Tag: ایشیائی ترقیاتی بینک

  • پاکستانی معیشت کے لئے بڑی خوشخبری

    پاکستانی معیشت کے لئے بڑی خوشخبری

    اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو قرضہ دینے کا اعلان کردیا، بورڈ 29 اکتوبر کو نئے قرض کی منظوری پر غور کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے صدر، جناب ماساتسوگو اساکاوا سے ملاقات کی۔

    وزیرِ خزانہ نے پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کی حمایت میں اے ڈی بی کی شراکت کو سراہا اور اسلام آباد میں اے ڈی بی کے نئے دفتر کے آغاز کا خیرمقدم کیا۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے 50 کروڑ ڈالر قرض کی فراہمی کا عندیہ دے دیا، رقم ماحولیاتی اور قدرتی آفات سے تحفظ کے پروگرام پر خرچ کی جائے گی

    وزیر نے اے ڈی بی کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کی جلد تکمیل کی امید ظاہر کی اور کیپیٹل ایڈیکویسی فریم ورک کی کامیاب تکمیل کو سراہا۔

    وزارت خزانہ نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کا بورڈ 29 اکتوبر کو نئے قرض کی منظوری پر غور کرے گا۔

    وزیر خزانہ نے پالیسی بیسڈ لون کی منظوری کے لیے اے ڈی بی کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کی حمایت میں اے ڈی بی کی شراکت کو سراہا۔

    وزارت خزانہ نے بتایا کہ اگلے تین سال کے لئے پاکستان کو زائد سرچارجز سے چھوٹ دینے پر اے ڈی بی کی تعریف کی۔

    ملاقات میں دونوں فریقین نے ملکی محصولات میں اضافے، علاقائی تعاون کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

    https://urdu.arynews.tv/dollar-currency-rate-pakistan-today/

     

  • آئی ایم ایف سے قرض  کے بعد ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کے لئے بڑا اعلان

    آئی ایم ایف سے قرض کے بعد ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کے لئے بڑا اعلان

    اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لئے 320 ملین ڈالر کی رقم فراہم کرنے کا اعلان کردیا، یہ رقم کہاں استعمال ہوگی؟

    تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کے تعاون سے ایشین ڈویلپمینٹ بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخواہ میں سڑکوں کی بحالی کے لیے 320 ملین ڈالر کی رقم کی منظوری دے دی ہے۔

    اس رقم کے ذریعے خیبرپختونخواہ رورل روڈز ڈویلپمنٹ پراجیکٹ صوبے میں تقریباً 900 کلومیٹرسیلاب سے متاثرہ دیہی سڑکوں کو اپ گریڈ کرے گا۔

    جس سے خیبرپختونخواہ میں سڑکوں کی بحالی سے دیہی علاقوں میں محفوظ اور بلا تعطل رابطہ بحال ہو سکے گا، اس منصوبے میں موسمیاتی اثرات سے محفوظ ڈیزائن اورپائیدارسڑکوں کی تعمیر کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں گے۔

    یہ منصوبہ حکومت کو طویل مدتی پائیدارحل کی تیاری میں مدد کرنے کے لیے تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کرے گا، جس سے صوبے کے روڈ نیٹ ورک کی پائیداری میں اضافہ ہوگا۔

    یہ اہم منصوبہ وقت کی بچت سمیت نقل و حمل کے اخراجات کو کم کرے گا اور خیبر پختونخواہ کے لاکھوں باشندوں کے لیے اقتصادی مواقع تک رسائی میں اہم کردار کا حامل ہوگا۔

    اس کے علاوہ اس منصوبے کے تحت صوبے بھر میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ سڑکوں کی نشاندہی کر کے ان کی پائیدار تعمیر کا آغاز بھی کیا جائے گا ، ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پائیدارانفراسٹرکچر کی تعمیر پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کا ایک اہم جز ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/dollar-currency-rate-pakistan-today/

  • پاکستانی معیشت کے لیے بڑی خبر

    پاکستانی معیشت کے لیے بڑی خبر

    اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک نے اگلے تین سال میں پاکستان کو دو بلین ڈالر سالانہ امداد فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدرمملکت آصف زرداری سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر کی ملاقات ہوئی۔

    صدر اے ڈی بی نے پاکستان کےمعاشی استحکام کےحالیہ اشاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اے ڈی بی اگلےتین سال میں پاکستان کو 2 بلین ڈالر سالانہ امداد فراہم کرے گا۔

    صدر مملکت نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اےڈی بی سے تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کےلیےپاکستان کی مالی ضروریات کافی زیادہ ہیں۔

    صدر آصف زرداری نےپاکستان کو درپیش اقتصادی ،موسمیاتی چیلنج سےمتعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا موسمیاتی تبدیلی،سیلاب نےمعیشت اور سڑکوں کےبنیادی ڈھانچےپراثرات مرتب کیے۔

    صدرمملکت نے پاکستان کی سماجی واقتصادی ترقی کےلیے اے ڈی بی کےتعاون کو سراہا۔

  • قرض  کی منظوری ، پاکستانی معیشت کے لیے اچھی خبر

    قرض کی منظوری ، پاکستانی معیشت کے لیے اچھی خبر

    اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو 32 کروڑ ڈالر قرض دینے کا اعلان کردیا ، رقم پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی کے نقصانات کم کرنے کے لیے استعمال ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 32 کروڑ ڈالر قرض فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ رقم پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی کے نقصانات کم کرنے کے لیے استعمال ہوگی۔

    اے ڈی بی کا کہنا تھا کہ رقم خیبر پختون خواہ کے منصوبوں کے لیے فراہم کی جائے گی ، رقم کے ذریعے خیبر پختون خواہ میں دیہی علاقوں کا انفرا سٹرکچر بہتر بنایا جائے گا۔

    اعلامیے کے مطابق دیہی علاقوں میں چھوٹی سڑکیں کی تعمیر ہوسکے گی، خیبرپختونخوا میں دیہی علاقوں میں سیوریج کی نظام بہتر ہوسکے گا اور خیبرپختونخوا کے دیہی علاقوں میں آبپاشی کے منصوبوں پر کام ہو سکے گا۔

  • ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان سے بڑا مطالبہ

    ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان سے بڑا مطالبہ

    اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں ریفامز اور چھوٹ ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں ریفامز،چھوٹ ختم کرنےکامطالبہ کردیا اور کہا کہ اوپن پلاٹس پر 6 سال بعد ٹیکس استثنیٰ ختم اور پراپرٹی ڈویلپمنٹ پرٹیکس عائدہونا چاہیے۔

    اے ڈی بی کا کہنا تھا کہ پراپرٹی ڈویلپمنٹ پرٹیکس استثنیٰ سےمینوفیکچرنگ،ایگری بزنسزمیں سرمایہ کم ہورہی ہے، مینوفیکچرنگ اور ایگری بزنسز میں سرمایہ کاری نہ ہونےسےگروتھ میں رکاوٹ ہے۔

    بینک نے کہا کہ غیر منقولہ پراپرٹی کی فروخت،سرمایہ کاری پراسٹینڈرڈٹیکس عائدکیاجاناچاہیے ، پراپرٹی ڈویلپمنٹ پرٹیکس مراعات دے کر حکومت کومحصولات سے محروم رکھا گیا، ٹیکس استثنیٰ کےباعث ریئل اسٹیٹ سیکٹرمیں مقامی سرمایہ کاری ہوئی۔

    پاکستان نیشنل اربن اسسمنٹ رپورٹ میں انرجی اورواٹرسپلائی ریفارمز کیلئے اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ واٹر سپلائی، ٹرانسپورٹ سسٹم اور بلڈنگ ڈیزائن میں توانائی کےبہتراستعمال کیلئےاقدامات ناگزیر ہے۔

    اے ڈی بی نے زور دیا کہ پاکستان میں بڑھتی آبادی کےباعث متبادل توانائی ذرائع کوبھی وسعت دیناہوگی اور اربن ڈویلپمنٹ کیلئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اورٹرانسپورٹ سسٹم میں اصلاحات لاناہوں گی۔

  • پاکستانی معیشت کے لئے اچھی خبر آگئی

    پاکستانی معیشت کے لئے اچھی خبر آگئی

    اسلام آباد : پاکستانی معیشت کے لئے اچھی خبر آگئی ، ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لئے 40 کروڑ ڈالر کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 40 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی۔

    اس حوالے سے اعلامیے میں کہا کہ رقم سیلاب سے متاثرہ مکانات کی تعمیر نو پر خرچ کی جائے گی، رقم کامقصدسندھ کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں مکانات کی تعمیرنو ہے۔

    اے ڈی بی کا کہنا تھا کہ بینک نے 2022 کے سیلاب کے بعد پاکستان کیلئے1.5 ارب ڈالر کی فراہمی کا اعلان کیا تھا، رقم کمیونٹی انفراسٹرکچر ، ذریعہ معاش بہتر بنانے کیلئے بھی خرچ کی جائے گی.

    اعلامیے میں کہا گیا کہ 2023سے2025تک مجموعی طور پر1.5 ارب ڈالر کی رقم پاکستان کودی جائے گی، بینک کی جانب سے فراہم رقم سیلاب سے ریکوری کیلئے منصوبوں پر استعمال ہو گی۔

    بینک نے کہا کہ منصوبے کے تحت 2 لاکھ 50 ہزار گھروں کیلئے تعمیراتی کام ہو سکے گا جبکہ پینے کیلئےپانی کی سہولت،ایک لاکھ گھروں متبادل انرجی ریسورسز کیلئے رقم خرچ ہو سکے گی۔

    اعلامیے کے مطابق زراعت،اسمال انٹرپرائزز،ای کامرس کیلئے بھی رقم خرچ کی جا سکے گی اور سندھ ایمرجنسی ہاؤسنگ پراجیکٹ منصوبے کیلئے فنڈزکا استعمال کیا جائے گا۔

    اے ڈی بی نے بتایا کہا کہ منصوبے سےسیلاب متاثرین کے گھروں کو دوبارہ تعمیر کرنے میں مدد ملے گی اور ڈھائی لاکھ سیلاب متاثرین کوگھروں کی تعمیر کیلئےنقدامداد فراہم کی جائے گی۔

  • ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستانی عوام کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی

    ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستانی عوام کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی

    اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک نے مہنگائی کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایشین ڈویلپمنٹ آؤٹ لک جاری کردی، جس میں پیش گوئی کی ہے کہ پاکستانی معیشت میں قرضوں کاحجم7 فیصد کم ہوسکتا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ قرضوں کا حجم 77 فیصد سے کم ہوکر 70 فیصد تک ہوسکتا ہے، رواں مالی سال پاکستان کے 62 فیصد محصولات قرضوں کی ادائیگی پر خرچ ہوں گے۔

    اے ڈی بی نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہوکر 11.8 فیصد تک پہنچی، مہنگائی کی شرح کم ہونے سے پالیسی ریٹ میں کمی ہوئی۔

    رپورٹ میں پیش گوئی کی کہ رواں مالی سال پاکستان میں مہنگائی کی شرح زیادہ رہے گی۔

    بینک نے مزید بتایا کہ گزشتہ مالی سال پاکستان کی شرح نمو 2.4فیصدرہی اور معاشی ترقی کی شرح میں زراعت نے اہم کردار ادا کیا۔

  • ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو 25 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان

    ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو 25 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو 25 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اے ڈی بی پاکستان کو پچیس کروڑ ڈالر فراہم کرے گا، یہ رقم پاکستان میں ماحولیاتی بہتری کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔

    پاکستان کے لیے رقم کی منظوری ایشیائی ترقیاتی بینک نے فلپائن میں دی، اس رقم کا مقصد پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت انفرا اسٹرکچر کی بہتری ہے، اس سے مستحکم ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں معاونت ملے گی۔

  • اگلے 26 سالوں میں بزرگ افراد کی تعداد بڑھے گی یا کم ہوگی؟

    اگلے 26 سالوں میں بزرگ افراد کی تعداد بڑھے گی یا کم ہوگی؟

    ایشیائی ترقیاتی بینک( اے ڈی بی) نے ایجنگ ویل ان ایشیا سے متعلق ایشین ڈیولپمنٹ پالیسی رپورٹ جاری کردی ہے۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ترقی پذیر ایشیائی ممالک میں معمر افراد کو کم پنشن، صحت اور سماجی تنہائی کے چیلنجز کا سامنا ہے جب کہ ترقی پذیر ایشیائی ممالک عمر رسیدہ آبادی کے چیلنجز کے لیے تیار نہیں۔

    اے ڈی بی کی رپورٹ کے مطابق طویل عمریں خطے کی ترقی کی کامیابی کی عکاسی کرتی ہیں، بزرگ افراد کی فلاح و بہبود کیلئے جامع پالیسی اصلاحات کی ضرورت ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ترقی پذیر ایشیا، پیسفک ممالک میں بزرگ افراد تیزی سے بڑھ رہے ہیں، اگلے 26 سالوں میں بزرگ افراد کی تعداد میں دگنا اضافہ ہو جائے گا 2050 تک 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی تعداد 1.2 ارب ہوجائے گی۔

    اے ڈی بی کی رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ بزرگ افراد کی دیکھ بھال کے لیے حکومتوں کو پالیسیاں بنانا ہوں گی، ان ممالک میں 40 فیصد بزرگ افراد کے پاس پنشن تک رسائی نہیں جب کہ بزرگ افراد کے پاس ریٹائرمنٹ کے بعد بھی کام کے سوا کوئی چارہ نہیں بچتا، صحت، تعلیم، ہنر اور ریٹائرمنٹ کیلئے مالی تیاری کی حمایت ضروری ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کام کرنے والے 94 فیصد بزرگ افراد غیر رسمی شعبے میں کام کرتے ہیں، ان شعبوں میں بزرگ افراد کو لیبر پروٹیکشن یا پنشن کے فوائد نہیں  ملتے، ایشیا اینڈ پیسفک ممالک میں 60 فیصد برزگ افراد باقاعدہ طبی معائنہ نہیں کراتے جبکہ 30 فیصد بزرگ بیماری اور سماجی تنہائی کا شکار رہتے ہیں۔

    اے ڈی بی کی رپورٹ کے مطابق ان ممالک میں بزرگ خواتین کو بزرگ مردوں کی نسبت زیادہ چیلنجز ہیں، بوڑھی خواتین میں ڈپریشن سے لے کر ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کا امکان ہے۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی رپورٹ میں تجویز دی ہے کہ بزرگی میں کام کرنے والے افراد تک بھی بنیادی لیبر پروٹیکشن کو بڑھایا جائے، حکومت بزرگ افراد کے لیے ہیلتھ انشورنس اور پنشن پالیسیاں بنائے، حکومتوں کو بہتر انفراسٹرکچر، مفت سالانہ چیک اپ کے اقدامات بھی کرنے چاہئیں۔

  • پاکستان میں گھریلو تشدد خاموش وبائی مرض قرار

    پاکستان میں گھریلو تشدد خاموش وبائی مرض قرار

    اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں گھریلو تشدد کو خاموش وبائی مرض قرار دے دیا، گذشتہ سال تشدد کے کیسز میں تقریباً 40 سے 46 فیصد تک اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق جنسی استحصال کی طرح گھریلوتشدد بھی ملک کا ایک اہم اور سنگین سماجی مسئلہ بن چکا ہے بلکہ یہ کہا جائے تو یقیناً غلط نہ ہوگا کہ یہ اب عفریت کی شکل اختیارکرتاجارہا ہے۔

    گزشتہ سال کےدوران گھریلو تشدد کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا، ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا کہ پاکستان میں گھریلو تشدد ایک خاموش وبائی مرض کے طور پر ابھر رہا ہے، جو معاشرے اور ریاست کے لیے ایک سنگین چیلنج بن رہا ہے۔

    مالیاتی ادارے کی جانب سے کیے گئے حالیہ سروے رپورٹ میں بتایا گیا کہ شوہر کے بیوی کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے کے کیسز میں تقریباً چالیس سے چھیالیس فیصد تک اضافہ ہوا جبکہ کم عمرلڑکیاں اوربچے بھی جسمانی تشدد کا نشانہ بنے۔

    سروے کے مطابق سندھ اورپنجاب میں گھریلو تشدد کےسب سےزیادہ واقعات رپورٹ ہوئے۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں گھریلوتشدد کی روک تھام کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔