے قریب میزائل داغے گئے ہیں۔

    غیر ملکی خبرایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بعض میزائلوں نے کامیابی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا، اسرائیل کے متعدد شہروں میں دھماکوں سے شہری شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔

    اس کے علاوہ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ بعض ایرانی میزائل تل ابیب کی عمارتوں پر بھی گرے، جس سے عمارتیں تباہ ہوگئیں۔

    علاوہ ازیں اسرائیلی میڈیا نے خبر دی ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں بھی دھماکے سنے گئے ہیں۔

    امریکی نیوز چینل سی این این کے ایک پروڈیوسر نے یروشلم میں سائرن بجنے اور زور دار دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی ہے، ویڈیو میں کئی میزائل آسمان میں اُڑتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

    اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر بم شیلٹرز میں چلے جائیں اور مزید ہدایت تک وہیں قیام کریں اور وہاں سے نکلنے کی اجازت بعد میں دی جائے گی۔

  • ایران نے اسرائیل پر درجنوں میزائل داغ دیئے

    ایران نے اسرائیل پر درجنوں میزائل داغ دیئے

    تہران : ایران  نے اسرائیل پر جوابی حملہ کرتے ہوئے درجنوں میزائل داغ دیئے، حملوں میں اسرائیل کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی میزائل حملوں کے بعد اسرائیل بھر میں سائرن گونج اٹھے۔ ایرانی میزائلوں کو اردن میں روکا جارہا ہے۔

    ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران اسرائیلی حیفا بندرگاہ ،اشکلون اور اوروٹ پاور پلانٹس پر حملے کرے گا۔

    ایرانی سرکاری ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جارہا ہے، میزائل اور ڈرون حملوں میں اسرائیلی فوجی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایران نے اسرائیل پر سیکڑوں میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کردیا، جس میں اب تک 14اسرائیلی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ایرانی جوابی حملوں میں اہم اہداف کو ہٹ کیا گیا، ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی دفاعی نظام میزائلوں اور ڈرونز کو نہ روک سکا۔

    ایران کے سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ تازہ حملے میں ایران نے اسرائیل پر 100 سے زائد میزائل داغ دیے، مختلف علاقوں میں میزائلوں کا ملبہ گرنے اور آگ لگنے کی اطلاعات ملی ہیں۔

    دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق سوم کے دوسرے مرحلے میں ایرانی افواج نے اسرائیل پر میزائل اور ڈرونز داغے، یہ حملہ اسرائیل کے تازہ فضائی حملوں کے جواب اور ایران کے دفاع اور سلامتی کے تحفظ کیلئے کیا گیا ہے۔

    اسرائیلی فوج نے لوگوں کو محفوظ پناہ گاہوں میں جانے کا حکم دے دیا، ایران کے حملوں کے خطرے کے پیش نظر اسرائیلی حکومت نے شہریوں کیلیے الرٹ جاری کردیا ہے، اسرائیلی حکومت نے شہریوں کو محفوظ پناہ گاہوں کے قریب رہنے کی ہدایت دی ہے۔

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ تمام شہری محفوظ مقامات کے قریب رہیں اور شہری اگلے نوٹس تک پناہ گاہوں سے دور نہ جائیں۔

    خبر رساں ادارے الجزیرہ کی جانب سے جاری تصدیق شدہ ویڈیو میں اسرائیل کے آسمانوں پر ایرانی میزائل آتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

    یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہے جس میں شمالی اسرائیل کی فضا میں ایرانی کروز میزائلوں کو باآسانی دیکھا جا سکتا ہے۔

    دوسری جانب ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جارح صیہونی حکومت کے حملوں کے جواب میں کامیابی سے اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ ایران کی مسلح افواج صیہونی دشمن کو بھاری ضربیں لگائیں گی۔

    مزید پڑھیں : ایران کا اسرائیل کے خلاف بہت جلد بڑی کارروائی کا فیصلہ

    اس سے قبل ایک بیان میں ایرانی حکومت کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ایران پر حملوں کی نئی لہرشروع کر دی ہے، اسرائیلی حملوں کے بعد ایران کے کئی شہروں میں ایئر ڈیفنس سسٹم متحرک کردیا گیا۔

    غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق ایرانی شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی جارہی ہیں، تہران، بندرعباس ،تبریز، اصفہان، ہرمزگان، کرمانشاہ، مغربی آذربائیجان پر اسرائیلی فوج کی جانب سے حملے کیے گئے۔