Tag: ایران

  • مقاصد پورے ہونے پر ایران میں مہم ختم ہو جائے گی، نیتن یاہو

    مقاصد پورے ہونے پر ایران میں مہم ختم ہو جائے گی، نیتن یاہو

    تل ابیب: اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ہمارے مقاصد حاصل ہونے پر ایران میں مہم ختم ہو جائے گی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ حملوں کے دوران ایران کے فردو جوہری پلانٹ کو بری طرح نقصان پہنچا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ مقاصد پورے ہونے پر ایران میں مہم ختم ہو جائے گی، اسرائیل ایران کے جوہری پروگرام اور بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کرنے کے اپنے مقاصد کے حصول کے قریب ہے۔

    واضح رہے کہ اتوار کی علی الصبح امریکا نے ایران کی فردو، نطنز اور اصفہان جوہری سائٹس کو نشانہ بنایا تھا جس سے متعلق ٹرمپ نے سوشل میڈیا سائٹ ٹرتھ سوشل پر بیان بھی جاری کیا تھا۔

    دوسری جانب امریکا کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد بغداد میں امریکی سفارتخانے سے اہلکاروں کی امریکا واپسی شروع ہوگئی۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بغداد میں امریکی سفارتخانے نے ویزا خدمات کو معطل کردیا ہے، بغداد میں امریکی سفارتخانے کے اہلکاروں کو واپس امریکا بھیجا جارہا ہے، امریکی سفارتخانے میں کچھ اہلکار ہنگامی بنیادوں پر موجود ہوں گے۔

    واشنگٹن کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد اتوار کو ایک امریکی اہلکار نے بتایا کہ ”علاقائی کشیدگی”کے درمیان سفارت خانے کے عملے کو کم کیا جارہا ہے۔

    انہی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر امریکی سفارتی مشن کے مزید اہلکار ہفتے کے آخر میں عراق سے واپس روانہ ہوگئے ہیں۔

    ایران، اسرائیل اور امریکی تنازع سے متعلق تمام خبریں جاننے کے لیے کلک کریں

    امریکی اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ سفارتخانے کے آپریشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافی اہلکار 21 اور 22 جون کو عراق سے روانہ ہوئے۔

    اہلکار کا مزید کہنا تھا کہ سفارتی عملے کی روانگی اس عمل کا تسلسل ہے جسے گزشتہ ہفتے بہت زیادہ احتیاط اور بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کی وجہ سے شروع ہوا تھا۔

  • آبنائے ہرمز کی بندش روکنے کے لیے امریکا نے چین سے مدد مانگ لی

    آبنائے ہرمز کی بندش روکنے کے لیے امریکا نے چین سے مدد مانگ لی

    واشنگٹن: امریکی حملے کے جواب میں ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی متوقع بندش روکنے کے لیے امریکا نے چین سے مدد مانگ لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مارکو روبیو نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز تیل کی ترسیل کا اہم تجارتی راستہ ہے، اسے بند کرنا معاشی خود کشی کے مترادف ہوگا۔

    مارکو روبیو نے کہا دنیا کی ایک چوتھائی تیل و گیس ترسیل آبنائے ہرمز کے ذریعے ہوتی ہے، چین ایران کو آبنائے ہرمز بند کرنے سے روکنے میں مدد کرے، ایران آبنائے ہرمز بند کرتا ہے تو یہ بھیانک غلطی ہوگی۔

    امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز بند کرنے سے عالمی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے، بڑے درآمد کنندگان چین، بھارت اور جاپان کو سخت نقصان ہوگا۔


    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں


    واضح رہے کہ گزشتہ روز روئٹرز نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایٹمی تنصیبات پر حملے کے ردعمل میں پارلیمان نے آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی منظوری دے دی ہے، آبنائے بند کرنے کی حتمی منظوری ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل دے گی۔

    خیال رہے کہ آبنائے ہرمز خلیج عمان اور خلیج فارس کے درمیان واقع ایک اہم سمندری گزر گاہ ہے، جس کے شمالی ساحلوں پر ایران اور جنوبی ساحلوں پر متحدہ عرب امارات اور عمان واقع ہیں، یہ گزر گاہ کم از کم 21 میل چوڑی ہے۔

    مشرق وسطیٰ میں اسرائیل ایران جنگ میں شدت آنے کے بعد زمینی صورت حال تبدیل ہو رہی ہے جس کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں بھی رد و بدل دیکھنے میں آ رہا ہے، جنوری کے بعد خام تیل کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔

  • ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں پر چین نے کیا کہا؟

    ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں پر چین نے کیا کہا؟

    ایران کی جوہری تنصیبات پر دنیا بھر کے ممالک کی جانب سے ردعمل ظاہر کیا جا رہا ہے امریکی حریف سمجھے جانے والے ملک چین نے بھی ردعمل جاری کر دیا ہے۔

    چین نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    چین نے امریکی حملے سے کشیدگی میں اضافے کے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حملے سے مشرق وسطیٰ کے حالات مزید خراب ہوں گے۔

    وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام فریقین کو مذاکرات کی طرف لوٹنا چاہیے۔ تنازع کے پر امن حل کے لیے چین مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ شب ایرانی کی 3 جوہری تنصیبات پر حملہ کیا تھا۔ اس حملے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جوہری تنصیبات تباہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا کے لیے ایران کا جوہری خطرہ ختم کر دیا۔ اسرائیل اب زیادہ محفوظ ہے۔

    دوسری جانب امریکی حملے کے بعد ایران کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے ہم سے دھوکا کیا اور شب امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کر کے ریڈ لائن کراس کی۔

    ایران، اسرائیل اور امریکی تنازع سے متعلق تمام خبریں جاننے کے لیے کلک کریں

    انہوں نے متنبہ کیا کہ امریکی حملے کے بعد ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے اور ہم اپنے عوام کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ امریکی حملے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

    دریں اثنا امریکا کے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کی پاکستان سمیت روس، سعودی عرب، عمان، ترکیہ اور دنیا کے بیشتر ممالک نے مذمت کرتے ہوئے اس کو دنیا کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

  • ایران کی جوہری تنصیبات مکمل تباہ ہوگئیں یا نہیں، امریکی نائب صدر کا تصدیق سے گریز

    ایران کی جوہری تنصیبات مکمل تباہ ہوگئیں یا نہیں، امریکی نائب صدر کا تصدیق سے گریز

    امریکی صدر ٹرمپ اور وزیر دفاع کے برعکس امریکی نائب صدر نے ایران کی جوہری تنصیبات مکمل تباہ ہونے کی تصدیق سے گریز کیا ہے۔

    امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے این بی سی کے میٹ دی پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جنگ ایران سے نہیں بلکہ اس کے جوہری پروگرام سے ہے۔ ایران میں زمینی افواج اتارنے میں دلچسپی نہیں رکھتے، تاہم ایران جوابی حملہ کرتا ہے تو امریکا اس کیلیے تیار ہے۔

    اس موقع پر ان سے سوال کیا گیا کہ کیا ایران کی جوہری تنصیبات کو مکمل تباہ کر دیا گیا ہے، تو امریکی نائب صدر نے اس کی واضح تصدیق نہیں کی اور کہا کہ ایران کی جوہری ہتھیار تیار کرنے کی صلاحیت کو کافی حد تک روک کر جوہری پروگرام کو بہت لمبے عرصہ کے لیے پیچھے کر دیا ہے۔ اب ایران کو جوہری ہتھیار تیار کرنے میں تاخیر ہوگی۔

    جے ڈی وینس نے کہا کہ ہم اس معاملے کو لمبا نہیں کرنا چاہتے اور نہ ہی اس کو اس سے زیادہ بنانا چاہتے ہیں جتنا یہ پہلے سے بنایا گیا ہے۔ ہم ان کے جوہری پروگرام کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ہم ایرانیوں سے یہاں ایک طویل المدتی تصفیے کے بارے میں بات کرنا چاہتے ہیں۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹرمپ کا اقدام ان کے صدارتی اختیارات سے بالاتر نہیں اور انہوں نے اس مشن کو ہلکا نہیں لیا اور ایران کو بات چیت اور تعلقات بحال کرنے کا موقع دیا۔ ایرانی میزائل پروگرام ناکام ثابت ہو گیا۔ آنے والے سالوں میں ایران کے جوہری پروگرام کے مکمل خاتمے کے لیے کام کریں گے۔

    امریکی نائب صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا کو ایران کی طرف سے بالواسطہ پیغامات ملے تھے۔ امریکی انٹیلی جنس نے امریکا کو ایران کے خلاف کارروائی کی ترغیب دی اور حتمی فیصلہ اسی وقت ہوا، جب ایران پر حملہ کیا گیا۔

    ایران، اسرائیل اور امریکی تنازع سے متعلق تمام خبریں جاننے کے لیے کلک کریں

    واضح رہے کہ امریکا نے ہفتہ اور اتوار کی درمیان شب ایران کی تین ایٹمی تنصیبات پر حملہ کیا تھا۔

    اس حملے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے تینوں تنصیبات مکمل تباہ اور دنیا کے لیے ایران کے جوہری خطرہ ختم کرنے کا دعویٰ کیا۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے بھی پینٹاگان میں پریس کانفرنس میں ایران کا ایٹمی پروگرام تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/iran-israel-us-air-force-chief-of-staff-general-dan-keene/

  • ایران پر حملے میں امریکی تاریخ کی سب سے بڑی بی ٹو اسٹرائیک کی گئی، سربراہ امریکی فضائیہ

    ایران پر حملے میں امریکی تاریخ کی سب سے بڑی بی ٹو اسٹرائیک کی گئی، سربراہ امریکی فضائیہ

    امریکی فضائیہ کے سربراہ جنرل ڈین کین کا کہنا ہے کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ امریکی تاریخ کی سب سے بڑی بی ٹو اسٹرائیک تھی۔

    امریکا نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ایران کی تین ایٹمی تنصیبات پر حملہ کیا۔ اس حملے سے متعلق واشنگٹن پینٹاگون میں امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ایئر فورس جنرل ڈین کین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

    سربراہ امریکی فضائیہ جنرل ڈین کین نے کہا ہے کہ کل رات ایران کی ایٹمی تنصیبات پر کیا جانے والا حملہ امریکی تاریخ کی سب سے بڑی بی ٹو اسٹرائیک تھی۔ ایران کیخلاف آپریشن انتہائی خفیہ اور اعلیٰ سطح کا تھا جس کا علم واشنگٹن میں صرف مخصوص شخصیات کو ہی تھا۔

    جنرل ڈین کین نے کہا کہ امریکا کا آپریشن ایران میں رجیم چینج کے لیے نہیں بلکہ دنیا کے لیے خطرات کو کم کرنے کے لیے کیا گیا۔ ’’آپریشن مڈ نائٹ ہیمر‘‘ جنرل کوریلا کی سربراہی میں کیا گیا، جس میں صرف ایران کی جوہری تنصیبات کو ہی نشانہ بنایا گیا اور صدر ٹرمپ کے حکم پر تین جوہری تنصیبات پر حملہ کیا گیا۔

    انہوں نے آپریشن کی مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایرانی وقت کے مطابق رات 2 بجے کے بعد ٹوماہاک میزائلوں سے ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں 7 بی ٹو بمبار طیارے شامل تھے۔ اس کے علاوہ آبدوزوں سے دو درجن سے زائد ٹاما ہاک میزائل فائر کیے گئے

    ایران، اسرائیل اور امریکی تنازع سے متعلق تمام خبریں جاننے کے لیے کلک کریں

    سربراہ امریکی فضائیہ کا کہنا تھا کہ اس آپریشن میں تمام تکنیکی اداروں کی مدد حاصل تھی اور آپریشن میں شریک ہر اہلکار نے بہترین کام کیا۔

    جنرل ڈین کین نے یہ بھی بتایا کہ اس آپریشن کے دوران ایرانی فضائی حدود میں امریکی جنگی طیاروں پر ایران کی طرف سے کوئی حملہ نہیں ہوا۔

    واضح رہے کہ امریکا نے ایران کی زیر زمین جوہری تنصیبات کو تباہ کرنے کیلیے بنکر بسٹر بم اور اسے لے جانے والے بی ٹو طیارے کا استعمال کیا جو دنیا میں کسی دوسرے ملک کے پاس نہیں ہے۔

    امریکا کا بنکر بسٹر بم اور بی ٹو طیارہ کیا ہے؟

    بنکر بسٹر بم بی 52 بمبار طیاروں کے ذریعے گرائے گئے۔ فردو ایٹمی تنصیب پر چھ بڑے بنکر شکن بم مارے گئے، جب کہ نطنز اور اصفہان میں واقع تنصیبات پر 30 ٹام ہاک میزائل داغے گئے۔

    https://urdu.arynews.tv/iran-israel-us-secretary-of-defense-claim-destroyed-iran-atomic-programme/

  • ایران کا ایٹمی پروگرام تباہ کر دیا، دنیا کو ٹرمپ کی بات ماننا ہوگی، امریکی وزیر دفاع

    ایران کا ایٹمی پروگرام تباہ کر دیا، دنیا کو ٹرمپ کی بات ماننا ہوگی، امریکی وزیر دفاع

    امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگیستھ نے دعویٰ کیا ہےکہ ہم نے ایران کا ایٹمی پروگرام تباہ کر دیا دنیا کا امریکی صدر ٹرمپ کی بات سننا ہوگی۔

    واشنگٹن پینٹاگون میں امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ایئرفورس جنرل ڈین کین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ایران کا ایٹمی پروگرام تباہ کر دیا۔ دنیا کو امریکی صدر کی بات سننا ہوگی۔ اگر ایران نے امریکا پر حملہ کیا تو اس کی کسی بھی مزاحمت کا پہلے سے بھرپور جواب دیں گے۔

    امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ صدر ٹرمپ متعدد بار کہہ چکے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا۔ ایران کے جوہری عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ اسرائیل کو تمام اتحادیوں کی حمایت حاصل ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے صرف ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کیے۔ آپریشن میں کسی ایرانی فوجی یا شہری کو نقصان نہیں پہنچا۔ صدر ٹرمپ امن چاہتے ہیں اور ایران کو اس راستے پر چلنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ شب ایرانی کی 3 جوہری تنصیبات پر حملہ کیا تھا۔ اس حملے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جوہری تنصیبات تباہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا کے لیے ایران کا جوہری خطرہ ختم کر دیا۔ اسرائیل اب زیادہ محفوظ ہے۔

    دوسری جانب امریکی حملے کے بعد ایران کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے ہم سے دھوکا کیا اور شب امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کر کے ریڈ لائن کراس کی۔

    انہوں نے متنبہ کیا کہ امریکی حملے کے بعد ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے اور ہم اپنے عوام کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ امریکی حملے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

    ایران، اسرائیل اور امریکی تنازع سے متعلق تمام خبریں جاننے کے لیے کلک کریں

    دوسری جانب پاکستان، روس، ترکیہ سمیت دنیا بھر کے ممالک کی جانب سے امریکا کے ایران پر حملوں کی شدید مذمت کی جا رہی ہے اور اس کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔

  • امریکا نے فردو ایٹمی تنصیب پر 6 بڑے بنکر شکن بم گرائے، رپورٹ

    امریکا نے فردو ایٹمی تنصیب پر 6 بڑے بنکر شکن بم گرائے، رپورٹ

    امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکا نے ایران پر حملے میں فردو ایٹمی تنصیب پر 6 بڑے بنکر شکن بم گرائے ہیں۔

    فاکس نیوز رپورٹر نے حملوں کے فوری بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گفتگو کرنے کا دعویٰ کیا ہے، رپورٹر شان ہینٹی نے کہا کہ امریکی صدر نے بتایا کہ فردو ایٹمی تنصیب پر چھ بڑے بنکر شکن بم مارے گئے ہیں۔

    صحافی شان ہینٹی کے مطابق بنکر بسٹر بم بی 52 بمبار طیاروں کے ذریعے گرائے گئے، جب کہ نطنز اور اصفہان میں واقع تنصیبات پر 30 ٹام ہاک میزائل داغے گئے، ٹرمپ کے مطابق نطنز اور اصفہان کی ایٹمی تنصیبات کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا گیا۔


    ایران نے اسرائیل پر حملے کے لیے پہلی بار تباہ کن خیبر شکن میزائل استعمال کیا


    رپورٹر کے مطابق ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ میزائل آب دوزوں سے 400 کلو میٹر دوری سے فائر کیے گئے ہیں۔

    دوسری طرف ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے تو اسرائیل نے سفارت کاری کو اڑانے کا فیصلہ کیا، اس ہفتے یورپی وزرائے خارجہ سے مذاکرات کیے تو امریکا نے سفارت کاری پر حملہ کر دیا، اس سب سے آپ کیا نتیجہ اخذ کریں گے؟

    ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کیا برطانیہ اور یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے سمجھتے ہیں کہ ایران کو میز پر واپس آنا چاہیے، ایران اس چیز پر کیسے واپس آ سکتا ہے، جہاں کچھ نہیں چھوڑا گیا۔

  • ایران نے اسرائیل پر حملے کے لیے پہلی بار تباہ کن خیبر شکن میزائل استعمال کیا

    ایران نے اسرائیل پر حملے کے لیے پہلی بار تباہ کن خیبر شکن میزائل استعمال کیا

    تہران: جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کے بعد ایران نے بپھر کر اسرائیل پر جدید اور تباہ کن خیبر شکن میزائل سے حملہ کر دیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق ایران کے پاسداران انقلاب نے کہا کہ اسرائیل پر اس کا تازہ ترین ایرانی حملہ 40 میزائلوں سے کیا گیا ہے، ایران کے ایس این این میڈیا نے رپورٹ کیا کہ ان میں خیبر شکن بیلسٹک میزائل بھی شامل ہے، جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اس کا پہلی بار استعمال کیا گیا ہے۔ایرانی خیبر شکن میزائل گرنے کے بعد تل ابیب میں بڑی تباہی کا منظر

    روئٹرز نے اکتوبر میں رپورٹ کیا تھا کہ ماہرین نے کہا تھا کہ ان کا خیال ہے کہ ایران نے درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے خیبر شکن میزائل کا استعمال اُس وقت بھی اسرائیل پر حملوں میں کیا تھا۔


    دنیا کے لیے ایران کا جوہری خطرہ ختم کر دیا، اسرائیل اب زیادہ محفوظ ہے، ٹرمپ


    خیبر میزائل حملوں نے تل ابیب میں تباہی مچا دی ہے، متعدد عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، اسرائیلی فوج نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ایران کی جانب سے بیس سے تیس بیلسٹک میزائل داغے گئے، اور 10 مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

    تازہ حملوں میں 80 سے زیادہ اسرائیلی زخمی ہوئے ہیں، اور اسرائیل بھر میں ہائی الرٹ ہے، حکام کا کہنا ہے امریکی حملوں کے بعد اسرائیل نے اپنا الرٹ لیول بڑھا دیا ہے، تمام علاقوں میں صرف ضروری سرگرمیوں کی اجازت ہے، اسرائیلی فضائی حدود کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

  • ایران نے حملے سے قبل تینوں ایٹمی تنصیبات خالی کرا لی تھیں، ایرانی حکام

    ایران نے حملے سے قبل تینوں ایٹمی تنصیبات خالی کرا لی تھیں، ایرانی حکام

    تہران: ایران کے حکام نے کہا ہے کہ امریکا کے فضائی حملے سے قبل ہی تینوں ایٹمی تنصیبات خالی کرا لی گئی تھیں، ایک عہدے دار نے کہا کہ نشانہ بنائے گئے سائٹس میں کوئی مواد نہیں تھا جو اخراج کا باعث بنے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے تصدیق کی ہے کہ امریکا کے تین مقامات کو نشانہ بنایا گیا تھا، لیکن پارلیمنٹ کے اسپیکر کے ایک سینئر معاون مہدی محمدی کا کہنا ہے کہ فردو سائٹ کو کافی پہلے خالی کرایا گیا ہے اور اسے کوئی ناقابل تلافی نقصان نہیں پہنچا ہے۔

    بی بی سی کے مطابق ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے ڈپٹی پولیٹیکل ڈائریکٹر حسن عابدینی نے کہا کہ ’’ایران نے کچھ عرصہ قبل ہی ان تین جوہری تنصیبات کو خالی کرا لیا تھا، جنھیں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب امریکا کی جانب سے نشانہ بنایا گیا۔‘‘ انھوں نے کہا حملے سے ایران کو کوئی بڑا دھچکا نہیں لگا کیوں کہ مواد پہلے ہی ان مقامات سے نکال لیا گیا تھا۔


    دنیا کے لیے ایران کا جوہری خطرہ ختم کر دیا، اسرائیل اب زیادہ محفوظ ہے، ٹرمپ


    قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ امریکی ڈیفنس تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ فار اسٹڈی آف وار (آئی ایس ڈبلیو) اور کریٹیکل تھریٹس پروجیکٹ (سی ٹی پی) نے ایران اسرائیل کشیدگی پر اپنے مشترکہ جائزہ میں کہا کہ پاسداران انقلاب کے ایک سینئر کمانڈر نے بتایا کہ تباہی سے بچانے کے لیے جوہری مواد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    آئی ایس ڈبلیو اور سی ٹی پی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ایران کی جانب سے جوہری مواد کو چھپانا امریکا یا اسرائیل کے لیے مزید مشکل ہوگا کہ اس کو کیسے ختم کیا جائے۔

    ایران کی نیم سرکاری مہر نیوز ایجنسی کے مطابق آئی آر آئی بی کے سیاسی نائب کا کہنا ہے کہ ایران نے کچھ عرصہ قبل تین جوہری مقامات کو خالی کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ امریکا نے فردو، نطنز اور اصفہان نیوکلیئر سائٹس پر حملہ کر کے انھیں مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔

  • ایران کے خلاف امریکا کے طاقت کے استعمال سے سخت پریشان ہوں، انتونیو گوتریس

    ایران کے خلاف امریکا کے طاقت کے استعمال سے سخت پریشان ہوں، انتونیو گوتریس

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ وہ ایران پر امریکا کے طاقت کے استعمال سے سخت پریشان ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایران پر امریکی فضائی حملے کے بعد اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ ’’میں آج امریکا کی طرف سے ایران کے خلاف طاقت کے استعمال سے سخت پریشان ہوں، تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔‘‘

    انھوں نے کہا خطہ پہلے ہی تباہی کے دہانے پر ہے امریکا کے حملے نے صورت حال مزید خطرناک کر دی ہے، یہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔ سیکریٹری جنرل نے رکن ممالک سے کشیدگی میں کمی کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے کہ یہ تنازع تیزی سے قابو سے باہر ہو سکتا ہے۔


    دنیا کے لیے ایران کا جوہری خطرہ ختم کر دیا، اسرائیل اب زیادہ محفوظ ہے، ٹرمپ


    انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ عام شہریوں، خطے اور دنیا پر تباہ کن اثرات پڑ سکتے ہیں، اس خطرناک گھڑی میں افراتفری کی لہر سے بچنا ضروری ہے، آگے بڑھنے کا واحد راستہ سفارتکاری ہے، واحد امید امن ہے۔

    واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے وائٹ ہاؤس سے قوم سے ٹیلی وژن خطاب کیا اور کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات فردو، نطنز اور اصفہان کو ’’مکمل طور پر تباہ‘‘ کر دیا گیا ہے، انھوں نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے حملے کو ’’شان دار فوجی کامیابی‘‘ قرار دیا۔

    صدر ٹرمپ نے ایران کی قیادت پر زور دیا کہ وہ اب ’’امن قائم کریں‘‘ اور اپنے جوہری پروگرام پر مذاکرات کی طرف واپس آئیں، یا اس سے کہیں زیادہ حملوں کی لہر کا سامنا کریں۔