Tag: ایشیا کپ

  • ایشیا کپ کی فتح کا جشن منانے کے لیے بھارتی کون سی فلم دیکھیں؟

    ایشیا کپ کی فتح کا جشن منانے کے لیے بھارتی کون سی فلم دیکھیں؟

    شاہ رخ خان کے فین پیج نے ہم وطنوں کو ایشیا کپ کی فتح کا جشن منانے کے لیے مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خوشی کو دوبالا کرنے کے لیے فلم جوان دیکھنے جائیں۔

    بالی وڈسپر اسٹار بھی ایشیا کپ 2023 میں بھارت کی شاندار فتح پر خوش ہیں اور اسی خوشی میں انھوں نے نیلی شرٹ زیب تن کرکے مداحوں کو منت سے اپنی جھلک دکھائی ہے۔

    شاہ رخ کے فین پیج کی جانب سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی گئی ہے جس میں کنگ خان اپنی رہائش گاہ ’منت ہاؤس‘ کے باہر ایشیا کپ 2023 کی جیت کا جشن مناتے ہوئے پائے گئے ہیں۔

    شاہ رخ خان کے مداح ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کی جیت کا جشن منانے کے لیے منت کے باہر جمع تھے وہیں کنگ خان نے بھی اپنے پرستاروں کو سرپرائز دیتے ہوئے ان سے ملنے بالکونی میں آگئے۔

    اس موقع پر جوان کے ہیرو نے نیلے رنگ کی ٹی شرٹ پہنی ہوئی تھی جب کہ اپنے مخصوص انداز میں باہیں پھیلا کر انھوں نے اپنے مداحوں کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ سوشل میڈیا پر سپراسٹار کی یہ ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔

  • ایشیا کپ نے سری لنکن معیشت میں نئی جان ڈال دی

    ایشیا کپ نے سری لنکن معیشت میں نئی جان ڈال دی

    سری لنکن معیشت کورونا وائرس کی وبا کے بعد مشکل صورتحال سے دوچار تھی، رہی سہی کسر ڈیفالٹ کے باعث افراط زر نے پوری کردی تاہم ایشیا کپ نے ملکی معیشیت کو نئی زندگی بخشی ہے۔

    پاکستان کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل پر سری لنکا میں منعقد ہونے والا ایشیا کپ 2023 سری لنکن عوام کے لیے کافی خوش کن ثابت ہوا ہے جو کہ ملکی معیشت پر مثبت انداز میں اثر انداز ہوا ہے۔ مختلف ممالک کے شائقین کی آمد اور ان کی جانب سے خریداری نے مایوس شہریوں کے چہروں پو خوشیاں بکھیر دی ہیں۔

    سینارتنے جو کہ کھیلوں کا سامان بیچتے ہیں انھوں نے کولمبو کے آر پریماداسا کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو سال پہلے ملک میں آنے والے معاشی بحران نے کمر توڑ دی تھی۔

    سینارتنے کا کہنا تھا کہ کھیلوں کی مصنوعات بنانے اور فروخت کرنے کا ہمارا کاروبار کھیلوں کے سامان کی طلب پر منحصر ہے، 2021 میں معاشی مندی آنے کے بعد سے ہمیں مناسب آرڈر نہیں مل رہے تھے۔

    انھوں نے بتایا کہ اس دوران ہماری ساری بچت ختم ہوگئی اور تین بچوں کو کھلانے کے لیے بھی لالے پڑ گئے۔ کچھ مہینوں پہلے تک ہمارے لیے تین وقت کا کھانا کھنا بھی مشکل تھا۔

    سبز اور نیلے رنگ کی کرکٹ شرٹس اور کیپس بیچنے والے سینارتنے نے وضاحت کی کہ 1948 میں آزادی کے بعد سے ملک نے بدترین معاشی بحران دیکھا، اس دوران سری لنکن عوام کو زندہ رہنے کے لیے کافی جدوجہد کرنا پڑی۔

    ہوٹل ریسیپشنسٹ راہینی ڈی سلوا نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے میچز کے موقع پرہوٹل کے تمام کمرے بک ہو چکے تھے۔ اب جب کہ بھارت فائنل میں پہنچ چکا ہے، ہمیں اتوار کی رات کے لیے بھی درجنوں بکنگ موصول ہو رہی ہیں۔

    28 سالہ ٹیکسی ڈرائیور ڈبلیو نشانتھا کا کہنا تھا کہ سیاحت نے آہستہ آہستہ رفتار پکڑی ہے اور اگرچہ پوری صنعت کو بحال ہونے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے، تاہم کولمبو میں کرکٹ شائقین کی موجودگی نے ان جیسے یومیہ اجرت کمانے والوں کو بہت مالی سہارا دیا ہے۔

    22 ملین کی آبادی والے اس چھوٹے سے ملک کو ایندھن اور خوراک کی قلت کے ساتھ ساتھ دو سالوں کے دوران خطرناک حد تک بلند افراط زر کا سامنا کرنا پڑا۔ سیاحت میں بھی کمی واقع ہوئی اور سیکڑوں چھوٹے کاروبار تباہ ہو گئے۔

    واضح رہے ک سری لنکا کو ٹورنامنٹ کے 11 میں سے سات میچز کی میزبانی ملی تھی، جس میں بھارت اور پاکستان کے درمیان دو اہم میچز کے علاوہ ایونٹ کا فائنل بھی شامل ہے۔ ان میچز کے باعث سری لنکن عوام کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئے ہیں.

  • ’ایسا نہیں چلے گا‘ ارجنا رانا ٹنگا نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو آڑے ہاتھوں لے لیا

    ’ایسا نہیں چلے گا‘ ارجنا رانا ٹنگا نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو آڑے ہاتھوں لے لیا

    کولمبو: ارجنا رانا ٹنگا نے ایشیا کپ کے حوالے سے من مانیوں پر بھارتی کرکٹ بورڈ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے سابق کپتان ارجنا رانا ٹنگا نے بی سی سی آئی پر سخت تنقید کی ہے، انھوں نے کہا ایشیا کپ میں ایک ٹیم کو فائدہ دیا گیا جو تباہ کن اثرات کو جنم دے گا۔

    انھوں نے کہا ’’ٹورنامنٹ کے قوانین میں ایک دم سے تبدیلی کر دی گئی جو غلط ہے، پاک بھارت میچ میں ریزرو ڈے رکھ کر بھارتی ٹیم کو فائدہ دیا گیا۔‘‘

    ارجنا رانا ٹنگا کا کہنا تھا کہ جب یہ سب ہو رہا تھا تو ایشین کرکٹ کونسل اور آئی سی سی کہاں تھی، ایک بورڈ طاقت ور ہے، ایک شخص طاقت ور ہے، ایسے نہیں چلے گا۔

  • ایشیا کپ: سری لنکا نے باآسانی بنگلہ دیش کو قابو کرلیا

    ایشیا کپ: سری لنکا نے باآسانی بنگلہ دیش کو قابو کرلیا

    ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں سری لنکا نے باآسانی بنگلہ دیش کو شکست دے دی۔

    کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 258 رنز کے تعاقب میں 236 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اس طرح سری لنکا نے میچ 21 رنز سے جیت لیا۔

    بنگلہ دیش کی جانب سے توحید 82 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

    سری لنکا کے داسن شناکا اور مہیش تھیکشابا نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، متھیشا پاتھیرانا نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز بنائے اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 258 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    سدھیرا سماراوکراما نے 93 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، کوشل مینڈس 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    پیتھون نسانکا نے 40 رنز بنائے، دھننجیا ڈی سلوا 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دسن شناکا 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شرف الاسلام نے دو جبکہ تسکین احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    کولمبو میں جاری ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں بنگلا دیش نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

    ٹاس کے موقع پر بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، ہمارے لیے میچ جیتنا بہت ضروری ہے،کنڈیشن کے مطابق کھیلیں گے۔

    سری لنکن ٹیم کے کپتان داسن شاناکا نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کیلئے اچھی ہے، وکٹ بیٹنگ کیلئے اچھی ہے، کھلاڑی بہترپرفارم کرناجانتے ہیں۔

    ایشیا کپ کے اسپر فور مرحلے کی چاروں ٹیمیں پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلادیش اس وقت کولمبو میں موجود ہیں، جہاں ایونٹ کے باقی تمام میچز کھیلے جانے ہیں۔

    سپر فور مرحلے کا دوسرے میچ سری لنکا مقابلہ بنگلادیش اس وقت جاری ہے جب کہ پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 7 وکٹ سے شکست دی تھی۔

     

  • ’پاکستان سے بچ کے رہنا ‘ شعیب اختر نے بھارتیوں کو خبردار کردیا

    ’پاکستان سے بچ کے رہنا ‘ شعیب اختر نے بھارتیوں کو خبردار کردیا

    ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک دفعہ پھر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

    کولمبو میں اتوار کو سپر فور مرحلے میں روایتی حریف ایک دوسرے سے ٹکرائیں گے اس میچ کے لیے ہر ایک پرجوش ہے، شائقین موسم کے بارے میں فکر مند ہیں تاہم توقع کی جارہی ہے کہ یہ مقابلہ ایک بار پھر بارش کی نظر ہوجائے گا۔

     دوسری جانب سری لنکا کے دارالحکومت شہر میں 10 ستمبر کو 70 فیصد سے زیادہ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے بعد ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے اس میچ کے لیے ریزور ڈے رکھا ہے۔

    تاہم اس پاک بھارت ٹاکرے کو دیکھنے کے لیے پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر بھی کولمبو پہنچ گئے ہیں جہاں سے انہوں نے اپنے شائقین کے ساتھ موسم کے حوالے سے ایک اچھی خبر شیئر کی ہے۔

    شعیب اختر نے مائیکروبلاگنگ سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک ویڈیو شیئر کی اور بھارتی بلے بازوں کے لیے وارننگ جاری کی۔

    انہوں نے کہا کہ کہ’ اللہ جانے کتنے سال بعد کولمبو میں لینڈ کیا لیکن یہاں واپس آنا اچھا لگ  رہا ہے، سری لنکا عظیم لوگوں کا ملک ہے، اور یہاں موسم بھی ٹھیک لگ رہا ہے، اور ہاں بچ کے رہنا پاکستان سے‘۔

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی کوششوں سے پاک بھارت میچ کے ریزرو ڈے کے لیے سیشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے حامی بھرلی۔

     پاکستان کرکٹ بورڈ نے بارشوں کے تناظر میں متعدد بار اعتراضات اٹھائے تھے، جس کے بعد اے سی سی نے ریزرو ڈے کا فیصلہ کیا۔

     اگر کل پاک بھارت میچ مکمل نہیں ہوتا تو 11 ستمبر کو جاری رہے گا، میچ وہیں سے شروع ہوگا جہاں پر روکا گیا ہوگا ۔

  • ایشیا کپ: پاکستان نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    ایشیا کپ: پاکستان نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    لاہور میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کی جانب سے دیا جانے والا 194 رنز کا ہدف باآسانی 39.3 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    امام الحق نے شاندار 78 رنز کی اننگز کھیلی، محمد رضوان نے 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

    اوپنر فخر زمان 20 رنز بنا کر شرف الاسلام کا نشانہ بنے، کپتان بابر اعظم 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد، شرف اسلام اور مہدی حسن مراز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

     بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان کے خلاف 193 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    پاکستان نے بنگلہ دیش کی چار وکٹیں 47 رنز پر گرائیں، شکیب اور مشفیق الرحیم نے پانچویں وکٹ پر سنچری شراکت بنائی، شکیب الحسن نے 53 اور مشفیق الرحیم نے 64 رنز اسکور کیے۔

    حارث رؤف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، نسیم شاہ نے 3 اور فہیم اشرف، افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    بنگلادیش کے خلاف میچ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر فہیم اشرف نے اسپنر محمد نواز کی جگہ لے لی ہے۔

    تاس کے موقع پر بنگلا دیش کے کپتان شکیب الحسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نجم الحسین شنٹو کی جگہ لٹن داس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، ہم نمبر ون ٹیم کا سامنا کر رہے ہیں ہمیں بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ  ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، ہمارا پیس اٹیک بہت اچھا ہے، کوشش کریں گے بنگلادیش کو کم سے کم ٹوٹل پر محدود کریں، کوشش کریں گے مومنٹم جاری رکھتے ہوئے میچ جیتیں۔

    قومی ٹیم میں اوپنر امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، افتخار احمد، محمد رضوان، سلمان علی آغا، شاداب خان، فہیم اشرف، حارث رؤف، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

    آج کا کھیلا جانے والا میچ ایشیا کپ کا پاکستان میں آخری میچ ہوگا جس کو جو بھی ٹیم جیتے گی وہ ٹرافی کی جانب ایک قدم آگے بڑھائے گی۔

    میچ کے بعد دونوں ٹیمیں سری لنکا کا رخ کریں گی جہاں قومی ٹیم اور روایتی حریف بھارت کی 10 ستمبر کو کولمبو میں جنگ چھڑے گی۔ گرین شرٹس جمعرات 14 ستمبر کو اسی میدان میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کے مدمقابل آئیں گے۔

  • بھارتی کرکٹ بورڈ کو لگام کون دے گا؟

    بھارتی کرکٹ بورڈ کو لگام کون دے گا؟

    بھارتی کرکٹ بورڈ مالی طور پر نہایت مضبوط اور امیر ہونے کا ہمیشہ ناجائز فائدہ اٹھاتا اور من مانی کرتا ہی رہا ہے، لیکن پاکستان کے معاملے میں اس کی یہ من مانی متعصبانہ اور مخاصمت کی حد تک چلی جاتی ہے۔ یوں تو پاکستان کئی دہائیوں سے کرکٹ کے انتظامی میدان میں بھارت کے ہاتھوں مارا جارہا ہے، لیکن حال ہی میں پہلے ایشیا کپ کی میزبانی میں بھارت رخنہ اندازی سے اس کے بڑے اور اہم میچ سری لنکا منتقل کرانے میں کامیاب رہا اور پاکستان کے ہاتھ صرف چھوٹی ٹیموں کے چار میچز آئے اور جب ایونٹ شروع ہوا تو میزبان پاکستان کا نام کھلاڑیوں کی جرسی سے غائب دیکھ کر سب حیران ہوئے لیکن یہ بھی بھارتی کرکٹ بورڈ کی کارستانی تھی۔

    بھارت کی ہٹ دھرمی نے صرف پاکستان کو ہی نقصان نہیں پہنچایا بلکہ ایشیا کپ کا مزہ بھی کرکرا کر دیا ہے۔ پاک بھارت ٹاکرا بارش کی نذر ہوگیا جب کہ دیگر میچز بھی بارش سے متاثر ہو رہے یا ہو سکتے ہیں جس پر اب کرکٹ حلقے بھی آواز اٹھا رہے ہیں اور ایونٹ کے وینیو کولمبو سے تبدیل کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔

    پاکستان کرکٹ کے میدان میں ہو تو حریف کو ہمیشہ مشکلات میں مبتلا کرتا ہے اور ہار یا جیت سے قطع نظر کبھی تر نوالہ ثابت نہیں ہوتا لیکن جب آؤٹ آف فیلڈ انتظامی معاملات کی بات ہو تو پاکستان کرکٹ بورڈ ہمیشہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوتا رہتا ہے اور کوئی اس کی ناقص کارکردگی پر بات نہیں کرتا۔

    لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان پر بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے اور اس داغ کو دھونے کے لیے پاکستان نے بڑی جدوجہد کی اور طویل عرصے بعد اپنی ساکھ بحال کرنے میں کامیاب ہوا جس کے نتیجے میں بین الاقوامی کرکٹ شروع ہوئی۔ ٹاپ کرکٹ ٹیمیں آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ سمیت تمام ٹیمیں علاوہ بھارت کے پاکستان کا کامیاب دورہ کر چکی ہیں۔ 16 سال کے طویل عرصے بعد جب پاکستان کو ایشیا کپ 2023 کی میزبانی ملی تو پاکستانیوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا کہ اپنی سرزمین پر بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹ دیکھنا ہر ملک کے عوام کی خواہش ہوتی ہے لیکن بھارت جو ہمیشہ کسی نہ کسی بہانے پاکستانی کرکٹ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا رہتا ہے پہلے ایشیا کپ میزبانی چھیننے کے لیے ہر اوچھا ہتھکنڈا استعمال کیا اور جب بس نہ چلا تو اپنی ٹیم کو ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہ بھیجنے کا دوٹوک اعلان کر دیا۔

    سابق پی سی بی منیجمنٹ نے بھارت کو اس پر خوب لتاڑا لیکن بھارت پر اس کا کوئی اثر نہ ہوا۔ ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کی دھمکی بھی کارگر نہ ہوئی کیونکہ بھارتی بورڈ کو شاید پتہ تھا کہ پی سی بی کے لیے یہ بہت مشکل فیصلہ ہو گا اور وہ ایسا نہیں کرسکے گا۔ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی جانب سے ایشیا کپ کے بائیکاٹ پر پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کے لیے نہ بھیجنے کی دھمکی کے بعد بھارت کے کرکٹ حلقوں اور میڈیا کی جانب سے دعوے کہ بھارت ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں جائے گا جب کہ پاکستان لازمی ورلڈ کپ کے لیے بھارت آئے گا، سے یہ واضح ہوتا ہے کہ انہیں پی سی بی کی حالت اور اس کی مجبوریوں کا اچھی طرح علم ہے۔

    جب ایشیا کپ کے یو اے ای میں انعقاد کی بات کی گئی تو یہاں بھی بی سی سی آئی آڑے آیا اور وہاں گرمی کو جواز بناتے ہوئے اپنے مقاصد کی تکمیل کے لیے اسے سری لنکا منتقل کرایا۔ باوجود اس کے کہ ایونٹ کے دنوں میں سری لنکا میں شدید بارشیں ہوتی ہیں اور یہ پہلے ہی آگاہ کیا جا چکا تھا لیکن بی سی سی آئی نے دیگر بورڈز کو اپنا ہمنوا بنا کر ایونٹ کے تمام بڑے میچز سری لنکا منتقل کرائے تاکہ آئندہ آئی سی سی کی چیئرمین شپ کے لیے ایک ووٹ پکا کر سکے جب کہ احسان کرتے ہوئے نیپال اور افغانستان جیسی چھوٹی ٹیموں کے چار میچز پاکستان کو لالی پاپ کے طور پر دے دیے گئے لیکن بھارتی ہٹ دھرمی کا سلسلہ یہیں تک نہیں رکا بلکہ پاکستان کو نیچا دکھانے کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ کی فرمائش پر کھلاڑیوں کی جرسی سے لفظ پاکستان سرے سے غائب کر دیا۔

    کرکٹ کے ہر بڑے ٹورنامنٹ کی ہمیشہ یہ روایت رہی ہے کہ میزبان ملک کا نام اس ایونٹ میں شریک ہر ٹیم کے کھلاڑی کی جرسی پر لکھا ہوتا ہے خواہ وہ نیوٹرل وینیو پر ہی کیوں نہ کھیلا جائے لیکن پاکستان دشمنی میں بھارت اتنا آگے بڑھا کہ پہلی بار میزبان ملک کا یہ حق بھی چھین لیا۔ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) جس کے سربراہ جے شاہ خود بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیدار اور بی جے پی وزیر کے بیٹے ہیں نے بی سی سی آئی کی فرمائش پر آنکھیں بند کرکے عمل کیا۔

    ایشیا کپ میں شامل ٹیموں کو بھارتی بورڈ کی ہمنوائی کا خمیازہ اب ٹورنامنٹ میں بارش کی وجہ سے میچز کے متاثر ہونے کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے اور اب تو خود بھارت میں بھی ایونٹ کے سری لنکا میں انعقاد کو غلط فیصلہ قرار دیا جانے لگا ہے۔ پاک بھارت میچ جس پر پوری دنیا کی نظریں لگی ہوتی ہیں اس کے ادھورا رہ جانے سے صرف شائقین کے دل ہی نہیں ٹوٹے براڈ کاسٹر کا کروڑوں کا نقصان بھی ہوا۔ مسلسل بارش سے اب تو اے سی سی حکام کے چہرے پر بھی ہوائیاں اڑ رہی ہیں۔

    ایشیا کپ کے فائنل سمیت سپر فور کے چار اہم میچز کولمبو میں شیڈول ہیں۔ اور سری لنکن دارالحکومت شدید بارشوں کی زد میں ہے۔ اطلاعات ہیں کہ ایونٹ کو بچانے کے لیے اب ایشین کرکٹ کونسل میچز کولمبو سے دمبولا یا پالی کیلے منتقل کرنے پر غور کر رہی ہے لیکن یہ مسئلے کا حل تو نہیں کیونکہ پالی کیلے کے میچز بھی بارش سے متاثر ہو رہے ہیں ایسے میں چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ جے شاہ سے رابطہ کر کے ایونٹ کے بقیہ میچز پاکستان میں کرانے کا مشورہ دیا ہے، ہونا تو یہ چاہیے کہ اے سی سی ایونٹ کے ساتھ اپنی عزت بچانے کے لیے اس مشورے پر مثبت ردعمل دے لیکن بھارتی کی تنگ نظری کے سبب یہ ممکن ہوتا نظر نہیں آ رہا ہے۔

    بھارت کی یہ ہٹ دھرمی اور اس کی تنگ نظری آخر کب تک پاکستان اور ایشیا کی کرکٹ کو نقصان پہنچائے گی اور کب تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے فیصلوں پر اثر انداز ہوتی رہے گی، اب یہ سوچنا ہوگا کیونکہ بی سی سی آئی کو یہ کھلی چھوٹ دینا کرکٹ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ وقت آگیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو لگام ڈالی جائے۔ پاکستان تو اس بارے میں واضح ہے لیکن دیگر کرکٹ بورڈ بھی اب حوصلہ پکڑیں ورنہ یہ استحصال یوں ہی جاری رہے گا اور اگر آج اس کا نشانہ پاکستان کرکٹ ہے تو کل دوسرے ممالک ہوں گے، کیونکہ تکبر اور لالچ سرحدیں نہیں دیکھتا۔

  • ایشیا کپ: بھارت کی ناقص فیلڈنگ، ابتدا ہی میں نیپالی بیٹرز کے 3 کیچز چھوڑ دیے

    ایشیا کپ: بھارت کی ناقص فیلڈنگ، ابتدا ہی میں نیپالی بیٹرز کے 3 کیچز چھوڑ دیے

    پالی کیلے: ایشیا کپ 2023 کے بھارت نے نیپال کے خلاف پہلی 26 گیندوں میں تین کیچز چھوڑ دیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایشیا کپ 2023 کا اہم میچ سری لنکا کے پالی کیلے اسٹیڈیم میں بھارت اور نیپال کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جا رہا ہے جہاں ٹاس جیت کر بھارت نے پہلے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔

    تاہم اس 5ویں اور اہم میچ میں نیپالی ٹیم کے اوپنر نے بہترین آغاز کیا دوسری جانب  بھارتی بولرز اپنی گیند بازی سے وکٹ حاصل کرنے کے کئی مواقع پیدا کیے لیکن فیلڈرز نے 3 کیچز چھوڑ دیے۔

    آج کے میچ کے آغاز سے ہی بھارتی فیلڈرز بولرز کا ساتھ دینے میں ناکام نظر آرہے ہیں، کوہلی سمیت وکٹ کیپر نے بہترین کیچ کو ڈراپ کودیا۔

    پہلا ڈراپ اس وقت ہوا جب شریاس آئیر سے کیچ چھوٹ گئے، اس کے بعد ویرات کوہلی نے کور پر ایک کیچ چھوڑا اور وکٹ کیپر ایشان کشن بھی وکٹ کے پیچھے ایک آسان کیچ پکڑنے میں ناکام رہے۔

    بھارت  کے خلاف میچ کے دوسرے اوور میں نیپالی اوپنر آصف شیخ کا آسان کیچ گرانے کے بعد بھارت کے سابق کپتان کوہلی نے رعمل سے ایسا لگا کہ انہیں خود پر یقین نہیں آرہا تھا کہ یہ کیچ ڈراپ کیسے ہوا۔

  • ایشیا کپ متاثر ہونے کا خدشہ، ذکا اشرف نے  جے شاہ سے رابطہ کرلیا

    ایشیا کپ متاثر ہونے کا خدشہ، ذکا اشرف نے جے شاہ سے رابطہ کرلیا

    لاہور: سری لنکا میں شدید بارشوں کے باعث ایشیا کپ متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ سے رابطہ کیا ہے۔

    چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے جے شاہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میں مزید بارشوں کا امکان ہے، انہوں نے ایشیا کپ کے میچز پاکستان میں کروانے کی تجویز دی ہے۔

    ذکا اشرف نے جے شاہ کو تجویز دی کہ پاک بھارت میچز دبئی میں بھی کھیلے جاسکتے ہیں، ایشیا کپ بڑا ٹورنامنٹ ہے بارش کی وجہ سے اس کو متاثر نہ کیا جائے۔ جے شاہ کا ذکا اشرف کو جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم صورتحال پر غور کرلیتے ہیں۔

    دوسری جانب واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کا تین رکنی وفد آج پاکستان پہنچے گا، پی سی بی حکام کے ساتھ باہمی دلچسپی کے ا مور پربات چیت کی جائے گی، اہم فیصلے ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    وفد آج صدر بی سی سی آئی راجر بنی کی قیادت میں دوپہر میں واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچ جائے گا، نائب صدر راجیو شکلا بھی ساتھ ہوں گے، بھارتی کرکٹ بورڈ کا وفد قذافی اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے ساتھ گورنر ہاؤس پنجاب کے ڈنر میں بھی شرکت کرے گا۔

    ادھرایشین کرکٹ کونسل شدید بارشوں کے باعث پریشانی کا شکار ہے، کولمبو میں شیڈول میچز کا وینیو تبدیل کرنے پر سوچ بچار کی جارہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اے سی سی ممبر بورڈز کا اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، فائنل سمیت سپرفور مرحلے کے میچز پالی کیلے میں کرائے جا سکتے ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق دمبولا میں میچز کرنے پر اب تک اتفاق نہیں ہوسکا ہے، اے سی سی اگلے چوبیس سے اڑتالیس گھنٹے میں اہم فیصلہ کرے گا۔ کولمبو میں فائنل سمیت ایونٹ کے چھے میچز شیڈول ہیں۔ سپرفور مرحلے میں پاک بھارت مقابلہ بھی کولمبو میں ہی منعقد ہوگا۔

  • ایشیا کپ: بنگال ٹائیگرز نے افغان ارمان ٹھنڈے کردیے

    ایشیا کپ: بنگال ٹائیگرز نے افغان ارمان ٹھنڈے کردیے

    ایشیا کپ کے گروپ میچ میں بنگال ٹائیگرز نے افغانستان کو 89 رنز سے شکست دے دی، افغان بیٹرز بڑے ہدف کو دیکھ کر جلد ہمت ہار بیٹھے۔

    بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے افغان بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور 5 وکٹیں کھو کر 335 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ مہدی حسن اور نجم الحسین شنٹو نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچریاں اسکور کیں۔ راشدخان سمیت کوئی بھی بولر حریف بلے بازوں کو قابو کرنے میں ناکام رہا۔

    مہدی حسن نے 119 گیندوں پر112 رنز بنائے جب کہ نجم الحسین نے 104رنز بنانے کے لیے 105 گیندوں کا سہارا لیا، افغانستان کے مجیب الرحمان اور گلبدین نائب نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

    افغانستان بیٹرز ہدف کے تعاقب میں شروع سے ہی جدوجہد کرتے نظر آئے، ایک رن پر اوپنر رحمان اللہ گرباز پویلین چلتے بنے، ابراہیم زادران اور رحمت شاہ نے اننگز کو آگے بڑھانے کی کوشش کی اور 78 رنز کی شراکت قائم کی۔

    رحمت شاہ 33 رنز بناکرتسکین کی گیند پر بولڈ ہوئے، 2 وکٹیں گرنے کے بعد ابراہیم زادران اورحشمت اللہ نے نصف سنچریاں اسکور کیں، دونوں نے بالترتیب 75 اور 51 رنز بنائے۔

    آخر میں راشد خان نے 24 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی تاہم وہ بھی تسکین کا شکار ہوگئے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 4 جب کہ شریف السلام نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    اس سے قبل افغانستان اور بنگلادیش کے درمیان ہونے والے میچ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈی سی لاہور نے قذافی اسٹیڈیم اور کنٹرول روم کا دورہ کیا۔

    ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنا رہے ہیں، شائقین کے لیے پارکنگ کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔