Tag: ایس او پیز

  • عید پر سیکیورٹی انتظامات،کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد تسلی بخش ہے،عثمان بزار

    عید پر سیکیورٹی انتظامات،کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد تسلی بخش ہے،عثمان بزار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عید پر سیکیورٹی انتظامات،کرونا ایس او پیز پرعملدرآمد تسلی بخش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ پر سیکیورٹی اور کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات ،کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد تسلی بخش ہے۔

    عثمان بزدار نے عید پرڈیوٹی کرنے والے ڈاکٹرز،ہیلتھ ورکرز،انتظامی افسران کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ دوسروں کے آرام کے لیے اپنی خوشی قربان کرنے والے قابل ستائش ہیں،ڈیوٹی کو دوسری کی سہولت کے لیے انجام دینا کسی عبادت سے کم نہیں ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرونا صورتحال میں بہتری آ رہی ہے،احتیاط ضروری ہے،سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور پابندی سے ماسک پہننے والے لوگ قابل تحسین ہیں۔

    سردار عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون پر شہریوں کا شکرگزار ہوں۔

  • سعودی عرب: کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانے

    سعودی عرب: کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانے

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد افراد کو 18 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں الجوف ریجن میں کرونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والے افراد پر جرمانے عائد کیے گئے۔

    الجوف ریجن کے پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس کو خصوصی احکامات جاری کیے گئے ہیں جس کے تحت ہر اس شخص پر جو عوامی مقامات پر ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ماسک استعمال نہ کرے اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران بھی پولیس ٹیمیں سرگرم رہیں اور مارکیٹس کے علاوہ مختلف مقامات پر ماسک کی پابندی کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔

    واضح رہے کہ سعودی وزارت صحت کی جانب سے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے شہریوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ عوامی مقامات پر ماسک پہنے یا رومال سے اپنا منہ اور ناک ڈھک کر رکھیں۔

    وزارت صحت کی جانب سے دکانوں اور تجارتی مراکز کو بھی پابندبنایا گیا ہے کہ وہ اپنے مراکز میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے نشانات وضع کریں اور مقررہ حد سے زیادہ افراد کو دکانوں کے اندر نہ آنے دیا جائے۔

  • عید کے بعد کرونا وائرس کیسز مزید بڑھنے کا خدشہ ہے: ناصر حسین شاہ

    عید کے بعد کرونا وائرس کیسز مزید بڑھنے کا خدشہ ہے: ناصر حسین شاہ

    کراچی: صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ عید کے بعد کرونا وائرس کیسز مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، محرم الحرام کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات ہو رہی ہے، ایس او پیز بنیں گی اور ان پر عمل کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ ابھی کرونا وائرس ختم نہیں ہوا، ٹیسٹ کچھ کم ہوئے ہیں۔ چاہتے ہیں کہ کرونا وائرس بالکل ختم ہوجائے، عید کے بعد کرونا وائرس کیسز مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات ہو رہی ہے، ایس او پیز بنیں گی اور ان پر عمل کرنا ہوگا، علما کا اہم کردار ہے، علما کرام سے کہیں گے کہ لوگوں کو سمجھائیں۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس تو ابھی آیا ہے، پولیو تو سالوں سے ہے، پولیو ویکسین پلانے کے لیے بھی حکومت کو مہم شروع کرنی پڑتی ہے۔ پولیو ورکرز گلی محلوں میں جاتے ہیں تو ان پر تشدد کیا جاتا ہے۔

    ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی نا اہلی ہر شعبے میں سامنے آچکی ہے، ڈالر آسمان پر پہنچ گیا ہے، روزمرہ کی چیزیں بھی مہنگی ہیں۔ معاشی ٹیمیں حکومت نے خود بدلی ہیں، بار بار ایف بی آر چیئرمین، گورنر اسٹیٹ بینک اور وزرا بدلتے رہتے ہیں، پوچھیں کیا کارکردگی ہے تو یہ پچھلی حکومتوں پر چلے جاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں کمی نہیں کی جاسکتی، اس میں اضافہ کیا جاتا ہےِ، سندھ کا حصہ ضرور ملنا چاہئیے، یہ آئیں بائیں شائیں کر رہے ہیں۔ سندھ پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

    ناصر شاہ کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں صفائی کا کام کے ایم سی اور ڈی ایم سی کرتے ہیں، کروڑوں روپے ہر سال نالوں کی صفائی کے لیے دیے جاتے ہیں لیکن یہ اپنا کام چھوڑ کر تنقید کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بارش میں کہیں مشکلات آئی ہیں تو وہ بس ڈھائی گھنٹے کے لیے تھیں، جن کے گھروں میں پانی گیا ان سے ہم معذرت خواہ ہیں۔ جہاں مشکلات آئی ہیں وہ گرین لائن کی تعمیرکی وجہ سے آئی ہیں۔

  • محکمہ داخلہ سندھ نے عید الاضحیٰ سے متعلق ایس او پیز جاری کر دیے

    محکمہ داخلہ سندھ نے عید الاضحیٰ سے متعلق ایس او پیز جاری کر دیے

    کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ نماز عید کے اجتماعات کے مقامات پر اضافی سیکیورٹی کا انتظام کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نےعید الاضحیٰ سے متعلق ایس او پیز جاری کر دیے۔نماز عیدالاضحیٰ کے اجتماعات کھلے میدانوں میں ادا کیے جائیں۔

    محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عید الفطر کے 20 نکاتی ایس او پیز عیدالاضحیٰ پر لاگو ہوں گے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ہوائی فائرنگ اور سمندر یا دریا میں نہانے پر پابندی ہوگی،پابندی کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا۔عید الاضحیٰ پر دفعہ 144 پر مکمل عمل کیا جائے،دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر متعلقہ تھانے کارروائی کریں۔

    محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ نماز عید کے لیے مقررہ مقامات کی قبل ازوقت نشاندہی کی جائے،نماز عید کے اجتماعات کے مقامات پر اضافی سیکیورٹی کا انتظام کیا جائے۔محکمہ داخلہ سندھ نے ہدایات نامہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کو ارسال کر دیا۔

    اس سے قبل سندھ حکومت کی جانب سے عید الاضحیٰ کی تین چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ حکومت سندھ کے ماتحت تمام اداروں میں عید الاضحیٰ کی چھٹیاں 31 جولائی بروز جمعہ سے 2 اگست بروز اتوار تک ہوں گی۔

  • عید کے بعد ایس او پیز کے ساتھ شادی ہال اور ریسٹورنٹ کھولیں گے، فرخ حبیب

    عید کے بعد ایس او پیز کے ساتھ شادی ہال اور ریسٹورنٹ کھولیں گے، فرخ حبیب

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ عید کے بعد ایس او پیز کے ساتھ شادی ہال اور ریسٹورنٹ کھولیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمانی سیکریٹری ریلوے فرخ حبیب نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے بعد ایس او پیز کے ساتھ شادی ہال اور ریسٹورنٹ کھولیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایس او پیز کے تحت پورے ہفتے کاروبار کھولنے کی بھی کوشش کریں گے۔

    فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ این سی او سی سفارشات تیار کر رہا ہے،تاجر برادری بھی ذمےداری کا مظاہرہ کرے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے حکومت پنجاب نے صوبے میں لاک ڈاؤن 15 روز کی توسیع کرتے ہوئے اس کی مدت 30 جولائی تک بڑھا دی تھی۔

    سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ 30 جولائی تک تعلیمی ادارے، شادی ہال، ریسٹورنٹ اور سینما ہال بدستور بند رہیں گے۔

    اس سے قبل 30 جون کو پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں 15 روز کی توسیع کرتے ہوئے 15 جولائی تک کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا۔

  • سعودی عرب: ماسک نہ پہننے پر 200 افراد پر جرمانہ

    سعودی عرب: ماسک نہ پہننے پر 200 افراد پر جرمانہ

    ریاض: سعودی عرب میں ماسک نہ پہننے پر 200 افراد پر جرمانہ عائد کردیا گیا، کرونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر 1 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ریاض ریجن کے پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے حوالے سے مقررہ ضوابط کی پابندی نہ کرنے پر 200 افراد کا چالان کیا گیا ہے۔

    ریجنل پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے وزارت صحت کی جانب سے گھروں سے باہر ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں پر 1 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

    وزارت کی جانب سے مقرر ضوابط کی خلاف ورزیوں کو نوٹ کرنے کے لیے مملکت کے تمام شہروں میں پولیس اہلکاروں کو خصوصی اختیارات تفویض کیے گئے ہیں جن پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے۔

    مملکت کے تمام شہروں اور قصبوں میں پولیس ٹیمیں مارکیٹوں اور تفریحی مقامات کے علاوہ شاہراہوں پر بھی عارضی چیک پوسٹ قائم کر کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے چالان کر رہے ہیں۔

    بلدیہ کی جانب سے سپر مارکیٹس اور مالز کو بھی اس امر کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ اپنے صارفین کو مالز کے مرکزی دروازے پر سینی ٹائزر اورڈسپوزایبل دستانے فراہم کریں۔ ہر آنے والے شخص کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کا خصوصی انتظام بھی کیا جائے۔

    وزارت صحت نے بلدیہ کو خصوصی طور پر ہدایات کی ہیں کہ مارکیٹوں میں خلاف ورزی کرنے والوں کا فوری چالان کیا جائے تاکہ وبائی مرض سے لوگوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔

  • مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، اسد عمر

    مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، اسد عمر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے کہا ہے کہ مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ، وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس سے خطاب کے دوران اسد عمر کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں کے حوالے سے وزارت صحت کی ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر حفاظتی تدابیر کو نظر انداز کیا گیا تو مستقبل میں یہ کرونا وائرس کے سنگین پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے، متعلقہ ادارے کرونا ایس اوپیز پر سختی سے عمل یقینی بنائیں، صوبے کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مؤثر حکمت عملی وضع کریں۔

    پاکستان میں کرونا کی تشخیص کے لیے 16 لاکھ ٹیسٹ، 2 لاکھ 53 ہزار مثبت

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس انفیکشن سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 53 ہزار 604 ہو گئی ہے، کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 213 ممالک میں پاکستان دنیا کا 12 واں ملک ہے۔

    ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 77 ہزار 628 ہے، اب تک 170,656 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں، جبکہ 2,151 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

  • خیبر پختونخواہ میں اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز تیار

    خیبر پختونخواہ میں اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز تیار

    پشاور: خیبر پختونخواہ حکومت نے اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز تیار کر لیے، اسکولوں میں صبح 7 سے 4 بجے تک 3 شفٹوں میں کلاسز لی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت نے اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز تیار کر لیے۔ پرائمری، مڈل، میٹرک اور انٹر کلاسز کے لیے ہفتہ وار شیڈول مرتب کرلیا گیا۔

    حکومت کو دن کے مختلف اوقات میں کلاسز لینے کی تجویز دی گئی ہے جس میں کہا گیا کہ صبح 7 سے 4 بجے تک 3 شفٹوں میں کلاسز لی جائیں۔

    اسکولوں میں صاف پانی، جراثیم کش اسپرے اور سینی ٹائزر کو لازمی قرار دینے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اسکول دوبارہ کھولنے پر وفاق سے مشاورت جاری ہے، حالات سازگار ہوئے تو ستمبر میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کر دی جائیں گی۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے ایس او پیز تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صحت کے معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو تعلیمی ادارے نہیں کھولیں گے۔

    شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے پر اگست میں نظر ثانی بھی کریں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 15 ستمبر سے پہلے مزید مشاورت کریں گے، صحت کے معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو تعلیمی ادارے نہیں کھولیں گے، تعلیمی ادارے کھولنے کے لیے ایس او پیز تیار کی جائیں گی۔

  • سعودی عرب نے حج سے متعلق ایس او پیز جاری کر دیے

    سعودی عرب نے حج سے متعلق ایس او پیز جاری کر دیے

    ریاض: سعودی عرب نے حج سے متعلق ایس او پیز جاری کر دیے، 28 ذی القعد سے 12 ذی الحج تک منی، مزدلفہ، عرفات میں بغیر اجازت جانے پر پابندی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے حج سے متعلق ایس او پیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 28 ذی القعد سے 12 ذی الحج تک منی، مزدلفہ، عرفات میں بغیر اجازت جانا منع ہوگا۔

    خدمت پر مامور جن کارکنان پر کرونا وائرس سے متاثر ہونے کا شبہ ہوگا ان کو کام کی اجازت نہیں ہوگی، حاجیوں اور کارکنان کے لیے ماسک پہننا لازمی ہوگا، طواف اور سعی کے دوران سماجی فاصلوں کی پابندی کی جائے گی۔

    ایس او پیز کے مطابق اجتماعی نمازوں میں بھی ماسک اور ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، حاجیوں کے لیے خانہ کعبہ اور حجر اسود کو بوسہ دینے پر پابندی عائد ہوگی۔

    عازمین حج کو رقوم کی واپسی کا آغاز

    شیاطین کو مارنے کے لیے پیک شدہ کنکریاں فراہم کی جائیں گی، عرفات اور مزدلفہ میں بھی پیک شدہ کھانے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

    یاد رہے کہ 23 جون کو سعودی وزارتِ حج نے کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر ملک میں موجود شہریوں کے لیے محدود پیمانے پر حج کی اجازت دی تھی، اور کہا تھا کہ رواں سال مملکت سے باہر سے کوئی حج کی سعادت کے لیے نہیں آ سکے گا، خیال رہے کہ ہر سال تقریباً 25 لاکھ کے قریب افراد حج کی سعادت حاصل کرنے مختلف ممالک سے سعودی عرب جاتے ہیں تاہم کرونا وبا کی وجہ سے رواں سال یہ ممکن نہیں ہو سکے گا۔

    پاکستان نے بھی کرونا وبا کے باعث محدود پیمانے پر حج سے متعلق سعودی عرب کے فیصلے کا خیر مقدم کیا تھا، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا تھا کہ سعودی فیصلہ شریعت کے حکم اور موجودہ حالات کے عین مطابق ہے۔ پاکستان میں عازمین حج کی رقوم کی واپسی کا سلسلہ بھی شروع کیا جا چکا ہے۔

  • سعودی عرب: پارکوں اور ساحلوں کے لیے ایس او پیز جاری

    سعودی عرب: پارکوں اور ساحلوں کے لیے ایس او پیز جاری

    ریاض: سعودی عرب میں پارکوں اور ساحلوں میں تفریح کے لیے آنے والوں کے لیے ایس او پیز جاری کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارتِ داخلہ کی جانب سے پارکوں اور ساحلوں سمیت تمام کھلے تفریحی مقامات پر کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز کا اعلان کر دیا گیا۔

    اس سلسلے میں سعودی وزارت کی طرف سے ایک گائیڈ بک جاری کی گئی ہے، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ تفریحی مقامات کے دروازوں، انتظار گاہوں، ٹکٹ کاؤنٹرز، واش رومز اور فوڈ کورٹس پر ڈیڑھ سے 2 میٹر سماجی فاصلہ یقینی بنانے کے لیے فرش پر نشانات لگائے جائیں۔

    ان مقامات پر بھی فاصلے کی پابندی کے نشانات لگائے جائیں گے جہاں لوگ بیٹھتے ہوں یا کھڑے ہوتے ہوں، یا جہاں کرسیاں رکھی گئی ہوں۔ نیز، تمام تفریحی مقامات پر بچوں کو کھیلنے سے روکا جائے گا۔

    سعودی عرب: کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے ایک اور اہم قدم

    گائیڈ لائنز کے مطابق بچوں کو کرونا وائرس سے بچانے کے لیے جھولوں کی جگہوں کو ہر 2 گھنٹے بعد سینیٹائز کیا جائے گا، ان مقامات پر بھیڑ بھی نہیں ہونے دی جائے گی۔ تفریحی مقامات پر سائیکلیں، صحرائی موٹر سائیکلیں کرائے پر دی جا سکیں گی تاہم استعمال کرنے والے ایک دوسرے کے قریب نہیں جائیں گے۔

    ایک صحرائی موٹر سائیکل صرف ایک ہی شخص استعمال کرے گا اور دوسرے شخص کے استعمال سے قبل اسے سینیٹائز کیا جائے گا، تفریحی مقامات پر ایسے پروگرامز سے سختی سے پرہیز کیا جائے گا جن میں ملنے جلنے کے امکانات زیادہ ہوں۔

    دیگر ایس او پیز میں نمایاں مقامات پر ٹشو پیپرز کی فراہمی، تفریحی مقامات کی پانی اور صابن سے صفائی، واش رومز اور طہارت خانوں میں خود کار ٹونٹیوں کی تنصیب اور ان کی مسلسل صفائی اور سینیٹائز کرنے کا اہتمام شامل ہیں۔