Tag: ایران

  • تہران میں مردہ درخت خوبصورت فن پاروں میں تبدیل

    تہران میں مردہ درخت خوبصورت فن پاروں میں تبدیل

    تہران: سال نو کے تہوار نوروز کے موقع پر ایرانی دارالحکومت تہران میں سینکڑوں مردہ درختوں کے تنوں کو خوبصورت فن پاروں میں تبدیل کردیا گیا۔

    ایرانی دارالحکومت تہران کی سڑک خیابان ولی عصر پر بے شمار قدیم اور تناور درخت موجود ہیں۔ ان میں سے کئی درخت مردہ ہوچکے ہیں اور یہ چاروں موسم میں بنجر رہتے ہیں۔

    اس سال بہار کی آمد کے موقع پر چند فنکاروں نے ان مردہ درختوں کو تراش کر خوبصورت شکل دے دی۔

    لکڑی کا کام کرنے والے ان فنکاروں نے ان درختوں کے تنے پر خوبصورت نقش و نگار کھودے۔

    کچھ درختوں پر مختلف رنگ بھی کیے گئے جس کے بعد یہ مردہ درخت سرسبز درختوں سے بھی زیادہ حسین نظر آنے لگے۔

    درختوں کو خوبصورت فن پاروں میں تبدیل کردیے جانے کے بعد تہران کی یہ شاہراہ اور بھی خوبصورت ہوگئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والا ایٹمی معاہدہ ناقص ہے: سعودی وزیر خارجہ

    ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والا ایٹمی معاہدہ ناقص ہے: سعودی وزیر خارجہ

    واشنگٹن: سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والا ایٹمی معاہدہ ناقص ہے۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کے لیے امریکا پہنچ چکے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 3 ہفتے کے دورے پر آج امریکا پہنچے ہیں۔ سعودی ولی عہد امریکی صدر ٹرمپ اور دیگر سیاسی و کاروباری شخصیات سے ملاقات کریں گے۔

    شہزادہ محمد بن سلمان نیویارک میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انٹونیو گٹریس سے بھی ملاقات کریں گے۔ یہ محمد بن سلمان کا ولی عہد بننے کے بعد امریکا کا پہلا دورہ ہے جسے نہایت اہم خیال کیا جارہا ہے۔

    وہ اس سے قبل اپنا پہلا غیر ملکی دورہ برطانیہ کا کر چکے ہیں۔

    سعودی ولی عہد سے قبل سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر واشنگٹن پہنچے جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایرانی ایٹمی معاہدے کو ناقص قرار دیا۔

    سعودی وزیر خارجہ نے ایران پر ایک بار پھر الزام عائد کیا کہ تہران کا رویہ خطے میں عدم استحکام کا باعث ہے۔ ضرورت ہے کہ ایران کے خلاف سخت پالیسیاں اپنائی جائیں۔

    ان کے مطابق وہ اس سلسلے میں اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے یمن میں حوثیوں کی مدد کرنے اور شام میں بشار الاسد کی حمایت کرنے پر بھی ایران کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران امریکا اور سعودی عرب کے تعلقات میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے بھی صدارت کا حلف اٹھانے کے بعد اپنا پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا جب دونوں ممالک نے متعدد معاہدوں پر اتفاق کا اظہار کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • تیزاب گردی کے شکار افراد کے بنائے گئے مصوری کے فن پارے

    تیزاب گردی کے شکار افراد کے بنائے گئے مصوری کے فن پارے

    تہران : ایران میں تیزاب گردی کا شکار ہونے والے افراد نے اپنے جذبات، احساسات اور خیالات کو کینوس پر رنگوں اور برش کی مدد سے پیش کرنے کی کوشش کی ہے، ان پیٹنگز کو نمائش کے لیے آشیانہ گیلری تہران میں پیش کیا گیا.

    چہرہ جسم کا سب خوبصورت حصہ ہوتا ہے، یہ انسان کی شناخت بھی ہے اور اسی چہرے سے اپنے قلبی تاثرات کو عیاں کرتا ہے، خوشی کے لمحات ہوں یا غم کی تصویر، چہرے سے صاف عیاں ہوتی ہے لیکن ہمارے اردگرد ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو اپنے احساسات تو دور اپنے چہرے کوبھی چھپائے ہوئے پھرتے ہیں، یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جنہیں اپنے ہی کسی پیارے نے تیزاب پھینک کر چہرے سے روح تک کو مسخ کردیا ہوتا ہے.

    محسن مرتضوی لکڑی تراش کر فن پارے بنانے کے ماہر ہیں، انہیں کولیگ نے تیزاب گردی کا نشانہ بنایا۔ فوٹو : اے ایف پی

    ایران میں تیزاب گردی کے شکار ایک گروپ نے اپنی تکلیف کو قسمت کا لکھا سمجھ کر زندگی بھر کا رونا رونے کے بجائے اپنے احساسات اور تکلیف کو دنیا کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا تاکہ جھلسے ہوئے چہرے والے افراد کی کچلی ہوئی روح کا نوحہ سنا جا سکے، محسن مرتضوی اور معصومہ اتائی نے اپنی جیسے بربریت کے شکار دیگر سانجھے داروں کے ساتھ مل کر پینٹنگ نمائش کا اہتمام کیا.

    فن پاروں کی نمائش میں تیزاب کے شکار افراد کے نفسیاتی مسائل کو بھی اجاگر کیا گیا۔ فوٹو : اے ایف پی

    اس اچھوتے خیال کے خالق محسن مرتضوی تھے جنہیں ان کے ایک حاسد کولیگ نے تیزاب گردی کا نشانہ بنایا تھا جس کے باعث ان کا پورا چہرہ جھلس گیا تھا، محسن لکڑی کو تراش کر دیدہ زیب فن پارے بنانے میں مہارت رکھتے تھے، خوش قسمتی انہیں اپنی ہم خیال معصومہ اتائی تک لے آئی، معصومہ کی ایک آنکھ تیزاب گردی کی نذر ہو گئی تھی اور اس دل دہلانے والے حادثے سے قبل وہ ایک مصورہ کے طور پر شہرت حاصل کرنا چاہتی تھیں.

    محسن مرتضوی نے تصویری نمائش کے لیے کلیدی کردار ادا کیا۔ فوٹو : اے ایف پی

    معصومہ اتائی خاندانی رنجش کے باعث اپنے شوہر سے طلاق لینا چاہتی تھی جسے غیرت کا جواز بنا کر معصومہ کے سسر نے اس کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا تاکہ وہ اور کہیں شادی کے قابل نہ رہے اور ساری عمر سسک سسک کر گزار دے، معصومہ کے سسرال نے کسی قانونی چارہ جوئی کرنے پر معصومہ کے بچے کو بھی تیزاب سے جھلسانے کی دھمکی دی جس پر معصومہ نے اپنا کیس واپس لے لیا تھا.

    نمائش میں تیزاب کے شکار افراد ہی مصور اور وہ ہی تصویر تھے۔ فوٹو : اے ایف پی

    واضح رہے کہ دنیا بھر میں تیزاب گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جس کی بنیادی وجہ تیزاب کا بآسانی دستیاب ہونا اور اس کم قیمت ہتھیار سے مخالف کو ایسی کڑی سزا دی جاسکتی ہے جو شکار کو زندگی بھر سسکتے رہنے کے لیے کافی ہوتا ہے جب کہ قانون میں اس سفاک ظلم کی سزا کا درست تعین نہ ہونا بھی تیزاب گردی کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہے.


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایران، مسافرطیارہ گر کر تباہ، تمام افراد ہلاک

    ایران، مسافرطیارہ گر کر تباہ، تمام افراد ہلاک

    تہران: ایران کے صوبے اصفہان میں مسافر طیارہ دوران پرواز گر کر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 66 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کی نجی فضائی کمپنی آسمان ایئر لائنز کا بدقسمت اے ٹی آر 72 مسافر طیارہ اصفہان کے پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے ہیں، امدادی ٹیم کو جائے وقوعہ پر بھیج دیا گیا ہے تاہم خراب موسم کے باعث تاحال امدادی کاموں کا آغاز نہیں کیا جا سکا ہے۔

    بین الااقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آسمان ایئرلائنز کے طیارے اے ٹی آر 72 نے صبح 5 بجے کے قریب تہران ایئرپورٹ سے یوسج کے لیے پرواز بھری تھی لیکن محض 20 منٹ بعد ہی جہاز کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا، بعد ازاں طیارے کی اصفہان کے شہر سمیرم میں گر کر تباہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

    آسمان ایئرلائن کے مطابق طیارہ اے ٹی آر 72 کی پرواز نمبر ای پی 3704 نے تہران سے یوسج کے لیے 4 بجکر 33 منٹ پر اُڑان بھری تھی اور کنٹرول ٹاور سے اس کا آخری رابطہ 5 بجکر 55 منٹ پر ہوا تھا، اُس وقت جہاز 16 ہزار 975 فٹ کی بلندی پر تھا اور نیچے کی طرف آرہا تھا۔

    موسم کی خرابی کے باعث امدادی ہیلی کاپٹر جائے حادثے پر لینڈنگ نہ کرسکا چنانچہ صوبائی حکومت ریسکیو اداروں کے ساتھ مل کر بذریعہ روڈ جائے حادثہ جانے کی راہ نکالنے میں مصروف ہیں تاہم ابھی تک خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کر پائے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • بھارتی اعتراضات مسترد ، ایران میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر مبنی فلم کی نمائش

    بھارتی اعتراضات مسترد ، ایران میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر مبنی فلم کی نمائش

    تہران :ایران نے بھارتی اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر مبنی فلم کی نمائش کی اجازت دیدی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فو ج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورہ ایران کے بعد انتہائی مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں ایران نے بھارتی اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر مبنی فلم کی نمائش کی اجازت دیدی، یہ فلم 80 منٹ پر مشتمل ہے۔

    جس کے بعد ایران کے شہر مشہد میں فلم کی نمائش کی گئی، معصوم کشمیریوں پر کیے جانے والے مظالم کے مناظر دیکھ کر ایرانی شہری آبدیدہ ہو گئے۔

    بھارت کی جانب سے ایران سے یہ فلم نمائش کیلئے پیش نہ کرنے کی درخواست کی گئی تھی تاہم ایران کی جانب سے بھارت کے تمام اعتراضات مسترد کر دیے گئے اور فلم نمائش کیلئے پیش کی گئی ۔

    خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے ایران سے یہ فلم نمائش کیلئے پیش نہ کرنے کی درخواست کی گئی تھ، تاہم ایران کی جانب سے بھارت کے تمام اعتراضات مسترد کر دیے گئے اور فلم نمائش کیلئے پیش کی گئی

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کی بربریت جاری ہے، جس میں اب تک 100 سے زائد کشمیری شہید جبکہ ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہوئے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ نےایران کاجوہری معاہدہ ختم کرنےکا فیصلہ مؤخرکردیا

    ڈونلڈ ٹرمپ نےایران کاجوہری معاہدہ ختم کرنےکا فیصلہ مؤخرکردیا

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے ایران کا جوہری معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ موخر کرتے ہوئے کہا کہ آخری بار ایرانی جوہری معاہدے کی توثیق کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ آخری مرتبہ ایران کے جوہری معاہدے کی توثیق کررہے ہیں تاکہ یورپ اور امریکہ معاہدے میں پائے جانے سنگین نقائص کو دور کرسکیں۔

    امریکی صدر نے کہا کہ اگر کسی بھی وقت انہیں اندازہ ہوا کہ اس طرح کا معاہدہ نہیں ہوسکتا تو وہ معاہدے سے فوری طور پر دستبردار ہوجائیں گے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر پابندیوں میں نرمی کی توثیق ہونے پرنرمی میں مزید 120 دن کا اضافہ ہوجائے گا۔

    دوسری جانب ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ یہ ایک ٹھوس معاہدے کو خراب کرنے کی مایوسی پر مبنی ایک کوشش ہے

    انہوں نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ معاہدے میں موجود یورپی ممالک ایران پر یورینیئم کی افزدوگی پرمستقل پابندی عائد کریں جبکہ موجودہ معاہدے کے تحت یہ پابندی 2025 تک ہے۔


    امریکی صدرایران پرنئی پابندیاں عائد کریں گے‘ اسٹیومنچن


    یاد رہے کہ گزشتہ روزامریکی وزیرخزانہ اسٹیو منچن کا کہنا تھا کہ انہیں توقع ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران پرنئی پابندیاں عائد کریں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • ایرانی پرائمری اسکولوں میں انگریزی تعلیم پر پابندی عائد

    ایرانی پرائمری اسکولوں میں انگریزی تعلیم پر پابندی عائد

    تہران: ایران نے پرائمری اسکولوں میں انگریزی زبان میں تعلیم دینے پر پابندی عائد کردی۔

    بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایران کے پرائمری اسکولوں میں انگریزی زبان میں تعلیم دینے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پرائمر ی اسکولوں میں انگریزی زبان میں تعلیم دینے سے مغربی کلچر ایرانی ثقافت پر حاوی ہو رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اپنی ثقافت کو بچانے کے لیے انگریزی زبان میں تعلیم دینے پر پابندی عائد کی جائے۔

    ان کے بیان کے بعد سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں ایرانی ہائی ایجوکیشن کونسل کے سربراہ نے کہا کہ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے نصاب میں انگریزی زبان کی شمولیت خلاف قانون ہے، اس لیے اس پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    ایران میں عام طور پر انگریزی کی تعلیم مڈل اسکول سے شروع ہوتی ہے جہاں 12 سے 14 سال کے طلبا کو انگریزی پڑھائی جاتی ہے، تاہم کچھ اسکولوں میں پرائمری کلاسز کے طلبا کو بھی انگریزی میں تعلیم دی جاتی ہے۔

    ایران میں بعض والدین اسکول کے بعد اپنے بچوں کو انگریزی سیکھنے کے لیے مختلف اداروں میں بھی بھیجتے ہیں جبکہ خوشحال طبقے کی اکثریت اپنے بچوں کو ایسے ٹیوشن سینٹرز میں تعیم دلواتی ہے جہاں انگریزی زبان میں تعلیم دی جاتی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ایران کےدارالحکومت تہران میں زلزلےکےجھٹکے

    ایران کےدارالحکومت تہران میں زلزلےکےجھٹکے

    تہران : ایران کے درالحکومت تہران سمیت دیگر صوبوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے درالحکومت تہران 2۔5 شدت کے زلزلے سے لرز گیا جبکہ اطراف کے صوبوں البرز، قم، قزوین میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    ایرانی حکام کے مطابق زلزلے کے بعد سے اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

    ایران کے جیولیوجیکل سینٹر کے مطابق زلزلے کا مرکز ایران کے شہر میشکن دشت سے 40 میل کے فاصلے پر اور تہران کے جنوب مغرب میں تھا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق صوبہ البرز میں زلزلے کے نتیجے میں چالوس روڈ پرچٹانیں گری ہیں، امدادی ٹیمیں ممکنہ نقصانات کا جائزہ لے رہی ہیں۔


    ایران زلزلہ: جاں بحق افراد کی تعداد 530 تک جا پہنچی


    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 14 نومبرکو ایران اورعراق کے سرحدی علاقوں میں 7.4 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی تھی، زلزلے کے نتیجے میں530 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ آٹھ ہزار سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں

  • ایران، خواتین کبڈی کا کوچ حجاب پہن کراسٹیڈیم میں آنے پرمجبور

    ایران، خواتین کبڈی کا کوچ حجاب پہن کراسٹیڈیم میں آنے پرمجبور

    تہران : ایرانی حکومت نے خواتین کبڈی کے مرد کوچ کو حجاب پہننے پر مجبور کردیا، ایرانی عوام نے اسے اپنی نوعیت کا نرالا حکم قرار دیتے ہوئے سختی سے مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے شہر جرجان میں ایشیئن کبڈی چمپیئن شپ کے ایک میچ میں تھائی لینڈ کی خواتین ٹیم کے مرد کوچ سیمبراش وانشو کو اس وقت اسٹیڈیم میں داخلے سے روک دیا گیا جب وہ خواتین کھلاڑیوں کو ہدایات دینے جارہا تھا۔

    حکام کی جانب سے کہا گیا کہ چیمپیئن شپ کی میزبانی صرف خواتین کھلاڑیوں کیلئے ہے لہٰذا وہ حجاب کے بغیر اسٹیڈیم میں داخل نہیں ہوسکتا، یہ بات مذکورہ کوچ نے اخباری بیانات میں بتائی۔

    سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل ہونے کے بعد عوام کی بڑی تعداد نے اسے حکومت کا قابل شرمناک اقدام قرار دیا، تصاویر میں تھائی لینڈ کے کوچ کو حجاب یا اس کے سر کو ڈھکنے والے ایک رومال کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

    دوسری جانب چیمپین شپ کے مرکزی منتظم نے اس امر کی تردید کی ہے کہ حکام نے سیمبراش کو حجاب پہننے پر مجبور کیا، مقصود نامی منتظم کے مطابق درحقیقت تھائی کوچ نے خود سے حجاب پہنا تھا اور اس کی شناخت ہو جانے کے بعد کوچ کو کھیل کے میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔

    مذکورہ تھائی کوچ سیمبراش نے امریکی ریڈیو "فردا” سے گفتگو کرتے ہوئے اس مؤقف کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایرانی حکام کے مطالبے پر دو مرتبہ کھیل کے میدان میں دو مختلف رنگوں کے حجاب پہن کر داخل ہوا، سوشل میڈیا پر تھائی کوچ کی جاری تصاویر اس موقف کی تصدیق کرتی ہیں۔

  • ایران و عراق میں ہولناک زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 450 ہوگئی

    ایران و عراق میں ہولناک زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 450 ہوگئی

    تہران: ایران اور عراق کے سرحدی علاقوں میں 7.4 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی، زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 450 سے زائد ہوگئی جبکہ 7 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق 2 روز قبل ایران اور عراق کے سرحدی علاقوں میں آنے والے 7.4 شدت کے زلزلے سے مذکورہ علاقہ ہولناک تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے۔ پلک جھپکتے میں عمارتیں اور گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ سڑکیں، اسپتال، پل، بجلی اور مواصلات کا نظام تباہ ہوگیا۔

    آفٹر شاکس اور بجلی کی عدم فراہمی کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، اسپتال زخمیوں سے بھر گئے ہیں۔

    شدید زلزلے کے باعث ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک 450 افراد کی ہلاکت کی اطلاع سامنے آچکی ہے۔

    امریکی زلزلہ پیما مرکز پر زلزلے کی شدت 7.3 ریکارڈ کی گئی، جس کی گہرائی حلب جاہ کے قریب 33 کلو میٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز ایران کے سرحد کے قریب عراق کا شہر حلبجہ تھا۔

    زلزلہ اس قدر شدید نوعیت کا تھا کہ اسے عراق کے دارالحکومت بغداد میں بھی محسوس کیا گیا جبکہ زلزلے کے جھٹکے شام، کویت، بحرین، قطر، سعودی عرب، اردن، لبنان اسرائیل اور ترکی میں بھی محسوس کیے گئے۔

    ترکی کے صدر طیب اردگان نے زلزلہ میں قیمتی جانوں کے زیاں پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ زلزلہ متاثرین کے لیے 50 امدادی ٹرک ایران بھیج دیے گئے ہیں۔

    غیر ملکی ماہرین نے اسے سنہ 2017 کا ہولناک ترین زلزلہ قرار دیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایران میں متعدد مرتبہ زلزلے آئے۔ سنہ 2003 میں ایران میں خوفناک زلزلے سے 31 ہزار افراد، سنہ 2005 میں 600 افراد اور سنہ 2012 میں 300 افراد ہلاک ہوئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔