Tag: ایشیا

  • رواں سال کا دوسرا اور آخری چاند گرہن آج دیکھا جائے گا

    رواں سال کا دوسرا اور آخری چاند گرہن آج دیکھا جائے گا

    2023 کا دوسرا اور آخری چاند گرہن آج ہوگا جو پاکستان میں بھی دیکھا جا سکے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال کا دوسرا اور آخری چاند گرہن آج دیکھا جائے گا، جزوی چاند گرہن پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بجکر 2 منٹ پر شروع ہوگا اور اس کا اختتام رات 3 بجکر 26 منٹ پر ہوگا۔

    چاند گرہن پاکستان کے ساتھ ساتھ سمیت ایشیا، روس، یورپ اور افریقا کے مختلف ممالک میں دیکھاجا سکےگا, سورج گرہن کے برعکس چاند گرہن کو دیکھنے کے لیے کسی قسم کی احتیاط کی ضرورت نہیں ہوتی۔

    چاند گرہن کیوں ہوتا ہے؟

    جب چاند زمین کے سائے کے تاریک ترین حصے سے گزر رہا ہوتا ہے اور زمین، سورج اور چاند کے درمیان میں آجاتی ہے تو اس موقع پر چاند گرہن ہوتا ہے۔

    سورج کی روشنی جب زمینی فضا میں سے گزرتی ہے تو نیلی روشنی کی نسبت لال رنگ کی روشنی زیادہ مڑ جاتی ہےاور اس وجہ سے گرہن لگنے پر چاند سرخ رنگ کا نظر آتا ہے۔

  • ایشیا میں 68 ملین سے زائد افراد انتہائی غربت کا شکار

    ایشیا میں 68 ملین سے زائد افراد انتہائی غربت کا شکار

    ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ گزشتہ سال کورونا وبا اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث ایشیا میں تقریباً 68 ملین افراد انتہائی غربت کا شکار ہو ئے ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 67.8 ملین افراد کے اعداد و شمار بہت زیادہ ہیں، کورونا وبا اور زندگی میں بڑھتے اخراجات کے بحران کے بغیر ایسا ممکن نہیں۔ گزشتہ برس ترقی پذیر ایشیائی ممالک میں 155.2 ملین افراد، جو کہ خطے کی آبادی کا 3.9 فیصد ہیں، انتہائی غربت میں زندگی بسر کررہے تھے۔

    افراط زر کے لیے سن 2017 کی طے شدہ قیمتوں کی بنیاد پر انتہائی غربت کی تعریف یہ ہے کہ یومیہ 2.15 ڈالر سے بھی کم رقم پر روزمرہ کی گزاری جائے جو انتہائی سنگین صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کورونا کی وبا اور جغرافیائی سیاسی تناؤ میں اضافے نے پچھلے کچھ سالوں میں سپلائی لائنوں میں خلل ڈالا ہے، جس کی وجہ سے پوری دنیا میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    اے ڈی بی کے چیف اکانومسٹ البرٹ پارک کا اس حوالے کہنا ہے کہ ایشیا اور بحرالکاہل خطے میں مستقل بہتری ہو رہی ہے، تاہم یہ دوہرا بحران، ”غربت کے خاتمے کی طرف پیش رفت کو کمزور کر رہا ہے۔’

    انہوں نے کہا کہ غریبوں کے لیے سماجی تحفظ کے ذرائع کو مضبوط کرنے نیز ایسی سرمایہ کاری اور اختراع کو فروغ دینے سے، جو ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہوں، اس سے خطے کی حکومتیں دوبارہ ٹریک پر آ سکتی ہیں۔”

    اے ڈی بی کے مطابق کم آمدنی کے علاوہ، غریب لوگ ضروری سامان اور خدمات تک رسائی کے لیے ایک پریمیم بھی ادا کرتے ہیں۔ جوکہ زیادہ آمدنی والے افراد ادا نہیں کرتے، مثلاًکم آمدن والے افراد اکثر کھانے پینے کی اشیاء کم مقدار میں خریدتے ہیں، جو زیادہ مقدار میں خریدنے سے قدرے سستی مل سکتی ہیں۔ ان کی رہائش ایسی بستیوں میں ہوتی ہے کہ جہاں انہیں صحت کے زیادہ خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ جس کے باعث ان کی صحت کی دیکھ بھال کے اخراجات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

    رپورٹ میں ایسے طریقے ظاہر کئے گئے ہیں جن سے ایشیا میں حکومتیں زندگی گزارنے کی لاگت کے بحران سے نمٹنے میں مدد کر سکتی ہیں۔ اس میں مالیاتی خدمات تک رسائی کو بہتر بنانا، بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کو ترجیح دینا، سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانا، زرعی ترقی کے لیے سپورٹ میں اضافہ اور تکنیکی جدت کو فروغ دینا شامل ہے۔

  • بائیڈن کے ایشیا سے نکلنے کے چند گھنٹے بعد شمالی کوریا نے 3 میزائل داغ دیے

    بائیڈن کے ایشیا سے نکلنے کے چند گھنٹے بعد شمالی کوریا نے 3 میزائل داغ دیے

    پیانگیانگ: امریکی صدر جو بائیڈن کے ایشیا سے نکلنے کے چند گھنٹے بعد ہی شمالی کوریا نے 3 میزائل داغ دیے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے بدھ کی صبح تین بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں۔

    سیئول میں حکام نے بتایا کہ میزائل پیانگ یانگ کے علاقے سنان سے ایک گھنٹے سے بھی کم وقفے میں فائر کیے گئے، یہ تجربات امریکی صدر جو بائیڈن کے اس خطے سے نکلنے کے ایک دن بعد کیے گئے ہیں، اس دورے کے موقع پر بائیڈن نے شمالی کوریا کو روکنے کے لیے اقدامات کو تقویت دینے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

    یاد رہے کہ شمالی کوریا اس سال کے آغاز ہی سے بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کر رہا ہے۔

    شمالی کوریا کا نئی قسم کا ٹیکٹیکل گائیڈڈ ہتھیار تجرباتی طور پر فائر

    جاپان نے بدھ کے روز کم از کم 2 میزائل داغے جانے کی تصدیق کی ہے لیکن کہا گیا کہ اس سے زیادہ بھی ہو سکتے ہیں، جاپان کے وزیر دفاع نوبو کیشی نے کہا کہ پہلے میزائل نے تقریباً 550 کلو میٹر کی زیادہ سے زیادہ اونچائی کے ساتھ تقریباً 300 کلو میٹر (186 میل) تک پرواز کی، جب کہ دوسرے میزائل نے 50 کلو میٹر کی بلندی تک 750 کلو میٹر کا سفر کیا۔

    جاپانی وزیر دفاع نے میزائل تجربات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ قابل قبول نہیں، انھوں نے کہا اس سے جاپان اور عالمی برادری کے امن، استحکام اور تحفظ کو خطرہ لا حق ہوگا۔ جنوبی کوریا کی قومی سلامتی کونسل نے میزائل تجربات کے بعد بلائے گئے اجلاس میں اسے سنگین اشتعال انگیزی قرار دیا۔

    یہ تجربات امریکی صدر جو بائیڈن کے پانچ روزہ دورے کے بعد منگل کی شام امریکا کے لیے روانہ ہونے کے چند گھنٹے بعد کیے گئے، دورے کے دوران وہ جنوبی کوریا اور جاپان گئے۔ امریکی اور جنوبی کوریا کے حکام نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ شمالی کوریا ممکنہ طور پر بائیڈن کے دورے کے دوران ایک اور ہتھیار کے تجربے کے لیے تیار دکھائی دیتا ہے۔

  • وزیر اعظم کی بڑی کامیابی، اقوام متحدہ نے پاکستان کو ایشیا کا فاریسٹری چیمپئن منتخب کر لیا

    وزیر اعظم کی بڑی کامیابی، اقوام متحدہ نے پاکستان کو ایشیا کا فاریسٹری چیمپئن منتخب کر لیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے گرین وژن کی دنیا بھر میں پذیرائی جاری ہے، اقوام متحدہ نے پاکستان کو ایشیا کا فاریسٹری چیمپئن منتخب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق 10 بلین ٹرین سونامی اور پروٹیکٹڈ ایریا اینیشی ایٹو کی ایک اور کامیابی سامنے آ گئی ہے، اقوام متحدہ نے پاکستان کو ایشیا کا فاریسٹری چیمپئن منتخب کر لیا ہے۔

    پاکستان کو یو این ادارہ برائے موسمیاتی تبدیلی نے فاریسٹری چیمپئن قرار دیا ہے، پاکستان بطور ریجنل چیمپئن ایشیائی ممالک کی فاریسٹری منجمنٹ میں مدد کرے گا، معاون خصوصی ملک امین اسلم کو بھی اہم ذمہ داری سونپ دی گئی۔

    پاکستان نےعالمی یوم ماحولیات پر اسلامی ممالک، دنیا بھر میں قائدانہ کردار ادا کیا، اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں صرف 3 ممالک کو فاریسٹری چیمپئن منتخب کیا ہے، براعظم افریقہ اور براعظم امریکا سے بھی ایک ایک ملک فاریسٹری چیمپئن بنایا گیا۔

    اقوام متحدہ نے گزشتہ ماہ فاریسٹری چیمپئن سے متعلق ابتدائی طور پر آگاہ کیا تھا، اب اقوام متحدہ نے باضابطہ اعلان کر دیا ہے، اور کہا ہے کہ پاکستان کی وزارت موسمیاتی تبدیلی ایشیا بھر میں اپنا کردار ادا کرے۔

    ملک امین اسلم نے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم کے وژن نے عالمی برادری میں پاکستان کو عزت دلا دی ہے، پاکستان کو ماحول دوست پالیسیوں پر عمل درآمد کے باعث یہ اعزاز ملا ہے، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ماحولیات کے اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

  • ایشیا پر بڑا ماحولیاتی خطرہ منڈلانے لگا

    ایشیا پر بڑا ماحولیاتی خطرہ منڈلانے لگا

    نیویارک: ایشیا پر بڑا ماحولیاتی خطرہ منڈلانے لگا ہے، اقوام متحدہ کی تازہ کلائمٹ چینج رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2020 میں شدید موسم اور موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ایشیا میں نہ صرف ہزاروں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے بلکہ لاکھوں لوگ بے گھر بھی ہوئے۔

    منگل کو سالانہ رپورٹ ’اسٹیٹ آف دی کلائمٹ چینج ان ایشیا‘ میں اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن (ڈبلیو ایم او) نے کہا ہے کہ اس خطے کا ہر حصہ متاثر ہوا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایشیا کو 2020 میں ریکارڈ گرمی کا سامنا رہا، یہ گرم ترین سال تھا، اس برس سیلاب اور طوفان کی وجہ سے تقریباً 5 کروڑ افراد متاثر اور 5 ہزار افراد ہلاک ہوئے، اس کے علاوہ انفرا اسٹرکچر اور ماحولیاتی نظام کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

    چین کو اس سال 238 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، بھارت کو 87 ارب ڈالر، جاپان کو 83 ارب ڈالر اور جنوبی کوریا کو 24 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔

    قدرتی آفات کا خطرہ، گرین ہاؤس گیسز کی کثافت میں خطرناک اضافہ

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ایشیا اور اس کے اردگرد سمندروں کی سطح کا درجہ حرارت اور سمندر کی حدت عالمی اوسط سے زیادہ بڑھ رہی ہے، 2020 میں بحر ہند، بحرالکاہل اور آرکٹک میں سمندر کی سطح کا درجہ حرارت ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچا۔

    ڈبلیو ایم او کے سربراہ پٹیری تالس نے بتایا کہ سیلاب، طوفان اور خشک سالی نے ایشیا کے بہت سے ممالک پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ واضح رہے کہ یہ رپورٹ گلاسگو میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کے کانفرنس کاپ 26 سے قبل سامنے آئی ہے۔

  • کیا انسانوں کے سر پر بھی سینگ ہوتے ہیں؟

    کیا انسانوں کے سر پر بھی سینگ ہوتے ہیں؟

    دنیا میں کئی ایسے افراد ہیں جن کے سر پر سینگ بھی ہیں، بھارت میں بھی ایک کسان ایسی ہی کچھ صورتحال کا شکار ہے۔ بھارت سمیت ایشیا کے کئی ممالک جیسے چین اور تھائی لینڈ وغیرہ میں کئی مرد و خواتین ایسے ہیں جن کے ماتھے پر سینگ ہے۔

    بھارت کا ایک کسان شیام لال یادیو بھی ان ہی میں سے ایک ہے جس کے کھیتی باڑی کرنے کے دوران سر پر چوٹ لگی اور اس کے بعد اس کے زخم سے سینگ نکل آیا۔

    شیام یادو کا کہنا ہے کہ سر پر نکلنے والی اس سینگ نما چیز کو پہلے نظر انداز کیا کیونکہ اس میں کسی قسم کی تکلیف نہیں ہوتی تھی۔

    ایک مرتبہ نائی سے بال کٹوانے کے دوران شیام یادو نے اس سینگ نما چیز کو نائی سے ہی نکلوا دیا تھا جس کے بعد وہ دوبارہ نکل آیا اور پہلے سے مزید سخت اور لمبا ہو گیا جس کی وجہ سے انہیں فوری طور پر ڈاکٹر کو دکھانا پڑا۔

    ڈاکٹرز کے مطابق شیام یادو کے سر پر نکلنے والا سینگ ایک کیمیکل سے بنتا ہے جسے میڈیکل کی اصطلاح میں کیریٹن کہتے ہیں اور یہ کیریٹن ناخن اور بالوں میں بھی موجود ہوتا ہے۔

    نیورو سرجن بھاگ یودے نے شیام کے سر سے اس سینگ نما چیز کو اسٹریلائز ریزر کی مدد سے نکالا اور مریض کو 10 روز کے لیے اسپتال میں رکھا، اس دوران ان کے کچھ ضروری ٹیسٹ بھی کیے گئے تاکہ معلوم ہو سکے کہ مستقبل میں انہیں دوبارہ اس بیماری کا خطرہ لاحق تو نہیں ہوگا۔

    ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ اس بیماری کا نام سیبے شیس ہورن ہے، جسے ڈیول ہورن بھی کہتے ہیں اور یہ بیماری عام طور پر بہت ہی کم کسی ہوتی ہے، اب تک اس بیماری کے ہونے کی کوئی وجہ معلوم نہیں کی جا سکی مگر اس بیماری کو روشنی اور سورج کی شعاعیں مزید بگاڑ سکتی ہیں۔

  • وہ ملک جو کرونا وائرس کی تباہ کاریوں سے محفوظ رہا

    وہ ملک جو کرونا وائرس کی تباہ کاریوں سے محفوظ رہا

    عالمی وبا کرونا وائرس نے دنیا کے تمام ممالک کو لپیٹ میں لیا ہوا ہے وہیں ایشیا میں ایک ایسا ملک بھی ہے جو اس وبائی مرض سے محفوظ ترین رہا ہے۔

    بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق سنگاپور نیوزی لینڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کووڈ ریزیليئنس رینکنگ میں نمبر ایک کی پوزیشن پر آگیا ہے۔

    بلومبرگ نے یہ فہرست اور ممالک کی درجہ بندی کئی چیزوں پر نظر رکھ کر کی ہے جن میں کووڈ کیسز کی تعداد سے لے کر نقل و حرکت کی آزادی تک شامل ہیں۔

    دوسری جانب کرونا ویکسی نیشن کا مؤثر نظام سنگاپور کو نیوزی لینڈ پر برتری لینے میں مددگار ثابت ہوا ہے، سنگاپور میں زندگی تقریباً معمول پر آچکی ہے۔

    گزشتہ چند ماہ کے دوران سنگاپور میں کرونا وائرس کے معمولی کیسز سامنے آئے تھے تاہم ان پر بروقت قابو پا لیا گیا تھا۔ یہاں روزانہ تقریباً نئے متاثرین کی تعداد صفر ہے۔

    سنگاپور میں رواں ہفتے کئی نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد حکام نے فوری طور پر اس سے نمٹنے کے لیے پابندیاں عائد کردیں۔

  • آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق

    آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق

    ماسکو: روس نے کہا ہے کہ آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان نگورنو کاراباخ میں جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ نگورنو کاراباخ میں آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے، دونوں ممالک جنگ بندی معاہدے پر آج سے عمل کریں گے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر مذاکرات روسی دارالحکومت میں ہوئے تھے، وزیر خارجہ روس کا کہنا ہے کہ تنازع کی جزیات طے کرنے کے لیے دونوں ممالک میں بات چیت جاری ہے۔

    واضح رہے کہ روس کی کوششوں کے بعد گزشتہ روز مسلم اکثریتی آذربائیجان اور عیسائی اکثریتی ملک آرمینیا دو ہفتوں کی شدید جھڑپوں کے بعد مذاکرات کے لیے تیار ہو گئے تھے، روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔

    آذربائیجان نے آرمینیا سے آزاد کرائے گئے علاقوں‌ پر اپنا پرچم لہرا دیا

    یاد رہے کہ دو دن قبل اسلام آباد میں آذبائیجان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشنز سمیر گلئیوف نے کہا تھا کہ آرمینیا نے پہلے جنگ کا آغاز کیا جس کے بعد ہم نے جوابی کارروائی کی۔ انھوں نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ آرمینیا نے بیرون ممالک سے آئے دہشت گردوں کو مسلح کر کہ محاذ پر بھیجنا شروع کر دیا ہے، جب کہ آذربائیجان صرف اپنی سالمیت کا دفاع کر رہا ہے۔

    گزشتہ روز آذربائیجان نے متنازعہ ریجن نگورنوکاراباخ کے مزید علاقوں کا کنٹرول حاصل کر کے وہاں اپنا قومی پرچم لہرا دیا تھا۔

  • کرونا وائرس کے پاکستانی معیشت پر منفی اثرات، عالمی ادارے کی مایوس کن رپورٹ

    کرونا وائرس کے پاکستانی معیشت پر منفی اثرات، عالمی ادارے کی مایوس کن رپورٹ

    اسلام آباد: امریکی ریٹنگ ایجنسی فچ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا اور عالمی معاشی سست روی کی وجہ سے پاکستان اور دیگر ایشیائی ممالک میں ترسیلات زر دباؤ کا شکار رہیں گی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ جائے گا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی ریٹنگ ایجنسی فچ کا کہنا ہے کہ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا میں ترسیلات زر دباؤ کا شکار رہیں گی، رواں ششماہی ایشیا پیسیفک ممالک کی ترسیلات زر میں 12 فیصد کمی آئے گی۔

    فچ ریٹنگز کا کہنا ہے کہ فلپائن، پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھنے کا امکان ہے، پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے 7 سے 10 فیصد تک متوقع ہے۔

    اس سے قبل ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث پاکستان میں بے روزگاری میں اضافہ ہوا، 3 ماہ میں 15 لاکھ نوجوان بے روزگار ہوئے۔

    رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ 6 ماہ میں 22 لاکھ سے زائد نوجوان بے روزگار ہوسکتے ہیں۔

    اس سے قبل عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی معاشی شرح نمو میں بھی کمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کی معاشی شرح نمو 2.5 فیصد رہے گی۔

    دسمبر 2019 میں موڈیز نے پاکستان کی معاشی شرح نمو 2.9 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی تھی تاہم کرونا وائرس نے معاشی سرگرمیاں ماند کردیں۔

    موڈیز نے چین، جاپان، ملائیشیا، ویتنام، فلپائن، ہانگ کانگ، سنگا پور اور نیوزی لینڈ کی معاشی شرح نمو میں بھی کمی ہونے کی پیشگوئی کی تھی، موڈیز کے مطابق کمی کی وجہ طلب میں کمی، کراس بارڈر ٹریڈ اور سپلائی چین میں تعطل ہے۔

  • ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں مندی کا رجحان

    ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں مندی کا رجحان

    ٹوکیو / بیجنگ: ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں مندی کا رجحان دیکھا جارہا ہے، دوسری جانب تیل اور سونے کی قیمت میں بھی اتار چڑھاؤ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں مندی کا رجحان دیکھا جارہا ہے، جاپان کے نکئی انڈیکس میں 39 پوائنٹس کی کمی ہوئی، شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس 28 پوائنٹس گر گیا۔

    ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں 73 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔

    دوسری جانب امریکی خام تیل کے سودے 43 ڈالرز 33 سینٹس فی بیرل پر ٹریڈ کر رہے ہیں، عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ کی قیمت 45 ڈالر 98 سینٹس فی بیرل پر آگئی۔

    عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 19 سو 27 ڈالر 59 سینٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

    رواں ہفتے کے آغاز پر ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں اتار چڑھاؤ جاری رہا تھا، جاپان کے نکئی انڈیکس میں 144 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں 300 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس 58 پوائنٹس بڑھ گیا تھا۔