Tag: ایس ایم منیر

  • ٹڈاپ کا سربراہ بزنس کمیونٹی سے بنانے کی پالیسی ناکام ہوگئی، ایف پی سی سی آئی

    ٹڈاپ کا سربراہ بزنس کمیونٹی سے بنانے کی پالیسی ناکام ہوگئی، ایف پی سی سی آئی

    کراچی: ایف پی سی سی آئی کے بزنس مین پینل نے کہا ہے کہ ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کا سربراہ بزنس کمیونٹی سے لینے کی پالیسی بری طرح ناکام ہو گئی ہے جسے فوری طور پر تبدیل کیا جائے اور آئندہ ایسی غلطی نہ دہرائی جائے۔

    یہ بات بز نس مین پینل پنجاب کے چئیرمین انجم نثار اور سیکریٹری جنرل سینیٹر غلام علی نے یہاں سے جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔

    چیئرمین اور سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے برآمدات بہتر بنانے کے لیے تاجر رہنما ایس ایم منیر کو ٹڈاپ کا سربراہ لگایا جنھوں نے فوری طور پر برآمدات کو 25 ارب ڈالرسے دگنا کرکے 50 ارب ڈالر تک پہنچانے کا بے بنیاد دعویٰ کیا اور برآمدات کو 3 سال میں 25 ارب ڈالر سے کم کر کے 20 ارب ڈالرکی سطح تک گرا دیا جس سے ملک میں زبردست بحران نے جنم لیا۔

    انہوں نے کہا کہ برآمدات میں 5 ارب ڈالر کی کمی نے ملکی معیشت کی بنیادیں ہلا ڈالیں اور ایس ایم منیر کی پالیسیوں نے سیکڑوں برآمد کنندگان کو دیوالیہ اور لاکھوں افراد کو بے روزگار کر ڈالا۔

    انجم نثار اور غلام علی نے کہا کہ تاجر رہنما ٹڈاپ میں بیٹھ کر ملک و قوم کو اربوں روپے کا نقصان پہنچاتے رہے اور ساتھ ہی حکومت کو بھی گمراہ کرتے رہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایس ایم منیر نے ملکی برآمدات کو ریکارڈ نقصان پہنچایا اور سرکاری وسائل کو استعمال کر کے تاجر برادری کو تقسیم کر ڈالا، وہ ٹڈاپ میں بیٹھ کر سیاست کرتے رہے، ووٹروں کو نوازتے رہے، بے نتیجہ نمائشوں اور غیر ملکی دوروں پر کروڑوں روپے خرچ کیے اور حکومت کو صورتحال کی غلط تصویر کشی کرتے رہے۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایس ایم منیر نے غیر قانونی طور پر وزارت خزانہ اور ٹڈاپ کے بورڈ کی اجازت کے بغیر ملک و قوم کے 84 ارب روپے پھونک ڈالے جس سے انھیں سیاسی فائدہ پہنچا مگر ملکی برآمدات کو ایک دھیلے کا فائدہ بھی نہیں ہوا، اس رقم کا حساب لیا جائے،  اب تاجر برادری کس منہ سے حکومت سے ٹڈاپ میں ان کے نمائندے کی تقرری کا مطالبہ کرے۔

    ان 3 برس کے دوران بنگلہ دیش، ویت نام ، سری لنکا اور بھارت سمیت متعدد ممالک کی برآمدات بڑھیں مگر پاکستانی برآمدات مسلسل کم ہوتی رہیں جس کے لیے وہ مختلف لنگڑے لولے جواز تراشتے رہے۔

    بزنس مین پینل نے ٹڈاپ کے فرانزک آڈٹ اور کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • تاجر برادری کا قومی ایکشن پلان پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ

    تاجر برادری کا قومی ایکشن پلان پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ

    اسلام آباد : کاروباری برادری نے دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ہزاروں جانوں کے زیاں اور اربوں روپے کے نقصان کے بعدقوم متحد ہوئی ہے۔

    اس موقع پر قومی اتفاق رائے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے خیر خواہ نہیں بلکہ دشمن ہیں، یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک، ایس ایم منیر اور دیگر نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فوج ہماری محسن اور جنرل راحیل ہیرو ہیں۔

    گڈ اور بیڈ طالبان کے علاوہ با ریش اور بے ریش دہشت گردوں میں بھی تمیز ختم کی جائے اور ان کی حمایت کرنے والے سیاستدان اور وکالت کرنے والے دانشورقوم سے معافی مانگیں۔

    انھوں نے کہا کہ یہ قوم جاگ اٹھی ہے ، جسے دوبارہ سونے کی اجازت نہیں دینگے،انھوں نے فوجی عدالتوں کے قیام کے خلاف ہر دلیل کو مستردکرتے ہوئے فوری آئینی تحفظ دینے کا مطالبہ کیا کیونکہ معمول کا نظام عدل کام نہیں کر رہا۔

  • پاک بھارت تجارتی لین دین کو مزید بڑھایا جاسکتا ہے،ایس ایم منیر

    پاک بھارت تجارتی لین دین کو مزید بڑھایا جاسکتا ہے،ایس ایم منیر

    اسلام آباد : ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین 3 ارب ڈالر تجارتی لین دین کو 8 ارب ڈالر تک بڑھایا جاسکتا ہے، ٹی ڈی اے پی کی جانب سے دہلی میں 10 تا 14 ستمبر 2014ءکو عالی شان پاکستان لائف اسٹائل نمائش کا انعقاد کیاجارہا ہے،جس کے لئے بھارتی وزیر تجارت نرملا نے اپنے بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرادی ہے۔

    میڈیا کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہلی میں منعقد کی جانے والی نمائش میں خواتین کو خصوصی رعایت فراہم کرتے ہوئے اسٹالز فراہم کئے جارہے ہیں اور پہلی مرتبہ پاکستان فوڈ فیسٹول کا بھی انعقادکیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر تجارت نرملا نے حالیہ ملاقات میں لائف اسٹائل کے لئے بھارتی کسٹم اتھارٹی، امیگریشن اور سیکورٹی کے عہدیداران کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے نمائش کا افتتاح کرنے کی بھی یقین دہانی کرا دی ہے۔