Tag: ایس او پیز

  • مزارات، تفریحی پارکس، جمز، سوئمنگ پولز کھول دیے گئے: مرتضیٰ وہاب

    مزارات، تفریحی پارکس، جمز، سوئمنگ پولز کھول دیے گئے: مرتضیٰ وہاب

    کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ عوام، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، سندھ حکومت نے مزارات، تفریحی پارکس، جمز، سوئمنگ پولز، تجارتی مراکز اور تعلیمی ادارے کھول دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے مزارات، تفریحی پارکس، جمز اور سوئمنگ پولز کھول دیے، شہریوں سے درخواست ہے کہ ایس او پیز پر عملدر آمد کریں۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ حکومت ایس او پیز کے ساتھ تجارتی مراکز اور تعلیمی ادارے بھی کھول چکی ہے، ایس او پیز پر عملدر آمد کرنا شہریوں کی ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، دنیا بھر میں کرونا وائرس نے تباہی مچائی ہوئی ہے۔ خود کو ویکسی نیٹ کروائیں اور ماسک کا استعمال کر کے اچھا شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

    مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے شہریوں کے مفاد میں فیصلے لیے ہیں، کل این سی او سی اجلاس میں فیصلوں کے مطابق سندھ بھی فیصلے کرے گا۔

  • کرونا وائرس: ویکسی نیشن کے بعد بھی خطرہ ٹلا نہیں

    کرونا وائرس: ویکسی نیشن کے بعد بھی خطرہ ٹلا نہیں

    حال ہی میں عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ لوگوں کو ویکسی نیشن کروانے کے بعد بھی فیس ماسک سمیت دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ لوگوں کو ویکسین استعمال کرنے کے بعد بھی فیس ماسک کا استعمال اور دیگر تدابیر پر عمل جاری رکھنا چاہیئے تاکہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کی جاسکے۔

    ڈبلیو ایچ او نے یہ مشورہ اس وقت دیا جب کرونا کی نئی قسم ڈیلٹا دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ماریناگیلا سیمو کا کہنا ہے کہ لوگ صرف ویکسین کی 2 خوراکوں کے استعمال سے محفوظ نہیں ہوسکتے، انہیں تاحال اپنے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ صرف ویکسین سے برادری کی سطح پر وائرس کے پھیلاؤ کو نہیں روکا جاسکتا، لوگوں کو گھر سے باہر فیس ماسکس کا استعمال جاری رکھنا چاہیئے، ہاتھوں کی صفائی، سماجی دوری اور ہجوم میں جانے سے گریز کرنا چاہیئے، یہ اب بھی بہت اہمیت رکھتے ہیں، یہ اس وقت بہت ضروری ہے جب برادری کی سطح پر وائرس پھیل رہا ہو، چاہے آپ کی ویکسی نیشن ہوچکی ہو۔

    دنیا کے مختلف ممالک میں کیسز کی شرح میں کمی کے بعد فیس ماسک کے حوالے سے بھی پابندیاں نرم کی جارہی ہیں۔

    امریکا میں مئی میں سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن نے اپ ڈیٹ گائیڈ لائنز میں کہا تھا کہ مکمل ویکسی نیشن کے بعد لوگوں کے لیے گھر سے باہر یا چاردیواری کے اندر ماسک پہننے کی ضرورت نہیں۔

    بھارت میں سب سے پہلے دریافت ہونے والی کرونا کی قسم ڈیلٹا اب دیگر ممالک میں تیزی سے پھیل رہی ہے، ماہرین کے مطابق وائرس کی یہ قسم ایسے علاقوں میں بہت تیزی سے پھیل سکتی ہے جہاں ویکسی نیشن کی شرح کم ہے۔

    یہ نئی قسم دیگر اقسام کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیلنے والی قرار دی جارہی ہے بلکہ زیادہ ویکسی نیشن والے ممالک جیسے اسرائیل میں بھی اس سے متاثر افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

    ڈیلٹا قسم ایلفا کے مقابلے میں بظاہر 60 فیصد زیادہ متعدی ہے جو پہلے ہی دیگر اوریجنل وائرس کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ متعدی قرار دی گئی ہے۔ برطانوی ڈیٹا کے مطابق ڈیلٹا سے متاثر افراد میں اسپتال داخلے کا خطرہ دوگنا زیادہ ہوتا ہے۔

    بھارت میں ڈیلٹا سے ہی بننے والی ایک اور قسم ڈیلٹا پلس کو بھی دریافت کیا گیا ہے جس کے کیسز کئی ریاستوں میں سامنے آئے ہیں، ڈیلٹا کی اس نئی قسم میں ایک میوٹیشن موجود ہے جو جنوبی افریقہ میں دریافت قسم بیٹا میں دیکھنے میں آئی تھی۔

    یہ میوٹیشن کے 417 این ویکسینز کے اثر کو کسی حد تک متاثر کرسکتی ہے تاہم حتمی تصدیق تحقیق سے ہی ممکن ہوسکے گی۔

  • ریاست مخالف بیان پر ضمانت کے بعد لیگی رہنما پر ایس او پیز کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج

    ریاست مخالف بیان پر ضمانت کے بعد لیگی رہنما پر ایس او پیز کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج

    شیخوپورہ: ریاست مخالف بیان بازی پر مقدمے کا سامنا کرنے والے لیگی رہنما جاوید لطیف کے خلاف اب کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لیگی ایم این اے میاں جاوید لطیف کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر دیا گیا، یہ مقدمہ تھانہ صدر میں درج ہوا ہے، مقدمہ سرکاری اہل کار کی مدعیت میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز جاوید لطیف نے ریلی نکالی تھی، اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کی، مقدمے میں جاوید لطیف کے علاوہ ان کے 2 بھائی، ایک بیٹے سمیت 8 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جب کہ 220 نا معلوم افراد بھی نامزدگان میں شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ریاست مخالفت بیان بازی کے کیس میں عدالتی حکم پر رہائی کے بعد جاوید لطیف کو انٹر چینج سے ریلی کی صورت میں گھر لایا گیا تھا، جاوید لطیف نے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے لیگی کارکنان سے خطاب بھی کیا تھا۔

    ریاست مخالف بیان بازی کیس، ن لیگی رہنما کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

    9 جون کو لاہور کی سیشن عدالت نے ریاست مخالف بیان بازی کیس میں لیگی رہنما کی ضمانت منظور کی تھی اور 2، 2 لاکھ روپے کے 2 مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہائی کا حکم دے دیا تھا، مچلکوں کی ادائی کے بعد گزشتہ روز رہا کر دیا گیا تھا۔

    بدھ کو ایڈیشنل سیشن جج نے جاوید لطیف کی ضمانت کا 4 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ایف آئی آر میں بغاوت سے متعلق کوئی واضح الزام نہیں، کس ادارے کے خلاف بیان دیا گیا، اس کا بھی تفتیشی رپورٹ میں کوئی ذکر نہیں، مدعی نے ایک اندیشے کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کرائی ہے، جاوید لطیف کے خلاف بغاوت پر مبنی مواد بھی ریکارڈ پر موجود نہیں۔

  • ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے ہوٹل مالک پر بہیمانہ تشدد، ایس ایچ او معطل

    ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے ہوٹل مالک پر بہیمانہ تشدد، ایس ایچ او معطل

    کراچی: شہر قائد میں ہوٹل مالک پر تشدد اور جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرنے پر ایس ایچ او تھانہ سعود آباد کو معطل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ڈسٹرکٹ کورنگی کے تھانہ سعودآباد میں شہریوں پر تشدد کے واقعات عام ہوگئے، کرونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنا ہوٹل مالک کو اس وقت نہایت مہنگا پڑ گیا، جب پولیس نے انھیں انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا۔

    واقعے سے متعلق اے آر وائی نیوز کی خبر پر پولیس حکام نے ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او زبیر الاسلام کو معطل کر دیا ہے۔

    ریسٹورنٹ کے مالک اظہر نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ سعود آباد پولیس نے ان پر انسانیت سوز تشدد کیا، انھیں ریسٹورنٹ مقررہ وقت پر بند نہ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پولیس 19 گھنٹے تک انھیں ڈنڈوں اور چھتر سے مارتی رہی۔

    کراچی پولیس چیف نے منظم جرائم کے خلاف خود نکلنے کا فیصلہ کرلیا

    متاثرہ شہری اظہر نے مزید بتایا کہ رات 2 بجے مجھ سمیت 8 افراد کو پولیس نے حراست میں لیا تھا، پولیس موبائل کے ذریعے ہمیں تھانے لے جایا گیا، جہاں ایس ایچ او زبیر الاسلام نے ڈنڈوں سے بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

    ہوٹل مالک نے کہا تشدد کا نشانہ بنانے کے 19گھنٹے بعد انھیں اگلی رات 9 بجے چھوڑا گیا، انھیں آرڈر کے باعث دکان بند کرنے میں تھوڑی دیر ہوگئی تھی، ہم روزانہ وقت ہی پر دکان بند کرتے ہیں۔

    ویڈیو میں ہوٹل مالک اظہر نے پولیس کے ہاتھوں جسم پر بننے والے تشدد کے نشانات بھی دکھائے۔

  • کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ ،  پی پی 84 خوشاب  کے انتخاب کیلئے  ایس او پیز جاری

    کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ ، پی پی 84 خوشاب کے انتخاب کیلئے ایس او پیز جاری

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے کورونا پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر پی پی84خوشاب میں ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے ایس او پیز جاری کر دیئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پی پی84 خوشاب کے انتخاب کیلئے کورونا ایس اوپیز جاری کر دیئے، جس میں کہا گیا ہے کہ پی پی 84خوشاب میں ضمنی انتخاب 5مئی کو منعقد ہوگا، اس حوالے سے ڈی آراو،آراو،پولنگ عملہ اور امیدواران کیلئے کورونا ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے دفاتر میں فیس ماسک اور سماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولنگ عملے کیلئے فیس ماسک،ہینڈ سینی ٹائیزرمہیا کیے جائیں گے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن میٹریل کی وصولی کیلئےعملہ دستانوں کا لازمی استعمال کرےگا جبکہ امیدواران،سیاسی جماعتیں انتخابی مہم کے دوران ایس اوپیز پرعمل کریں۔

    صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق پولنگ ڈے پرووٹر بغیر ماسک پولنگ اسٹیشن میں داخل نہیں ہوسکیں گے اور پولنگ ڈے کے موقع پر بزرگ افراد کی الگ قطار بنائی جائے گی۔

  • اسلام آباد میں پاک فوج نے ذمہ داری سنبھال لی

    اسلام آباد میں پاک فوج نے ذمہ داری سنبھال لی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے فیصلے پر عمل درآمد شروع ہو گیا، اسلام آباد میں پاک فوج نے ذمہ داری سنبھال لی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انتظامیہ نے فوج کے ہمراہ مختلف علاقوں میں گشت شروع کر دیا ہے، گشت کے دوران کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں کرونا کی بگڑتی صورت حال کے پیش نظر شہروں میں فوج طلب کر لی تھی، جس کا مقصد ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرانا ہے۔

    وزیر اعظم نے این سی سی اجلاس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے احتیاط نہ کی تو بھارت جیسے حالات ہو سکتے ہیں، عوام سے کہتا ہوں ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں، اگر عوام تعاون اور احتیاط کریں تو لاک ڈاؤن کی نوبت نہیں آئے گی۔

    وزیر اعظم نے کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے فوج طلب کر لی

    انھوں نے کہا ماسک پہننے سے آدھا مسئلہ حل ہو جاتا ہے، گھر سے باہر جاتے ہوئے ماسک کا استعمال لازمی کریں، بہ صورت دیگر کرونا کو روکنے کے لیے شہر بند کرنے پڑیں گے، مجھے آج لوگ کہہ رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن لگا دیں، لیکن آپ لاک ڈاؤن سے کتنی دیر بچ سکتے ہیں یہ آپ کے طرز عمل پر منحصر ہے۔

    وزیر اعظم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاآج کوئی ایس او پیز پر عمل نہیں کر رہا، بہت تھوڑے سے لوگ عمل کر رہے ہیں، لاک ڈاؤن لگا تو سب سے زیادہ نقصان غریبوں کو پہنچے گا، احتیاط نہ کی تو حالات مزید خراب ہو جائیں گے۔

    عمران خان نے کہا ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے پاک فوج بھی سڑکوں پر نکلےگی، پاک فوج پولیس اور رینجرز کی مدد کرے گی۔

  • رمضان المبارک: سندھ میں مساجد کے لیے ایس او پیز جاری

    رمضان المبارک: سندھ میں مساجد کے لیے ایس او پیز جاری

    کراچی: سندھ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران مساجد، امام بارگاہوں، بازاروں، دفاتر اور تقریبات کے لیے نئی ایس او پیز جاری کردیں، شادی بیاہ کی تمام تقریبات پر ایک ماہ کے لیے مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے رمضان المبارک کے دوران مساجد کے لیے نئی ایس او پیز جاری کردیں، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے فیصلے کے تحت محکم داخلہ سندھ نے اپنا حکم نامہ جاری کیا ہے۔

    حکم نامے میں مساجد و امام بارگاہوں میں دوران عبادات سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، نمازیوں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک میں دوران عبادات مذہبی مقامات میں ماسک کا استعمال لازمی ہوگا، بخار اور کھانسی کی علامات ظاہر ہونے پر مساجد و امام بارگاہوں میں آنے کی ممانعت ہوگی۔ مساجد میں دریاں اور قالین نہیں بچھائے جائیں گے۔

    محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ 50 سالہ بزرگ شہری مساجد آنے سے گریز کریں۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تروایح اور نماز کے بعد مساجد میں رش یا جمع ہونے پر پابندی ہوگی، نمازی اگر چاہیں تو گھر سے جائے نماز لا سکتے ہیں، نماز مساجد اور امام بارگاہوں کے صحن یا کھلی جگہ پر پڑھائی جائے گی۔ مساجد اور امام بارگاہوں کے صحن کو روزانہ کلون سے ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔

    حکم نامے کے مطابق مساجد اور امام بارگاہوں کی انتظامیہ ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے اپنی اپنی کمیٹیاں تشکیل دیں، موجودہ صورتحال میں معتکفین اعتکاف بھی گھروں میں اختیار کریں۔ سحر اور افطار کے اجتماعات بھی مساجد اور امام بارگاہوں پر کرنے پر پابندی ہوگی۔

    دوسری جانب مارکیٹس اور بازاروں میں تجارتی سرگرمیاں صبح 6 سے شام 8 بجے تک ہوں گی۔ جمعہ، اتوار کو سیف ڈیز کے طور پر کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ ریستوران میں انڈور سروس کی اجازت نہیں ہوگی، آؤٹ ڈور سروس رات دس بجے تک ہوگی۔

    حکم نامے کے مطابق رمضان میں تفریحی پارکس، سینما اور مزارات مکمل طور پر بند رہیں گے۔ شادی بیاہ کی انڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی ہوگی، سماجی، سیاسی، ثقافتی تقاریب، کھیلوں، میوزیکل اور مذہبی اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی۔

    سرکاری اور نجی دفاتر میں روٹیشن پالیسی کے تحت اسٹاف کی 50 فیصد حاضری کا اطلاق ہوگا، تمام سرکاری و نجی دفاتر کام کی جگہ پر ماسک اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔

    نئی ایس او پیز پر آئندہ ماہ 16 مئی تک عملدر آمد ہوگا۔ محکمہ داخلہ سندھ نے ضلعی انتظامیہ کو وضع کردہ طریقہ کار پر عملدر آمد کروانے کی بھی ہدایت کردی ہے۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور آئی جی کو بھی احکامات جاری کردیے ہیں، محکمے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ علمائے کرام سے مل کر مساجد اور امام بارگاہوں میں رمضان کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عمل کروایا جائے۔

  • اندرون و بیرون ملک پروازوں کے لیے ایس او پیز کی مدت میں توسیع

    اندرون و بیرون ملک پروازوں کے لیے ایس او پیز کی مدت میں توسیع

    کراچی: ملک کے تمام ایئر پورٹس پر مسافروں کے لیے کرونا ایس او پیز کی مدت میں توسیع کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندورن و بیرون ملک پروازوں کی آمد و رفت کے لیےکرونا ایس او پیز کی مدت میں توسیع کر دی۔

    کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے جاری سفری ہدایت نامہ 5 جولائی تک نافذالعمل رہے گا، ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ عرفان صابر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    کرونا ایس او پیز کا نفاذ چارٹرڈ، پرائیوٹ پروازوں سمیت بین الاقوامی پروازوں کے لیے یکساں طور پر جاری رہے گا۔

    ایس او پیز کا اطلاق 4 اپریل کو بین الاقوامی مسافروں کی آمد کے حوالے سے جاری کیٹیگریز میں شامل ممالک کے مسافروں پر بھی ہوگا۔

    وبا کی تیسری لہر، ایئر پورٹس پر اقدامات سخت

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران ملک کے ایئر پورٹس پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سی اے اے کی جانب سے سخت اقدامات جاری ہیں، گزشتہ دنوں مختلف ایئر پورٹس پر 70 سے افراد پر جرمانے اور ایئر پورٹ پاسز ضبط کیے گئے۔ جرمانے نہ صرف مسافروں بلکہ محکمے کے عملے پر بھی کیے گئے۔

    ڈپٹی ڈی جی ایئر پورٹ سروس عامر محبوب کے مطابق مسافروں اور عملے پر 500 روپے فی کس جرمانہ کیا گیا تھا، اے این ایف کے اہل کاروں پر ماسک نہ پہننے پر جرمانہ کیا گیا۔

  • این سی اوسی کا ایس او پیزپر مناسب عملدرآمد نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار

    این سی اوسی کا ایس او پیزپر مناسب عملدرآمد نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا ایس او پیز پر مناسب عملدرآمد نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہارہوئے کہا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے پر سخت اقدامات ناگزیرہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا ، جس میں وفاقی اور صوبائی حکام نے کورونا صورتحال اور حکومتی اقدامات ، کورونا گائیڈ لائنز اور ایس او پیزپر عملدرآمد پر بریفنگ دی۔

    این سی اوسی نے ایس او پیز پر مناسب عملدرآمد نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ، بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد پر جامع نظر ثانی ناگزیر ہے، ملک میں مثبت کوروناکیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے، ملک میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 7.5 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے مثبت کورونا کیسز اور شرح اموات میں اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا شہریوں کی بڑی تعداد ماسک کا استعمال نہیں کر رہی ہے اور نہ ہی سماجی فاصلے کا خیال رکھا جا رہا۔

    این سی او سی نے کہا کہ شہریوں سے ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے اور بہتر سماجی رویہ اختیار کرنے کی اپیل کی گئی تھی، ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے پر سخت اقدامات جبکہ حالات خرابی پر کاروبار بند اور سماجی پابندیاں ناگزیرہوں گی۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں کورونا ویکسینیشن سینٹرز ہفتہ وار، سالانہ تعطیل پربند ہوں گے۔

  • دبئی میں جاری کرونا ایس او پیز میں رمضان تک توسیع کا فیصلہ

    دبئی میں جاری کرونا ایس او پیز میں رمضان تک توسیع کا فیصلہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں نافذ کرونا وائرس ایس او پیز میں ماہ رمضان تک توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، توسیع کا فیصلہ ملک میں کرونا وائرس کی تازہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی میں قدرتی آفات اور بحرانوں کی اعلیٰ انتظامیہ نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات (ایس او پیز) میں رمضان تک توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

    اعلیٰ انتظامیہ کا اجلاس شیخ منصور بن محمد بن راشد آل مکتوم کی صدارت میں ہوا تھا، توسیع کا فیصلہ ملک میں کرونا وائرس کی تازہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

    اجلاس میں دبئی کے تمام متعلقہ اداروں نے سفارشات پیش کی تھیں کہ حفاظتی اقدامات پر رمضان کے آغاز تک عمل درآمد جاری رکھا جائے، نئے فیصلے کے مطابق رمضان کی آمد تک امارات میں حفاظتی اقدامات برقرار رہیں گے۔

    سینما گھروں، تفریحی مراکز، اسپورٹس سینٹر، انڈور اسپورٹس کے حوالے سے تعداد 50 فیصد گنجائش سے کم رہے گی، ہوٹلوں، شاپنگ سینٹرز، سوئمنگ پولز اور ہوٹلوں کے ماتحت ساحلوں کو استعمال کرنے والوں کی تعداد جگہ کی گنجائش سے 70 فیصد سے زیادہ پر پابندی رہے گی۔

    کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے سخت تفتیشی مہم جاری رہے گی، اعلی انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ وبا کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حفاظتی اقدامات میں لچکدار رویہ اپنایا جانا ضروری ہے۔

    حکام کے مطابق کووڈ 19 کی وبا سے نمٹنے کے لیے واضح پروگرام موجود ہے، اس کے نفاذ کی ذمہ داری متعلقہ اداروں میں تقسیم کردی گئی ہے۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کی تمام ریاستوں میں کرونا ویکسین کی مہم تیزی سے نافذ کی جارہی ہے اور صورتحال تسلی بخش ہے، آبادی کے حوالے سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ کرونا ٹیسٹ امارات میں ہوئے ہیں اور ویکسین کی سب سے زیادہ خوراکیں بھی امارات میں دی گئی ہیں۔