Tag: ایشیا کپ 2022

  • ایشیا میں کرکٹ کا نیا سلطان کون؟ فائنل معرکہ آج ہوگا

    ایشیا میں کرکٹ کا نیا سلطان کون؟ فائنل معرکہ آج ہوگا

    ایشیا میں کرکٹ کا نیا سلطان کون ہوگا؟ فائنل معرکہ آج دبئی میں ہوگا۔

    دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آج پاکستان اور سری لنکا مد مقابل ہوں گے، شاہینوں نے سپر فور میں شکست کا بدلہ لینے کے لیے پر تول لیے ہیں، جب کہ آئی لینڈرز بھی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے بے قرار دکھائی دے رہے ہیں۔

    ایشین کرکٹ پر بادشاہت شاہینوں سے صرف ایک جیت دوری پر ہے، سری لنکا کو ہرا کر پاکستان ٹیم تیسری بار ایشیا کپ کی ٹرافی اٹھائیں گے۔ قومی کپتان بابر اعظم جیت کے لیے پر امید ہیں، کہتے ہیں ہمارے پاس بہترین کمبی نیشن ہے، فائنل میں ٹکر کا مقابلہ ہوگا۔

    دوسری جانب سری لنکا ٹیم بھی اب انڈر ڈوگ نہیں رہی، خطرناک بن گئی ہے، گرین شرٹس کو ہرا کر لگاتار چوتھی جیت حاصل کر چکی ہے۔ ادھر پاکستان بولرز کی انجری، بابر اعظم اور فخر زمان کی خراب فارم کے باوجود ٹیم لڑتے لڑتے فائنل میں پہنچی ہے۔

    ایشیا کپ فائنل سے قبل اہم قومی کھلاڑی فٹ ہوگئے

    بہترین اسپنر کی وجہ سے بولنگ تو مضبوط تھی ہی، سری لنکا کے بلے باز بھی اب فارم میں آ گئے ہیں، مینڈس، نیسانکا، راجا پاکسا اور کپتان شناکا پاکستانی بولرز کے لیے بڑا خطرہ بن سکتے ہیں۔

    پاکستانی بیٹنگ کا انحصار سب سے زیادہ رضوان پر ہے، بابر لگا تار 5 میچ میں ناکام ہوئے ہیں، لیکن فائنل میں انھیں پرفارم کرنا ہوگا۔

    ٹی 20 مقابلوں میں دونوں ٹیمیں 22 بار ٹکرائی ہیں، 13 پاکستان نے جیتے، جب کہ 9 سری لنکا کے نام رہے، آج شاہین جیت کا عزم لے کر میدان میں اتریں گے، اور 2014 ایشیا کپ فائنل کی ہار کا بدلہ چکائیں گے۔

  • افغانستان کے خلاف فتح گرین شرٹس کو آج فائنل میں پہنچا دے گی

    افغانستان کے خلاف فتح گرین شرٹس کو آج فائنل میں پہنچا دے گی

    شارجہ: ایشیا کپ سپر 4 مرحلے میں پاکستان ٹیم آج افغانستان سے ٹکرائے گی، فتح گرین شرٹس کو فائنل میں پہنچا دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ 2022 کے سپر فور مرحلے میں افغانستان کو ہرا کر پاکستان فائنل میں پہنچنے کے لیے پوری تیاری کر چکا ہے۔

    افغان ٹیم کے لیے یہ مقابلہ ڈو اور ڈائی کا ہے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کی جیت کی صورت میں سری لنکا کو بھی فائنل کا ٹکٹ مل جائے گا، جب کہ بھارت اور افغانستان کا سفر تمام ہو جائے گا۔

    بھارت سے جیتنے کے بعد ٹیم پر اعتماد ہو گئی ہے، شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ اور بابر اعظم کے رنز کے بغیر بھی شاہین اُڑ رہے ہیں، جب کہ رضوان فٹنس سے لڑتے ہوئے بھی جیت کے دروازے کھول رہے ہیں۔ بابر اعظم کا کہنا ہے کہ رضوان جیسا کھلاڑی نہیں دیکھا۔

    ادھر افغانستان پاکستان کا روایتی حریف بنتا جا رہا ہے، 2021 ورلڈ کپ میں آصف علی نے پاکستان کو چھکے لگا کر پھنسا ہوا میچ جتوایا تھا، اب شارجہ میں افغانی اسپنرز مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔

    افغانستان کے خلاف پاکستان کو ہانگ کانگ جیسا کھیل دکھانا ہوگا، افغان بولر راشد اور مجیب کو وکٹیں دے دیں تو پاک ٹیم مشکل میں پڑ سکتی ہے۔

    پاکستان نے افغانستان کے خلاف دونوں ٹی 20 انٹرنیشنلز چیز کر کے جیتے، پہلا 2013 اور پھر 2021 میں، افغانستان کے لیے میچ ڈو اور ڈائی ہوگا، اور شارجہ اسٹیڈیم کے اسٹینڈز میں بھی تماشائیوں کا میچ پڑے گا۔

    ادھر شاہین شاہ آفریدی نے بھی لندن سے قومی بولرز کو پیغام دیا ہے، انھوں نے افغانستان کے خلاف حارث رؤف اور نسیم شاہ کو اچھی بولنگ کے گُر بتائے۔

  • پاک بھارت ٹکراؤ، پلڑا کس کا بھاری؟

    پاک بھارت ٹکراؤ، پلڑا کس کا بھاری؟

    دبئی: ایشیا کرکٹ کپ کا ایک اور بڑا معرکہ آج دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں برپا ہوگا، جیت کے لیے بے قرار پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں فائنل تک رسائی کا راستہ آسان بنانے کے لیے ٹکرائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان آج ایشیا کپ کے رواں ایونٹ میں دوسرا مقابلہ ہوگا، پہلے میچ کی شکست کے بعد شاہین بدلہ لینے کے لیے بے قرار ہیں، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔

    2 میچوں میں کپتان بابر اعظم کا بلا نہ چلا، لیکن بھارت کے خلاف چل سکتا ہے، فخر زمان اور رضوان فارم میں آ گئے ہیں، اور نسیم بھی بڑا خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

    شاہنواز دھانی ان فٹ ہونے کی وجہ سے میچ سے باہر ہو چکے ہیں، جب کہ بھارت کے خلاف میچ میں حسن علی کی واپسی ہوگی۔

    شاہنواز دھانی کی انجری، میڈیکل ٹیم 72 گھنٹے تک معائنہ کرے گی

    ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں بھارت آگے ہے، ایشیا کپ میں دونوں ٹیمیں 15 بار ٹکرائیں، پانچ میچ پاکستان نے جیتے، 9 بار فتح نے بھارت کے قدم چومے۔

    دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کا ریکارڈ برابر رہا ہے، 2 میچ کھیلے، دونوں نے ایک ایک بار کامیابی سمیٹی۔

    مجموعی طور پر بھارت کا ایشیا کپ میں پاکستان پر پلڑا بھاری ہے، لیکن شاہین آج بھارت کو ہرا کر نئے ریکارڈ بنائیں گے۔

  • سپر 4 تک رسائی کے لیے پاکستان آج ہانگ کانگ سے ٹکرائے گا

    سپر 4 تک رسائی کے لیے پاکستان آج ہانگ کانگ سے ٹکرائے گا

    شارجہ: ایشیا کپ 2022 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، پاکستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں آج مدِ مقابل ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے ٹائٹل کے حصول کی جنگ میں پاکستان آج ہانگ کانگ سے ٹکرائے گا، سپر فور میں کوالیفائی کرنے کے لیے قومی ٹیم کو آج کا میچ جیتنا ضروری ہے، مقابلہ شام 7 بجے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

    شاہینوں کا ایشیا کپ میں آغاز شکست سے ہوا ہے تاہم ہانگ کانگ کے خلاف فتح ٹیم کو اگلے راؤنڈ میں پہنچا دے گی، دونوں ٹیمیں پہلی بار ٹی 20 میں ٹکرائیں گی۔ تاہم ایشیا کپ میں پاکستان ہانگ کانگ کے خلاف ناقابل شکست رہا ہے، 3 میچ کھیلے تینوں میں فتح سمیٹی۔

    آسان حریف کے خلاف ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے، حارث رؤف کی جگہ حسنین کھیل سکتے ہیں، نسیم شاہ بھی میچ کے لیے فٹ قرار دے دیے گئے ہیں۔

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز بھارت کے بعد ہانگ کانگ کے بیٹرز اڑانے کے لیے تیار ہیں، تاہم بڑے مقابلوں سے قبل بیٹرز کو فارم میں آنا ہوگا، اور جیت کے ساتھ ٹیم کا حوصلہ بڑھانا ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز آئی لینڈرز نے بنگال ٹائیگرز کی لنکا ڈھا دی تھی، میزبان سری لنکا نے بنگلا دیش کو ہرا کر ایشیا کپ سے باہر کر دیا ہے۔

  • وسیم اکرم نے بابر اعظم کی غلطی بتادی

    وسیم اکرم نے بابر اعظم کی غلطی بتادی

    قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھارت کے خلاف میچ میں کپتان بابر اعظم کی غلطی کی نشاندہی کردی۔

    سابق فاسٹ بولر اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کہا کہ بابر اعظم کو محمد نواز سے 13واں یا 14واں اوور کروانا چاہیے تھا لیکن انہوں نے ان سے آخری اوور کروایا۔

    انہوں نے کہا کہ آخری تین سے چار اوورز میں بولنگ کرنے والے ٹی 20 میں آپ کے پاس کوئی اسپنر نہیں ہوسکتا خاص طور پر اس وقت جب رویندرا جڈیجا اور ہاردک پانڈیا جیسے بیٹسمین سامنے ہوں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل وسیم اکرم نے بھارتی براڈ کاسٹر پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/asiacup2022-wasim-akram-angry-indian-broadcaster-mistake/

    پاک بھارت ٹاکرے کے دوران بھارتی براڈ کاسٹر نے قومی ٹیم کی فہرست میں ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر شاہنواز داہانی کی جگہ فاسٹ بولر حسن علی کو شامل کردیا تھا۔

    قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف پہلے ہی بتا چکے تھے کہ شاہنواز دہانی آج کا میچ کھیل رہے ہیں۔

    وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ’یہ کوئی چھوٹی غلطی نہیں پاک بھارت میچ میں ایسی غلطیاں نہیں ہونی چاہئیں۔

  • راشد خان نے کیوی فاسٹ بولر کو پیچھے چھوڑ دیا

    راشد خان نے کیوی فاسٹ بولر کو پیچھے چھوڑ دیا

    ایشیا کپ میں افغان ٹیم نے مسلسل دو میچز جیت کر سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

    ایشیا کپ کے اہم میچ میں افغانستان نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی، افغان آل راؤنڈر راشد خان چار اوورز میں 22 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔

    میچ کے فتح کے ساتھ ہی راشد خان نے اہم اعزاز اپنے نام کیا اور وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دنیا کے دوسرے بولر بن گئے۔

    انہوں نے یہ اعزاز حاصل کرنے کیوی فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    بنگلادیش کیخلاف میچ سے قبل راشد خان کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں مجموعی وکٹوں کی تعداد 112 تھی جو میچ کے بعد 115 پر پہنچ گئی اور یوں وہ ٹم ساؤتھی کا 114 وکٹوں کا ریکارڈ توڑتے ہوئے دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔

    راشد خان اب صرف بنگلادیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن سے پیچھے ہیں جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 122 وکٹیں لینے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔

    راشد خان اب تک 69 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں اور وہ ایک اننگز میں چھ بار 4 یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

  • ایشیا کپ 2022: ہانگ کانگ کی بڑی کامیابی

    ایشیا کپ 2022: ہانگ کانگ کی بڑی کامیابی

    عمان: ہانگ کانگ نے ایشیا کپ 2022 کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہانگ کانگ نے کوالیفائر کے آخری میچ میں یو اے ای کو 8 وکٹ سے شکست دے دی، کوالیفائر کے تینوں میچز جیت کر ہانگ کانگ نے پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے ایشیا کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

    ہانگ کانگ نے 148 رنز کا ہدف ایک اوور قبل حاصل کیا، یاسم مرتضیٰ 58، نزاکت 39، بابر 38 بنا کر نمایاں رہے۔

    یو اے ای کی ٹیم پہلے کھیل کر 147 رنز پر آؤٹ ہوئی، کپتان رضوان 49 اورز اور فرید 41 رنز بنا سکے، احسان خان نے 4، آیوش شکلا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

    ہانگ کانگ کی ٹیم اب ایشیا کپ کے گروپ اے میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ شامل ہو گئی ہے، جب کہ گروپ بی میں بنگلادیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں ہیں۔

    ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 27 اگست سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہو رہا ہے۔ ایشیا کپ شروع ہونے میں 2 دن جب کہ پاک بھارت ٹاکرے میں 3 دن باقی رہ گئے۔

    پاکستان کا روایتی حریف بھارت سے پہلا ٹکراؤ 28 اگست (اتوار) کو دبئی میں ہوگا، ایشیا کپ کے سب سے بڑے ٹاکرے کا سب کو انتظار ہے، جس کے لیے قومی کرکٹ اسکواڈ کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔

    پاکستان اپنا دوسرا میچ 2 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا۔

  • ’روزانہ 150 چھکے مارنے کی پریکٹس کرتا ہوں‘

    ’روزانہ 150 چھکے مارنے کی پریکٹس کرتا ہوں‘

    قومی ٹیم کے جارح مزاج بیٹر آصف علی ایشیا کپ ٹی 20 میں دھوم مچانے کے لیے تیار ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ٹیم کے ہارڈ ہٹر بلے باز آصف علی نے کہا کہ جب بیٹنگ کے لیے آتا ہوں تو 12 سے 14 کی اوسط درکار ہوتی ہے اس دوران کوشش ہوتی ہے کہ جہاں گیند ملے وہیں ماروں۔

    انہوں نے کہا کہ روزانہ 100 سے 150 چھکے مارنے کی پریکٹس کرتا ہوں۔

    آصف علی نے کہا کہ ایک ہی شاٹ کو دو بار کھیلنے کے بارے میں کبھی نہیں سوچتا کیونکہ ٹی 20 جدت کا مطالبہ کرتا ہے۔

    ہارڈ ہٹر بیٹر نے کہا کہ جب میں ٹی 20 میں بیٹنگ کے لیے آتا ہوں تو مجھ پر ہمیشہ دباؤ رہتا ہے اس دوران گیند کو لائن اور لینتھ کے مطابق مارنے کی کوشش کرتا ہوں۔‘

    واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم ایشیا کپ میں شرکت کے لیے دبئی پہنچ گئی جہاں گرین شرٹس اپنا پہلا میچ 28 اگست کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلیں گے۔

    قومی ٹیم کے اہم فاسٹ بولر شاہین آفریدی گھٹنے کی انجری کے باعث اسکواڈ سے باہر ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔