اسلام آباد : آئی ایم ایف کی پاکستان میں نمائندہ ایسٹر پریز نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کیلئے قرض کی منظوری کے لئے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس 11 جنوری کو ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کیلئے 70 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط کے معاملے پر آئی ایم ایف ایگزیکٹیوبورڈکا اجلاس 11 جنوری کو ہوگا۔
اس سلسلے میں آئی ایم ایف کی پاکستان میں نمائندہ ایسٹر پریز سے اے آر وائی نیوز نے رابطہ کیا ، جس میں ایسٹر پریز نے تصدیق کی ایگزیکٹیو بورڈاجلاس پاکستان ایجنڈے پر ہے، جس میں اسٹینڈ بائی معاہدے کے پہلے جائزے پر آئی ایم ایف بورڈ غور کرے گا۔
گذشتہ روز امریکی جریدے بلوم برگ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پاکستان کیلئے 70 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط کی منظوری کے معاملے پر آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 11 جنوری 2024 کو ہوگا۔
بلوم برگ کے مطابق اجلاس میں پاکستان میں کی جانے والی اسٹاف لیول میٹنگ کے فیصلوں کو حتمی شکل دی جائے گی اور پاکستان کیلئے 3ارب ڈالر اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کے تحت اگلی قسط کی منظوری متوقع ہے، منظوری کے بعد پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر کی قسط ملے گی۔
یاد رہے پاکستان اور آئی ایم ایف میں پہلے اقتصادی جائزےکی تکمیل پر اسٹاف لیول معاہدہ15 نومبرکو طے پایا تھا۔