Tag: ایس او پیز

  • محکمہ داخلہ سندھ نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ایس او پیز جاری کردیئے

    محکمہ داخلہ سندھ نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ایس او پیز جاری کردیئے

    کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ایس او پیز جاری کردیئے، بغیر اجازت کھالیں جمع کرنا ممنوع قرار دے دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ صرف رجسٹرڈ فلاحی اداروں کو کھالیں جمع کرنیکی اجازت ہوگی۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی اجازت کے بغیرکھالیں جمع کرنا جرم تصور ہوگا، لاؤڈ اسپیکر اور بینرز کے ذریعے کھالوں کے اعلان پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    زبردستی کھالیں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، خلاف ورزی پرکھالیں ضبط کر کے منظور شدہ اداروں کودی جائیں گی۔

    قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر چیکنگ کریں گے، عید کے دوران اسلحہ لائسنس معطل رہے گا۔

    سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا

    محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق اجتماعی قربانی کی اجازت بھی کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز دینگے، خلاف ورزی پر پولیس دفعہ 188 کے تحت مقدمہ درج کرے گی۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے، مملکت میں عید کے موقع پر 4 دن کی تعطیلات ہوں گی۔

    سعودی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات عرفات کے دن جمعرات 5 جون سے اتوار 8 جون تک ہوں گی۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ 6 جون جمعہ کو ہوگی۔

  • بانی پی ٹی آئی سے کب کون ملاقات کر سکے گا ؟ ایس او پیز طے ہوگئے

    بانی پی ٹی آئی سے کب کون ملاقات کر سکے گا ؟ ایس او پیز طے ہوگئے

    راولپنڈی : بانی پی ٹی آئی اور سپریڈینٹ اڈیالہ جیل کی درمیان ایس او پیز طے پا گئے اور جیل ملاقاتوں کے لئے بانی پی ٹی آئی نے تین فوکل پرسن مقرر کر دئیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی، بانی پی ٹی آئی اور سپریڈینٹ اڈیالہ جیل کی درمیان ایس او پیز طے پا گئے۔

    ایس او پیز پر بانی پی ٹی آئی اور سپریڈنٹ اڈیالہ جیل کے دستخط موجود ہیں، جیل ملاقاتوں کے لئے بانی پی ٹی آئی نے تین فوکل پرسن مقرر کر دئیے ہیں۔

    چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر ، شیر افضل مروت ، بیرسٹر عمیر نیازی فوکل پرسن ہوں گے، جیل ملاقاتوں کے لئے ہر فوکل پرسن دو نام دے گا جبکہ ہفتہ میں دو روز منگل کو فیملی جمعرات کو وکلا و دیگر کے ساتھ ملاقات ہوا کرے گی۔

    عدالتی احکامات پر ملاقات کرنے والوں کا معاملہ بانی پی ٹی آئی کی رضا مندی سے مشروط ہو گا، چھبیس مارچ کو 28 مارچ کو 18 افراد نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی تھی۔

    بانی پی ٹی آئی اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے درمیان ملاقات کیلئے ایس اوپیز طے پاگئے۔۔ جیل ملاقاتوں کیلئے بانی پی ٹی آئی نے بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت اور عمیر نیازی کو فوکل پرسن مقرر کردیا۔۔ ملاقاتوں کیلئے ہر فوکل پرسن دو نام دے گا۔۔ منگل کو فیملی، جمعرات کو وکلا و دیگر کے ساتھ ملاقات ہوگی۔

  • حرمین شریفین اور دیگر مساجد میں سماجی فاصلے کی پابندی ختم

    حرمین شریفین اور دیگر مساجد میں سماجی فاصلے کی پابندی ختم

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر میں نرمی کرتے ہوئے حرمین شریفین اور دیگر مساجد میں سماجی فاصلے کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا ایس او پیز کے حوالے سے عائد پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے، مملکت آنے والوں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ اور قرنطینہ کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امور صحت کے نگران اداروں کی جانب سے جاری سفارشات کی روشنی میں متعدد احتیاطی تدابیر میں نرمی کی جارہی ہے۔

    حرمین شریفین اور تمام مساجد میں نماز باجماعت کے لیے سماجی فاصلے کی پابندی ختم کردی گئی ہے تاہم ماسک کے استعمال کی شرط بدستور عائد رہے گی، تمام بند اور کھلے مقامات پر سماجی فاصلے کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے۔

    کھلے مقامات پر ماسک کی پابندی ختم کردی گئی ہے جبکہ بند مقامات پر ماسک استعمال کیا جائے گا۔

    مملکت میں آنے کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کردی گئی ہے، جبکہ کسی بھی نوعیت کے وزٹ ویزے پر آنے والوں کے لیے میڈیکل انشورنس حاصل کرنا لازمی ہوگا جس میں کرونا وائرس کے علاج کی مکمل سہولت فراہم کی گئی ہو۔

    مملکت آنے والوں کے لیے قرنطینہ کی پابندی بھی ختم کی گئی ہے۔

  • اسٹیڈیم آنے والوں کے لیے اہم ہدایات

    اسٹیڈیم آنے والوں کے لیے اہم ہدایات

    ریاض: سعودی وزارت کھیل نے کھیل دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم آنے والوں کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں، وزارت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت کھیل نے اسٹیڈیم آنے والوں کو ماسک استعمال کرنے کی پابندی کی ہدایات جاری کردی ہیں، کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ ایس اوپیز پر اسٹیڈیم میں بھی عمل کیا جائے۔

    وزارت کھیل کی جانب سے جاری ہونے والے ضوابط میں کہا گیا ہے کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔

    وزارت کی جانب سے جاری ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ اسٹیڈیم آنے والے شائقین ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں خواہ وہ اسٹیڈیم کے کسی بھی مقام یعنی بند یا کھلے میں بیٹھے ہوں۔

    ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیڈیمز کی انتظامیہ کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ آنے والے شائقین کو ماسک کے استعمال کی پابندی کروائیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سے مملکت کے مختلف شہروں میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافہ ریکارڈ کیاجانے لگا ہے، اس حوالے سے وزارت صحت کا کہنا تھا کہ لوگوں کو چاہیئے کہ وہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔

  • سندھ میں تجارتی سرگرمیوں اور ریستورانوں کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری

    سندھ میں تجارتی سرگرمیوں اور ریستورانوں کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری

    کراچی: صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے ایس او پیز کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری کردیا گیا، مشروط صورتوں میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائنگ کی اجازت دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے کرونا وائرس ایس او پیز سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیا، کراچی اور حیدر آباد میں تجارتی سرگرمیاں رات 8 بجے تک جاری رکھی جا سکتی ہیں۔

    محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے کے دیگر اضلاع میں مارکیٹ اور کاروبار رات 10 بجے تک کھلا رہے گا، بنیادی اشیائے ضروریہ، ادویات اور ویکسی نیشن سینٹرز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔

    صوبے بھر کے سی این جی اسٹیشنز ہفتے کے ساتوں روز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ کراچی میں جمعہ اور اتوار کو کاروبار مکمل بند رہے گا جبکہ حیدر آباد میں کاروبار جمعہ اور ہفتے کے روز بند رہے گا۔

    محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے کے دیگر اضلاع میں صرف جمعہ کے روز چھٹی ہوگی۔ کراچی اور حیدر آباد کے ریسٹورنٹس میں انڈور ڈائننگ پر پابندی رہے گی تاہم آؤٹ ڈور ڈائننگ رات 10 بجے تک کرنے کی اجازت ہوگی۔

    ویکسی نیٹڈ افراد کے لیے 50 فیصد پر انڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ رات 12 بجے تک ہوگی۔ صارفین کو ریسٹورنٹ میں جانے کے لیے ویکسی نیشن کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا، قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی وقت کارڈ چیک کر سکتے ہیں۔

    کراچی اور حیدر آباد میں انڈور شادیوں پر مکمل پابندی برقرار رہے گی، کھلی فضا میں رات 10 بجے تک 300 افراد کے لیے تقریب کا اہتمام کیا جا سکتا ہے۔ دیگر اضلاع میں 200 افراد کے لیے انڈور اور کھلی فضا میں 400 افراد کی تقریب منعقد کی جا سکتی ہے۔

    محکمہ داخلہ کے مطابق کراچی اور حیدر آباد میں مزارات تاحکم ثانی بند رہیں گے تاہم دیگر اضلاع میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ اوقاف کو اس حوالے سے فیصلہ کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔

    صوبے بھر میں سینما گھر مکمل طور پر بند رہیں گے، مذہبی، ثقافتی، موسیقی اور کھیلوں سے متعلق سرگرمیوں پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی، انڈور جمنازیم میں صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو جانے کی اجازت ہوگی۔

    پبلک ٹرانسپورٹ بھی صرف 50 فیصد استعداد کے مطابق چلے گی، پبلک ٹرانسپورٹ کے عملے کی ویکسی نیشن کروانا لازمی ہوگی۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔

    محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ ٹرینوں میں 70 فیصد مسافروں کو سفر کی اجازت ہوگی۔ کراچی اور حیدر آباد میں امیوزمنٹ پارک، واٹر پارک اور سوئمنگ پولز بند ہوں گے، دیگر اضلاع میں امیوزمنٹ پارک، واٹر پارک اور سوئمنگ پول کھولنے کی اجازت ہوگی۔

    کراچی اور حیدر آباد میں صرف پبلک پارک کھولے جائیں گے۔ محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ مخصوص علاقوں میں لاک ڈاؤن لگانے کی مجاز ہے۔ عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی ہے۔ ویکسی نیٹڈ افراد ایس او پیز کے ساتھ سیاحت کرسکتے ہیں۔

  • محرم الحرام: مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کے لیے ایس او پیز جاری

    محرم الحرام: مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کے لیے ایس او پیز جاری

    کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کے لیے ایس او پیز اور ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے محرم الحرام کے سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے مطابق مجالس اور جلوسوں میں کرونا ایس ایس او پیز کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے، مجالس میں شرکا ماسک لازمی پہنیں گے۔

    محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق مجالس میں شرکت کے لیے زاکرین کو کرونا وائرس کی ایک ڈووز لازمی لگوانا ہوگی، اور مجالس میں بچوں اور بزرگ افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی، نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ زاکرین ٹی وی پر مجالس کے دوران بھی کرونا کے باعث لوگوں کو گھروں پر رہنے کی تلقین کریں۔

    ضابطہ اخلاق کے مطابق مجالس کی جگہیں کھلی اور کشادہ ہوں، مجالس میں کرونا ایس او پیز کے تحت 6 فٹ کا فاصلہ رکھنا ہوگا، یکم محرم الحرام سے مجالس کی جگہوں پر شرکا کی کرونا ویکسینیشن شروع کی جائے۔

    مجلس میں محکمہ صحت کی ہیلپ ڈیسک قائم کر کے نزلہ زکام سمیت بخار کی علامات کی صورت میں ایسے شہریوں کا داخلہ روکا جائے گا۔

  • ’سندھ حکومت کے فیصلے پر شدید مایوسی ہوئی‘

    ’سندھ حکومت کے فیصلے پر شدید مایوسی ہوئی‘

    کراچی: صوبہ سندھ میں شادی ہال کی پھر بندش پر شادی ہال ایسوسی ایشن کے صدر نے رد عمل میں سخت مایوسی کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں انڈین ویریئنٹ کے پھیلاؤ کے بعد کرونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے شادی ہال بند کرنے کے فیصلے پر رد عمل میں صدر شادی ہال ایسوسی ایشن رانا رئیس نے کہا ہے کہ انھیں سندھ حکومت کے فیصلے سے شدید مایوسی ہوئی ہے۔

    رانا رئیس نے اپنے مؤقف میں کہا کہ تمام شادی ہالز ایس او پیز کی پابندی کر رہے ہیں، جہاں خلاف ورزی ہو رہی ہے وہاں انتظامیہ جرمانہ بھی کر رہی ہے، اس کے باوجود شادی ہال کی بندش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    بھارتی ویرینٹ کا پھیلاؤ، دوبارہ پابندیاں، مارکیٹس اور تعلیمی ادارے بند کرنے سے متعلق بڑے فیصلے

    انھوں نے کہا ہم سندھ حکومت کے فیصلے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، ہم نے اپنی ایسوسی ایشن کا اجلاس طلب کیا ہے، جس میں ان پابندیوں کے خلاف لائحہ عمل طے کیا جائے گا، اور اس کے خلاف پُر امن احتجاج کریں گے۔

    رانا رئیس کا کہنا تھا کہ ہم حکومت سے شادی ہال بندش کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کریں گے، اور پہلے مرحلے میں کراچی میں احتجاج کیا جائے گا، اس کے بعد احتجاج کا دائرہ صوبہ سندھ اور ملک بھر میں بڑھایا جائے گا۔

  • اندرون ملک پروازیں، سی اے اے نے نئے ایس او پیز جاری کر دیے

    اندرون ملک پروازیں، سی اے اے نے نئے ایس او پیز جاری کر دیے

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 20 جولائی سے 31 اکتوبر تک نئے ایس او پیز جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اقدامات جاری ہیں، اکتیس اکتوبر تک نئے ایس او پیز جاری کر دیے گئے، جو کہ ڈومیسٹک پروازوں، چارٹرڈ اور پرائیوٹ ایئر کرافٹ کے لیے ہیں۔

    ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ عرفان صابر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام ایئر لائنز ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں، اور رش سے بچنے کے لیے ایئر لائنز پروازوں کے اوقات کار پر عمل کریں۔

    سی اے اے کے مطابق ایئر پورٹ پر ماسک کے ساتھ صرف ایک فرد کے داخلے کو یقینی بنایا جائے گا، ڈرائیور مسافر کو ڈومیسٹک ڈپارچر تک چھوڑ سکتا ہے، پروٹوکول پر پابندی ہوگی، ایئر پورٹ منیجرز ایئر پورٹ پر سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں گے۔

    سی اے اے نوٹیفکیشن میں کاؤنٹرز پر سینیٹائزر رکھنے اور مسافروں کو بھی دینے کی ہدایت کی گئی ہے، کہا گیا ہے کہ مسافر کو سینیٹائزر نہ مل سکا تو کیبن کریو ان کو فراہم کرے گا، مسافر کے پاس فیس ماسک نہیں ہوا تو بھی ایئر لائن انھیں ماسک دے گی۔

    مسافروں کو سوار کرنے سے پہلے طیارے کو ڈس انفیکٹ کرایا جائے گا، سی اے اے نے ایئر کرافٹس میں کٹس، این 95 ماسک، گلوز اور دیگر اشیا رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

    سی اے اے کے نوٹیفکیشن میں اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ مسافروں کو پیکڈ کھانا دینے کی اجازت دے دی گئی ہے، پروازوں سے متعلق نئے ایس او پیز کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کھانے پینے کی پیکڈ اشیا دوران پرواز مسافروں کو پیش کی جا سکتی ہیں۔

    مسافروں کے لیے سینیٹائزر کا بندوست ایئر لائن کے ذمہ ہوگا، دوران پرواز ماسک لازمی پہنا جائے گا، پرواز کے دوران مسافروں کی ماسک کے ساتھ تصاویر لی جائیں گی، یہ تصاویر سی اے اے کے متعلقہ سیکشن کے حوالے کی جائیں گی، مسافروں اور کیبن کریو کے موبائل نمبر اور تفصیلات کا ڈیٹا بھی محفوظ رکھا جائے گا۔

    واضح رہے کہ یہ نئے احکامات 31 اکتوبر 2021 تک قابل عمل ہوں گے۔

  • کراچی میں 12 روز میں مثبت کیسز کی شرح 23 فیصد تک پہنچ گئی: مرتضیٰ وہاب

    کراچی میں 12 روز میں مثبت کیسز کی شرح 23 فیصد تک پہنچ گئی: مرتضیٰ وہاب

    کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی میں 12 روز میں مثبت کیسز کی شرح 23 فیصد تک پہنچ گئی، اگلے چند دن ایس او پیز کی پابندی نہ ہوئی تو صورتحال خطرناک ہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرونا صورتحال میں حکومت نے بندشوں کے اوپر نرمی کی، ایس او پیز کی شرائط کے ساتھ بندشوں میں نرمی کی گئی، بدقسمتی سے کراچی میں ایس او پیز پر عملدر آمد نہیں کیا گیا۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے کراچی میں ایس او پیز پر عملدر آمد نہیں کیا گیا، کراچی میں 12 روز میں مثبت کیسز کی شرح 23 فیصد تک پہنچ گئی۔ شہریوں سے گزارش کرتا ہوں ایس او پیز کو نظر انداز نہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ویکسین لگائیں تاکہ ہمیں سخت فیصلے نہ کرنا پڑیں، اگلے چند دن ایس او پیز کی پابندی نہ ہوئی تو صورتحال خطرناک ہوسکتی ہے۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ضلع سینٹرل اور کورنگی میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا معاہدہ ہوگیا، اگست میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کام کرنا شروع کرے گا۔

    ترجمان سندھ حکومت نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی ترجمان یہ کہتے تھکتے نہیں کہ خان نے معیشت کو کھڑا کردیا، جب عوام کو ریلیف دینے کا وقت آتا ہے تو پیٹرول مہنگا کر دیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گیس کی بندش پر صنعت کار شور مچا رہا ہے رو رہا ہے، تیل کی قیمتوں میں اضافے سے بنیادی چیزیں مہنگی ہوگئیں۔ معیشت ٹھیک ہے تو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کیوں اضافہ ہو رہا ہے۔

  • افغان طلبہ کے لیے ایس او پیز جاری

    افغان طلبہ کے لیے ایس او پیز جاری

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے افغانستان سے آنے والے طلبہ کے لیے ایس او پیز طے کر لیے ہیں، ان ایس او پیز کا اعلان آج وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی اجلاس میں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق این سی او سی نے کہا ہے کہ افغانستان سے 3 ہزار طلبہ کی آمد جاری ہے، افغان طلبہ پاکستان کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں، ان کی آمد پر کرونا ٹیسٹنگ کے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں۔

    این سی او سی کے مطابق کرونا پازیٹیو افغان طلبہ کو واپس بھجوایا جائے گا، افغانستان سے آنے والے طلبہ 10 دن لازمی قرنطینہ میں رہیں گے، اور قرنطینہ کے اختتام پر ان کو کرونا ویکسین لگائی جائے گی۔

    اجلاس میں این سی او سی نے ملک میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر شدید اظہار تشویش کیا، حکام کا کہنا تھا کہ مختلف سیکٹرز میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، جن میں ریسٹورنٹس، انڈور جمنیزیم، شادی ہالز، ٹرانسپورٹ، مارکیٹس، ٹوررازم شعبے شامل ہیں۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ ایس او پیز پر عدم عمل درآمد پر سخت پابندیوں کے فیصلے بھی لیے جا سکتے ہیں، اس سلسلے میں ایک خصوصی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، جس میں ایس او پیز نفاذ کے سخت میکنزم پر غور ہوگا۔

    اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ کروناویکسینیشن کے تصدیقی پورٹل کا اجرا بھی کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد لازمی ویکسینیشن والے مقامات پر تصدیقی عمل یقینی بنانا ہے، شہری ویکسینیشن کے وقت نمز میں کوائف کا اندراج یقینی بنائیں، اور ویکسین سینٹر کا عملہ بھی کوائف کا بر وقت اندراج یقینی بنائے۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ مشاورت سے موڈرنا ویکسین والے سینٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے، ملک کے 59 مراکز میں موڈرنا ویکسین دستیاب ہے، پنجاب کے 15، سندھ 10، کے پی کے 14، بلوچستان کے 4،گلگت بلتستان کے 6، آزاد کشمیر کے 5، اسلام آباد کے 5 سینٹرز پر موڈرنا ویکسین دستیاب ہے۔