Tag: ایران کی خبریں

  • کشمیریوں کی حالتِ زار پر تشویش ہے، بھارت ان سے مناسب سلوک کرے: ایران

    کشمیریوں کی حالتِ زار پر تشویش ہے، بھارت ان سے مناسب سلوک کرے: ایران

    تہران: ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر برطانیہ کا پیدا کیا ہوا ہے، برطانیہ جان بوجھ کر خطے میں مسئلہ کشمیر چھوڑ کر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کہا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے لیے فکر مند ہیں، بھارت خطے میں مسلمانوں کو دبانے کی روش ترک کرے۔

    ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ کشمیر کی موجودہ صورت حال برطانوی حکومت کے ان شیطانی اقدامات کا نتیجہ ہے جو اس نے برصغیر کو چھوڑتے وقت کیے تھے۔

    ایران کے روحانی پیشوا نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں، وہ کشمیریوں سے مناسب رویہ رکھے، بھارت اپنی کشمیر پالیسی کو مناسب بنائے۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  سعودی میزائل پروگرام ایرانی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہے، عالمی جریدہ

    آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ انھیں کشمیر میں مسلمانوں کی حالتِ زار پر تشویش ہے، بھارت سے توقع ہے کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ اچھا سلوک کرے گا اور خطے میں مسلمانوں پر ظلم کی روش کو ترک کرے گا۔

    یاد رہے دو دن قبل تہران میں کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیریوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا۔

    مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کو روکنے کے سلسلے میں اپنی انسانی اور اخلاقی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، آج وادی میں نافذ کرفیو کو 17 دن ہو گئے ہیں۔ مقبوضہ وادی میں رابطے کے تمام ذرایع بھی منقطع ہیں۔

  • حوثیوں کا سعودی ایئرپورٹ ابھا پر حملہ، ۹ افراد زخمی

    حوثیوں کا سعودی ایئرپورٹ ابھا پر حملہ، ۹ افراد زخمی

    صنعاء: یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کےابھا ایئرپورٹ پرایک بار پھر حملہ کیا ہے۔ باغیوں کی جانب سے کے گئے حملے میں اب تک افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکام نے بتایاکہ حملے میں 9 افراد زخمی ہوگئے، جن میں 8 سعودی جبکہ ایک بھارتی شہری شامل ہے۔ سعودی حکام تاحال یہ پتا نہیں لگا سکے ہیں کہ آیا یہ میزائل داغے گئے ہیں ، یا ڈرون حملہ ہے۔

    اس حوالے سے سعودی حکام کی جانب سے ابھی کوئی واضح اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا ہے ، خیال کیا جارہا ہے کہ حوثیوں نے اس حملے میں ڈرونز کا استعمال کیا ہے۔

    بتایا جارہا ہے کہ یہ حملہ رات گئے کیا گیا تھا۔زخمی ہونے والے تما م افراد کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بحال کردیا گیا ہے۔

    گزشتہ مہینے بھی حوثی قبائل کی جانب سے سعودی عرب کےابھا ایئرپورٹ پر کیے گئے ایک میزائل حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے تھے۔

    گزشتہ روز بھی حوثی باغیوں نے سعودی حدود میں دو ڈرون طیارے بھیجے تھے ، تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے سعودی اتحادی افواج نے ڈرون فضا میں ہی تباہ کردیے تھے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حوثیوں نے ڈرون کے ذریعے سعودی شہر عسیر اور جازان کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

    اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ حوثی باغی مسلسل سعودی عرب کے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

    یاد رہے کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی قبائل میں خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورت حال کے پیش نظر یمن سے سعودی عرب پر حملے تیز کردیے ہیں۔ حوثی قبائل ایک ترجمان نے غیر ملکی خبررساں ادارےسے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی جانب سے ایک بڑا آپریشن جاری ہے جس میں سعودی عرب کے ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

  • امریکا نے ذرا سی بھی بے وقوفی کی تو نشانہ بنا دیں گے: ایرانی جنرل

    امریکا نے ذرا سی بھی بے وقوفی کی تو نشانہ بنا دیں گے: ایرانی جنرل

    تہران: ایرانی جنرل مرتضیٰ قربانی نے امریکا کو دھمکی دی ہے کہ اس نے ذرا سی بھی بے وقوفی کی تو نشانہ بنا دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے اعلان کیا تھا کہ وہ خطے میں جنگی بحری جہاز بھیج رہا ہے، جس پر ایک ایرانی جنرل نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے ایسی بے وقوفی کی تو ان بحری جہازوں کو سمندر کی تہہ میں غرق کر دیں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی جنرل مرتضیٰ قربانی نے کہا ہے کہ امریکی طیاروں کو دو میزائلوں یا دو نئے خفیہ ہتھیاروں سے نشانہ بنا سکتے ہیں۔

    انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی جنگی جہازوں کو عملے سمیت سمندر کی تہہ میں ڈبو دیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا کے 2 جنگی بحری بیڑے مشرقِ وسطیٰ میں موجود ہیں، ایران کے خلاف پابندیوں پر دونوں ممالک میں کشیدگی عروج پر ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ٹرمپ تاریخ جانتے ہیں اور نہ ہی ایرانیوں کو پہچانتے ہیں، محمد جواد ظریف

    خیال رہے کہ جمعے کے دن امریکا نے مشرق وسطیٰ میں 15 ہزار فوجی بھیجنے کا اعلان کیا تھا، اور کہا تھا کہ وہ ایران کے خلاف اپنے دفاع کو مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

    آج ایرانی وزیر خارجہ نے ٹرمپ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی شخص دہشت گرد ہے تو وہ ٹرمپ ہیں جنھوں نے اقتصادی دہشت گردی کا ارتکاب کیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کے گھٹیا بیان نے ثابت کر دیا کہ وہ نہ تو تاریخ کے بارے میں کچھ جانتے ہیں اور نہ ہی ایرانی قوم کو پہچانتے ہیں۔ واضح رہے کہ ٹرمپ نے ایرانی قوم کو دہشت گرد کہہ دیا تھا۔

  • وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر مشہد پہنچ گئے

    وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر مشہد پہنچ گئے

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر ایران کے شہر مشہد پہنچ گئے، دورے کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان اہم معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان آج دو روزہ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے ہیں، یہ وزیرِ اعظم کا ایران کا پہلا دورہ ہے، دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان ایرانی صدر اور سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقاتیں کریں گے، ایرانی قیادت سے اورماڑہ دہشت گردی کا معاملہ بھی اٹھائے جانے کا امکان ہے۔

    خیال رہے کہ یہ عمران خان کا ایران کا پہلا دورہ ہے، وہ یہ دورہ ایران کے صدر حسن روحانی کی دعوت پر کر رہے ہیں، وزیرِ اعظم ایران میں تاجر برادری سے بھی ملاقات کریں گے۔

    بلوچستان کے علاقے اورماڑہ میں دہشت گردی کے واقعے پر گزشتہ روز پاکستان نے ایرانی سفارت خانے کو ایک احتجاجی مراسلہ بھجوایا تھا، اس سانحے میں 10 پاک بحریہ، 3 پاک فضائیہ اور ایک کوسٹ گارڈ اہل کار شہید ہوئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اورماڑہ دہشت گردی‘ پاکستان نے احتجاجی مراسلہ ایرانی سفارت خانے کو بھجوا دیا

    میڈیا رپورٹ کے مطابق اورماڑہ میں دہشت گردی کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر پاکستان نے احتجاج کیا ہے، مراسلے میں کہا گیا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کا پہلے بھی ایران سے کئی بار مطالبہ کر چکے ہیں۔

  • تہران میں پراسرار بدبو کا معمہ حل ہو گیا؟

    تہران میں پراسرار بدبو کا معمہ حل ہو گیا؟

    تہران: ایرانی حکام چار دن بعد بھی دار الحکومت میں پراسرار بد بو کا معمہ حل نہیں کر سکے ہیں، بد بو نے کئی دن سے شہریوں کو اپنی لپیٹ میں رکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ چار دن سے ایرانی شہر تہران ایک پر اسرار بد بو کی لپیٹ میں ہے، حکام بد بو کا ماخذ ڈھونڈنے میں سرگرداں ہیں، عوام سے بھی مدد کی اپیل کی گئی۔

    [bs-quote quote=”بدبو پلاسکو بلڈنگ کے سیپٹک ٹینک سے آ رہی ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”منیجر کا دعویٰ”][/bs-quote]

    تاہم گزشتہ روز ایک بلڈنگ پروجیکٹ کے منیجر نے دعویٰ کر دیا ہے کہ بد بو کی وجہ یہ عمارت ہے جو اس کی زیرِ نگرانی ہے۔

    منیجر کے مطابق تہران میں واقع پلاسکو بلڈنگ کا ایک پرانا سیپٹک ٹینک پھٹ گیا ہے، جس کے باعث بدھ سے شہر بد بو کی لپیٹ میں آ گیا ہے۔

    یہ عمارت 2017 میں پراسرا آتش زدگی کی وجہ سے جل کر منہدم ہو گئی تھی، منیجر کا کہنا ہے کہ تعمیراتی ٹیم نئی تعمیر کے سلسلے میں زمین میں سوراخ کر رہی تھی جب برسوں قبل بند کیے گئے ایک ڈسپوزل سیپٹک سسٹم کو انھوں نے توڑ دیا۔

    خیال رہے کہ پلاسکو بلڈنگ تہران اسکائی لائن کا ایک اہم ترین حصہ تھا اور سترہ منزلہ یہ عمارت 1960 کی دہائی میں تعمیر ہوئی تو ایران کی سب سے بلند عمارت تھی۔


    یہ بھی پڑھیں:  ترکی : خاتون کی ہیرے کی انگوٹھی نگل کر چوری کی کوشش ناکام


    یہ عمارت ایک ایرانی یہودی تاجر نے تعمیر کرائی تھی جسے 1979 میں انقلاب ایران کے بعد اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں پھانسی دی گئی۔

    قبل ازیں تہران میں پراسرار بدبو نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کیے رکھا، حکام تا حال بدبو دور کرنے کے لیے اقدامات نہیں کر سکے ہیں، حکام کی جانب سے بیان جاری کیا گیا تھا کہ تشویش کی کوئی بات نہیں جس پر شہریوں نے شدید برہمی کا اظہا کیا۔

  • حملے کا جواب انتہائی شدید ہوگا، ایرانی صدر کا سخت ردِ عمل

    حملے کا جواب انتہائی شدید ہوگا، ایرانی صدر کا سخت ردِ عمل

    تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے ایران کے شہر اھواز میں دہشت گردوں کے حملے پر سخت ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے کا جواب انتہائی شدید ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نے دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو سخت پیغام دیا، ان کا کہنا تھا کہ حملے کا انتہائی شدید جواب دیا جائے گا۔

    حسن روحانی نے کہا ’دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو اپنے کیے کا جواب دینا ہوگا۔‘ انھوں نے سیکورٹی فورسز کو حکم دیا کہ فوجی پریڈ پر حملے کے ذمہ داروں کی شناخت کی جائے۔

    خیال رہے کہ آج ایران کے شہر اھواز میں سیکورٹی فورسز کی پریڈ کے دوران نا معلوم دہشت گردوں نے حملہ کیا، فائرنگ کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت 30 افراد زخمی جب کہ 24 جاں بحق ہوئے۔


    تفصیل یہاں پڑھیں:  ایران: فوجی پریڈ پر حملہ، 24 افراد جاں بحق، 30 زخمی


    ایرانی وزیرِ خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر حملے سے متعلق جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ حملہ غیر ملکی طاقتوں کے بھرتی دہشت گردوں نے کیا۔

    انھوں نے واضح طور پر کہا کہ امریکی حکام ایسے حملوں کے ذمہ دار ہیں، جواد ظریف نے کہا کہ عوام کی حفاظت کے لیے تیز رفتاری سے مؤثر جواب دیں گے۔

    پاکستانی دفترِ خارجہ کی جانب سے بھی اس حملے پر ردِ عمل میں کہا گیا کہ پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل میں مذمت کرتا ہے، دفترِ خارجہ کی جانب سے حملے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا بھی اظہار کیا گیا۔

  • کوئی تیسرا ملک ایران اورشام کے تعلقات کا تعین نہیں کرسکتا: ایرانی وزیردفاع

    کوئی تیسرا ملک ایران اورشام کے تعلقات کا تعین نہیں کرسکتا: ایرانی وزیردفاع

    دمشق : ایرانی وزیرِ دفاع کا کہنا ہے کہ ان کا ملک خطے میں امن و استحکام کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے شامی حکومت کی مدد جاری رکھے گا، کوئی تیسرا ملک ہمارے تعلقات کا تعین نہیں کرسکتا۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر دفاع امیر ہاتمی نے شام کے دو روزہ دورے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران شام کی حکومت کی دعوت پر اس کی مدد کرر ہی ہے ، کوئی تیسرا ملک شام میں ایران کی موجودگی پر اثر انداز نہیں ہوسکتا ۔ شام کے اس دورے میں ان کے ہمراہ ایران کی اعلیٰ ملٹری قیادت بھی موجود ہے اور وہ شامی صدر بشار الاسد سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔

    امکان ظاہر کیا جارہا ہےکہ اس اعلیٰ سطحی دورے میں ایران اور شام کے درمیان کئی ملٹری اور دفاعی معاہدات کیے جائیں گے۔ کہا جارہا ہے کہ دونوں ممالک آپس میں باہمی تعاون بڑھانے میں بے پناہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ یاد رہے کہ ایران نے شام میں سات سال سے جاری خانہ جنگی میں شامی صدر بشار الاسد کو سب سے زیادہ مدد فراہم کی ہے ، اس کے ہزاروں ملٹری ایڈوائزر اور سپاہی شام میں بشار الاسد کی حکومت کی مدد کررہے ہیں۔

    امیر ہاتمی نے اپنے شامی ہم منصب جنرل علی عبداللہ ایوب سے ملاقات میں کہا کہ ایران ، شام کی تعمیر ِ نو میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شام میں امن سے خطے کو استحکام ملے گا ۔

    یاد رہے کہ اسرائیلی حکومت شام میں ایران کے روز بروز بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر اپنے تحفظات کا اظہا کرتی رہتی ہے ، ان کا کہنا ہے کہ ایران ، شام اور اسرائیل کے سرحدی علاقوں میں اپنے قدم جما رہا ہے۔ دوسری جانب امریکا بھی ایران پر زوردیتا رہتا ہے کہ وہ شام سے اپنے فوجیوں کا انخلا کر ے ۔

    حالیہ دنوں ہونے والی امریکی اور روسی حکام کی ملاقات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قومی سیکیورٹی کے مشیر جان بولٹن کا کہنا تھا کہ وہ اور روسی حکام شام سے ایرانی فوجیوں کے انخلا کے طریقے پر بات کررہے تھے ، تاہم انہوں نے اس کی تفصیلات فراہم نہیں کی۔

  • ایران نے تیل کے معاملے پر سعودی عرب کو بالواسطہ دھمکی دے دی

    ایران نے تیل کے معاملے پر سعودی عرب کو بالواسطہ دھمکی دے دی

    تہران: ایران نے تیل کے معاملے پر سعودی عرب کو بالواسطہ دھمکی دے دی، تیل کی عالمی منڈی میں ایران کی جگہ لینے کو دغا بازی قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران پر امریکی پابندیوں کے بعد ایران کو تیل کی عالمی مارکیٹ میں اپنے حصے کے ہاتھ سے نکلنے کی فکر ستانے لگی۔

    ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری کا کہنا تھا کہ ایران کو اپنا تیل فروخت کرنے میں کسی مشکل کا سامنا نہیں ہوگا، عالمی تیل کی منڈی میں ان کی جگہ نہیں لی جاسکتی۔

    انھوں نے سعودی عرب کا نام لیے بغیر کہا کہ تیل کی جنگ میں اگر کوئی ملک عالمی مارکیٹ میں ایران کی جگہ لینے کی خواہش رکھتا ہے تو وہ جان لے کہ یہ ایرانی عوام سے دغا بازی ہوگی۔

    اسحاق جہانگیری کا کہنا تھا کہ تیل کی بین الاقوامی مارکیٹ میں ایران کی جگہ لینے والا دغا بازی کا مرتکب ہوگا اور اسے اس دغا بازی کی قیمت چکانے پڑے گی۔

    سعودی عرب سے تیل کی پیداوار بڑھانے کی درخواست کی ہے: امریکی صدر


    خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ نے ٹوئٹ کے ذریعے کہا تھا کہ انھوں نے سعودی شاہ سلمان سے کہا ہے کہ وہ تیل کی پیداوار میں بیس لاکھ بیرل کا اضافہ کریں تاکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کو قابو کیا جاسکے۔

    ایرانی نائب صدر نے یہ بھی کہا کہ تیل کے ساتھ ساتھ امریکا دیگر ایرانی برآمدات اور کرنسی کی ترسیل کو بھی متاثر کرنا چاہتا ہے، بعض علاقائی ممالک بھی اس معاملے کو ہوا دے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ ایران پر پھر سے امریکی پابندیاں لگائے جانے کا معاملہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں پر بری طرح اثر انداز ہوا ہے، جس کے حل کے لیے صدر ٹرمپ نے سعودی عرب کا رخ کر لیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دینا کے بہترین فٹ بالر کی پینالٹی روکنے والا خانہ بدوش ایران کا ہیرو بن گیا

    دینا کے بہترین فٹ بالر کی پینالٹی روکنے والا خانہ بدوش ایران کا ہیرو بن گیا

    ماسکو: تہران میں بے گھری کا کرب سہنے والے خانہ بدوش گول کیپر دنیا کے بہترین فٹ بالر کی پینالٹی روک کر ایران کے ہیرو بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی فٹ بال ٹیم کے گول کیپر علی رضا بہرانوند نے روس کے شہر ماسکو میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ 2018 کے گروپ بی کے آخری میچ میں دنیا کے بہترین فٹ بالر کی پینالٹی روک کر سب کو حیران کر دیا۔

    مور ڈویا اسٹیڈیم میں پرتگال اور ایران کے درمیان ہونے والے میچ میں ایرانی دفاعی کھلاڑی کی طرف سے ڈی کے اندر غلطی پر پرتگال کو پینالٹی کک ملی، کک دنیائے فٹ بال کے بہترین کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے لگائی۔

    دنیا کے بہترین فٹ بالر کی پینالٹی روکنے پر تہران میں فٹ پاتھوں پر سونے والے بے گھر علی رضا ایران کے ہیرو بن گئے، ان کا یہ کارنامہ دنیائے فٹ بال میں ان کو نمایاں کرنے کا بھی سبب بن گیا۔

    فیفا ورلڈکپ 2018، فٹبال بنانے والے پاکستانی کا بیٹا برازیل اورکوسٹاریکا کے میچ کا ٹاس کرے گا


    علی رضا بہرانوند کا تعلق ایران کے ایک خانہ بدوش گھرانے سے ہے، جنھیں بارہ سال کی عمر میں والد کی طرف سے اس کی فٹ بال سے جنون کی شدید مخالفت کی وجہ سے گھر چھوڑنا پڑا تھا۔

    چار سال قبل تہران کے آزادی ٹاور کے قریب ایک فٹ بال کلب کے باہر سونے کی وجہ سے راہ گیروں نے 19 سالہ علی رضا کے سامنے سکے بھی ڈالے، جنھیں بھوک کی شدت کی وجہ سے انھیں قبول کرنا پڑا۔

    ایرانی گول کیپر علی رضا بہرانوند فٹ بال کھیل میں اپنی قسمت آزمانے کے لیے تہران منتقل ہوئے، اخراجات کے لیے پیزا کی دکان پر کام اور سڑکوں پر گاڑیاں بھی دھونی پڑیں، آخر کار انھیں نفتِ تہران فٹ بال کلب نے گول کیپر رکھ لیا جس کے بعد انھوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔