Tag: ایشیائی ترقیاتی بینک

  • پاکستانی معیشت کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

    پاکستانی معیشت کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

    اسلام آباد(22 اگست 2025): ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے ریکوڈک منصوبے کیلئے 41 کروڑ ڈالر فنانسنگ کی منظوری دیدی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے ریکوڈک منصوبے کیلئے 41 کروڑ ڈالر فنانسنگ کی منظوری دیدی، اس پیکج میں 30 کروڑ ڈالر قرض اور 11 کروڑ ڈالر کی گارنٹی شامل ہے۔

    اے ڈی بی کے صدر نے کہا کہ یہ پاکستان کیلئے گیم چینجر ہے جو معیاری روزگار پیدا کرے گا، تانبے اور سونے کی کان کا منصوبہ تاریخ کی بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوگا، ریکوڈک منصوبہ پاکستان میں معاشی ترقی اور غربت میں کمی کا ذریعہ بنے گا۔

    اے ڈی بی کے صدر ماسا کانڈا نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ عالمی معدنیات کی سپلائی چین کو سہارا دے گا، یہ منصوبہ دنیا میں بڑھتی ہوئی اہم معدنیات کی مانگ کو پورا کرنے میں مدد دے گا، یہ صاف توانائی کی منتقلی اور خطے میں ڈیجیٹل جدت کو بھی آگے بڑھائے گا۔

    صدر اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ ریکو ڈک منصوبہ پاکستانی معیشت کو مزید مضبوط اور متنوع بنائے گا، ریکوڈک منصوبہ دنیا کی پانچویں بڑی کاپر مائن ہوگا، پہلے مرحلے میں سالانہ 8 لاکھ ٹن کاپر کانسٹریٹ تیار کیا جائے گا اور منصوبے سے عالمی سطح پر کاپر کی کمی پوری کرنے میں مدد ملے گی۔

    اے ڈی بی کے صدر کا کہنا ہے کہ کاپر الیکٹرک گاڑیاں ،بیٹریاں، موبائل فون اور ڈیٹا سینٹرز کیلئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، منصوبہ بلوچستان کے سب سے کم ترقی یافتہ ضلع چاغی میں قائم ہے، ریکوڈک منصوبے سے ہزاروں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    اے بی ڈی کے صدر نے مزید کہا کہ صحت اور تعلیم کے منصوبے، خاص طور پر خواتین کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، ریکوڈک منصوبے کی متوقع مدت کم از کم 37 سال ہوگی، اس سے پیداوار کا آغاز 2028 کے آخر میں متوقع ہے۔

  • خواتین کے لیے قرض کا حصول آسان ہو گیا، اسٹیٹ بینک کا بڑا قدم

    خواتین کے لیے قرض کا حصول آسان ہو گیا، اسٹیٹ بینک کا بڑا قدم

    خواتین کے لیے قرض کا حصول اب آسان ہو گیا ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک اور اسٹیٹ بینک کے درمیان پاکستان میں عورتوں کی مالیاتی شمولیت بڑھانے کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری سے ’وی فنانس کوڈ پروگرام‘ کے لیے معاہدہ طے پا گیا۔

    خواتین کے لیے قرض کے مسئلے کے حل کے لیے اسٹیٹ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے اشتراک سے ’’ویمن انٹرپرینیورز فنانس کوڈ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ پاکستان نے مشکل معاشی حالات کا سامنا کیا، سخت مانیٹری پالیسی کے سبب پاکستان نے معاشی تنزلی پر قابو پا لیا ہے، اور زرمبادلہ مستحکم ہو کر 14 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔


    حکومت نے 500 ارب کا قرضہ قبل از وقت ادا کردیا


    گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان میں وی فنانس کوڈ کو ممکن بنانا خوش آئند ہے، ماضی کے مسائل سے بچنے کے لیے ضروری ہے ہم غلطیاں نہ دہرائیں۔ ایشیئن ڈیولپمنٹ بینک کی سینئر ڈائریکٹر کرسٹین نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ وی فنانس کوڈ پروگرام کے تحت پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کا قرض فراہم کیا جائے گا، جس سے 20 لاکھ خواتین مستفید ہوں گی۔

  • پاکستان میں سماجی تحفظ کے لیے 33 کروڑ ڈالر اضافی فراہم کریں گے، اے ڈی بی

    پاکستان میں سماجی تحفظ کے لیے 33 کروڑ ڈالر اضافی فراہم کریں گے، اے ڈی بی

    اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے سالانہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کو سماجی تحفظ کے لیے 33 کروڑ ڈالر اضافی فراہم کریں گے۔

    اے ڈی بی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سماجی تحفظ پروگرام سے 93 لاکھ افراد مستفید ہوں گے، جس کے لیے ملک کو 33 کروڑ ڈالر اضافی فراہم کیے جائیں گے، اس پروگرام میں غریب خواتین اور ان کے خاندان شامل ہیں۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق نئی مالی معاونت سے گھریلو غربت کی امداد کی بہتر نشان دہی کی جائے گی، رقم سے غریب خواتین اور بچوں کی بہتر غذائیت تک رسائی میں اضافہ ہوگا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وسطی اور مغربی ایشیا کو اب بھی ترقی اور سماجی بہبود کے چیلنجز کا سامنا ہے، اس خطے میں افغانستان، کرغزستان اور پاکستان کو غربت اور سماجی تحفظ کے مسائل ہیں۔

    2024 میں پاکستان کو 2 ارب 99 کروڑ ڈالر سے زائد کی فنانسنگ، اور 2 ارب 31 کروڑ ڈالر سے زائد قرض اور گرانٹس فراہم کی گئیں، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے 50 کروڑ ڈالر فراہم کیے گئے، سندھ ایمرجنسی ہاؤسنگ منصوبے کے لیے 40 کروڑ ڈالر فراہم کیے گئے۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے 40 کروڑ ڈالر فراہم کیے گئے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروگرام کے لیے 25 کروڑ ڈالر فراہم کیے گئے، کےپی میں شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 32 کروڑ ڈالر فراہم کیے گئے۔

  • امریکی ٹیرف کے ایشیائی ممالک پر کیا اثرات ہوں گے؟  رپورٹ جاری

    امریکی ٹیرف کے ایشیائی ممالک پر کیا اثرات ہوں گے؟ رپورٹ جاری

    اسلام آباد : امریکی ٹیرف کے ایشیائی ممالک پر اثرات کے حوالے سے ایشیائی ترقیاتی بینک کی تجزیاتی رپورٹ سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے امریکی ٹیرف کے ایشیائی ممالک پر ممکنہ اثرات پرتجزیاتی رپورٹ جاری کردی۔

    جس میں کہا کہ ترقی پذیر ایشیائی خطہ امریکی ٹیرف سے سب سے زیادہ متاثر ہوگا، ترقی پذیر ایشیائی خطے میں پاکستان امریکی ٹیرف کی زدمیں آنیوالا 14واں بڑاملک ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ جنوبی ایشیا خطے میں پاکستان امریکی ٹیرف کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے، سری لنکاکی مصنوعات پر 44فیصد،بنگلادیش پر 37 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا۔

    اے ڈی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان پر امریکی انتظامیہ نے 29 فیصد ٹیرف عائد کیا ہے جبکہ بھارت 26فیصد، افغانستان ، مالدیپ، نیپال اور بھوٹان پر شرح 10فیصد ہے، ترقی پذیر ایشیائی خطے میں سب سےزیادہ ٹیرف کمبوڈیا پر 49 فیصد عائد کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ ٹیرف والے دنیا کے 10 ممالک میں سے5کا تعلق ایشیا سے ہے۔

    اے ڈی بی نے مزید کہا کہ تانبہ،ادویات، سیمی کنڈکٹرز، لکڑی کی اشیاکو اضافی ٹیرف سےمستثنی قرار دیا گیا ہے تاہم توانائی کی مصنوعات اورادویات پر بھی اضافی امریکی ٹیرف لگنے کا خدشہ ہے، یہ اضافی ٹیرف یامحصولات پہلے سے عائد کردہ ٹیکس کے علاوہ ہوں گے ، امریکی ٹیرف کا مقصد تجارتی خسارہ کم کرنا ہے۔

  • ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستانی معیشت سے متعلق اہم پیش گوئی

    ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستانی معیشت سے متعلق اہم پیش گوئی

    اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک نے موجوہ مالی سال میں پاکستان کی معاشی شرح نمو 2.5 فیصد رہنے کی پیش گوئی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے اکنامک آؤٹ لک جاری کر دیا، رپورٹ میں کہا کہ سال 2025 میں پاکستان کی معیشت میں استحکام نظر آیا ہے اور پاکستان کی معاشی ترقی 2.5 فیصد رہے گی۔

    آئی ایم ایف کے قرض پروگرام کی وجہ سے پاکستان میں معاشی استحکام آیا ، مالی سال 2025 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم ہوئی۔

    اکنامک آؤٹ لک میں کہا گیا کہ مالی سال 2025 میں پاکستان میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں اضافہ ہوا، مالی سال 2025 میں پاکستان نے ٹیکس اصلاحات میں بہتر کارکردگی دکھائی۔

    ای ڈی بی کا کہنا تھا کہ مالی سال 2025 میں پاکستان نے توانائی اصلاحات میں بہترین کارکردگی دکھائی، توقع ہے کہ مالی سال 2026 میں پاکستان کی معاشی ترقی تین فیصد تک پہنچے۔

    رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025 کے اختتام تک مہنگائی کی شرح چھ فیصد تک رہنے کی توقع ہے اور مالی سال 2026 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 5.8 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

    رواں مالی سال ترسیلات زر میں اضافہ، پالیسی ریٹ، مہنگائی میں کمی ریکارڈ ہوگی جبکہ عالمی سطح پر تیل اوراجناس کی قیمتوںمیں استحکام سے مہنگائی کنٹرول کرنے میں مدد ملی۔

    پاکستان میں خطے کے دیگر ممالک کی نسبت خواتین لیبر فورس میں پیچھے ہے، خواتین کی لیبر فورس میں شمولیت کے باعث پیداواری صلاحیت بڑھ سکتی ہے ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سے خواتین میں سکلز کو بڑھایا جا سکتا ہے، خواتین میں سکلز بڑھنے سے مارکیٹ ڈیمانڈ کیمطابق نوکریاں فراہم کی جا سکتی ہیں۔

  • اے ڈی بی سے ملنے والی 3 کروڑ ڈالر امداد کہاں خرچ ہوئی؟ پی اے سی اجلاس میں انکشاف

    اے ڈی بی سے ملنے والی 3 کروڑ ڈالر امداد کہاں خرچ ہوئی؟ پی اے سی اجلاس میں انکشاف

    اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) سے ملنے والی 3 کروڑ ڈالر امداد کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ ترکیہ اور شام کی متاثرین کے لیے استعمال کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں آڈٹ حکام نے انکشاف کیا ہے کہ اے ڈی بی سے ملنے والی تین کروڑ ڈالر امداد سیلاب متاثرین کے لیے تھی لیکن وہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے استعمال کی گئی، اس امداد کا دیگر استعمال غیر قانونی تھا۔

    آڈٹ حکام کے مطابق این ڈی ایم اے ابھی تک ایشیائی ترقیاتی بینک کو رقم کے استعمال پر مطمئن نہیں کر سکی ہے۔

    ملک عامر ڈوگر نے پوچھا کہ کیا این ڈی ایم اے اپنے قوانین کے تحت غیر ملکی امداد کو دیگر ممالک میں استعمال کر سکتا ہے؟ چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ برادر ممالک کی امداد کے لیے اپنے اسٹاک کو استعمال کیا جاتا ہے، ہم نے جو اسٹاک استعمال کیا اس کو دوبارہ حاصل کر لیا گیا ہے۔

    شازیہ مری نے کہا گرانٹ سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے دی گئی تھی، لیکن یہاں کی بجائے دیگر ممالک کے لیے استعمال ہوئی، ریاض فتیانہ نے کہا 2 سال گزر گئے ہیں اور ابھی تک ایشیائی ترقیاتی بینک سے کلیئرنس حاصل نہیں کی جا سکی، عمر ایوب نے کہا جب گرانٹ یا قرض کا استعمال درست نہیں کیا جاتا تو ڈونرز سے مزید امداد بھی نہیں ملتی۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ حکومت نے سیلاب کے لیے امداد کو دیگر آفات کے لیے استعمال کی اجازت دی تھی، عمر ایوب نے کہا ایشیائی ترقیاتی بینک کی گرانٹ کے غلط استعمال پر سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن سے پوچھا جائے۔

    آڈٹ حکام نے کہا ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے 2023 میں رقم کے استعمال پر پوچھا تھا، بینک نے اپنی رپورٹ کے لیے رقم کے استعمال کی تفصیلات مانگی ہیں جو ابھی تک نہیں دی گئی۔

  • بجلی تقسیم  کا جدید نظام : پاکستان کے لیے  20 کروڑ ڈالر قرض کا اعلان

    بجلی تقسیم کا جدید نظام : پاکستان کے لیے 20 کروڑ ڈالر قرض کا اعلان

    اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے بیس کروڑ ڈالر قرض کا اعلان کردیا ، رقم سے بجلی تقسیم کے نظام کو جدید بنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں بجلی تقسیم کا نظام جدید بنانے کیلئے 20 کروڑ ڈالر قرض منظور کرلیا۔

    اے ڈی بی نے کہا کہ لیسکو،میپکو اورسیپکو کے انفراسٹرکچر میں بہتری لائی جائے گی اور ڈسکوزکی قابل بھروسہ بجلی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔

    اعلامیے میں کہنا تھا کہ پاکستان کی بڑھتی بجلی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے مدد فراہم کی جائے گی اور رقم سے بجلی تقسیم کے نظام کو جدید بنایا جائے گا اور نقصانات کو کم کیا جائے گا۔

    اے ڈی بی نے کہا کہ منصوبے سے بجلی نقصانات میں کمی سے شعبے کے مجموعی نقصانات میں خاصی کمی ہوگی اور گرڈ سے بجلی فراہمی سے کاروباروں کو بڑی سہولت حاصل ہو گی ساتھ ہی بجلی کے ترسیلی نقصانات کم کرنے اور انفرااسٹرکچر بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

    منصوبہ کے تحت 3 لاکھ 32 ہزار ایڈوانس میٹرز لگائے جائیں گے اور منصوبے سے ڈسکوز کو اصل وقت میں بجلی استعمال اور گرڈ کارکردگی کا ڈیٹا میسر ہو گا۔

    اعلامیے کے مطابق منصوبے سے تینوں ڈسکوز کی آن لائن ٹرانسفارمر مانیٹرنگ کی جا سکے گی، سیپکو کے چار 66 کلو واٹ گرڈ اسٹیشنز کو 132 کلو واٹ پر منتقل کیا جائے گا، لیسکو میں 25 گرڈ اسٹیشنز کو جدید بنایا جائے گا ساتھ ہی تقسیم کےنظام کواپ گریڈکرنےسےنقصانات میں کمی اوربل وصولی میں اضافہ ہوگا۔

  • ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو کروڑوں ڈالر دینے  کا اعلان

    ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو کروڑوں ڈالر دینے کا اعلان

    اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو کروڑوں ڈالر دینے کا اعلان کردیا، رقم پاکستان کو ترقیاتی قرضے کی مد میں فراہم کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان نے 8 کروڑ 62 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رقم پاکستان کو ترقیاتی قرضے کی مد میں فراہم کی جائے گی، رقم ایوی ایشن فیول کے مستحکم ذخائر بنانے کےلیے استعمال ہوگی۔

    شیخوپورہ میں ایوی ایشن فیول کا نجی ذخیرہ قائم کیا جائے گا ، رقم انفراسٹرکچر قرضے کے سلسلے میں کلائمیٹ سپورٹ کے تحت فراہم کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں : پاکستانی معشیت کے لئے بڑی خبر ! 50 کروڑ ڈالر کا قرض مل گیا

    رقم کے ذریعے ایوی ایشن انڈسٹری میں کارین کی مقدار کم کرنے میں مدد ملے گی۔

    گذشتہ ماہ اے ڈی بی کی جانب سے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر موصول ہوئے تھے ، رقم موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے جاری کی گئی ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک نے 50 کروڑ ڈالر کی رقم بطور قرض حکومت پاکستان کو فراہم کی ہے۔

  • پاکستانی معشیت کے لئے بڑی خبر ! 50 کروڑ ڈالر کا قرض مل گیا

    پاکستانی معشیت کے لئے بڑی خبر ! 50 کروڑ ڈالر کا قرض مل گیا

    اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک سے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کا قرض مل گیا، قرض موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے خرچ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک سے اسٹیٹ بینک کوپچاس کروڑ ڈالر موصول ہوگئے، اس حوالے سے مرکزی بینک نے کہا کہ قرض کی رقم پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے بھیجی گئی ہے۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ اے ڈی بی سے پچاس کروڑ ڈالر وصولی کےبعد اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر گیارہ ارب اکانوے کروڑ پچاس لاکھ ڈالر ہوگئے ہیں۔

    کمرشل بینکوں کے ذخائر چار ارب پینسٹھ کروڑ ڈالر سے زائد ہیں۔ مجموعی ذخائر ساڑھے سولہ ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔ پچاس کروڑ ڈالر کی رقم آئندہ ہفتے زرمبادلہ ذخائر میں شامل کی جائے گی۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت

    یاد رہے پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان پانچ سوملین ڈالرقرض کا معاہدہ ہوا تھا، اے ڈی بی کا کہنا تھا موسمیاتی تبدیلیوں سےنمٹنےکیلئے پاکستان کی صلاحیت مضبوط ہوگی اور ایک ملین ڈالر کی تکنیکی گرانٹ پروگرام پر عملدرآمد میں معاون ہوگی۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ اے ڈی بی نے پاکستان کیلیے 3 برسوں کیلیے 6 ارب ڈالر فنانسنگ کا اعلان کیا تھا۔

    اے ڈی بی حکام نے بتایا تھا کہ سال 2025 کے دوران 1 ارب 85 کروڑ ڈالر سے زائد فنانسنگ ہوگی جبکہ سال 2026 کے دوران 2 ارب 30 کروڑ ڈالر فنانسنگ کا تخمینہ ہے۔

    اسی طرح سال 2027 کے دوران 2 ارب 25 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کی جائے گی۔ حکام نے بتایا کہ 3 برسوں کے دوران 2.8 ارب ڈالر کی رعایتی فنانسنگ فراہم کی جائے گی۔

  • 500 ملین ڈالر قرض کا معاہدہ !‌ پاکستانی معیشت کے لئے بڑی خبر

    500 ملین ڈالر قرض کا معاہدہ !‌ پاکستانی معیشت کے لئے بڑی خبر

    اسلام آباد : پاکستانی معیشت کے لئے بڑی خبر آگئی ، ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ 500 ملین ڈالر قرض کا معاہدہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان پانچ سوملین ڈالرقرض کا معاہدہ ہوگیا، رقم پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی اورآفات کے خطرےمیں کمی کیلئےخرچ ہوگی۔

    اے ڈی بی  کا کہنا ہے موسمیاتی تبدیلیوں سےنمٹنےکیلئے پاکستان کی صلاحیت مضبوط ہوگی اور ایک ملین ڈالر کی تکنیکی گرانٹ پروگرام پر عملدرآمد میں معاون ہوگی۔

    یاد رہے  گذشتہ ماہ اے ڈی بی  نے پاکستان کیلیے 3 برسوں کیلیے 6 ارب ڈالر فنانسنگ کا اعلان کیا تھا۔

    اے ڈی بی حکام نے بتایا تھا کہ سال 2025 کے دوران 1 ارب 85 کروڑ ڈالر سے زائد فنانسنگ ہوگی جبکہ سال 2026 کے دوران 2 ارب 30 کروڑ ڈالر فنانسنگ کا تخمینہ ہے۔

    اسی طرح سال 2027 کے دوران 2 ارب 25 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کی جائے گی۔ حکام نے بتایا کہ 3 برسوں کے دوران 2.8 ارب ڈالر کی رعایتی فنانسنگ فراہم کی جائے گی۔