Tag: ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز

  • رنچھوڑ لائن واقعہ: آباد نے ایس بی سی اے کو ذمہ دار قرار دے دیا

    رنچھوڑ لائن واقعہ: آباد نے ایس بی سی اے کو ذمہ دار قرار دے دیا

    کراچی: ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) نے رنچھوڑ لائن میں عمارت گرنے کے واقعے کے لیے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو ذمہ دار قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلڈرز کی تنظیم آباد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم رنچھوڑ لائن میں غیر قانونی طور پر تعمیر کی جانے والی عمارت گرنے کے لیے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔

    آباد نے الزام لگایا ہے کہ ایس بی سی اے کی ناک کے نیچے طویل عرصے سے شہر میں غیر قانونی اور غیر معیاری کنسٹرکشن جاری ہے، جو شہر میں کسی بھی بڑے سانحے کی وجہ بن سکتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق آباد کے چیئرمین محسن شیخانی کا کہنا تھا کہ کراچی میں غیر قانونی اور ناقص مٹیریل والی عمارتوں کی دھڑا دھڑ تعمیرات کے خلاف باقاعدہ مہم جاری ہے، اس سلسلے میں آباد نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، وزیر بلدیات سندھ، چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری بلدیات اور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کو باقاعدہ خطوط ارسال کر کے اس جانب توجہ دلائی ہے-

    یہ بھی پڑھیں:  رنچھوڑ لائن میں گرنے والی عمارت کا منظور شدہ نقشہ سامنے آگیا

    انھوں نے خبردار کیا کہ شہر میں غیر قانونی عمارتوں کی کھلے عام تعمیرات کسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں شہر کے 10 لاکھ افراد کو لقمہ اجل بنا سکتی ہیں۔ ہمارے بھیجے گئے خطوط کے باوجود متعلقہ اداروں اور ذمہ داروں نے تاحال اس ضمن میں کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز شہرقائد کے علاقے رنچھوڑ لائن سومرا گلی میں 6 منزلہ مخدوش اور ایک طرف جھکنے والی عمارت زمین بوس ہو گئی تھی، خوش قسمتی سے عمارت سے تمام افراد کو نکال لیا گیا تھا۔ مخدوش عمارت کا ایک حصہ بیٹھنے کے باعث اس میں دراڑیں پڑ گئی تھیں جس کے چند گھنٹے بعد ہی پوری عمارت زمین بوس ہوگئی۔

    عمارت کے منظور شدہ نقشے کے مطابق پلاٹ پر گراؤنڈ پلس ون کی منظوری دی گئی تھی، پلاٹ پر گراؤنڈ پلس 6 بنا دیا گیا تھا، بلڈر نے متعلقہ عدالت سے حکم امتناع لیا ہوا تھا۔

  • بھتہ مافیا کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے، بلڈرزکا مطالبہ

    بھتہ مافیا کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے، بلڈرزکا مطالبہ

    کراچی : ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) نے بھتہ مافیا کیخلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کردیا۔ چیئرمین آباد محسن شیخانی کہتے ہیں کہ کراچی میں بھتہ خور پھرسرگرم ہوگئے، ان کیخلاف کارروائی نہ کی گئی تواپنا کاروبار بند کرنے پر مجبور ہوجائیں گے،۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بھتہ خور مافیا پھر سرگرم ہوگئی، بلڈرز کیلئے ناظم آباد اور سرجانی میں سائٹ پر جانا مشکل ہوگیا، چیئرمین ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) محسن شیخانی نے آرمی چیف، کورکمانڈرکراچی اور وزیراعظم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، محسن شیخانی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ دنوں گلبہار میں ایک بلڈر کے دفترپرحملہ کا واقعہ نہایت افسوس ناک ہے۔

    سلیم چاکلیٹی گروپ کی جانب سے بھتے کی کالز آرہی ہیں جو ایران میں مقیم ہے، سات ایسی شکایات ہیں۔ محسن شیخانی کا کہنا تھا کہ ہمیں پھر وہی پرانی صورت حال نظر آرہی ہے اسے نہ روکا گیا توحالات پھر قابو سے باہر ہوجائیں گے۔

    انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ بھتہ خوروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرکے شہر کے بلڈرزاور تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

    مزید پڑھیں : گلبہارمیں بھتہ خوروں کا بلڈرکے دفتر پردستی بم حملہ

    یاد رہے کہ گزشتہ روز گلبہار کے علاقے میں بھتہ نہ دینے پر گینگ وار کے مسلح موٹر سائیکل سوار کارندوں نے بلڈر کے دفتر پر دستی بم مارا تھا، مذکورہ بلڈر کو چند ماہ پہلے بھتے کی پرچی ملی تھی۔ تاہم واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا اور ملزمان حسب سابق باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔