Tag: ایران

  • جنرل سلیمانی سے متعلق امریکا نے "جھوٹ” کا اعتراف کر لیا

    جنرل سلیمانی سے متعلق امریکا نے "جھوٹ” کا اعتراف کر لیا

    واشنگٹن: امریکا کا ایرانی القدس بریگیڈ کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی سے متعلق پراپیگنڈا بے نقاب ہوگیا۔

    جنرل سلیمانی کو ملکی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ قرار دینے والے امریکی وزیر خارجہ نے اعتراف کیا ہے کہ ہمیں یہ نہیں معلوم کہ ایرانی جنرل کب اور کیسے حملہ کرتا۔

    فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ہم قطعی طور پر یہ نہیں کہہ سکتے کہ جنرل سلیمانی کہاں سے اور کیسے حملہ آور ہوسکتا تھا؟ حتمی طور پر یہ بھی نہیں کہا جا سکتا کہ ایرانی جنرل حملے کے جو منصوبے بنا رہا تھا اس کا نشانہ کون بنتا۔

    مائیک پومپیو نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ جنرل سلیمانی ایک سلسلہ وار حملوں کی پلاننگ کررہا تھا مگر کب، کہاں اور کیسے حملہ کرتا، اس بارے میں قطعی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا تاہم یہ ضرور ہے کہ جنرل سلیمانی حقیقی خطرہ تھا اور یہی حقیقت ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: قاسم سلیمانی کی موت سے ایران کو کیا فائدہ ہوا؟

    واضح رہے کہ واضح رہے بغداد کے ایئر پورٹ پر امریکی فضائی حملے میں ایرانی جنرل سمیت 9 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ فضائی حملے میں ہلاک جنرل قاسم سلیمانی القدس فورس کے سربراہ تھے۔

    بعد ازاں جنرل سلیمانی کے قتل پر ایران نے امریکا پر جوابی وار کرتے ہوئے عراق میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کئے ، واشنگٹن نے حملوں کی تصدیق کی، ایرانی پاسداران انقلاب نے جاری بیان میں کہا تھا کہ انھوں نے درجنوں میزائلوں سے امریکی اڈے کو نشانہ بنایا، اڈوں پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے گئے۔

  • سعودی عرب نے ایران کا ایک اور سائبر حملہ ناکام بنا دیا

    سعودی عرب نے ایران کا ایک اور سائبر حملہ ناکام بنا دیا

    ریاض: سعودی عرب نے ایران کا نیا سائبر حملہ ناکام بنا دیا، ایران اس سے قبل سعودی عرب پر متعدد سائبر حملے کر چکا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے ایران کا نیا سائبر حملہ ناکام بنا دیا ہے، مذکورہ حملہ 29 دسمبر 2019 کو ایران نے اس دن کیا جس روز امریکی فوج نے ایران کے حمایت یافتہ وظیفہ خواروں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا تھا۔

    سعودی ٹیکنالوجی امور کے ماہرین نے ایرانی سائبر حملے کو Dustman کا نام دیا ہے۔

    انہوں نے باقاعدہ اس تخریبی حملے کو ایران سے منسوب نہیں کیا، اس کے باوجود تکنیکی رپورٹ پڑھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ سابقہ سائبر حملوں اور نئے حملے کے درمیان بڑی مماثلت پائی جاتی ہے۔

    اسی بنیاد پر کہا جارہا ہے کہ 29 دسمبر کا سائبر حملہ ایران ہی نے کیا۔ اطلاعات کے مطابق مذکورہ سائبر حملہ ڈیٹا مٹانے کے لیے کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ امریکی سیکیورٹی ادارے ایرانی جنرل سلیمانی کے قتل کے بعد ایران کے سائبر حملوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرچکے تھے تاہم مذکورہ حملہ اور اس جیسے دیگر سابقہ سائبر حملوں کو دیکھتے ہوئے امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ایران معمولی سطح پر سائبر جنگوں میں دلچسپی رکھتا ہے۔

  • یوکرینی طیارے کی تباہی کا معاملہ، ایران نے امریکی دعویٰ مسترد کردیا

    یوکرینی طیارے کی تباہی کا معاملہ، ایران نے امریکی دعویٰ مسترد کردیا

    تہران: یوکرینی طیاہ حادثے سے متعلق امریکی جریدے کی رپورٹ ایران نے مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی جریدے نیوزویک نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کا طیارہ ایران کے میزائل حملے کے نتیجے میں گرا جس کے ردعمل میں تہران حکومت نے دعوے کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران نے نیوزویک کے دعوے کی تردید کردی۔ ایرانی سول ایوایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ میزائل کا طیارے سے ٹکرانا ناممکن ہے، امریکی جریدہ افواہوں سے کام لے رہا ہے۔

    خیال رہے کہ امریکی جریدے نیوزویک کا کہنا ہے کہ یوکرین کے طیارے کو ایران نے غلطی سے تباہ کیا تھا، یوکرینی طیارے کو اینٹی ایئرکرافٹ میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔

    ’’یوکرینی طیارے کو ایران نے تباہ کیا‘‘

    نیوزویک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پینٹاگون وعراقی انٹیلی جنس کے اعلیٰ حکام نے حادثے سے متعلق آگاہ کیا، طیارے کو روسی ساختہ ٹی اوآرایم ون میزائل سے نشانہ بنایا گیا، پینٹاگون حکام کے مطابق واقعہ غلطی کے باعث پیش آیا تھا۔

    جریدے کے مطابق طیارے کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا تھا، سیٹ لائٹ کے ذریعے بھی میزائل فائر کرنے کے شواہد ملے ہیں۔ ایرانی حکام نے طیارے کو میزائل لگنے کی تردید کی ہے۔

  • ’’یوکرینی طیارے کو ایران نے تباہ کیا‘‘

    ’’یوکرینی طیارے کو ایران نے تباہ کیا‘‘

    واشنگٹن: امریکی جریدے نے یوکرینی طیارہ ایران کے ہاتھوں تباہ ہونے کا دعویٰ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی جریدے نیوزویک کا کہنا ہے کہ یوکرین کے طیارے کو ایران نے غلطی سے تباہ کیا تھا، یوکرینی طیارے کو اینٹی ایئرکرافٹ میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔

    نیوزویک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پینٹاگون وعراقی انٹیلی جنس کے اعلیٰ حکام نے حادثے سے متعلق آگاہ کیا، طیارے کو روسی ساختہ ٹی اوآرایم ون میزائل سے نشانہ بنایا گیا، پینٹاگون حکام کے مطابق واقعہ غلطی کے باعث پیش آیا تھا۔

    ایران میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، 179 مسافر ہلاک

    جریدے کے مطابق طیارے کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا تھا، سیٹ لائٹ کے ذریعے بھی میزائل فائر کرنے کے شواہد ملے ہیں۔ ایرانی حکام نے طیارے کو میزائل لگنے کی تردید کی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ایران کے دارالحکومت تہران میں یوکرین کا ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوا، جس میں 179 مسافر مارے گئے تھے۔ اس حادثے کا الزام بھی ایران پر عائد کیا جارہا ہے۔

  • ہمارا خطہ کسی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا، شاہ محمود قریشی

    ہمارا خطہ کسی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ خطے کے اہم ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کر رہا ہوں، ہمارا خطہ کسی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احسان اللہ ٹوانہ کی زیرصدارت قائمہ کمیٹی امور خارجہ کا اجلاس ہوا، جس میں شاہ محمود قریشی نے خصوصی شرکت کی۔ وزیرخارجہ نے مشرق وسطیٰ کی صورت حال سے متعلق خصوصی بریفنگ دی۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران امریکا کشیدگی کم کرانے کے لیے ہمارے روابط جاری ہیں، خطے کے اہم ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کر رہا ہوں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارا خطہ کسی جنگ کامتحمل نہیں ہوسکتا، کشیدگی کے اثرات خطے پر پڑیں گے،افغان امن عمل بھی متاثر ہوسکتا ہے۔

    اجلاس میں بریفنگ کے دوران شاہ محمود قریشی نے واضح طور پر کہا ہماری سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، وزیراعظم عمران خان کا گزشتہ روز کا بیان انتہائی واضح اور دو ٹوک تھا۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا اور امن کے لیے کوششیں کرے گا۔

    پوری کوشش ہے سعودی عرب اور ایران میں دوستی کرائیں، وزیراعظم

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے ہنرمند پاکستان منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پوری کوشش ہے کہ سعودی عرب اور ایران میں دوستی کرائیں۔

  • امریکا  کی  ایران کو مذاکرات کی پیشکش

    امریکا کی ایران کو مذاکرات کی پیشکش

    واشنگٹن : امریکا نے ایران کو مذاکرات کی پیشکش کردی ، امریکا کا کہنا ہے کہ امریکا سنجیدہ مذاکرات کوتیارہے، مذاکرات کی پیشکش کا مقصد عالمی امن خراب نہ ہونے دینا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے غیر مشروط مذاکرات پر آمادگی ظاہر کردی ، اقوام متحدہ میں امریکی مندوب کیلی کرافٹ کی جانب سے سلامتی کونسل کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ امریکا ایران سے سنجیدہ مذاکرات کو تیار ہے، قاسم سلیمانی کےقتل کی کارروائی اپنے دفاع میں کی، مذاکرات کی پیشکش کا مقصد عالمی امن خراب نہ ہونے دینا ہے۔

    خط میں کہا گیا مشرق وسطیٰ میں اپنےاہلکاروں،مفادات کے تحفظ کےمزید اقدامات کریں گے، اگر مستقبل میں ضرورت پڑی تو امریکی فوجیوں اور اثاثوں کی حفاظت کے لیے مزید کارروائی بھی کی جائے گی۔

    دوسری جانب ایران کی جانب سے بھی اقوام متحدہ کو خط لکھا گیا، جس میں ایران نےامریکی اڈےپرحملے کے لیے اقوام متحدہ کی شق51کاحوالہ دیا، امریکا نے بھی شق51کاحوالہ دیا تھا۔

    اقوام متحدہ میں ایرانی سفیرماجدروانچی نے خط میں کہا کہ ایران کشیدگی چاہتا ہے نہ جنگ، آپریشن احتیاط سےکیاگیا ،صرف امریکی فوجی مفادات کونشانہ بنایا گیا۔

    مزید پڑھیں : میزائل استعمال نہیں کرنا چاہتے، ٹرمپ

    واضح رہے بغداد کے ایئر پورٹ پر امریکی فضائی حملے میں ایرانی جنرل سمیت 9 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ فضائی حملے میں ہلاک جنرل قاسم سلیمانی القدس فورس کے سربراہ تھے۔

    بعد ازاں جنرل سلیمانی کے قتل پر ایران نے امریکا پر جوابی وار کرتے ہوئے عراق میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کئے ، واشنگٹن نے حملوں کی تصدیق کی، ایرانی پاسداران انقلاب نے جاری بیان میں کہا تھا کہ انھوں نے درجنوں میزائلوں سے امریکی اڈے کو نشانہ بنایا، اڈوں پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے گئے۔

  • ایران اور امریکا کی جنگ میں دنیا کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا: گورنر پنجاب

    ایران اور امریکا کی جنگ میں دنیا کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا: گورنر پنجاب

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ اس وقت خطے میں امن کے لیے کوشش کی ضرورت ہے، ایران اور امریکا کی جنگ ہوئی تو دنیا کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، سیاسی جماعتوں کو ملکی صورتحال پر چٹان کی طرح جمع ہونا ہے۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے واضح کہا ہے ہم کسی جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت خطے میں امن کے لیے کوشش کی ضرورت ہے، دہشت گردی عراق کی جنگ کے بعد بڑھی ہے۔ ایران اور امریکا کی جنگ ہوئی تو دنیا کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

    گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ اسکاؤٹس بہت ترقی کریں گے، اسکاؤٹس کو اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیز میں لے کر جائیں گے، میں سمجھتا ہوں کہ اسکاؤٹس قائد اعظم کی تحریک ہے، یہ آرگنائزیشن غیر سیاسی ہے ان میں کبھی سیاست نہیں ہونے دیں گے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیکیورٹی بہتر ہونے سے ہمارا تاثر عالمی سطح پر بہتر ہوا۔ ہمیں عالمی سطح پر سیاحت کے لیے نمبر ایک ملک قرار دیا گیا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ قائد اعظم کا دو قومی نظریہ اب سچ ثابت ہوگیا ہے، پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اکثریت کے برابر ہیں۔ متنازعہ قانون کے بعد ثابت ہوا انتہا پسندی پاکستان میں نہیں بھارت میں ہے۔

  • سعودی عرب کو عراق کی صورتحال پر سخت تشویش ہے: سعودی وزیر خارجہ

    سعودی عرب کو عراق کی صورتحال پر سخت تشویش ہے: سعودی وزیر خارجہ

    ریاض: سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کو عراق کی صورتحال پر سخت تشویش ہے، ہماری خواہش ہے کہ عراقی شہری امن و امان اور خوشحالی کی زندگی بسر کریں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ سعودی عرب کو عراق کی تازہ صورتحال پر انتہائی تشویش ہے۔

    عادل الجبیر نے کہا کہ سعودی عرب اپنے برادر ملک کو جنگی کیفیت سے نکالنے کا خواہاں ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ عراقی شہری امن و امان اور خوشحالی کی زندگی بسر کریں۔

    سعودی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب، عراق کے ساتھ اس وقت تک کھڑا رہے گا جب تک وہ امن و استحکام کو مخدوش کرنے والی حالت سے باہر نہ نکل آئے اور امن و آشتی کے علاوہ اپنی عرب شناخت کی طرف نہ لوٹ آئے۔

    خیال رہے کہ امریکی حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران نے بغداد میں امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے اور انہیں جوابی وار قرار دیا۔

    ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے درجنوں میزائلوں سے امریکی اڈے کو نشانہ بنایا، اڈوں پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے گئے، امریکا کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا آغاز ہو چکا۔

    پینٹاگون نے تصدیق کی کہ عراق میں 2 فوجی اڈے ایرانی حملوں کا نشانہ بنے۔ امریکی اور اتحادی افواج پر درجن سے زائد بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے، ایرانی میزائلوں کا ہدف الاسد اور اربیل میں واقع فوجی اڈے تھے۔

    بعد ازاں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے بیان دیا کہ حملے میں 80 ہلاکتیں ہوئیں، حملے سے متعلق اعداد و شمار فوجی حکام بتائیں گے۔

    حملے کے فوری بعد جواد ظریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ایران نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع میں مناسب اقدام اٹھایا ہے۔ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اپنے خلاف ہونے والی جارحیت کا دفاع کریں گے۔

  • وزیراعظم کی شاہ محمود قریشی کو ایران، امریکا اور سعودی عرب کے دورے کی ہدایت

    وزیراعظم کی شاہ محمود قریشی کو ایران، امریکا اور سعودی عرب کے دورے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو ایران، امریکہ اور سعودی عرب کے دورے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو ایران، امریکہ اور سعودی عرب کے دورے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو متعلقہ ممالک کے فوجی سربراہان سے رابطوں کی ہدایت کی۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ وزیرخارجہ، آرمی چیف واضح پیغام دیں پاکستان کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، پاکستان امن کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

    ’جنرل قاسم سلیمانی کا واقعہ اسامہ اور بغدادی کے واقعے سے بھی زیادہ سنگین ہوسکتا ہے‘

    یاد رہے کہ دو روز قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں صورتحال بہت نازک اور تشویش ناک ہے، مشرق وسطیٰ کسی نئی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا، جنرل قاسم سلیمانی کا واقعہ اسامہ بن لادن اور ابوبکر بغدادی کے واقعے سے بھی زیادہ سنگین ہوسکتا ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو خطے میں تشویش ناک صورت حال نظرآ رہی ہے، واقعےسے خطے میں عدم استحکام بڑھے گا اور واقعے کے ردعمل سے افغان امن عمل بھی متاثر ہوسکتا ہے۔

  • امریکا ایران کشیدگی کے خاتمے کیلئے یو اے ای کا اہم مشورہ

    امریکا ایران کشیدگی کے خاتمے کیلئے یو اے ای کا اہم مشورہ

    ابوظہبی: امریکا اور ایران کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے ردعمل میں متحدہ عرب امارات نے تنازعے کے خاتمے کے لیے فریقین پر زور دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد تہران حکومت نے انتقامی بدلہ لیا اور عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائل داغے جس کے باعث خطے میں کشیدگی بڑھ چکی ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیربرائے خارجہ امور ڈاکٹر انور گارگش کا کہنا ہے کہ ضرورت اس امر کی ہے ہم خطے کو حالیہ کشیدگی سے باہر نکالیں، بھڑتے ہوئے تنازعے کو روکنا عقل مندی اور ضروری ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یو اے ای کے وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ فریقن کو سیاسی راستہ اپناتے ہوئے معاملہ حال کرنا چاہییے۔ خیال رہے کہ ایران نے گزشتہ رات عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے ہیں۔

    ایران نے حملے کی پیشگی اطلاع دے دی تھی: عراقی وزیر اعظم

    ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے درجنوں میزائلوں سے امریکی اڈے کو نشانہ بنایا، اڈوں پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے گئے، امریکا کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا آغاز ہو چکا۔

    پینٹاگون نے تصدیق کی ہے کہ عراق میں 2 فوجی اڈے ایرانی حملوں کا نشانہ بنے۔ امریکی اور اتحادی افواج پر درجن سے زائد بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے، ایرانی میزائلوں کا ہدف الاسد اور اربیل میں واقع فوجی اڈے تھے۔