Tag: ایران

  • ایران نواز ملیشیائیں امریکی اڈوں پر حملے کی تیاری کر رہی ہیں: نیویارک ٹائمز کا دعویٰ

    ایران نواز ملیشیائیں امریکی اڈوں پر حملے کی تیاری کر رہی ہیں: نیویارک ٹائمز کا دعویٰ

    نیویارک: امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نواز ملیشیائیں امریکی اڈوں پر حملے کی تیاری کر رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نواز ملیشیاؤں کی جانب سے امریکی اڈوں پر حملے کرنے کی تیاری کے اشارے ملے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکی فوج اور انٹیلیجنس حکام نے ایران کے حمایت یافتہ ملیشیاؤں کی جانب سے عراق اور ممکنہ طور پر شام میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے کی تیاری کا سراغ لگا لیا ہے۔

    تاحال ان گروپوں نے امریکی اہداف پر حملے نہیں کیے ہیں، جب کہ عراقی حکومت کی جانب سے انھیں روکنے کی کوشش جاری ہے۔ واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد ایران نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حملے کا جواب دینے کے وقت اور نوعیت کا فیصلہ ہماری افواج کریں گی۔

    نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکن انٹرپرائز انسٹی ٹیوٹ کے کریٹیکل تھریٹس پروجیکٹ کے لیے ایران کا مطالعہ کرنے والے نکولس کارل نے کہا کہ ایران کے ان ہتھیاروں کی رینج بہت کم ہے جو اسرائیل کے خلاف براہ راست فائر کیے جا سکتے ہیں، لیکن بہت سے امریکی اڈے ان میزائل کی حد کے اندر ہیں۔


    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں


    امریکی حکام کے مطابق کروز میزائلوں اور راکٹوں کے علاوہ، ایران کے پاس حملہ آور ڈرونز کی بھی وافر سپلائی ہے، جو خاص طور پر کارآمد ہو سکتے ہیں اگر انھیں عراق میں شیعہ ملیشیا کو اسمگل کیا جائے اور وہاں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے۔ اور یمن میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا، جس نے گزشتہ ماہ امریکا کے ساتھ جنگ ​​بندی کا معاہدہ کیا تھا، بحیرہ احمر میں جہاز رانی پر اپنے حملے دوبارہ شروع کر سکتی ہے۔

    امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایران ممکنہ طور پر ملک کے جنوبی حصے میں اپنے اڈوں کو خلیج فارس میں امریکی اڈوں پر میزائل حملے کرنے کے لیے استعمال کرے گا۔ تاہم امریکی حکام کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ اسرائیل جنگ نے ایران کی حملہ کرنے کی صلاحیت کو خاصا متاثر کر دیا ہے اور اس کے پاس بیلسٹک میزائلوں کی رینج ختم ہو گئی ہے۔

    امریکی حملوں سے پہلے ایک ہفتے سے زیادہ کی لڑائی میں، اسرائیلی فضائیہ نے ایرانی میزائل لانچروں اور لانچنگ ٹیموں کو نشانہ بنایا، اور امریکی اور اسرائیلی حکام کے مطابق، ایران نے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کا ذخیرہ ختم کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈے میزائل ڈیفنس سے محفوظ ہیں، اور ایران کو ممکنہ طور پر ان میں گھسنے کے لیے میزائلوں کا ایک بڑا مربوط بیراج فائر کرنا پڑے گا۔

  • ایران کا پُرامن مقاصد کیلئے جوہری پروگرام جاری رکھنے کا اعلان

    ایران کا پُرامن مقاصد کیلئے جوہری پروگرام جاری رکھنے کا اعلان

    ایرانی نائب وزیر خارجہ ماجد تخت روانچی کا کہنا ہے تہران جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سے متعلق معاہدے (این پی ٹی) کا پابند رکن بنا رہے گا۔

    ایران کی سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق جرمنی کے اے آر ڈی براڈکاسٹر کو انٹرویو دیتے ہوئے تخت روانچی نے یورینیم کی افزودگی سمیت ایران کی جوہری سرگرمیوں کو روکنے کے خیال کی تردید کی۔

    ایران کے نائب وزیر خارجہ ماجد تخت روانچی نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کو جارحیت اور جرم قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے اور اس بات پر زور دیا کہ ایران کے پرامن جوہری پروگرام کو کسی صورت روکا نہیں جائے گا۔

    ایرانی نائب وزیر خارجہ ماجد تخت روانچی کا کہنا ہے تہران جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سے متعلق معاہدے کو برقرار رکھےگا اور این پی ٹی فریم ورک کے تحت توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور پُرامن مقاصد کیلئے یورینیم کی افزودگی جاری رکھے گا۔

    تخت روانچی نے زور دے کر کہا کہ جب تک ہم جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے دائرہ کار میں رہتے ہیں ہمیں کوئی نہیں بتا سکتا کہ ہمیں کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں کرنا چاہیے۔

    ماجد روانچی نے واضح کیا کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کے بعد مذاکرات جاری رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، ہم مذاکرات کی خاطر مذاکرات نہیں کرتے۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں ایرانی مندوب امیر سعید ایروانی نے امریکی حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جواب کے لیے وقت اور نوعیت کا فیصلہ ایرانی افواج کریں گی۔

    سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے دوران اپنے خطاب میں ایرانی مندوب کا کہنا تھا کہ ایران پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اپنے ملک کے خلاف جارحیت کی مذمت کرتا ہوں۔

  • امریکی اڈوں یا شہریوں پرحملہ ہوا تو رد عمل تباہ کن ہوگا، امریکی مندوب

    امریکی اڈوں یا شہریوں پرحملہ ہوا تو رد عمل تباہ کن ہوگا، امریکی مندوب

    نیویارک : اقوام متحدہ میں امریکی مندوب ڈوروتھی شیا کا کہنا ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونےچاہئیں، امریکی اڈوں یاشہریوں پرحملہ ہواتورد عمل تباہ کن ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں امریکی سفیر ڈوروتھی شیا نے سلامتی کونسل سے خطاب میں کہا کہ ایران پر حملے کر کے اپنےاتحادی اسرائیل کی مدد کی، دنیا بالخصوص مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کی جڑکوسبق سکھایا۔

    امریکی مندوب نے بتایا کہ گزشتہ روز ایران میں جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایاگیا، حملوں کا مقصد ایران کی جوہری صلاحیت کو روکنا تھا، ایران دہشت گردی کا اسپانسر ہے ، دنیا کومحفوظ بنانا تھا، ایران کو کسی صورت ایٹمی ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران 40 سال امریکا اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگا رہا ہے، ایران امریکا اور اسرائیل کو ختم کرنے کے نعرے لگاتا ہے،ایران خطے میں کشیدگی بڑھانےکےاقدامات سے بازرہے۔

    مزید پڑھیں : سلامتی کونسل میں چین اور روس کی ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت

    ڈوروتھی شیا نے مزید کہا کہ ایران سے ان کے خطے کے ممالک کو بھی خطرہ ہے، ایران نے اسرائیل پر میزائلوں اور پراکسیوں سے حملہ کیا،ایرانی پراکسیز امریکی شہریوں کے قتل میں بھی ملوث ہیں، ایرانی پراکسیز نےعراق اور افغانستان میں امریکیوں کو قتل کیا اور حالیہ مذاکرات میں ایران کی نیت اچھی نہیں نظر آئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ واضح ہے ایرانی رجیم کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونےچاہئے، امریکی اڈوں یا شہریوں پر حملہ ہوا تو اس کاتباہ کن ردعمل ہوگا۔

  • ٹورنٹو، ٹوکیو، سیول، نیو یارک، لاس اینجلس، واشنگٹن میں ایران پر حملوں کے خلاف احتجاج

    ٹورنٹو، ٹوکیو، سیول، نیو یارک، لاس اینجلس، واشنگٹن میں ایران پر حملوں کے خلاف احتجاج

    ایران پر امریکی حملوں کے خلاف دنیا کے بڑے شہروں میں احتجاج ہونے لگا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران پر امریکی حملوں اور اسرائیل کے خلاف دنیا کے مختلف ممالک میں مظاہرے کیے گئے، فرانس، پاکستان، یونان، ٹورنٹو، ٹوکیو، سیول، نیویارک اور لاس اینجلس سمیت واشنگٹن میں بھی ریلیاں نکالی گئیں، جہاں عوام نے نیتن یاہو کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

    دنیا بھر کے مختلف شہروں میں ”جنگ نہیں، امن چاہیے“ کے نعرے بلند کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرے کیے گئے، امریکی شہروں نیو یارک اور لاس اینجلس میں ایران پر امریکی حملے کے خلاف احتجاج کیا گیا، اور ’’ٹرمپ اِز ا وار کریمنل‘‘ ’’اسٹاپ دا وار اِن ایران‘‘ کے فلک شگاف نعروں سے نیویارک کی فضائیں گونج اٹھیں۔ نیویارک میں جنگ مخالف یہودیوں نے بھی احتجاج کیا اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز اٹھائی۔


    اسرائیل کے ایران میں ہزاروں کلومیٹر اندر گھس کر فوجی مقامات پر تازہ ترین حملے


    جاپان کے شہر ٹوکیو میں بھی ایران پر امریکی حملوں کے خلاف ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور جنگ کی مذمت کی۔ جنوبی کوریا کے شہر سیول میں بھی عوام سڑکوں پر نکلے اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔

     

    ’’ٹرمپ ٹیررسٹ‘‘ کے پلے کارڈز اٹھائے مظاہرین نے سیول میں امریکی سفارت خانے کے باہر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ جنگ کا خاتمہ کیا جائے اور امن قائم کیا جائے۔


    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں


    تل ابیب میں بھی اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رہا، جہاں عوام نے اسرائیلی حکومت کے خلاف اپنی آواز بلند کی، ایران پر امریکی حملے کے خلاف بھارت میں بھی احتجاج کیا گیا، کولکتہ میں مظاہرین نے امریکی جارحیت کے خلاف نعرے لگائے اور امریکی صدر ٹرمپ کا پتلا بھی نذر آتش کر دیا۔

  • ایران پر اسرائیلی حملے میں خاتون کراٹے چیمپئن شہید

    ایران پر اسرائیلی حملے میں خاتون کراٹے چیمپئن شہید

    تہران: حالیہ اسرائیلی حملے میں ایرانی صوبے لرستان سے تعلق رکھنے والی معروف کراٹے کھلاڑی ہیلینا غولامی شہید ہوگئیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق معروف کراٹے کھلاڑی ہیلینا غولامی کی شہادت کی تصدیق ایرانی کراٹے فیڈریشن نے کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والی غولامی نہ صرف کراٹے کی ماہر کھلاڑی تھیں بلکہ انہیں نوجوانوں کے لیے ایک رول ماڈل کے طور پر بھی جانا جاتا تھا، ان کی شہادت پر ایران بھر میں کھیلوں سے وابستہ حلقوں میں سوگ کی فضا ہے۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے ایران کیخلاف 13 جون 2025 کو جارحیت کا آغاز کیا تھا، یہ حملے اس وقت کیے گئے جب ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری پروگرام اور یورینیم افزودگی سے متعلق نئے معاہدے پر مذاکرات کئے جارہے تھے۔

    رپورٹس کے مطابق ایرانی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں اب تک کم از کم 224 افراد شہید ہوچکے ہیں، جن میں 74 خواتین اور بچے شامل ہیں، جبکہ وزارت صحت نے زخمیوں کی تعداد 1,800 سے زائد بتائی ہے۔

    ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کا بڑا بیان:

    ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کا ایران پر اسرائیلی حملوں میں امریکا کی شمولیت کے بعد پہلا بیان منظر عام پر آگیا ہے، صہیونی دشمن کو سخت سزا دینے کا اعادہ کرلیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایرانی سپریم لیڈر نے اپنے فارسی زبان کے اکاؤنٹس سے پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اسرائیل کو سخت سزا دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    اُنہوں نے ’آپریشن مڈ نائٹ ہیمر‘ پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سزا جاری ہے۔

    ایران کے وزیر خارجہ کا روس پہنچنے پر اہم بیان سامنے آگیا

    آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ صہیونی دشمن نے سنگین غلطی کی ہے، ایک بڑا جرم کیا ہے۔ اسے سزا ملنی چاہیے اور اسے اب سزا دی جائے گی۔

  • اسرائیل کے ایران میں ہزاروں کلومیٹر اندر گھس کر فوجی مقامات پر حملے

    اسرائیل کے ایران میں ہزاروں کلومیٹر اندر گھس کر فوجی مقامات پر حملے

    تہران : اسرائیل نے ایران میں ہزاروں کلومیٹر اندر گھس کر تابڑ توڑ حملے شروع کردیے، جس میں 3 بریگیڈیئر اور کئی سپاہی شہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے مغربی ایران میں فوجی مقامات پر حملے کئے، جس میں تین بریگیڈیئر اور کئی سپاہی شہید ہوگئے۔

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے بیس لڑاکا طیاروں نے کِرمان شاہ، ہمدان اورتہران میں تیس مقامات پر فوجی انفرا اسٹرکچر پر بڑا حملہ کیا، ان مقامات پر میزائل اسٹوریج، لانچ انفراسٹرکچر، ریڈاراورسیٹلائٹ سسٹم اور زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل لانچر کو نشانہ بنایا۔

    اسرائیلی طیاروں نے ایران میں دوہزارکلومیٹراندر گھس کر شہرود میں میزائل انجن کی تیاری کی جگہ پر حملہ کیا، جس سے ایران کی زمین سے زمین پرمارکرنے والےمیزائلوں کی پیداوار کی صنعت کو شدید نقصان پہنچا۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    آئی ڈی ایف کا کہنا ہے تیس لڑاکا طیاروں نے یزد میں امام حسین اسٹریٹجک میزائل سینٹر کو بھی نشانہ بنایا، اس کمانڈ سینٹر سے اسرائیل پرطویل فاصلے تک مارکرنے والے ساٹھ خرمشہرمیزائل داغے جاچکے ہیں۔

    بوشہر،اصفہان اور اہواز میں بھی میزائل لانچرز، فضائی دفاعی بیٹریوں کی تیاری میں ملوث فوجی مقامات پرحملہ کیا گیا۔

    حملوں میں تھرڈ بریگیڈ، کمانڈ سینٹر، اسٹوریج مقامات اورمیزائل لوڈ کرنے والے فوجیوں کوبھی نشانہ بنایا گیا۔

  • ایران نے موساد سے وابستہ سائبر ٹیم کے سربراہ کو پھانسی دیدی

    ایران نے موساد سے وابستہ سائبر ٹیم کے سربراہ کو پھانسی دیدی

    تہران: ایران نے اسرائیل کی خفیہ تنظیم ’موساد‘ سے وابستہ سائبر ٹیم کے سربراہ کو پھانسی دے دی۔

    ایران کی سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایران نے محمدامین شایستہ نامی ایک قیدی کو پھانسی دے دی جسے اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے ساتھ مبینہ طور پر تعاون کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق محمدامین شایستہ کو 2023 میں گرفتار کیا گیا تھا اور تسنیم نے اسے "موساد سے وابستہ سائبر ٹیم کا سربراہ” قرار دیا تھا۔

     واضح رہے کہ 13 جون کو اسرائیلی حملوں کے آغاز کے بعد ایرانی حکام کم از کم 3 افراد کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کے جرم میں پھانسی دے چکے ہیں۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    گزشتہ روز ایرانی عدلیہ سے وابستہ خبر رساں ادارے میزان نے اطلاع دی تھی کہ مجید موسیبی نامی شخص کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے اور اس کی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کو حساس معلومات فراہم کرنے کی کوشش کے الزام میں اتوار کی صبح پھانسی دے دی گئی۔

    جبکہ چند روز قبل ایرانی حکام نے اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کیلیے جاسوسی کے الزام میں مزید پانچ افراد کو گرفتار کر لیا تھا۔

    یہ گرفتاریاں اسلامی انقلابی گارڈ کور کے انٹیلی جنس یونٹ نے مغربی ایران کے صوبہ لرستان میں کی تھیں۔ مشتبہ افراد نے مبینہ طور پر خرم آباد، بروجرد اور دورود کے شہروں میں موساد کی ہدایت پر کارروائیاں کرنے کی کوشش کی۔

    ایرانی حکام کا دعویٰ تھا کہ یہ گرفتاریاں ملک کے اندر غیر ملکی انٹیلی جنس کارروائیوں کے خلاف ایک تیز مہم کا حصہ ہیں۔

  • ایران کے وزیر خارجہ کا روس پہنچنے پر اہم بیان سامنے آگیا

    ایران کے وزیر خارجہ کا روس پہنچنے پر اہم بیان سامنے آگیا

    ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ایران کی پُرامن جوہری تنصیبات پر حملہ کر کے امریکا نے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑادی ہیں، جوابی کارروائی کرنا ایران کا جائز حق ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا ماسکو پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ روس کا دورہ پہلے سے طے شدہ تھا، ایران پر امریکی حملے کے بعد روسی رہنماؤں سے ملاقات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتِ حال کا تقاضا ہے کہ ایران اور روس سنجیدہ بات چیت کریں، ایران اور روس مختلف موضوعات پر یکساں اور مشترکہ موقف رکھتے ہیں۔

    ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ روس ایران کا دوست ہے، آج صدر پیوٹن کے ساتھ سنجیدہ مشاورت کریں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب امیر سعید ایروانی کا کہنا تھا کہ امریکی حملے کا مناسب جواب دیا جائے گا۔

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایران پر امریکی حملہ عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اپنے ملک کے خلاف جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہوں، امریکا کی سیاسی تاریخ پر ایک بار پھر دھبہ لگ گیا، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو امریکی خارجہ پالیسی کو ہائی جیک کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

    ایرانی مندوب کا کہنا تھا کہ امریکا نے پھر نیتن یاہو کیلئے اپنی سیکیورٹی خطرے میں ڈال دی، ایران نے کئی بار امریکا کو اس جنگ سے دور رہنے کیلئے خبردار کیا تھا۔

    ایران، اسرائیل اور امریکی تنازع سے متعلق تمام خبریں جاننے کے لیے کلک کریں

    انہوں نے خبردار کیا کہ ہماری فورسز اسرائیلی اور اتحادیوں کی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گی، پرامن ممالک تاریخ کے درست موڑ پر کھڑے ہیں، پرامن مقاصد کیلئے نیو کلیئر انرجی کے حصول سے روکا جارہا ہے۔

    امیر سعید ایروانی نے کہا کہ دنیا ایران کے خلاف طاقت استعمال دیکھ رہی ہے، اسرائیلی جارحیت سے پورا خطہ غیر محفوظ ہوچکا ہے، اسرائیل ایران کے شہریوں اور انفراسٹرکچر کو نشانہ بنارہا ہے۔

  • قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب ، ایران کی حمایت اور دیگر امور پر بڑے فیصلوں کا امکان

    قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب ، ایران کی حمایت اور دیگر امور پر بڑے فیصلوں کا امکان

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا ، جس میں ایران کی حمایت اور دیگر اہم امور پر بڑے فیصلوں کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج دوپہر بارہ بجے ہوگا، اجلاس میں عسکری اور سول قیادت شرکت کرے گی۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر دورہ امریکا پرشرکا کو اعتماد میں لیں گے، ذرائع نے بتایا ایران اسرائیل امریکا تنازع پر مشاورت کی جائے گی، جس کے بعد ایران کی حمایت اورد یگر اہم امورپربڑے فیصلوں کا امکان ہے۔

    اجلاس میں ملک کی داخلی اورسرحدی سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف ، وزیر داخلہ محسن نقوی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر شرکت کریں گے۔

    مزید پڑھیں : شہباز شریف کی ایرانی صدر سے ٹیلی فون پر بات چیت، امریکی حملوں کی مذمت

    گذشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے ایران پر امریکی حملوں کی مذمت کی ہے اور ایرانی صدر سے ٹیلی فونک گفتگو میں مکمل حمایت کا عزم دہرایا۔

    شہبازشریف نے کہا امریکی حملوں میں اُن تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جو آئی اےای اے کی زیر نگرانی تھیں، امریکی حملے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔

    وزیراعظم نے کشیدگی میں کمی کیلئےفوری مذاکرات اورسفارت کاری پر زور دیا، ایرانی صدر نے پاکستان کی حمایت کو سراہا۔

    اس سے قبل استنبول میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی ملاقات میں بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • شمالی کوریا کی ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی شدید مذمت

    شمالی کوریا کی ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی شدید مذمت

    سیول: شمالی کوریا نے ایران پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

    خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایران پر یہ حملے اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ شمالی کوریا امریکا کے ایران پر حملے کی سختی سے مذمت کرتا ہے، جس نے ایک خودمختار ریاست کی علاقائی سالمیت اور سلامتی کے مفادات کو وحشیانہ طور پر پامال کیا ہے۔

    شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکا اور اسرائیل کے تصادم پر مبنی اقدامات کے خلاف متفقہ مذمت کی آواز بلند کرے۔

    واضح رہے کہ ایران اور شمالی کوریا کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم رہے ہیں اور ان پر عسکری ٹیکنالوجی کی ترقی میں تعاون کا شبہ بھی ظاہر کیا جاتا رہا ہے۔

    سلامتی کونسل میں چین اور روس کی ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت

    واضح رہے کہ ایران کے خلاف اسرائیلی جنگ میں امریکا بھی شامل ہو گیا ہے، امریکا نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ایران کی 3 ایٹمی تنصیبات پر حملہ کیا اور ایرانی کو جوابی کارروائی سے بعض رہنے کی تنبیہ بھی کی۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اتوار کو ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے میٹنگ بلائی، جس کے لیے روس، چین اور پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

    اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل ایران جنگ میں شدت آنے کے بعد زمینی صورت حال تبدیل ہو رہی ہے جس کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں بھی رد و بدل دیکھنے میں آ رہا ہے، جنوری کے بعد خام تیل کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں