Tag: ایس او پیز

  • پشاور: کرونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 5 کروڑ سے زائد کے جرمانے

    پشاور: کرونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 5 کروڑ سے زائد کے جرمانے

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں کرونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 5 کروڑ 64 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور میں کرونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر تمام اضلاع میں کارروائیاں جاری ہیں، 3 جون سے 24 اگست تک 11 لاکھ 97 ہزار 895 کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

    شہر میں 2 لاکھ 79 ہزار 805 افراد اور کاروباری مراکز کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ 17 سو 3 یونٹس اور کاروبار ی مراکز سیل کردیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق 1 لاکھ 58 ہزار 372 یونٹس اور کاروباری مراکز پر جرمانے کیے گئے، مجموعی طور پر 5 کروڑ 64 لاکھ 47 ہزار 885 روپے کے جرمانے کیے گئے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 450 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 93 ہزار 711 ہوچکی ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 9 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 255 ہوچکی ہے۔

    ملک میں فعال کیسز کی تعداد 9 ہزار 31 ہے جبکہ 2 لاکھ 78 ہزار 425 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

  • این سی او سی کی محرم میں ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

    این سی او سی کی محرم میں ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے محرم میں ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے صوبوں کو اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر حماد اظہر اور ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی شرکت کی، جب کہ صوبائی حکام نے ویڈیو لنک پر کرونا صورت حال سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی، اور این سی او سی کو ملک بھر میں مجالس اور جلوسوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

    این سی او سی نے ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں میں حفاظتی خطوط یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں، اور اس سلسلے میں مذہبی فرقوں، علمائے کرام اور اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔

    اجلاس میں اسد عمر نے کوئٹہ، اسلام آباد اور لاہور میں ایس او پیز پر سختی سے پابندی کو سراہا، انھوں نے محرم کی مجالس اور جلوسوں میں عوام کے حفاظتی طرز عمل کی تعریف کی، اور صوبوں کو ہدایت کی کہ محرم میں ایس او پیز کی سختی سے نگرانی کی جائے۔

    محرم الحرام ، پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں الرٹ جاری، عملے کی چھٹیاں منسوخ

    اسد عمر نے کہا وبائی مرض پر قابو پانے کے لیے صحت کے رہنما اصولوں کو یقینی بنایا جائے، مجالس کے داخلی راستوں پر ماسک، سینی ٹائزر اور اسکینرز لازم کیے گئے ہیں، ایس او پیز کے ساتھ سماجی فاصلوں کا خیال برقرار رکھنا بھی اہم ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں کرونا صورت حال بگڑ سکتی ہے، عوام کے تعاون سے ہی اس وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

    دریں اثنا، صوبائی چیف سکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے این سی او سی کو اقدامات سے آگاہ کیا اور بریفنگ میں کہا کہ صوبائی انتظامیہ کی مرکزی توجہ محرم کے حوالے سے انتظامات پر مرکوز ہے۔

  • محرم کے دوران ایس او پیز پر عملدر آمد 200 فیصد یقینی بنایا جائے: عثمان بزدار

    محرم کے دوران ایس او پیز پر عملدر آمد 200 فیصد یقینی بنایا جائے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ محرم کے دوران کرونا وائرس ایس او پیز پر عملدر آمد 200 فیصد یقینی بنایا جائے جبکہ فرقہ واریت کے سدباب کے لیے بھی ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ محرم میں ضابطہ اخلاق پر عمل 200 فیصد یقینی بنایا جائے، جلوسوں اور مجالس میں کرونا وائرس کی ایس او پیز کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ کرونا وائرس پر جلد مکمل قابو پا لیں گے لیکن احتیاط بے حد ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مجالس کے دوران ماسک کی پابندی لازمی کی جائے، ایس او پیزکی خلاف ورزی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے، جلوسوں کے روٹ پر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ محرم میں قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، فرقہ واریت کے سدباب کے لیے ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے حوالے سے ایس او پیز جاری کیے ہیں جن میں دوران مجالس موقع پر ہاتھ دھونے کا انتظام اور سینی ٹائزر ہونا لازم قرار دیا گیا ہے۔

    ایس او پیز کے مطابق شرکا کسی بھی چیز بالخصوص سبیلوں میں استعمال ہونے والے برتن، ٹرالی، دروازوں اور دیگر اشیا کو چھونے کے بعد ہاتھ اچھی طرح دھوئیں اور دوران مجالس موقع پر ہاتھ دھونے کا انتظام، سینی ٹائزر، ٹشو اور کوڑے دان کا ہونا لازم ہے۔

    پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سیکریٹری کا کہنا ہے کہ جس ہال میں مجلس کا اہتمام کیا گیا ہو وہاں کوڑا بشمول ماسک کے تدارک کے لیے ڈھکن والے کوڑے دان لازمی ہوں، بلا ضرورت کسی بھی چیز کی سطح کو پکڑنے یا چھونے سے پرہیز کیا جائے۔

    نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ مجالس، جلوس اور دیگر سرگرمیوں کے دوران شرکا کے پاس ہر وقت سینی ٹائزر ہونا لازم ہے، محرم الحرام کے جلوس اور ریلیوں میں تمام شرکا اور عزاداران کا ماسک پہننا لازمی ہے جبکہ مجالس میں صرف ان ذاکرین کو بیان کی اجازت ہوگی جن کا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی ہو۔

  • وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے محرم میں ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے گا: مشترکہ اعلامیہ

    وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے محرم میں ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے گا: مشترکہ اعلامیہ

    اسلام آباد: وزیر مذہبی امور کی زیر صدارت علما کرام اور دیگر محکموں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے محرم میں ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محرم الحرام کے اجتماعات میں احتیاطی تدابیر اور مسلکی رواداری کے فروغ پر زور دیا گیا۔

    محرم الحرام کے تناظر میں ہونے والے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ تمام مکاتب فکر محبت، رواداری، افہام و تفہیم قائم رکھنے کی خلوص دل سے کو شش کریں گے، اور مسلکی تنازعات باہم مشاورت اور سنجیدہ مکالمے کے ذریعے طے کیے جائیں گے۔

    مشترکہ اعلامیے کے مطابق عوامی پلیٹ فارمز سے مخالفین کے خلاف طعن و تشنیع سے اجتناب کیا جائے گا، وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے محرم میں ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے گا۔

    اجلاس میں وزیر مذہبی امور نے کہا کہ علما واقعہ کربلا کے تناظر میں کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کو بھی دنیا تک پہنچائیں، ملک دشمن عناصر مسلکی تعصب کو ہوا دے کر انتشار پھیلاتے ہیں، اکابر اور علما ان انتشار پھیلانے والوں سے لاتعلقی کا اظہار کریں۔

    پیر نورالحق قادری کا کہنا تھا کسی سوچ اور فکر کو اپنانا غلط نہیں، بلکہ دوسروں پر اسے مسلط کرنا غلط ہے۔

    انھوں نے وبا کے حوالے سے کہا کہ کرونا وبا کی صورت حال بہتر ہے لیکن لاپرواہی تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے مسلکی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ہم آہنگی کو عام کیا جائے۔

  • پنجاب میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے ایس اوپیز جاری

    پنجاب میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے ایس اوپیز جاری

    لاہور: وزیر کھیل پنجاب نے صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے ایس او پیز جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور خان بھٹی نے صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے ایس او پیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے تحفظ کے ایس او پیز پر عمل ضروری ہوگا۔

    انھوں نے کہا اوپن ٹورنامنٹس اور میچز پر پابندی ہوگی، ٹریننگ انفرادی طور پر کی جائے گی، فٹ بال، ہاکی، بیڈ منٹن وغیرہ کی ٹریننگ چھوٹے گروپس میں کی جائے گی۔

    رائے تیمور کا کہنا تھا کہ مشترکہ آلات والی گیمز کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی، گراؤنڈ اور ٹریننگ سینٹر میں داخلے کے وقت درجہ حرارت چیک کیا جائے گا، اور دوران ٹریننگ ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔

    کھیل کے میدان بھی آباد، کھیلوں کی سرگرمیاں بحال

    واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں کرونا کیسز میں کمی آنے پر لاک ڈاؤن ختم کیے جانے کے بعد جہاں تجارتی و کاروباری مراکز کے پرانے اوقات کار بحال ہو گئے ہیں وہیں اب کھیل کے میدان بھی آباد ہونے لگے ہیں۔

    گزشتہ دنوں کراچی میں بھی پاکستان اسپورٹس بورڈ نے سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، اس سلسلے میں پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایس او پی بھی جاری کیے، جس کے تحت کھلاڑیوں کا ماسک پہننا اور سینٹائزر ساتھ رکھنا، سماجی دوری برقرار رکھنا لازمی قرار دیا گیا، اسپورٹس بورڈ میں 10 سال سے چھوٹے بچوں کا داخلہ ممنوع ہو گا۔

  • سعودی عرب: ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر ہزاروں ریال کا جرمانہ

    سعودی عرب: ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر ہزاروں ریال کا جرمانہ

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی ایس او پیز کی متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد پولیس نے جرمانے کیے، سینکڑوں افراد پر فی کس 1 ہزار ریال جرمانہ لگایا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مملکت میں عوامی مقامات پر مقررہ ایس او پیز کی بے شمار خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں، جازان اور قصیم میں ماسک کی پابندی نہ کرنے پر جرمانے کیے گئے ہیں۔

    قصیم پولیس نے ماسک کی پابندی نہ کرنے والے 85 افراد پر 85 ہزار ریال کے جرمانے کر دیے، فی کس 1 ہزار ریال جرمانہ لگایا گیا ہے۔

    قصیم پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام نے بارہا تاکید کی ہے کہ کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے حفاظتی تدابیر کی سختی سے پابندی کروائی جائے اور خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔

    ترجمان نے بتایا کہ چھاپہ مہم کے دوران 85 افراد پبلک مقامات پر بغیر ماسک کے گھومتے ہوئے پائے گئے۔ اان میں سے ہر ایک پر 1 ہزار ریال جرمانہ کیا گیا، خلاف ورزیاں قصیم ریجن کی مختلف کمشنریوں میں مختلف مقامات پر ریکارڈ کی گئیں۔

    جازان میں بھی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزیوں پر جرمانے کیے گئے ہیں، جازان میں 152خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں اور 1 ہزار ریال فی کس جرمانہ کیا گیا۔

    خیال رہے کہ سعودی وزارت صحت کی جانب سے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہر شخص کو اس امر کا پابند کیا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر ماسک پہنے یا رومال سے اپنا منہ اور ناک کو ڈھک کر رکھیں۔

    عوامی مقامات پر ماسک استعمال نہ کرنے والوں پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

  • یاسمین راشد کا ڈینگی مہم ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر سخت کارروائی کا حکم

    یاسمین راشد کا ڈینگی مہم ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر سخت کارروائی کا حکم

    لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ڈینگی مہم ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرصحت پنجاب کی زیر صدارت انسداد ڈینگی مہم سے متعلق اجلاس ہوا جس میں انسداد ڈینگی مہم کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت نے صوبے میں ڈینگی مہم کی سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کمشنرز،ڈی سی علاقوں میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروائیں،متاثرہ علاقہ جات میں مانیٹرنگ کو مزید سخت کیا جائے۔

    وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ ڈینگی وبا پر قابو پانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ایس او پیز پر مکمل عملدرآمدکے لیے متحرک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شہری اپنے گھروں اور بزنس پوائٹس کو صاف ستھرا رکھیں،انسداد ڈینگی مہم میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے انسداد ڈینگی مہم کی سرگرمیوں کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے ڈینگی مہم ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔

  • سعودی اسکولوں میں کرونا وائرس کی ایس او پیز کیا ہیں؟

    سعودی اسکولوں میں کرونا وائرس کی ایس او پیز کیا ہیں؟

    ریاض: سعودی عرب میں اسکولوں کے لیے کرونا وائرس سے بچاؤ کی ایس او پیز جاری کردی گئیں، قومی مرکز نے بچاؤ کی 6 اہم تدابیر مقرر کی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں متعدی امراض سے بچاؤ اور انسداد کے قومی مرکز وقایۃ نے اسکولوں میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر جاری کی ہیں، طلبہ و طالبات، اساتذہ اور انتظامی عملے پر حفاظتی تدابیر کی پابندی لازمی ہوگی۔

    متعدی امراض سے بچاؤ کے قومی مرکز نے بچاؤ کی 6 اہم تدابیر مقرر کی ہیں۔

    ان تدابیر کے مطابق طلبہ اور عملے کو کرونا وائرس سے متعلق آگاہی دی جائے، اس سے بچاؤ کے طریقے بتائے جائیں۔ اسکولوں کے ہیلتھ گائیڈز کو آگاہی لٹریچر مہیا کیا جائے۔

    تمام اسکولوں میں صابن اور ہاتھ صاف کرنے والے لوشن فراہم کیے جائیں، واش روم میں ہاتھ دھونے کے لیے صابن کا بندوبست کیا جائے۔

    وزارت صحت کے مقرر کردہ سینی ٹائزر سے اسکول کی تمام کرسیوں، بینچوں اور ڈیسکوں وغیرہ کی مسلسل صفائی کا اہتمام کیا جائے۔ اسکولوں میں پبلک مقامات کو سینی ٹائز کیا جائے۔

    طلبہ کے زیر استعمال واش رومز مسلسل صاف کیے جائیں، ایسے تمام مقامات کو خاص طور پر زیادہ اہتمام سے سینی ٹائز کیا جائے جو طلبہ اور عملے کے استعمال میں زیادہ رہتے ہوں مثلاً دروازوں کے ہینڈل، ڈائننگ ٹیبلز، نشستوں کے دستے اور لفٹس کے بٹن وغیرہ۔

    اسکولوں میں صاف ستھری ہوا کی فراہمی اور خراب ہوا کی نکاسی کا انتظام ہو۔

    جن طلبہ کے حوالے سے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کا شبہ ہوجائے انہیں پہلی فرصت میں ہیلتھ سینٹر بھیج دیا جائے، اسکول ہیلتھ گائیڈ روزانہ کی بنیاد پر طلبہ کا معائنہ کرے، شفا یاب ہونے تک طالب علم کی اسکول حاضری پر پابندی لگائی جائے۔

    کسی طالب علم کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کا یقین ہوجائے تو اسے سکول آنے سے روک دیا جائے اور فٹنس سرٹیفیکیٹ کے بغیر اسکول واپسی پر پابندی لگا دی جائے۔

    ایسے طلبہ، اساتذہ اور عام عملے پر کڑی نظر رکھی جائے جو کرونا وائرس کے مصدقہ مریضوں سے مل چکے ہوں، اس سلسلے میں اسکول اور ہیلتھ سینٹر ایک دوسرے کی مدد کریں۔ ایسے کسی بھی طالب علم، استاد یا کارکن کے اسکول آنے پر پابندی لگا دی جائے جو کرونا وائرس کے مریض سے مل چکا ہو۔

  • عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری

    عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ رواں برس محدود حج کی کامیابی کے بعد ایس او پیز کے ساتھ عمرہ شروع کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزارت حج و عمرہ کے سیکریٹری ڈاکٹر حسین الشریف کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ عمرہ کے بارے میں بھی معاملہ زیر غور ہے۔

    ڈاکٹر شریف کا کہنا ہے کہ ہر برس حج کے اختتام کے ساتھ ہی حج آپریشن کے تمام پہلوؤں پر غور کر کے جامع رپورٹ تیار کی جاتی ہے جس کی روشنی میں آئندہ برس کے لیے تیاریاں شروع کی جاتی ہیں۔

    جدہ کے شاہ عبد العزیز ایئر پورٹ کے ڈائریکٹر عصام فواد کا کہنا ہے کہ مملکت کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کرتے ہوئے رواں برس حجاج کو تمام مقررہ سہولتیں فراہم کی گئیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ حجاج کی آمد سے لے کر روانگی تک کے تمام معاملات مقررہ شیڈول کے مطابق انجام دیے گئے تاکہ حجاج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    رواں برس مملکت کے 8 شہروں ریاض، مدینہ منورہ، الوجہ، دمام، قصیم، ابہا، جیزان اور تبوک سے عازمین حج کو سعودیہ ایئر کی اندرون ملک پروازوں کے ذریعے جدہ لایا گیا تھا۔

    اس سال محدود حج آپریشن کے تمام انتظامات مثالی رہے جن کے تحت عازمین کی آمد سے لے کر روانگی تک ہر مرحلے پر وزارت صحت اور دیگر اداروں کی جانب سے حجاج کی صحت اور دیگر امور کی نگرانی کی جاتی رہی۔

    وزارت صحت کا کہنا تھا کہ کسی حاجی میں کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

  • محکمہ تعلیم پنجاب نے اسکولز کھولنے سے متعلق ایس او پیز تیار کر لیے

    محکمہ تعلیم پنجاب نے اسکولز کھولنے سے متعلق ایس او پیز تیار کر لیے

    لاہور: محکمہ تعلیم پنجاب نے اسکولز کھولنے سے متعلق ایس او پیز تیار کر لیے۔

    محکمہ تعلیم پنجاب نے اسکولز کھولنے سے متعلق ایس او پیز تیار کر لیے ہیں جس کے مطابق ایک کلاس میں 20 سے زائد بچے نہیں بیٹھائے جائیں گے،جگہ کی قلت والے اسکولز میں مارننگ،ایوننگ شفٹوں میں بچوں کو پڑھایا جائے گا۔

    محکمہ تعلیم پنجاب کے مطابق ایک ڈیسک پر3 کی بجائے 2 طلبا کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، بچوں کوحساب،انگریزی،سائنس مضامین پڑھائیں جائیں گے اور باقی مضامین کا کام گھروں میں کرنے کے لیے دیا جائے گا۔

    محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے تیار کیے گئے ایس او پیز کے مطابق ہر اسکول میں بچوں کے ہاتھ سینیٹائزر سے دھونے کا انتظام لازم کیا جائے گا، سینیٹائزر اسکولز اپنے بجٹ سے خریدنے کے پابند ہوں گے۔

    ایس او پیز کے مطابق تمام اسکولز میں اسمبلی،بریک نہیں ہوگی،ہرقسم کے فنکشن پر پابندی ہوگی، اسکول میں داخل ہونے سے قبل ہر بچے، اساتذہ کا بخار چیک کیا جائے گا،اسکولز میں بچے اور اساتذہ کا بخار چیک کرنے کے لیے الگ سے عملہ رکھا جائے گا۔

    محکمہ تعلیم پنجاب کا کہنا ہے کہ صبح اسکول لگنےسے پہلے تمام کلاس رومز میں جراثیم کش اسپرے کرنا لازم ہوگا۔