Tag: ایران

  • کراچی: ایران کے ٹماٹر سے لدے 13 کنٹینر سبزی منڈی پہنچ گئے

    کراچی: ایران کے ٹماٹر سے لدے 13 کنٹینر سبزی منڈی پہنچ گئے

    کراچی: پاکستان میں ٹماٹر کے بحران کے پیش نظر ایران سے 13 کنٹینروں پر مشتمل ٹماٹروں کی کھیپ سبزی منڈی پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے ٹماٹر سے لدے 13 کنٹینر کراچی کی سبزی منڈی پہنچ گئے جس کے بعد سبزی منڈی میں ٹماٹر کی قیمت میں سو روپے فی کلو کی نمایاں کمی ہوئی ہے۔

    سبزی منڈی میں ٹماٹر کی ہول سیل قیمت 180 روپے تک آگئی، گزشتہ روز ٹماٹر کی فی کلو قیمت 290 سے 352 روپے تک تھی۔ سبزی منڈی کی انتظامیہ کے مطابق ایک کنٹینرمیں 356 ٹن ٹماٹرموجود ہیں۔

    ملک میں ٹماٹر کے بحران کے باعث اس کی قیمت 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے سے ملک میں ٹماٹر کی قیمت میں کمی کا امکان ہے۔

    سندھ کے ضلع بدین میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 320 روپے تک پہنچ چکی ہے، قیمتوں میں اضافے کے بعد چوروں نے کھیتوں سے ٹماٹر چوری کرنا شروع کردیا ہے۔ وارداتوں میں اضافے کے بعد کسانوں نے کھیتوں میں اسلحہ بردار پہرے دار تعینات کردیے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹماٹر 17 روپے کلو دستیاب ہیں، لوگ جھوٹ بول رہے ہیں۔ مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آپ جائیں جا کر چیک کریں۔

  • پیٹرول کی قیمتوں نے ایران میں آگ لگا دی، 29 ہلاک

    پیٹرول کی قیمتوں نے ایران میں آگ لگا دی، 29 ہلاک

    تہران: ایران میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مظاہرے پھوٹ پڑے، پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے دوران اب تک 29 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے مختلف شہروں میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، مظاہرین نے حکومت مخالف نعرے لگائے اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا۔

    عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے مظاہرین پر فائرنگ بھی کی، شہریوں سے جھڑپوں کے دوران 29 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جبکہ ردعمل میں پولیس نے بھی آنسوگیس کی شیلنگ اور واٹرکینن کا استعمال کیا، مظاہرین نے سرکاری املاک نذرآتش کردی۔

    حالات کی کشیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے حکام نے دارالحکومت تہران سمیت مختلف شہروں کا مواصلاتی نظام معطل کردیا، مظاہرین نے مختلف علاقوں میں ٹریفک کوبلاک کردیا جب کہ کچھ نے ایندھن کے اسٹوریج ہاؤس کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے مختلف شہروں میں بینکس کو بھی نذرآتش کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے برقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنادی، اب تک 1 ہزار سے زائد افراد گرفتار کیے جاچکے ہیں۔ دوسری جانب سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کی حمایت کردی۔

    ادھر ایرانی صدر حسن روحانی نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں انتشار اور بدامنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، احتجاج کرنے والوں اور ملکی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو حساب دینا ہوگا۔

    خیال رہے کہ ایران نے پیٹرول کی قیمت میں 50 فیصد اضافہ کردیا ہے، جس کے باعث گزشتہ 3 روز سے مہنگائی، بے روزگاری اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

  • حکومت نے ٹماٹر سستے کرنے کے لیے اہم اقدام اٹھا لیا

    حکومت نے ٹماٹر سستے کرنے کے لیے اہم اقدام اٹھا لیا

    اسلام آباد: پاکستان میں ٹماٹر کے بحران کے پیش نظر ایران سے 12 کنٹینروں پر مشتمل ٹماٹروں کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق 12 کنٹینروں پر مشتمل ایران سے ٹماٹروں کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی، ایران سے ٹماٹروں کے مزید کنٹینرز آرہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایران سے درآمد کیے گئے ٹماٹر کراچی اور پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں فروخت کے لیے بھیجے جائیں گے۔

    ملک میں ٹماٹر کے بحران کے باعث اس کی قیمت 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، ٹماٹر درآمد کرنے سے ملک میں ٹماٹر کی قیمت میں کمی کا امکان ہے۔

    سندھ کے ضلع بدین میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 320 روپے تک پہنچ چکی ہے، قیمتوں میں اضافے کے بعد چوروں نے کھیتوں سے ٹماٹر چوری کرنا شروع کردیا ہے۔ وارداتوں میں اضافے کے بعد کسانوں نے کھیتوں میں اسلحہ بردار پہرے دار تعینات کردیے ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں ہفتے 11 ستمبر کو کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹماٹر 17 روپے کلو دستیاب ہیں، لوگ جھوٹ بول رہے ہیں۔ مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آپ جائیں جا کر چیک کریں۔

  • امریکی دباؤ مسترد، ایران نے جوہری مواد کی افزودگی دوبارہ شروع کردی

    امریکی دباؤ مسترد، ایران نے جوہری مواد کی افزودگی دوبارہ شروع کردی

    تہران: ایران نے امریکی حکام کے دباؤ کے باوجود جوہری مواد کی افزودگی دوبارہ شروع کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی جوہری معاہدے کے تحت ایران پر جوہری مواد کی افزودگی پر پابندی عائد تھی، تاہم ایران نے اقوام متحدہ کی زیرنگرانی دوبارہ افزودگی شروع کر دی ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی زیرنگرانی افزودگی دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اب تہران حکومت نے افزودگی پر کام شروع کردیا ہے۔

    ردعمل میں امریکی حکام کے ترجمان مورگن اورٹگس کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے اس قسم کے اقدامات کوئی نئی بات نہیں، ایسا ممکن تھا۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کی جانب سے جوہری مواد کی افزودگی میں اضافہ خطرے کا باعث بنے گا، یہ اقدام تہران حکومت کی جانب سے بڑی غلطی ہوگی۔

    دوسری جانب ایرانی جوہری پلانٹ کے سربراہ علی اکبر صلیحی کا کہنا ہے کہ ایران 5 فیصد افزودگی میں اضافہ کرے گا جو جوہری تابکاری کے لیے مناسب ہے۔

    جوہری معاہدہ، 24 ٹن یورینیم افزودگی کے ایرانی اقدام کی تصدیق

    یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں یورپی یونین نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ وہ فوری طور پر یورینیم افزودگی بڑھانے کا سلسلہ روک دے اور ماضی میں کیے گئے معاہدے کی پاس داری کرے۔

  • امریکا کا ایران کے خلاف سائبر جنگ کا اعلان

    امریکا کا ایران کے خلاف سائبر جنگ کا اعلان

    تہران: ایرانی شہری دفاعی تنظیم کے سربراہ غلام رضا جلالی نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف سائبر جنگ شروع کرچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں پاسداران انقلاب کے بریگیڈیئر رضا جلالی کا کہنا تھا کہ امریکی ڈرون مار گرانے امریکیوں نے ایران کی مختلف تنصیبات پر سائبر حملے شروع کر رکھے ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ امریکا نے ایرانی سائبر انفراسٹرکچر پر باضابطہ طور پر سائبر جنگ مسلط کر رکھی ہے، 20 جون کو ایرانی فوج کی طرف سے امریکا کے ایک ڈرون کو مار گرائے جانے کے بعد امریکیوں نے ایران کے بنیادی ڈھانچے، قدرتی گیس اور بجلی کی تنصیبات پر سائبر حملے شروع کر رکھے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر کے حکم پر ایرانی پاسداران انقلاب کے اڈوں، کمپیوٹر سسٹم کو نشانہ بنانا اور ایرانی میزائلوں کو کنٹرول کرنے والے کمپیوٹر نظام میں خلل ڈالنا ہے، جس کے تحت سائبر حملے کیے جارہے ہیں۔

    تاہم رضا جلالی نے دعویٰ کیا کہ امریکا اپنے مقاصد میں ناکام ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایرانی دفاعی فورسز نے امریکی کے سائبر حملے مکمل ناکام بنا دیے ہیں، آگے بھی بناتے رہیں گے۔

  • ٹرمپ کی ایران پر حملے کی دھمکی

    ٹرمپ کی ایران پر حملے کی دھمکی

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی سرگرمیوں کے ردعمل میں ایک بار پھر حملے کی دھمکی دے ڈالی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا کہ اگر حالات ایسے ہوئے اور اقدام ضروری ہوا تو ایران پر حملے سے گریز نہیں کریں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ کا اپنے دھمکی آمیز بیان میں کہنا تھا کہ تہران حکومت نے اگر مجبور کیا تو حملہ کردیں گے اور جنگ کے لیے بھی تیار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا کے پاس دنیا کی سب سے مضبوط عسکری طاقت موجود ہے، کسی بھی جارحیت کی صورت میں ایران سے جنگ کرنے میں گریز نہیں کریں گے۔

    ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران پر حملے کا حکم خود دوں گا، مستقبل میں مزید سخت پابندیاں بھی عائد کی جائیں گی۔ بیس ستمبر کو ٹرمپ نے ایران کے مرکزی بینک اور قومی ترقیاتی فنڈ پر پابندیاں عائد کی تھیں۔

    ترک حکام نے دوبارہ فوجی آپریشن شروع کرنے کی دھمکی دے دی

    شامی آپریشن پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فریقین کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے باوجود شام میں سیزفائر کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، تاہم ترکی پر مزید پابندیاں عائد نہیں کرنا چاہتے۔

    خیال رہے کہ سعودی آئل فیکٹری پر حملے کے بعد ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ دوسری جانب شام میں جاری ترک فوجی آپریشن پر بھی امریکا کو شدید تحفظات ہیں۔

  • ایران عالمی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے: امریکا

    ایران عالمی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے: امریکا

    واشنگٹن: ایران کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب برائن ہک کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل ایران پر اسلحے کی فروخت پر دوبارہ پابندی عائد کرے، تہران حکومت عالمی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برائن ہک نے عالمی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کو اسلحہ کی فروخت پر دوبارہ پابندیاں عائد کرے تاکہ خطے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی پرقابو پایا جاسکے۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران سعودی عرب کی آرامکو کمپنی کی تیل تنصیبات پر حملے میں ملوث ہے، ایران کا مقصد تیل پر حملہ کرکے عالمی معیشت میں بحران پیدا کرنا ہے۔

    امریکی نمائندے کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں ایران مذاکرات کی میز پر آجائے، تہران حکومت نے اپنی روش نہ بدلی تو اسے بات چیت کی میز پر آنے کے لیے مجبور کردیا جائے گا۔

    برائن ہک نے وضاحت کی کہ جنگ مسئلے کا حل نہیں، امریکا ایران کے ساتھ براہ راست فوجی محاذ آرائی کا خواہاں نہیں ہے۔

    امریکی صدر ایران پر آخری درجے کا دباؤ ڈالنے کے لیے تیار

    ایران کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ مذاکرات کے حامی ہیں۔ واضح رہے کہ حالیہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے تہران حکومت بھی بات چیت کے لیے راضی ہے لیکن ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ پابندیاں ختم کیے بغیر مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

  • پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے3 اہم بھائی ہیں، فردوس عاشق اعوان

    پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے3 اہم بھائی ہیں، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے 3 اہم بھائی ہیں، پاکستان کے دونوں بھائیوں سے تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان برادر ممالک میں اخوت ومصالحت کے جذبوں کے فروغ کا خواہاں ہے، امت مسلمہ باہمی کشیدگی کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے 3 اہم بھائی ہیں، پاکستان کے دونوں بھائیوں سے تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کے دورے خطے میں امن واتحاد کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہ ایرانی صدر کا پاکستان کی کاوشوں کا خیرمقدم اعتماد اور قربت کا مظہر ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ قیادت کی سطح پر احساس اسلامی دنیا کے لیے نیک فال اورعوامی جذبوں کا عکاس ہے۔

    خلیجی ممالک میں فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں: عمران خان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تعلقات میں مضبوطی پاکستان کی ترجیح ہے، خلیجی ممالک میں فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں۔

  • وزیراعظم عمران خان کی ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات

    وزیراعظم عمران خان کی ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات

    تہران: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ایران سے دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات جاری ہے، ایک ماہ میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دوسری ملاقات ہو رہی ہے۔

    ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، زلفی بخاری اور دیگر حکام بھی موجود ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایران سے دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

    وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان اور ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ،زلفی بخاری و دیگراعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

    خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا اس سال ایران کا یہ دوسرا دورہ ہے، وزیر اعظم کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر بھی ایرانی صدر سے ملاقات ہوئی تھی۔

    وزیراعظم عمران خان دورہ ایران سے واپسی کے بعد منگل کو سعودی عرب بھی جائیں گے۔

  • وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے

    وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے، وزیراعظم کا دورہ خطے میں امن واستحکام کے فروغ کے اقدامات کا حصہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، معاون خصوصی زلفی بخاری وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

    ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے وزیراعظم عمران خان کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔

    وزیراعظم عمران خان تہران دورے میں ایرانی صدر حسن روحانی اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقاتیں کریں گے۔

    وزیراعظم ایرانی قیادت سے ملاقاتوں میں خلیج میں امن اور سیکیورٹی سے متعلق مسائل پر بات چیت کریں گے۔ وزیراعظم دو طرفہ معاملات اور مقبوضہ کشمیر سمیت خطے میں دیگر جغرافیائی وسیاسی تبدیلیوں سے متعلق بات چیت کریں گے۔

    دوسری جانب ایران نے پاکستان کی ثالثی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب سے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا اس سال ایران کا یہ دوسرا دورہ ہے، وزیر اعظم کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر بھی ایرانی صدر سے ملاقات ہوئی تھی۔

    وزیراعظم عمران خان دورہ ایران سے واپسی کے بعد منگل کو سعودی عرب بھی جائیں گے۔

    ایران کا وزیر اعظم عمران خان کی ثالثی کی کوشش کا خیرمقدم

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم کا دورہ ایران اور ثالثی مشن آسان نہیں، ماضی میں بھی ثالثی کی کئی کوششیں ہو چکی ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا وزیر اعظم پاکستان امن کے لیے ایک کوشش کرنے جا رہے ہیں، تیل پیدا کرنے والی قوتوں میں لڑائی کا نتیجہ اچھا نہیں ہوگا۔