Tag: ایران پر اسرائیلی حملے

  • ایران پر اسرائیلی حملے میں ہمارا کوئی کردار نہیں، برطانیہ

    ایران پر اسرائیلی حملے میں ہمارا کوئی کردار نہیں، برطانیہ

    برطانیہ کی جانب سے وضاحت سامنے آئی ہے کہ ایران پر حالیہ اسرائیلی حملے میں برطانیہ نے فوجی مدد فراہم نہیں کی اور نہ ہی ایرانی جوابی ڈرون حملوں کو روکنے میں کسی قسم کا کوئی کردار ادا کیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانیہ کے وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے گزشتہ روز اسرائیلی وزیر اعظم سے ٹیلیفون پر بات کی تھی، جس میں اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو اپنی دفاع کا حق حاصل ہے مگر صورتحال کو مزید بگاڑنے کے بجائے سفارتی حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

    رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر نے ایران کے جوہری پروگرام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا مگر ساتھ ہی خطے کے استحکام کیلئے کشیدگی کم کرنے پر زور دیا۔

    دوسری جانب امریکا کا سلامتی کونسل میں کہنا تھا کہ اسرائیل کا ایران پر حملہ اپنے دفاع کے لیے ضروری ہے۔

    امریکا نے کہا کہ ایران نے امریکی شہریوں، اڈوں یا دیگر بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

    امریکا کا سلامتی کونسل میں بیان میں کہنا تھا کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے اس کے لیے کوششوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    امریکا نے کہا کہ ایرانی قیادت کا اس وقت مذاکرات کرنا دانشمندانہ ہوگا، امریکا کو اسرائیلی حملوں کی اطلاع پہلے دے دی گئی تھی، لیکن امریکا حملوں میں ملوث نہیں۔

    وقت آگیا ہے ایران اسرائیل کشیدگی کوروکا جائے، انتونیو گوتریس

    جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایرانی سرزمین پر اسرائیلی حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران توقع کرتا ہے کہ یورپی یونین اسرائیلی مجرمانہ حملوں کی مذمت کرے گی۔

  • امریکی سینیٹر نے ایران پر اسرائیلی حملے کو غیر قانونی قرار دیدیا

    امریکی سینیٹر نے ایران پر اسرائیلی حملے کو غیر قانونی قرار دیدیا

    واشنگٹن: امریکا کے سینیٹر برنی سینڈرز نے ایران پر اسرائیلی حملے کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے ان حملوں کی مخالفت کردی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے جمعہ کے روز اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ایران پر "یکطرفہ” حملے کی مذمت کی اور خبردار کیا کہ اسرائیل کا حملہ وسیع علاقائی جنگ کو جنم دے سکتا ہے۔

    امریکا کے سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا کہ امریکا  کو اسرائیل کی ایک اور جنگ میں گھسیٹا نہیں جاسکتا، ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات اتوار کو ہونے تھے اور اسرائیل نے حملہ کردیا۔

    امریکی سینیٹر نے کہا کہ نیتن یاہو نے جنگ بندی کے سب سے بڑے مذاکرات کار کو مار دیا، نیتن یاہو نے ایسا کر کے امریکا کی سفارتکاری کو نیچا دکھایا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/israel-strikes-iran-nuclear-facilities-missile-factories/

    امریکا کے سینیٹر برنی سینڈرز نے مزید کہا کہ نیتن یاہو نے ہزاروں شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالا ہے۔

    سینڈرز نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلے نتین یاہو نے غزہ میں بھوکے بچوں کو جنگ کے آلے کے طور پر استعمال کیا اور جنیوا کنونشنز کی وحشیانہ خلاف ورزی کی اب اس نے ایران پر یکطرفہ غیر قانونی حملہ کردیا۔

    واضح رہے کہ اسرائیلی افواج نے جمعے کی صبح ایران پر حملہ کیا اس حملے میں جوہری اور میزائل تنصیبات کو نشانہ بنایا اور اعلیٰ فوجی کمانڈروں اور سائنسدانوں کا قتل کیا جس کے بعد ایران نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

  • سعودی عرب کی ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

    سعودی عرب کی ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

    سعودی عرب نے اسرائیل کی جانب سے علی الصباح ایران پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے، اسے ایرانی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ ” ایران کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں۔”

    بیان کے مطابق یہ حملہ ”ایرانی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین اور اقدار کی خلاف ورزی ہے۔”

    سعودی عرب نے تمام فریقین سے کہا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی کم کرنے کے لیے کام کریں۔

    واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ایران میں 20 اہداف پر حملے کیے ہیں۔ اس حملے میں 100 سے زیادہ طیارے اور ڈرون شامل تھے، جنہوں نے میزائلوں کی تیاری کی تنصیبات، دفاعی نظام اور دیگر اہداف کو نشانہ بنایا۔

    اس سے قبل ایرانی حکام کی جانب سے اسرائیلی حملوں کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ دھماکے ایرانی فضائی دفاعی نظام کو فعال کرنے سے ہوئے۔

    ایرانی میڈیا کا ذرائع کے حوالے سے کہنا تھا کہ پاسداران انقلاب کا کوئی دفتر نشانہ نہیں بنا ہے۔

    اسرائیل کا ایران پر حملہ، وائٹ ہاؤس کا اہم بیان

    امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے سی ای او کے مطابق ہوائی اڈے سے پہلی پرواز معمول کے مطابق صبح روانہ ہوئی اور کسی پرواز کی منسوخی نہیں ہوگی، مہرآباد ایئرپورٹ پر بھی تمام پروازیں معمول کے مطابق اڑان بھر رہی ہیں۔